ٹائم میگزین کی 2026 کی فہرست جاری، سندر پچائی، رنبیر کپور اور وکاس کھنہ شامل

ٹائم میگزین نے 2026 کی بااثر ترین 100 شخصیات کی فہرست جاری کر دی، جس میں سندر پچائی، رنبیر کپور اور وکاس کھنہ سمیت سیاست، ٹیکنالوجی اور ثقافت کی نمایاں شخصیات شامل ہیں

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ٹائم میگزین نے سال 2026 کے لیے دنیا کی 100 بااثر ترین شخصیات کی اپنی سالانہ فہرست جاری کر دی ہے، جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ان ہستیوں کو شامل کیا گیا ہے جو اپنی تخلیقی صلاحیت، قیادت، جدت اور سماجی اثرات کے ذریعے عالمی منظرنامے کو متاثر کر رہی ہیں۔ اس فہرست میں گوگل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سندر پچائی، بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور اور معروف شیف وکاس کھنہ بھی شامل ہیں۔

سندر پچائی کو ٹیکنالوجی کے شعبے میں ان کی قیادت خصوصاً مصنوعی ذہانت کے میدان میں نمایاں کردار کے باعث شامل کیا گیا ہے۔ ان کی سربراہی میں مصنوعی ذہانت سے متعلق ٹولز کو سرچ، اینڈرائڈ اور کروم جیسے پلیٹ فارمز میں مؤثر انداز میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ کمپنی اپنے جیمینی پلیٹ فارم کے ذریعے عالمی مسابقت کے درمیان اپنی پوزیشن مستحکم کر رہی ہے۔ ماہرِ مصنوعی ذہانت اینڈریو این جی نے پچائی کے بارے میں کہا کہ ایسے دور میں جب مصنوعی ذہانت علم اور کام کی نوعیت کو بدل رہی ہے، ان کا اثر اس بات میں پوشیدہ ہے کہ اسے کتنے وسیع پیمانے پر استعمال میں لایا جا رہا ہے۔


اداکاری کے شعبے میں رنبیر کپور کو ان کی منفرد اداکاری اور قدرتی انداز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ ان کی پرفارمنس نے نہ صرف ہندوستانی سنیما میں ناظرین کی توقعات کو نئی جہت دی ہے بلکہ کہانی سنانے کے انداز کو عالمی سطح تک پہنچانے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

دوسری جانب، شیف وکاس کھنہ کو کھانے کے فن میں مہارت کے ساتھ ساتھ ثقافتی اور انسانی خدمات کے اعتراف میں شامل کیا گیا ہے۔ ٹائم میگزین کے مطابق انہوں نے کھانے کو مختلف ثقافتوں کے درمیان ایک پل کے طور پر استعمال کیا اور ہندوستانی روایات کو عالمی سطح پر متعارف کرایا۔ معروف شیف ایرک ریپرٹ نے ان کے بارے میں لکھا کہ ان کا اثر صرف کامیابی تک محدود نہیں بلکہ دوسروں کو متاثر کرنے اور ان سے جڑنے کی صلاحیت میں بھی جھلکتا ہے۔

اس فہرست میں دیگر اہم شخصیات میں یوٹیوب کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نیل موہن، نیویارک شہر کے میئر ظہران ممدانی، پوپ لیو چہار دہم، آرٹیمس دوم مشن کے کمانڈر ریڈ وائزمین، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی، چین کے صدر شی جن پنگ اور اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو شامل ہیں۔

ایشیا سے تعلق رکھنے والی نمایاں قیادت میں جاپان کی پہلی خاتون وزیر اعظم سنے تاکائیچی اور نیپال کے نوجوان وزیر اعظم بالیندر شاہ بھی اس فہرست کا حصہ ہیں۔

ٹائم میگزین کی یہ سالانہ فہرست سیاست، ٹیکنالوجی، کاروبار، ثقافت اور تفریح کے میدان میں ان افراد کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جو عالمی سطح پر مباحث کو سمت دے رہے ہیں اور دنیا میں مثبت تبدیلی لا رہے ہیں۔