’الیکشن کمیشن کا ڈھانچہ منہدم ہونے میں بس کچھ وقت باقی ہے‘، شکاگو یونیورسٹی میں راہل گاندھی کا دعویٰ
راہل گاندھی نے کہا کہ انھیں الیکشن کمیشن کے اندر سے ہی اہم جانکاریاں مل رہی ہیں۔ راہل گاندھی کے مطابق الیکشن کمیشن کے سینئر افسران بھی اب کہہ رہے ہیں کہ وہ اس طرح کام جاری نہیں رکھ سکتے۔

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی اس وقت امریکہ کے دورے پر ہیں۔ وہ مختلف یونیورسٹیوں کا دورہ کر رہے ہیں اور گفت و شنید کے دوران کھل کر اپنی باتیں رکھ رہے ہیں۔ 18 نومبر کو شکاگو یونیورسٹی میں انھوں نے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے متعلق ایک حیرت انگیز دعویٰ کیا۔ انھوں نے ایک گفتگو کے دوران کہا کہ انہیں الیکشن کمیشن کے اندر سے ہی اہم جانکاریاں مل رہی ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ اب اس پورے نظام کے منہدم ہونے میں بس کچھ وقت باقی ہے۔ راہل گاندھی کے مطابق الیکشن کمیشن کے سینئر افسران بھی اب کہہ رہے ہیں کہ وہ اس طرح کام جاری نہیں رکھ سکتے۔
راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ ’’ہمارے لیے ہندوستانی جمہوریت انتہائی مقدس ہے۔ میرے لیے یہ کہنا بھی آسان نہیں ہے کہ ہندوستانی جمہوریت میں کوئی مسئلہ ہے۔ جب تک میرے پاس اس کے 100 فیصد ثبوت نہ ہوں، میں ایسا نہیں کہہ سکتا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’اگر ہم یہ کہہ دیں کہ ہم انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے، تو اسی لمحے ہندوستانی جمہوریت ختم ہو جائے گی۔ ہم ہندوستانی جمہوریت کے ڈھانچے کو ختم نہیں کرنا چاہتے، اس لیے ہماری حکمت عملی یہ ہے کہ جو کچھ بھی ہو رہا ہے، اسے سب کے سامنے لایا جائے اور لوگوں کے درمیان اس پر بحث جاری رکھی جائے۔ ایسا تب تک کیا جائے، جب تک ملک کی عوام کو یہ احساس نہ ہو جائے کہ پورا نظام تباہ ہو چکا ہے۔‘‘
کانگریس رکن پارلیمنٹ نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’ہم انتخابی ڈھانچے کو توڑنا نہیں چاہتے، کیونکہ اگر اپوزیشن یہ اعلان کر دے کہ وہ انتخابات نہیں لڑے گی، تو ملک کی عوام کی نظر میں پورے انتخابی عمل کی قانونی حیثیت ختم ہو جائے گی۔ ہم ایسا نہیں چاہتے، میں اور سبھی اپوزیشن پارٹیاں اس وجہ سے کافی نقصان اٹھا چکے ہیں، لیکن قصداً ایسا کوئی قدم نہیں اٹھا رہے ہیں۔‘‘ انھوں نے حالات میں تبدیلی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمیں پورا بھروسہ ہے۔ میں آپ سے یہ بات بالکل واضح طور پر کہہ رہا ہوں کہ ہمیں الیکشن کمیشن کے اندر سے ہی معلومات مل رہی ہیں۔ اب بس وقت کی بات ہے کہ یہ پورا ڈھانچہ منہدم ہو جائے گا۔‘‘
راہل گاندھی کے مطابق الیکشن کمیشن کے بڑے افسران اب کہہ رہے ہیں کہ دیکھیے، اب ہم اس طرح کام جاری نہیں رکھ سکتے۔ یہ ایک طویل سفر رہا ہے۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ ’’ہم یہ جنگ لڑ رہے ہیں اور مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہم اس جنگ میں جیت رہے ہیں۔ ہم ایسا ہندوستان قبول کرنے کو تیار نہیں ہیں، جہاں جمہوریت نہ ہو۔ یہ صرف کانگریس پارٹی کی بات نہیں ہے، بلکہ ہندوستان کے بیشتر لوگ ایسا چاہتے ہیں۔‘‘ انھوں نے عزم ظاہر کیا کہ ’’ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ ہماری سب سے بڑی طاقت، یعنی لوگوں کی بلا خوف اپنی بات کہنے کی آزادی، ایک بار پھر واپس آئے اور ہماری سب سے بڑی طاقت بنی رہے۔‘‘
کانگریس رکن پارلیمنٹ نے 2024 کے عام انتخابات کی قانونی حیثیت پر بھی سوال اٹھائے۔ انہوں نے برازیل کی ایک خاتون کی مثال دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ کبھی ہندوستان نہیں آئی، پھر بھی اس نے ایک ریاستی اسمبلی کے انتخاب میں 23 بار ووٹ ڈالا۔ راہل کہتے ہیں کہ ’’اگر 2024 کے انتخابات میں ووٹرز فرضی تھے، ان کا کوئی وجود نہیں تھا یا انہیں ووٹ نہیں ڈالنا چاہیے تھا، تو پھر ان انتخاب کو قانونی کیسے مانا جا سکتا ہے؟ میں آپ کو پھر بتاتا ہوں کہ برازیل کی ایک خاتون، جو کبھی ہندوستان آئی ہی نہیں، اس نے ہندوستان کی ایک ریاست کے انتخاب میں 23 بار ووٹ ڈالا۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ انتخابی عمل کو لے کر تشویش 2014 کے عام انتخابات سے ہی تھی، جب کانگریس کو انتخابی نتائج میں کچھ فرق ایسے محسوس ہوئے جن کی سیاسی طور پر وضاحت مشکل تھی۔ انہوں نے کہا کہ ’’2014 کے انتخابات میں بھی ہمیں لگا تھا کہ کچھ گڑبڑ ہے، کیونکہ انتخابی نتائج میں ایسے فرق تھے جن کی سیاسی طور پر وضاحت کرنا ممکن نہیں تھا، لیکن ہمارے پاس ثبوت نہیں تھے۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
