تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کا دورۂ امریکہ رَد، مودی حکومت پر عائد کیا سنگین الزام
وزیر اعلیٰ دفتر نے کہا ہے کہ ’’وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ رائزنگ وفد کو وزارت خارجہ کی جانب سے اجازت دیے جانے سے انکار کے بعد امریکہ کا اپنا دورہ منسوخ کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔‘‘

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کا امریکہ کا دورہ منسوخ ہو گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے دفتر نے دعویٰ کیا ہے کہ مرکزی حکومت نے تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کو امریکہ جانے کی منظوری نہیں دی ہے۔ ریڈی ابھی لندن میں ہیں اور انہوں نے امریکہ جانے اور 30 اگست کو حیدرآباد واپس لوٹنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ اب وہ امریکہ نہیں جائیں گے اور لندن سے ہی حیدرآباد واپس لوٹیں گے۔ رپورٹ کے مطابق ان کی واپسی 23 اگست کو ہو سکتی ہے۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق وزیر اعلیٰ دفتر نے کہا ہے کہ ’’وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ رائزنگ وفد کو وزارت خارجہ کی جانب سے اجازت دیے جانے سے انکار کے بعد امریکہ کا اپنا دورہ منسوخ کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔‘‘ بتایا جا رہا ہے کہ ریونت ریڈی 20 اگست کو لندن پہنچے تھے۔ ان کے برطانیہ دورہ میں آکسفورڈ یونیورسٹی کے بلاوتنک اسکول آف گورنمنٹ، کیمبرج یونیورسٹی، یونیورسٹی آف لندن اور لندن بزنس اسکول سے متعلق پروگرام شامل تھے۔ انہیں ایمریٹس اسٹیڈیم میں ای پی ایل فٹ بال سے متعلق ایک پروگرام میں بھی شرکت کرنی تھی۔
دی گئی جانکاری کے مطابق 24 اگست کو وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کا امریکہ میں ہارورڈ یونیورسٹی اور میساچوئٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی یعنی ایم آئی ٹی جانے کا پروگرام تھا۔ 25 اگست کو بوسٹن میں ورجینیا ٹیک یونیورسٹی کی ٹیم سے بات چیت اور 26 اگست کو نیویارک میں انڈین اوورسیز کانگریس کے امریکی چیپٹر کے ایک پروگرام میں شرکت کا منصوبہ تھا۔
موصولہ اطلاع کے مطابق تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے کچھ پروگرام پہلے سے طے تھے۔ تاہم، اب وہ امریکہ نہیں جا رہے ہیں۔ اس کے باوجود ریاستی حکومت کے افسران کو پہلے سے طے شدہ پروگراموں اور میٹنگوں کو آگے منتقل کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ اس سے پہلے ریونت ریڈی 19 اگست کو کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں شرکت کے لیے دہلی میں تھے، جہاں سے وہ 20 اگست کو لندن کے لیے روانہ ہوئے تھے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
