بی جے پی بات رام کی کرتی ہے لیکن مندر ناتھو رام کا بناتی ہے: سندھیا

مدھیہ پردیش کانگریس انتخابی مہم کمیٹی کے چیئرمین اور رکن پارلیمنٹ جیوترادتیہ سندھیا نے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پارٹی بات رام مندر کی کرتی ہے لیکن مندر ناتھو رام گوڈسے کا بناتی ہے ۔

سوشل میڈیا 
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس کے رکن پارلیمنٹ سندھیا نے عمریہ ضلع کی مانپور اسمبلی حلقہ میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی اور ریاستی حکومت کی جم کر تنقید کی ۔ انہوں نے کہا ’’ آج ملک میں چاہے کسی بھی شعبہ کو لے لیجئے جو بھی کچھ نظر آتا ہے وہ کانگریس کا بنایا ہوا ہے اور ملک میں جو بھی ترقی ہوئی ہے وہ کانگریس کے دور میں ہوئی ہے اور ملک میں گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں جو کچھ ہوا ہے وہ ملک کے عوام دیکھ رہے ہیں۔ یہ راجیو گاندھی کی دور اندیشی ہی تھی کہ آج ہر شخص کے ہاتھ میں موبائل ہے‘‘۔

سندھیا نے مزید کہا کہ ’’ بی جے پی انتخابات جیتنے کے لئے رام کی بات کرتی ہے، ہمیشہ کہتی ہے کہ مندر وہیں بنائیں گے مگر تاریخ نہیں بتاتی ہے۔ رام کا مندر تو نہیں بنا لیکن مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کا مندر ضرور بن گیاہے ‘‘۔ انہوں نے اپنے فیس بک پیج پر اس جلسہ کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا ’’ بی جے پی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں سے پریشان عوام نے آنے والے اسمبلی انتخابات میں تبدیلی کا ذہن بنا لیا ہے اور یہ جلسہ اس تبدیلی کا گواہ ہے‘‘۔

 بی جے پی بات رام کی کرتی ہے لیکن مندر ناتھو رام کا بناتی ہے: سندھیا

واضح رہے ہندو مہاسبھا نے گوالیر کے دولت گنج علاقہ میں اس ناتھو رام گوڈسے کا مندر بنوایا جس نے ملک کے باپو کو قتل کیا ۔ گزشتہ سال 9 نومبر کو باپو کے سینے میں گولیوں سے چھلنی والا مجسمہ لگایا گیا تھا ۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج نے سال 2014 میں پارلیمنٹ کی سیڑھیوں پر میڈیا کے سامنے کھلے عام کہا تھا’’ ناتھو رام گوڈسے ہمارے لئے محترم ہیں ‘‘۔ اس کے بعد بی جے پی صدر امت شاہ نے انہیں خط لکھ کر صفائی دینے کی ایک رسم بھی ادا کی تھی ۔

واضح رہے کانگریس انتخابی مہم کےچیئرمین بننے کے بعد سندھیا پہلی مرتبہ تین دن کے لئے آدیواسی علاقہ کے دورہ پر گئے ہوئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق سندھیا اس دوران آدیواسیوں کے درمیان میٹنگ اور ذاتی ملاقات بھی کریں گے ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔