اہم خبر: ہریانہ میں بی جے پی اور جے جے پی مل کر حکومت سازی کریں گی، امت شاہ

تصویر سوشل میڈیا
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

ہریانہ میں بی جے پی اور جے جے پی حکومت سازی کریں گی، امت شاہ

ہریانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور جن ناک جنتا پارٹی (جے جے پی) میں حکومت سازی کے لئے معاہدہ طے پا گیا ہے۔ جے جے پی کے سربراہ دشینت چوٹالہ نے جمعہ کی دیر شام بی جے پی صدر امیت شاہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس کے بعد شاہ نے کہا کہ ان کی پارٹی ہریانہ میں جے جے پی کے ساتھ حکومت بنائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جے جے پی کو نائب وزیر اعلی کا عہدہ دیا جائے گا۔ جبکہ وزارت اعلیٰ کا عہدہ بی جے پی کے پاس ہی رہے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جاری ہونے والے انتخابی نتائج کے تحت بی جے پی نے ہریانہ میں 40 سیٹیں جیتی ہیں اور اسے اکثریت تک پہنچنے کے لئے مزید 6 ارکان اسمبلی درکار تھے۔ بی جے پی چوٹالہ کے 10 ممبران اسمبلی اور ان سات آزاد امیدوار کو اپنے ساتھ لانے کی کوشش میں تھی، جو پہلے بی جے پی میں تھے۔ اس کے ساتھ ہی بی جے پی کے 90 ارکان پر مشتمل اسمبلی میں بی جے پی کے پاس 57 ارکان اسمبلی ہو جائیں گے۔ امت شاہ کا کہنا ہے کہ بی جے پی کو آزاد امیدواروں کی حمایت حاصل ہے۔

جموں و کشمیر: مغربی کپواڑہ میں کنٹرول لائن پر پاکستان کی جانب سے گولہ باری

جموں و کشمیر کے مغربی کپواڑہ میں کنٹرول لائن کے پاس تمنا گاؤں اور رِدّی گاو۷ں میں پاکستانی فوج نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔ حالانکہ اس واقعہ میں فی الحال کسی کے زخمی ہونے کی خبر نہیں ہے۔

ہم حکومت سازی نہیں کریں گے، اپوزیشن کی ذمہ داری بخوبی نبھائیں گے: شرد پوار

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار نے بارہ متی میں کہا ہے کہ ’’ہمارا کردار اپوزیشن کا ہے، عوام نے ہمیں اپوزیشن میں بیٹھنے کا موقع دیا ہے اور ہم حکومت سازی نہیں کر رہے۔ ہم اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائیں گے۔‘‘


گوپال کانڈا کی حمایت پر بی جے پی میں ’گھمسان‘، اوما بھارتی نے کہا ’’الیکشن جیتنا جرائم سے بری نہیں کرتا‘‘

ہریانہ میں سرسا سیٹ سے کامیاب ہونے والے آزاد رکن اسمبلی گوپال کانڈا کو لے کر اب بی جے پی میں گھمسان مچ گیا ہے۔ ایک طرف بی جے پی کو گوپال کانڈا حمایت کر رہے ہیں تو دوسری طرف بی جے پی لیڈر اوما بھارتی نے ان پر سوال اٹھا دیا ہے۔ اوما بھارتی نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ گوپال کانڈا بے قصور ہیں یا مجرم، یہ تو قانون ثبوتوں کی بنیاد پر طے کرے گا۔ لیکن اس کا الیکشن جیتنا اسے جرم سے بری نہیں کرتا۔

دنیا میں ہر 9 میں سے 1 شخص بھوک سے پریشان: اقوام متحدہ

اقوام متحدہ: اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ دنیا میں ہر نو میں سے ایک شخص بھوک کا شکار ہے اور دو ارب لوگوں کو غذائی عدم تحفظ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے اعلیٰ کمشنر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر) نے ایک پریس ریلیز میں یہ معلومات دی ہے۔ او ایچ سی ایچ آر نے جمعرات کو پریس ریلیز میں بتایا ’’آج کھانے کے حق کے موضوع پر اقوام متحدہ کی نمائندہ ہلال ایلور نے کہا کہ دنیا میں ہر نو میں سے ایک شخص بھوک سے متاثر ہے اور دو ارب افراد غذائی عدم تحفظ کا سامنا کر رہے ہیں‘‘۔ ریلیز کے مطابق محترمہ ایلور نے اقوام متحدہ کی طرف سے دنیا میں بھوک اور غذائی قلت کو ختم کرنے کے لئے انسانی حقوق کی بنیاد پر نکتہ نظر والے ہدف ’پائیدار ترقی ا ہدا ف‘ (ایس ڈی جی) کو اپنانے میں ممالک کی امداد کرنے کی اپیل کی ہے۔ محترمہ ایلور نے کہا ہے ’’انسانی حقوق کی بنیاد پر قائم نکتہ نظر والا یہ ہدف کھانے اور ذریعہ معاش کے لئے زراعت پر انحصار 2.5 ارب سے زیادہ لوگوں کو اعلی ترجیح دیتا ہے۔ دنیا میں ممالک کے درمیان اور لوگوں کے درمیان عدم مساوات کو ختم کرنے کے لئے فنڈز کی صحیح طریقے سے تقسیم کی ضرورت ہے۔


کیرالہ: نماز پڑھ کر گھر لوٹ رہے مسلم لیگ کارکن کا قتل

24 اکتوبر یعنی جمعرات کی شب کیرالہ کے ملپورم واقع تنور میں نماز پڑھ کر گھر لوٹ رہے مسلم لیگ کارکن کا قتل کر دیا گیا۔ مسلم لیگ کے لیڈروں کا کہنا ہے کہ یہ ایک منصوبہ بند قتل تھا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ جس علاقے میں اس قتل واقعہ کو انجام دیا گیا وہاں پولس موجود تھی لیکن وہ اسے روکنے میں ناکام رہی۔

اس قتل واقعہ کے سلسلے میں پولس کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ کے 36 سالہ کارکن ایم. اسحاق کا اس وقت قتل کر دیا گیا جب وہ مسجد سے نماز پڑھ کر لوٹ رہے تھے۔ قاتلوں نے تیز دھار والے اسلحہ سے ان پر حملہ کیا۔ حملے کے بعد اسحاق کو سنگین حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ان کی موت ہو گئی۔

اتر پردیش: مالی تنگی کی وجہ سے کسان نے کی خود کشی

مہوبہ: اتر پردیش کی یوگی حکومت میں کسانوں کی خود کشی کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق مہوبہ کے کلپہاڑ علاقہ میں قرض اور مالی تنگی کی وجہ سے ایک کسان نے آج جمعہ کو درخت سے پھانسی کا پھندا لگا کر خودکشی کر لی۔

پولس ذرائع کا کہنا ہے کہ بوراگاؤں کا 42 سالہ کسان سکھ سنگھ کا کھیت میں درخت سے لٹکتی ہوئی لاش ملی۔ وہ کل رات سے غائب تھا۔ صبح اپنے کھیتوں میں کام کے لیے جا رہے گاؤں کے دیگر کسانوں نے سکھ سنگھ کی لاش درخت سے لٹکتی ہوئی دیکھی۔ پولس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی ہے۔
پولس کے مطابق اس نے کھیتی کے لیے الہ آباد بینک سے ایک لاکھ روپئے قرض لیے تھے۔ برسوں سے قدرتی آفات میں فصل خراب ہونے کی وجہ سے وہ قرض ادا نہیں کر پایا تھا۔ وہ مالی تنگی سے گزر رہا تھا۔کسان کی بیوی رام دیوی اور بچے دہلی میں مزدوری کرتے ہیں۔ تہوار کے موقع پر ان دنوں وہ گھر آئے تھے۔


مہاراشٹر: شیو سینا حامی آدتیہ ٹھاکرے کو بنانا چاہتے ہیں وزیر اعلیٰ، بینر لگا کر دی مبارکباد

شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے کے بیٹے آدیتہ ٹھاکرے ورلی اسمبلی حلقہ سے کامیاب ہوئے ہیں اور اس حلقہ میں ایک پوسٹر بھی انھیں مبارکباد دیتے ہوئے لگایا گیا ہے۔ اس پوسٹر میں آدتیہ ٹھاکرے کو مستقبل کا وزیر اعلیٰ بتایا گیا ہے۔ بینر شیو سینا حامیوں نے لگایا ہے جس میں لکھا گیا ہے ’’دل کی گہرائیوں سے استقبال۔ شیو سینا یوتھ لیڈر معزز مستقبل کے وزیر اعلیٰ، شری آدتیہ ٹھاکرے۔‘‘ ساتھ میں لکھا گیا ہے ’’بذریعہ شری ہنومان سیوا منڈل، تریمورتی دھام مندر‘‘۔ اس سے ظاہر ہے کہ شیو سینا حامی انھیں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کی شکل میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ اب دیکھنے والی بات یہ بھی ہوگی کہ بی جے پی اس سلسلے میں کیا فیصلہ لیتی ہے۔

بی جے پی کی حمایت کر رہے آزاد امیدوار اپنا ’سیاسی قبر‘ کھود رہے ہیں: ڈی ایس ہڈا

ہریانہ میں کانگریس لیڈر ڈی ایس ہڈا نے ان آزاد امیدواروں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے جو ریاست میں حکومت سازی کے لیے بی جے پی کی حمایت کر رہے ہیں۔ انھوں نے اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’کھٹر حکومت کا حصہ بننے جا رہے آزاد رکن اسمبلی اپنی سیاسی قبر کھود رہے ہیں۔ وہ لوگوں کا بھروسہ فروخت کر رہے ہیں۔ ہریانہ کے لوگ ایسا کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔ لوگ انھیں جوتے سے ماریں گے۔‘‘


50-50 فارمولہ پر کسی بھی سمجھوتہ سے شیوسینا سربراہ اُدھو ٹھاکرے کا انکار

مہاراشٹر اسمبلی انتخاب کے نتائج میں بی جے پی-شیو سینا اتحاد نے اکثریت حاصل کر لی ہے لیکن ریاست میں حکومت سازی کا راستہ آسان نظر نہیں آ رہا۔ ایک طرف بی جے پی نے دیویندر فڑنویس کو دوبارہ وزیر اعلیٰ بنانے کا تقریباً اعلان کر دیا ہے، اور دوسری طرف شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے کچھ ایسے بیانات دیے ہیں جو سیاسی ہلچل پیدا کر رہے ہیں۔ دراصل کچھ میڈیا ذرائع کے مطابق شیو سینا چاہتی ہے کہ آدتیہ ٹھاکرے کو وزیر اعلیٰ بنایا جائے کیونکہ دونوں پارٹیوں کے درمیان 50-50 فارمولہ پر انتخابی اتحاد ہوا تھا۔ اب شیو سینا لیڈر اُدھو ٹھاکرے کہہ رہے ہیں کہ وہ 50-50 فارمولہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور پارٹی اس سلسلے میں جھکنے والی نہیں ہے۔

بنگلہ دیش: 18 سالہ نصرت کو مدرسہ میں زندہ جلانے والے 16 افراد کو سزائے موت

بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے مدرسہ میں 18 سالہ نصرت جہاں رفیع کو زندہ جلا کر مار ڈالنے کے معاملے میں جمعرات کو 16 لوگوں کو سزائے موت دی۔ دراصل نصرت جہاں رفیع نے مدرسہ کے مولوی کے خلاف عصمت دری کی شکایت کی تھی۔ نصرت پر شکایت واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالا گیا اور نہیں لینے پر اس کو کیروسین ڈال کر زندہ جلا دیا گیا تھا۔ اس واقعہ کے خلاف ملک بھر میں غصہ دیکھنے کو ملا تھا اور مظاہرہ کیا گیا تھا۔ اس معاملے میں فینی کی عدالت کے جج ممنور راشد نے جمعرات کو 16 لوگوں کے خلاف موت کی سزا سنائی۔ سزا پانے والوں میں اہم ملزم مولوی سراج بھی شامل ہے۔ اسی نے نصرت کے قتل کی سازش تیار کی تھی۔


بی جے پی ہریانہ میں اکثریت سے دور، اسے اپنی شکست کا اعتراف کرنا چاہیے: کمل ناتھ

ہریانہ میں بی جے پی کو 40 سیٹوں پر صبر کرنا پڑا اور وہ اکثریت سے 6 سیٹ دور ہے۔ بی جے پی کی اس پوزیشن کو دیکھتے ہوئے مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر کمل ناتھ نے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہریانہ میں بی جے پی کو اکثریت نہیں ملی۔ بی جے پی لیڈروں کو اعتراف کرنا چاہیے کہ انھیں عوام نے مسترد کر دیا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’اب وہ صرف ’جگاڑ‘ کے ذریعہ اور دیگر پارٹیوں و آزاد امیدواروں کی مدد سے حکومت بنا سکیں گے، لیکن عوام یہ کبھی نہیں بھولے گی۔‘‘

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔