پی ایم مودی نے جانباز ہندوستانی پائلٹ کیپٹن مچھار سے فون پر کی بات، تیزی کے ساتھ ہو رہے صحت یاب

کیپٹن اسمت مچھار نے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی سے فون پر بات کرتے ہوئے اپنے تجربات اور اس حادثہ کے دوران ملی ہمت کے بارے میں جانکاری دی۔ وزیر اعظم نے ان کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا بھی کی۔

<div class="paragraphs"><p>کیپٹن مچھار سے بات کرتے ہوئے پی ایم مودی، ویڈیو گریب</p></div>
i

’فلائی دبئی‘ کے طیارہ کو یرغمال ہونے سے بچانے والے ہیرو ہندوستانی پائلٹ کیپٹن اسمت مچھار کا علاج ابوظبی میں جاری ہے۔ وہ تیزی کے ساتھ صحت یاب ہو رہے ہیں اور ہندوستانی افسران مستقل ان سے رابطے میں ہیں۔ اس درمیان ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے کیپٹن مچھار سے فون پر گفتگو کی۔ اس بات چیت کے دوران کیپٹن مچھار نے طیارہ میں ہوئے ان پر حملے سے متعلق تجربہ پی ایم مودی سے بیان کیا اور یہ بھی بتایا کہ اس وقت انھیں کس طرح ہمت ملی۔ انھوں نے خاص طور پر یہ ذکر کیا کہ وہ ان مشکل حالات میں ’ہنومان چالیسا‘ پڑھ رہے تھے، کیونکہ انھیں ہنومان چالیسا پڑھنے کی عادت رہی ہے۔

پی ایم مودی نے کیپٹن مچھار سے بات چیت میں ان کی بہادری پر شاباشی دی اور ان کی جلد صحت یاب کے لیے دعا بھی کی۔ چونکہ کیپٹن مچھار اسپتال میں زیر علاج ہیں، اس لیے پی ایم مودی نے تھوڑی دیر گفتگو کے بعد فون رکھ دیا۔ اس گفتگو کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں کیپٹن مچھار وزیر اعظم سے بات چیت کے دوران جذباتی دکھائی دے رہے ہیں۔ پی ایم مودی بھی ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ انھوں نے جو کچھ کیا ہے، وہ بہادری کی بہترین مثال ہے۔ پی ایم مودی نے اس سے قبل یکم اکتوبر کو کیپٹن مچھار کے اہل خانہ سے بھی بات کی تھی اور ہر ممکن مدد کا یقین بھی دلایا تھا۔


طیارہ پر سوار عملہ کے اراکین سمیت 182 مسافروں کی جان بچانے والے کیپٹن مچھار کی تعریف صرف ہندوستانی وزیر اعظم ہی نہیں، بلکہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو سمیت کئی عالمی سطح کے لیڈران نے بھی کی ہے۔ پی ایم مودی نے تو اپنے پہلے بیان میں کیپٹن مچھار کی بہادری کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ انھوں نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر ہمت کا مظاہرہ کیا اور 11/9 جیسی ممکنہ تباہی کو روک دیا۔

بہرحال، کیپٹن مچھار کی طبیعت اب مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ پہلے ان کا علاج سعودی عرب کے تبوک میں چل رہا تھا، جہاں فلائی دبئی کے طیارہ کی ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی تھی۔ بعد میں انھیں ایئرلفٹ کر بہتر علاج کے لیے ابوظبی کے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ متحدہ عرب امارات میں ہندوستان کے سفیر دیپک متل نے یکم اکتوبر کو کیپٹن مچھار سے اسپتال میں ملاقات کی تھی، جس کے بعد انھوں نے بتایا تھا کہ وہ بہتر حالت میں ہی اور تیزی سے ٹھیک ہو رہے ہیں۔ ہندوستانی وزارت خارجہ کے مطابق دیپک متل نے کیپٹن مچھار کے گھر والوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے علاج میں ہر ممکن مدد کا بھروسہ دلایا ہے۔