23 اگست کو بھی نہیں کھلے گا پاکستانی ایئر اسپیس، ہندوستانی طیاروں کا داخلہ 24 ستمبر تک ممنوع

ہندوستان کی طرف سے بھی پاکستانی رجسٹریشن والے طیاروں، طیارہ کمپنیوں اور فوجی طیاروں کے لیے ہندوستانی ایئراسپیس میں داخلے پر پابندی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>طیارہ، تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان رشتوں میں تلخی کا خاطر خواہ اثر ہوائی سفر پر بھی پڑ رہا ہے۔ پاکستان نے ہندوستانی طیاروں کے لیے اپنے ایئر اسپیس پر لگی پابندی کو ایک بار پھر بڑھا دیا ہے۔ یعنی ہندوستانی طیاروں کے پاکستانی ایئر اسپیس میں داخل ہونے پر 23 اگست تک عائد پابندی میں توسیع کر دی گئی ہے۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی طرف سے جاری نئے نوٹم کے مطابق ہندوستانی طیاروں کو اب پاکستان کے ایئر اسپیس میں 24 ستمبر 2026 تک داخلے کی اجازت نہیں ملے گی۔ یہ پابندی ہندوستانی فضائیہ کے طیاروں کے ساتھ ساتھ کمرشیل پروازوں پر بھی نافذ ہے۔

نئے حکم کے مطابق ہندوستان میں رجسٹرڈ سبھی طیارے اس پابندی کے دائرے میں ہیں۔ اس کے علاوہ ہندوستانی طیارہ کمپنیوں کی طرف سے چلائے یا کرایہ پر لیے گئے طیارے بھی پاکستان کی فضا یعنی ایئر اسپیس کا استعمال نہیں کر سکتے ہیں۔ ہندوستانی شہریوں کی ملکیت یا آپریشن والے طیارے اور فضائیہ کے طیارے بھی اس میں شامل ہیں۔ پہلے یہ پابندی 23 اگست کو ختم ہونے والی تھی، لیکن اب اس پابندی کو مزید آگے بڑھا دیا گیا ہے۔ نئے حکم کے مطابق ہندوستانی طیاروں پر یہ پابندی 24 ستمبر 2026 کی صبح 4.59 بجے تک نافذ رہے گی۔


قابل ذکر ہے کہ پاکستان کا ایئراسپیس بند ہونے سے ہندوستان کی ان بین الاقوامی پروازوں پر زیادہ اثر پڑتا ہے جو پاکستان کے اوپر سے گزرتے ہوئے مغربی ایشیا، یوروپ اور امریکہ کی طرف جاتی ہیں۔ ایسے طیاروں کو پاکستان کے ایئراسپیس سے بچنے کے لیے دوسرا طویل راستہ اختیار کرنا پڑتا ہے۔ طویل راستہ کی وجہ سے فلائٹ کا وقت، ایندھن کا خرچ اور طیارہ کمپنیوں کے اخراجات کافی بڑھ جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ایک دوسرے ملک کے طیاروں کے لیے ایئراسپیس پر پابندی اپریل 2025 میں بڑھی کشیدگی کے بعد شروع ہوئی تھی۔ اس کے بعد سے پاکستان کئی بار اس پابندی کو آگے بڑھا چکا ہے۔ تازہ فیصلہ سے اس پابندی میں مزید ایک ماہ کا اضافہ ہو گیا ہے۔ ہندوستان کی طرف سے بھی پاکستانی رجسٹریشن والے طیاروں، طیارہ کمپنیوں اور فوجی طیاروں کے لیے ہندوستانی ایئراسپیس میں داخلے پر پابندی ہے۔ یعنی دونوں ہی ممالک کے طیاروں کو ایک دوسرے کے ایئراسپیس کا استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔