مارکیٹ میں آئے گا ایک اور رنگین نوٹ، آر بی آئی نے چھپائی شروع کی

100 روپے کا نیا نوٹ مارکیٹ میں آنے والا ہے اور اس کی خاصیت کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ یہ ہوشنگ آباد کے سیکورٹی پیپر مل کے دیسی پیپر اور سیاہی پر شائع ہو رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

50، 200، 500 اور 2000 کے رنگین نوٹ تو آپ کی جیب میں پہلے سے ہی ہیں، اور اب 100 کا نوٹ بھی رنگین ہونے والا ہے۔ ریزرو بینک آف انڈیا نے اس رنگین نوٹ کی چھپائی بھی شروع کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس نئے نوٹ کا رنگ بینگنی ہوگا، اور مارکیٹ میں اس کے آنے کے بعد آپ کی جیب میں کوئی بھی پرانا نوٹ نہیں بچے گا۔ 100 روپے کے نئے نوٹ کی چھپائی اس وقت دیواس بینک نوٹ پریس (بی این پی) میں شروع ہو چکی ہے۔ خبروں کے مطابق یہ نوٹ اگست کے آخر تک آپ کے ہاتھوں میں ہوگا۔

نئے نوٹ کی خاصیت کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ یہ ہوشنگ آباد کے سیکورٹی پیپر مل کے دیسی پیپر اور سیاہی پر شائع ہو رہا ہے۔ نوٹ پر عالمی وراثت میں شامل گجرات کی باؤڑی کی جھلک دیکھنے کو ملے گی۔ نئے نوٹ کے بارے میں اس وقت بی این پی انتظامیہ کچھ بھی بتانے کے لیے تیار نہیں ہے لیکن کچھ باتیں اِدھر اُدھر سے باہر آ رہی ہیں جس کے مطابق اس نوٹ کا سائز بھی پہلے کے مقابلے چھوٹا ہو جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ 500 اور 2000 کے نئے نوٹ کی چھپائی بھی بی این پی میں ہی ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ 8 نومبر 2016 کو وزیر اعظم نریندر مودی نے 500 اور 1000 روپے کے نوٹ بند کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ریزرو بینک نے 2000 اور 500 روپے کا نیا نوٹ بازار میں جاری کیا تھا۔ ریزرو بینک اب تک 10، 20، 50، 200، 500 اور 2000 روپے کے نئے نوٹ جاری کر چکا ہے، صرف 100 روپے کا نوٹ ہی تھا جو پرانا رہ گیا تھا اور وہ بھی اب بینگنی شکل اختیار کرنے والا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔