عمر عبداللہ نے مذہبی و سماجی رہنماوں سے کی ملاقات، ایران میں پیدا صورتحال تشویش کا کیا اظہار
میٹنگ میں شرکاء نے ایران میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی عوام سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

خلیجی ممالک میں پیدا کشیدگی کے درمیان جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کے روز سری نگر میں مختلف مذہبی رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے ساتھ ایک اہم مشاورتی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں مغربی ایشیا کی تازہ صورتحال، بالخصوص آیت اللہ علی خامنہ ای کی امریکی–اسرائیلی فضائی حملے میں ہلاکت کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حالیہ واقعات کے تناظر میں عوامی سطح پر پائی جانے والی تشویش کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اجلاس طلب کیا گیا تھا۔ شرکاء نے ایران میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی عوام سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کے جذبات قابلِ احترام ہیں، تاہم غم و اندوہ کے اظہار میں تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ امن و امان کا قیام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور کسی بھی ایسے اقدام سے اجتناب کیا جانا چاہیے جو حالات پر منفی اثر ڈال سکتا ہو۔
اجلاس کے دوران آیت اللہ علی خامنہ ای سمیت حملے میں جاں بحق افراد کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے دعا مانگی گئی۔ وزیراعلیٰ کے دفتر کے مطابق حکومت صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ عوامی جذبات کا احترام کرتے ہوئے قانون و نظم کو مؤثر اور متوازن انداز میں برقرار رکھا جائے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔