اہم خبر: مہاراشٹر میں صدر راج کا امکان، بی جے پی نے شیوسینا سے موقف ظاہر کرنے کو کہا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

01 Nov 2019, 6:34 PM

مہاراشٹر میں صدر راج کا امکان، بی جے پی نے شیوسینا سے موقف ظاہر کرنے کو کہا

ممبئی: بھارتیہ جنتا پارٹی نے آج شیوسینا کو واضح کر دیا ہے کہ اگر مہاراشٹر میں 7نومبر تک حکومت کی تشکیل نہیں ہوئی تو صدر راج کی سفارش کردی جائے گی ،اس لیے سینا کو جلد ازجلد اپنا موقف ظاہر کردینا چاہئے ،شیوسینا اقتدار میں نصف -نصف کے فارمولے پر بضدہے،جس سے بی جے پی نے انکار کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ اگر مہاراشٹر میں صدر راج نافذ کیا گیا تو اقتدار بی جے پی کے قبضہ میں ہی رہیگا،کیونکہ مرکز میں بی جے پی کی قیادت میں این ڈی اے کی سرکار ہے۔ایک ہفتہ سے زیادہ عرصہ گزر جانے کے بعد بھی مہاراشٹر میں حکومت تشکیل نہیں دی جاسکی ہےاور اس ماہ 7نومبر تک اگر حکومت تشکیل نہیں دی گئی تو مرکزی حکومت گورنر کی سفارش پر صدر راج نافذ کرسکتی ہے۔ اس درمیان شیوسینا بضد ہے کہ ففٹی ففٹی کے تحت حکومت تشکیل دی جائے ،اس طرح شیوسینا وزارت اعلیٰ کا عہدہ مانگ رہی ہے۔جو بی جے پی کو منظورنہیں ہے۔

01 Nov 2019, 5:10 PM

جھارکھنڈ میں 5 مرحلہ میں اسمبلی انتخاب کرانے کا اعلان، پہلا مرحلہ 30 نومبر کو

الیکشن کمیشن نے جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کے لیے تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ پہلا مرحلے کے لیے پولنگ 30 نومبر، دوسرے مرحلے کے لیے 7 دسمبر، تیسرے مرحلے کے لیے 12 دسمبر، چوتھے مرحلے کے لیے 16 دسمبر اور پانچویں مرحلے کے لیے پولنگ 20 دسمبر کو ہوگی۔ پہلے مرحلے میں 13 سیٹوں کے لیے، دوسرے مرحلہ میں 20 سیٹوں کے لیے، تیسرے مرحلے میں 17 سیٹوں کے لیے، چوتھے مرحلہ میں 15 سیٹوں کے لیے اور آخری مرحلہ میں 16 سیٹوں کے لیے انتخاب کرائے جائیں گے۔ نتیجوں کا اعلان 23 دسمبر کو ہوگا۔

01 Nov 2019, 4:25 PM

فضل الرحمن کے رہتے ہوئے یہودیوں کو سازش کرنے کی ضرورت کیا ہے: عمران خان

ایک طرف عمران خان حکومت کے خلاف مولانا فضل الرحمن نے ’آزادی مارچ‘ نکالا ہوا ہے اور دوسری طرف اس مارچ کی عمران خان پرزور تنقید کر رہے ہیں۔ انھوں نے گلگت میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے جارحانہ انداز میں کہا کہ ’’میں چاہتا ہوں کہ پاکستان کا میڈیا جلسے کے شرکا سے پوچھے کہ یہ لوگ کس سے آزادی چاہتے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’مجھے معلوم ہے کہ ان میں سے بہت سارے یہ کہیں گے کہ اسلام آباد پر یہودیوں کا قبضہ ہو چکا ہے اور یہ کوئی یہودی سازش ہو رہی ہے۔ فضل الرحمان کے ہوتے ہوئے یہودیوں کو سازش کرنے کی ضرورت کیا ہے۔‘‘


01 Nov 2019, 4:10 PM

مہاراشٹر کے حالات پر ہے ہماری نظر، آخری وقت میں لیں گے فیصلہ: اشوک چوان

مہاراشٹر کانگریس نمائندہ وفد کے بعد اشوک چوان نے پارٹی کے سینئر لیڈر کے سی وینوگوپال سے ملاقات کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی اپنے ساتھیوں کے ساتھ وعدہ کو نبھانے میں ناکام رہی ہے اور یہی مہاراشٹر میں سیاسی بحران کی وجہ بنا۔ ہم انتظار کر رہے ہیں اور حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، ہم صحیح وقت پر کوئی فیصلہ لیں گے۔‘‘

01 Nov 2019, 3:10 PM

دہلی: ہیلتھ ایمرجنسی کے درمیان 5 نومبر تک بند رہیں گے سبھی اسکول

دہلی میں آلودگی بے قابو سطح تک پہنچ چکی ہے۔ کئی علاقوں میں ہوا زہریلی ہو گئی ہے۔ اے کیو آئی 500 سے 700 کے درمیان پہنچ گیا ہے، جس وجہ سے سانس لینا دشوار ہو گیا ہے۔ اس درمیان دہلی حکومت نے سبھی اسکولوں کو 5 نومبر تک بند رکھنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’دہلی میں پرالی کے بڑھتے دھوئیں کے سبب آلودگی کی سطح بہت زیادہ بڑھ گئی ہے، اس لیے حکومت نے فیصلہ لیا ہے کہ دہلی کے سبھی اسکول 5 نومبر تک بند رہیں گے۔‘‘


01 Nov 2019, 1:14 PM

دہلی: عآپ رکن اسمبلی اکھلیش ترپاٹھی کو دہلی پولس نے کیا گرفتار

عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی اکھلیش ترپاٹھی کو دہلی پولس نے گرفتار کر لیا ہے۔ دہلی کے راؤز ایونیو عدالت نے جمعرات کو رکن اسمبلی کے عدالت میں پیش نہیں ہونے پر ان کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا تھا۔ اس کیس میں عدالت نے جمعہ کو سماعت کی تاریخ دی تھی۔ جیسے ہی اکھلیش ترپاٹھی عدالت پہنچے، پولس نے انھیں گرفتار کر لیا۔ رکن اسمبلی کے وکیل نے عدالت کے سامنے ضمانت کی عرضی پیش کی ہے، جس پر کچھ دیر میں سماعت ہوگی۔

01 Nov 2019, 12:46 PM

الیکشن کمیشن آج جھارکھنڈ اسمبلی انتخاب کے لیے تاریخ کا کرے گا اعلان

جھارکھنڈ میں 81 اسمبلی سیٹوں کے لیے اسی سال انتخاب ہونے ہیں اور آج الیکشن کمیشن اس سلسلے میں پریس کانفرنس کرنے والا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق جھارکھنڈ اسمبلی الیکشن کے تعلق سے آج تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا اور اس کے ساتھ ہی انتخابی ضابطہ اخلاق بھی نافذ ہو جائے گا۔


01 Nov 2019, 12:11 PM

دہلی: عوام پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ، رسوئی گیس سلنڈر میں 76 روپے کا اضافہ

نئی دہلی: پیازاورآلو سمیت مختلف اشیاء کی مہنگائی سے دوچار صارفین کو اب رسوئی گیس کی بڑھی قیمتوں سے بھی دوچار ہو نا پڑے گا کیونکہ غیر سبسڈی والا رسوئی گیس سلنڈر جمعہ سے 76 روپے مہنگا ہو گیا ۔ تیل مارکیٹنگ کے شعبے کی معروف کمپنی انڈین آئل کے مطابق دہلی میں سلنڈر 76 روپے مہنگا ہوکر 681.50 روپے کا ہو گیا ۔ رسوئی گیس سلنڈر میں یہ مسلسل تیسرے ماہ اضافے ہوا ہے ۔ اکتوبر میں قیمت 605.50 روپے تھی ۔ حکومت رسوئی گیس صارفین کو ایک مالی برس میں 14.2 کلو گرام کے 12 سلنڈر سبسڈی شرح پر دیتی ہے ۔ اس سے زیادہ لینے پر مارکیٹ کی قیمت دینی ہوتی ہے ۔ سبسڈی براہ راست صارفین کے بینک اکاؤنٹ میں ڈالی جاتی ہے۔ملک کے تین دیگر بڑے شہروں میں کولکتہ میں غیر سبسڈی والا گیس سلنڈر ابھی 706 روپے کا جہاں اکتوبر میں یہ 630 روپے کا تھا ۔ اقتصادی شہر ممبئی میں قیمت 76.50 روپے بڑھ کر 651 روپے اور چنئی میں 76 روپے کااضافہ ہونے سے 696 روپے کا ہو گیا۔

01 Nov 2019, 11:19 AM

تلنگانہ: دانت برابر نہ ہونے سے ناراض شوہر نے بیوی کو دیا تین طلاق

تلنگانہ میں طلاق ثلاثہ کا ایک عجیب و غریب معاملہ سامنے آیا ہے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ شوہر نے اپنی بیوی کو صرف اس لیے تین طلاق دے دیا کیونکہ اس کے دانت برابر نہیں تھے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق رخسانہ بیگم کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا جنھیں شوہر مصطفیٰ نے غصے میں تین طلاق دے دیا۔ رخسانہ بیگم نے اس سلسلے میں کہا کہ ’’وہ (شوہر) مہینوں سے مجھے پریشان کر رہے تھے اور ان کا سلوک کافی برا تھا۔ ایک دن انھوں نے تین بار طلاق کہا اور چھوڑ کر چلے گئے۔‘‘ رخسانہ بیگم نے مزید بتایا کہ ’’جب میں نے انھیں بلایا تو کہنے لگے کہ ہمارے درمیان اب کوئی رشتہ نہیں۔‘‘ اپنا درد بیان کرتے ہوئے رخسانہ بیگم نے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔


01 Nov 2019, 10:41 AM

عوام چاہتی ہے کہ شیو سینا سے بنے وزیر اعلیٰ: سنجے راؤت

شیو سینا کے سینئر لیڈر سنجے راؤت نے میڈیا میں ایک بہت بڑا بیان دیا ہے جس سے بی جے پی میں ہلچل پیدا ہونا لازمی ہے۔ راؤت نے کہا ہے کہ ’’اگر شیو سینا فیصلہ کرتی ہے، تو انھیں (بی جے پی) ریاست میں مستحکم حکومت بنانے کے لیے ضروری تعداد مل جائے گی۔ لوگوں نے 50-50 فارمولے کی بنیاد پر حکومت بنانے کا مینڈیٹ دیا ہے۔ وہ (عوام) شیو سینا سے وزیر اعلیٰ چاہتی ہے۔‘‘ خبر رساں ادارہ پی ٹی آئی کے مطابق سنجے راؤت نے یہ بھی کہا کہ فی الحال بی جے پی سے حکومت سازی کو لے کر کوئی بات چیت نہیں ہو رہی ہے۔

01 Nov 2019, 9:48 AM

پاکستان نے کرتارپور سکھ عقیدتمندوں کے لیے کیا بڑا اعلان

کرتارپور سکھ عقیدتمندوں کے لیے پاکستان نے بڑا اعلان کیا ہے۔ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ’’عقیدتمندوں کو پاسپورٹ کی ضرورت نہیں ہوگی، صرف ایک شناختی کارڈ کی ضرورت ہوگی۔ انھیں اب 10 دن پہلے رجسٹریشن نہیں کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ افتتاح کے دن اور گرو جی کے 550ویں یوم پیدائش پر کوئی ٹیکس نہیں لیا جائے گا۔‘‘


01 Nov 2019, 8:39 AM

دہلی ائیر پورٹ پر لاوارث بیگ ملنے سے افرا تفری، سیکورٹی سخت

اندرا گاندھی بین الاقوامی ائیر پورٹ کے ٹرمینل 3 پر جمعہ کی علی الصبح لاوارث بیگ ملنے سے ایک ہنگامہ برپا ہو گیا۔ پہلے تو اس بیگ کے مالک کی تلاش کی گیئ لیکن بعد میں کسی کا بیگ سے تعلق نہیں ہونے کی خبر ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز کو مطلع کیا گیا۔ بعد ازاں ائیر پورٹ پر پولس اور دیگر سیکورٹی فورسز کا دستہ پہنچا اور پھر مشتبہ بیگ کے پیش نظر بم ناکارہ بنانے والے دستہ کو مطلع کیا گیا۔ اس دستہ نے بیگ کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے اور اس کی جانچ کی جا رہی ہے۔ حالانکہ ابھی تک اس بات کی جانکاری نہیں دی گئی ہے کہ بیگ میں کیا کچھ موجود ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */