اہم خبر: ہائی کورٹ نے پہلو خان کے اہل خانہ پر درج ایف آئی آر ختم کرنے کا دیا حکم

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

30 Oct 2019, 5:10 PM

راجستھان: ہائی کورٹ نے پہلو خان کے اہل خانہ پر درج ایف آئی آر رد کرنے کا دیا حکم

پہلو کان معاملے میں ہائی کورٹ نے بدھ کو ایف آئی آر رد کرنے کا حکم صادر کر دیا۔ یہ ایف آئی آر پہلو خان کے دونوں بیٹوں اور ڈرائیور پر گائے اسمگلنگ کے الزام مین درج کیا گیا تھا۔ جسٹس پنکج بھنڈاری کی یک رکنی بنچ نے پہلو خان کے بیٹے ارشاد اور ڈرائیور خان محمد کی طرف سے داخل عرضی پر سماعت کرتے ہوئے یہ حکم سنایا۔ پہلے خبریں تھیں کہ پہلو خان کو بھی گائے اسمگلنگ کا ملزم بنایا گیا ہے۔ بعد میں پولس نے واضح کیا تھا کہ پہلو خان کا نام موت کے بعد ہٹا دیا گیا۔

30 Oct 2019, 3:35 PM

مہاراشٹر: دیویندر فڑنویس بی جے پی قانون ساز پارٹی کے لیڈر منتخب

مہاراشٹر میں سیاسی ہلچل کے درمیان دیویندر فڑنویس کو آج مہاراشٹر بی جے پی قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کر لیا گیا۔ اس موقع پر فڑنویس نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ ’’یہ مینڈیٹ یقیناً ’مہایوتی‘ یعنی بی جے پی و شیو سینا اتحاد کو ملا مینڈیٹ ہے۔ لوگوں نے ’مہایوتی‘ کو ووٹ دیا ہے۔ اس لیے یہاں کوئی شبہ نہیں کہ بننے والی حکومت بھی ’مہایوتی‘ کی ہی ہوگی۔‘‘

30 Oct 2019, 2:52 PM

مغربی بنگال: کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے کلگام میں ہلاک مزدوروں کے اہل خانہ سے کی ملاقات

مغربی بنگال کے کلگام میں دہشت گردانہ حملے میں ہلاک مزدوروں کے اہل خانہ سے آج کانگریس رکن پارلیمنٹ ادھیر رنجن چودھری نے ملاقات کی۔ کانگریس لیڈر نے مرشد آباد میں ان غمزدہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ اپنی ہمدردی کا اظہار کیا۔


30 Oct 2019, 1:52 PM

جموں و کشمیر: پاکستان نے پھر کی جنگ بندی کی خلاف ورزی، ایک شہری ہلاک، 7 زخمی

خبر رساں ادارہ اے این آئی نے فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ جموں و کشمیر میں ایل او سی کے پاس کمکری سیکٹر کے تھلی گاؤں میں پاکستان کی جانب سے گولی باری کی گئی ہے۔ گولی باری میں ایک شہری کی موت ہو گئی جب کہ سات دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔

30 Oct 2019, 1:01 PM

یوروپی مہمان نے مودی حکومت کو دی نصیحت، کہا ’اپوزیشن کو بھی کشمیر دورہ کی ملنی چاہیے اجازت‘

یوروپی یونین کے رکن پارلیمنٹ نکولس فیسٹ نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ ’’مجھے لگتا ہے کہ اگر آپ یوروپی یونین کے اراکین پارلیمنٹ کو (کشمیر) جانے دیتے ہیں تو آپ کو ہندوستان کے اپوزیشن لیڈروں کو بھی اس کی اجازت دینی چاہیے۔ ایسا لگتا ہے کہ کچھ عدم توازن ہے، حکومت کو کسی طرح سے اس کا حل نکالنا چاہیے۔‘‘


30 Oct 2019, 12:26 PM

مالیگاؤں بم دھماکہ کے ملزم سمیر کلکرنی کی حفاظت کے لیے سیکورٹی گارڈ تعینات

مالیگاؤں 2008 دھماکہ کے ملزمین میں سے ایک سمیر کلکرنی کو سیکورٹی مہیا کرائے جانے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ خبر رساں ادارہ اے این آئی کا کہنا ہے کہ پونے واقع پمپری-چنچواڑ واقع سمیر کلکرنی کی رہائش پر آج سے سیکورٹی گارڈ تعینات کر دیا گیا ہے۔

30 Oct 2019, 11:34 AM

مہاراشٹر: آزاد امیدوار کشور جورگیور نے فڑنویس کو حمایت دینے کا کیا اعلان

مہاراشٹر کے چندر پور اسمبلی حلقہ سے آزاد رکن اسمبلی کشور جوگیور نے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس سے ملاقات کی اور بی جے پی کو اپنی حمایت دینے کا اعلان کیا۔ مہاراشٹر میں سیاسی ہلچل کے درمیان آزاد اراکین اسمبلی کی اہمیت کافی بڑھی ہوئی ہے، اس لیے فڑنویس کی حمایت کرنا بی جے پی کے لیے بھی کافی اہم ہو گیا ہے۔


30 Oct 2019, 11:11 AM

جموں و کشمیر میں ہلاک مرشد آباد کے 5 مزدوروں کے گھروں میں پسرا ماتم

مغربی بنگال کے مرشد آباد میں ان 5 مزدوروں کے گھروں میں ماتم کا ماحول ہے جن کا منگل کے روز کشمیر میں قتل ہو گیا۔ کلگام میں دہشت گردوں کے حملہ میں ہلاک ان پانچوں مزدوروں کی ہلاکت کے بعد سے ہی ان کے اہل خانہ کی حالت انتہائی غیر ہے۔

30 Oct 2019, 10:02 AM

تلنگانہ: بلڈ کینسر میں مبتلا 17 سالہ لڑکی کو بنایا گیا ایک دن کا کمشنر

تلنگانہ کی راچاکونڑا پولس نے بلڈ کینسر میں مبتلا ایک 17 سالہ بچی کے پولس افسر بننے کا خواب پورا کر دیا۔ اس بچی کو ایک دن کے لیے پولس کمشنر بنایا گیا ہے۔ 17 سالہ رمیا نے بتایا کہ اسے ایک دن کا پولس کمشنر بن کر بہت خوشی ہوئی۔ رمیا بارہویں میں پی سی ایم اسٹریم سے پڑھائی کرتی ہے۔ اس نے بتایا کہ وہ کمشنر کی کرسی پر بیٹھی اور افسروں کو احکام جاری کیے، جس پر سبھی افسروں نے عمل بھی کیا۔ رمیا نے کہا کہ ’’آج میں بہت خوش ہوں۔ مستقبل میں پولس افسر بن کر علاقے کا نظام اور ٹریفک قانون پر عمل کے لیے خاص دھیان دے گی۔‘‘ ساتھ ہی رمیا نے کہا کہ خواتین پر ہو رہے مظالم کے معاملے میں کمی لانے کی بھی وہ کوشش کرے گی۔


30 Oct 2019, 8:38 AM

پاکستان نے ایک بار پھر ہندوستان کو دی جنگ کی دھمکی

پاکستان نے ایک مرتبہ پھر ہندوستان کو جنگ کی دھمکی دی ہے۔ عمران خان حکومت میں وزیر علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ جو ملک کشمیر معاملے پر پاکستان کے ساتھ نہیں ہے، انھیں ہم اپنا دشمن مانیں گے اور اگر جنگ کی حالت بنتی ہے تو ایسے میں ہماری میزائلیں انھیں مار گرائیں گی۔ کشمیر اور گلگٹ بلتستان معاملوں کے وزیر علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جو کشیدگی چل رہی ہے وہ دونوں پرانے دشمنوں کے درمیان جنگ کا سبب بن سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔