اہم خبر: ناراض شہلا رشید نے انتخابی سیاست کو کہا الوداع

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

قومی آوازبیورو

9 Oct 2019, 5:04 PM

شہلا رشید نے انتخابی سیاست کو کہا الوداع، بطور سماجی کارکن رہیں گی متحرک

جواہر لال نہرو یونیورسٹی کی سابق طالبہ، جموں اینڈ کشمیر پیپلز موومنٹ کی لیڈر اور سماجی کارکن شہلا رشید نے سات مہینے میں ہی انتخابی سیاست سے توبہ کر لی ہے۔ اصل دھارے کی سیاست چھوڑنے کے بعد انھوں نے کہا کہ وہ کشمیریوں پر ظلم مزید برداشت نہیں کر سکتی ہیں۔ رشید نے اس قدم کے پیچھے بلاک ڈیولپمنٹ کونسل کے انتخاب کے اعلان کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’مرکزی حکومت ان انتخابات کے ذریعہ دنیا کو یہ دکھانا چاہتی ہے کہ کشمیر میں سب کچھ معمول پر ہے اور میں اپنے لوگوں پر ظلم برداشت نہیں کر سکتی۔‘‘

9 Oct 2019, 4:08 PM

پنجاب میں لگاتار دیکھے جا رہے پاکستانی ڈرون، پولس نے جانچ شروع کی

پاکستان کا ایک اور مشتبہ ڈرون منگل کی رات پنجاب کے حسینی والہ علاقے میں ہند-پاک سرحد پر اڑتا پایا گیا۔ سیکورٹی افسران نے یہ جانکاری میڈیا کو دی۔ دو دنوں میں یہ دوسرا ایسا معاملہ ہے۔ مقامی لوگوں نے موبائل پر ڈرون کی تصویریں کھینچ لی ہیں۔ ایک افسر نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ سب سے پہلے اسے دیکھے جانے کی خبر ہزارا سنگھ والہ گاؤں میں شام 7.20 بجے دی گئی اور اس کے بعد اسے تیندی والا گاؤں میں رات 10.10 بجے دیکھا گیا۔ اس سے پہلے پاکستانی ڈرون کو پیر کی شب میں اسی علاقے میں تین بار دیکھا گیا تھا۔ تقریباً ایک مہینے میں ہند-پاک سرحد پر باہر سے اسلحہ لانے والے دو ڈرونس کے پکڑے جانے کے بعد سے پنجاب پولس نے پہلے سے ہی جانچ شروع کر دی ہے۔

9 Oct 2019, 3:10 PM

کانگریس نے کیا جموں و کشمیر میں بی ڈی سی الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان

کانگریس نے جموں و کشمیر میں ہونے جا رہے بلاک ڈیولپمنٹ کونسل (بی ڈی سی) انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔ بدھ کو پارٹی صدر دفتر میں صحافیوں کے سامنے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے غلام احمد میر نے مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ یہ انتخاب صرف ایک ہی پارٹی کے فائدے کے لیے کروا رہی ہے۔ اگر ایسا نہیں ہوتا تو انتخاب کے اعلان کے بعد بھی اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں کو پابندیوں کے بیچ نہیں رکھا ہوتا۔

9 Oct 2019, 1:13 PM

ہریانہ: بی جے پی امیدوار سونالی پھوگاٹ نے مانگی معافی

ہریانہ اسمبلی انتخاب میں بی جے پی امیدوار سونالی پھوگاٹ نے ’بھارت ماتا کی جے‘ نعرہ سے متعلق دیے گئے اپنے بیان پر معافی مانگی ہے۔ سونالی پھوگاٹ نے اپنی صفائی میں کہا کہ وہ صرف ان نوجوانوں کو یہ سمجھانا چاہتی تھیں کہ ملک کی خاطر ’بھارت ماتا کی جے‘ بولنا چاہیے۔ لیکن اگر اس سے کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے تو وہ معافی مانگتی ہیں۔

9 Oct 2019, 11:10 AM

اتر پردیش: بستی میں مورتی وسرجن کے دوران افواہ سے پھیلا تشدد، کئی دکانیں نذر آتش

اتر پردیش کے بستی ضلع میں دیوی درگا کی مورتی وسرجن کے دوران یہ افواہ پھیلنے سے تشدد بھڑک گیا کہ وسرجن کے دوران مورتی پر گوشت کا ٹکڑا پھینکا گیا ہے۔ امودھا میں منگل کی شام کو مشتعل عقیدت مندوں نے رام جانکی مارگ علاقہ میں کئی دکانوں کو نذر آتش کر دیا اور کئی گاڑیوں میں توڑ پھوڑ کر دی۔

9 Oct 2019, 10:10 AM

یو پی حکومت نے کسانوں کو پریشان کرنے کے کئی طریقے ایجاد کیے ہیں: پرینکا

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اتر پردیش میں کسانوں کے ذریعہ خودکشی کے معاملے پر یوگی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کر کے لکھا ہے کہ اتر پردیش حکومت کسانوں کو پریشان کرنے کے لیے نئے نئے طریقے ڈھونڈ رہی ہے۔ قرض معافی کے نام پر اتر پردیش حکومت نے کسانوں کے ساتھ دھوکہ کیا۔ اتنا ہی نہیں، بجلی بل کے نام پر انھیں جیل میں ڈالا جا رہا ہے۔ پرینکا نے مزید لکھا ہے کہ کسانوں کو سیلاب، بارش سے برباد فصل کا کوئی معاوضہ نہیں مل رہا ہے۔ یو پی حکومت کو کسانوں کی یاد صرف اشتہار میں آتی ہے۔

9 Oct 2019, 9:01 AM

راجستھان: دھولپور میں مورتی وسرجن کے دوران غرقاب ہونے والوں کی تعداد 10 پہنچی

راجستھان کے دھولپور واقع پربتی ندی میں مورتی وسرجن کے دوران جو حادثہ 8 ستمبر کو ہوا تھا، اس میں غرقاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 10 ہو گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بڑی تعداد میں نوجوان مورتی وسرجن کے لیے پربتی ندی میں گہرے پانی کی طرف بڑھ رہے تھے کہ اچانک ایک تیز لہر کی زد میں آنے کی وجہ سے وہ خود کو سنبھال نہیں سکے۔ پانچ لوگوں کی لاشیں فوری طور پر برآمد ہو گئی تھیں لیکن بعد میں پتہ چلا کہ 10 افراد کی موت ڈوبنے کی وجہ سے ہو گئی۔