اہم خبر: ’گاندھی کا عدم تشدد کا پیغام آج بھی موزوں‘ پی ایم مودی کا یو این جنرل اسمبلی سے خطاب

تصویر سوشل میڈیا
i

وزیر اعظم مودی کا یو این جنرل اسمبلی سے خطاب

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس امریکہ شہر نیو یارک میں جاری ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اجلاس سے خطاب کیا اور کہا کہ 130 کروڑ ہندوستانیوں کی یہاں نمائندگی کرنا ان کے لیے باعث فخر ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے خطاب کے دوران دنیا کو یہ پیغام دیا کہ تمام قوموں کی بقا کے لئے امن و آشتی کا ہونے اس وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا، ’’مہاتما گاندھی کا عدم تشدد اور امن کا پیغام آج بھی دنیا کے لئے ضروری ہے۔ ہم اس سال مہاتما گاندھی کی 150 ویں یوم پیدائش منا رہے ہیں اور سچائی اور عدم تشدد کا پیغام آج کے اس جدید دور میں بھی انتا ہی موزوں ہے جتنا کہ پہلے تھا۔‘‘

دریں اثنا، بڑی تعداد میں ہندوستانی امریکیوں نے یو این ہیڈکوارٹز کے باہر پی ایم مودی کے خلاف مظاہرہ کیا۔

کیجریوال کا بڑا اعلان، دہلی میں 28 ستمبر سے 23.90 روپے کلو فروخت ہوگا پیاز

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اعلان کیا ہے کہ حکومت کل یعنی 28 ستمبر سے 23.90 روپے کلو پیاز فروخت کرے گی۔ انھوں نے اس سلسلے میں مزید بتایا کہ ایک شخص اپنی فیملی کے لیے زیادہ سے زیادہ 5 کلو پیاز خرید سکے گا۔

ہندوستانی فوج کا ہیلی کاپٹر ’چیتا‘ حادثہ کا شکار، دونوں پائلٹ شہید

بھوٹان میں ہندوستانی فوج کا ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار ہو گیا ہے۔ اس حادثہ میں دونوں پائلٹ شہید ہو گئے۔ واقعہ کی وجہ سے متعلق جانکاری ہنوز حاصل نہیں ہو سکی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ شہیدوں میں ایک پائلٹ ہندوستان کا تھا جب کہ ایک بھوٹان کا رہنے والا تھا۔


دہلی: پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کو نذرِ آتش کرنے کئی واقعات میں ملوث دو افراد گرفتار

دہلی پولس نے دو لوگوں کو گرفتار کیا ہے جن پر الزام ہے کہ انھوں نے پارکنگ میں کھڑی کئی گاڑیوں کو نذرِ آتش کیا۔ دراصل کئی بار پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کے نذرِ آتش ہونے کی خبریں آئیں لیکن اس کی وجہ کا پتہ نہیں چل پایا کہ آخر ایسا کیوں ہوا۔ دو شخص کی گرفتاری اسی معاملے میں ہوئی اور بتایا جاتا ہے کہ ان دونوں نے پارکنگ میں کھڑی 12 سے زیادہ گاڑیوں کو اب تک نذر آتش کیا۔

کیرالہ: پالہ اسمبلی سیٹ سے ایل ڈی ایف امیدوار منی سی. کپّن فتحیاب

کیرالہ کی پالہ اسمبلی سیٹ پر گزشتہ دنوں ہوئے ضمنی انتخاب کا نتیجہ برآمد ہو چکا ہے۔ اس سیٹ پر لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ (ایل ڈی ایف) امیدوار منی سی. کپّن نے کامیابی حاصل کی ہے۔ کپّن نے تقریباً 2000 ووٹوں کے فرق سے آزاد امیدوار کو ہرایا۔


انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے شرد پوار کو دفتر آنے سے کیا منع

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) لیڈر نواب ملک نے ممبئی میں میڈیا سے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ایک ای میل بھیج کر شرد پوار سے کہا ہے کہ وہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے دفتر نہ آئیں۔ نواب ملک کے مطابق ڈائریکٹوریٹ نے ای میل میں یہ بھی لکھا ہے کہ جب محسوس کیا جائے گا کہ انھیں بلانا چاہیے تو اس کے بارے میں بتایا جائے گا۔ اس درمیان یہ بھی قابل غور ہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے آس پاس دفعہ 144 نافذ ہے اور ایسا اس لیے کیا گیا تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔

دنتے واڑا اسمبلی سیٹ پر کانگریس امیدوار دیوتی کرما تقریباً 6 ہزار ووٹوں سے آگے

چھتیس گڑھ کی دنتے واڑا اسمبلی سیٹ پر کانگریس امیدوار دیوتی کرما نے بی جے پی امیدوار اوجسوی مانڈی پر تقریباً 6 ہزار سے زیادہ ووٹوں کی سبقت بنا لی ہے۔ اس سیٹ پر کانگریس بہ آسانی کامیاب ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہے، لیکن اتر پردیش کے حمیر پور میں بی جے پی امیدوار آگے ہے۔ دنتے واڑا سیٹ پر اب تک ہوئی ووٹ شماری کے مطابق دیوتی کرما کو 18505 ووٹ ملے ہیں جب کہ دوسرے نمبر پر اوجسوی مانڈوی کو 12397 ووٹ ملے ہیں۔


4 اسمبلی حلقوں میں ہوئے ضمنی انتخاب کا رجحان آیا سامنے

اتر پردیش کی ہمیر پور، چھتیس گڑھ کی دنتے واڑا، کیرالہ کی پالا اور تریپورہ کی بادھر گھاٹ اسمبلی سیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخاب کی ووٹ شماری شروع ہو چکی ہے۔ اتر پردیش کے حمیر پور سے بی جے پی امیدوار جب کہ چھتیس گڑھ کے دنتے واڑا سے کانگریس امیدوار شروعاتی رجحانوں میں آگے ہیں۔ تریپورہ کی بادھر گھاٹ سیٹ سے بھی بی جے پی امیدوار جب کہ کیرالہ کی پالہ سیٹ سے بایاں محاذ پارٹی کا امیدوار آگے ہے۔

مہاراشٹر: ممبئی میں ای ڈی دفتر علاقہ میں دفعہ 144 نافذ، کل ہوگی شرد پوار کی پیشی

ممبئی کے بلاڈ اسٹیٹ میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ اسی علاقے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا دفتر ہے، جہاں کل این سی پی سربراہ شرد پوار پیشی کے لیے پہنچیں گے۔ اپنے خلاف ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) کے ذریعہ کیس درج کیے جانے پر شرد پوار نے کہا تھا کہ وہ جمعہ کو ایجنسی کے سامنے پیش ہوں گے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔