اہم خبر: امیتابھ بچن کو دادا صاحب پھالکے ایوارڈ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

24 Sep 2019, 8:10 PM

امیتابھ بچن کو دادا صاحب پھالکے ایوارڈ

سابق سپر اسٹار امیتابھ بچن کو ہندوستانی فلموں میں بہترین تعاون کے لئے پروقار دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے منگل کو یہ طلاع دی۔ انہوں نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ ہندی فلموں میں ’لیجنڈ‘ بن گئے امیتابھ بچن کو متفقہ طور پر دادا صاحب پھالکے ایوارڈکے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ انہوں نے دو نسلوں کو اپنی اداکاری اور فن سے نہ صرف متاثر کیا ہے بلکہ حوصلہ افزائی بھی کی ہے۔ جاوڈیکر نے کہا کہ بچن کو یہ اعزاز ملنے سے نہ صرف ملک میں بلکہ بیرون ملک میں بھی ان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

24 Sep 2019, 4:49 PM

جموں و کشمیر میں زلزلہ کا تیز جھٹکا، دہلی-این سی آر میں بھی لوگ گھروں سے نکلے باہر

پاکستان میں شدید زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے بعد لوگ گھروں اور دفتروں سے باہر نکل گئے۔ پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق کئی مقامات پر سڑکوں کے پھٹنے اور مکانات میں شگاف بھی پڑ گئی ہیں۔ فی الحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے، لیکن بتایا جا رہا ہے کہ زلزلہ شدید تھا اور ریکٹر اسکیل پر اس کا پیمانہ 6.1 تھا۔

پاکستان میں آئے زلزلے کا اثر ہندوستان میں بھی دیکھنے کو ملا۔ شام 4 بج کر 35 منٹ پر دہلی-این سی آر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے بعد کچھ لوگ گھروں سے باہر نکل گئے۔ جموں و کشمیر میں زلزلہ کافی تیز آیا لیکن فی الحال کسی جانی نقصان کی خبر نہیں ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان کے لاہور سے 173 کلو میٹر دور جاٹلان علاقہ زلزلہ کا مرکز تھا اور ریکٹر اسکیل پر اس کی پیمائش 6.1 تھی۔ جو خبریں موصول ہو رہی ہیں اس کے مطابق نوئیڈا اور ہریانہ کے کئی علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جو کہ کچھ سیکنڈوں تک رہے۔

پاکستان سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق لاہور میں زلزلے کی شدت کافی زیادہ محسوس کی گئی اور لوگوں کے گھروں کے سامان کافی تیزی سے ہلنے لگے۔ سوشل میڈیا پر لاہور میں تیز زلزلہ کی خبریں تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہیں اور لاہور میں مقیم کچھ لوگوں نے لکھا ہے کہ چونکہ زلزلہ کا مرکز زمین سے محض 10 کلو میٹر نیچے تھا اس لیے جھٹکا تیز محسوس کیا گیا۔

24 Sep 2019, 4:10 PM

ایودھیا معاملہ... 1949 سے قبل گربھ گرہ میں رام کی مورتی نہیں تھی: مسلم فریق

نئی دہلی: سپریم کورٹ میں اجودھیا تنازعہ کی 30 ویں دن کی سماعت کے دوران منگل کو مسلم فریق نے کہا کہ 1949 میں پتہ چلا کہ گربھ گرہ میں بھگوان کا نزول ہوا ہے، لیکن اس سے پہلے وہاں مورتی نہیں تھی۔ سنی وقف بورڈ کے وکیل راجیو دھون نے چیف جسٹس رنجن گوگوئی، جسٹس ایس اے بوب ڈے، جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ، جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس ایس عبد النذیر کی آئینی بنچ کے سامنے دلیل دی کہ افسانوی روایات کے مطابق پورے اجودھیا کو بھگوان رام کی جائے پیدائش سمجھا جاتا رہا ہے، لیکن اس کے بارے میں کوئی ایک خاص جگہ نہیں بتائی گئی ہے۔ انہوں نے ہندو فریق کے گواہ کی گواہی پڑھتے ہوئے کہا کہ لوگ رام چبوترے کے قریب لگی ریلنگ کی طرف جاتے تھے۔مورتی گربھ گرہ میں کیسے گئی اس بارے میں اس کو معلومات نہیں ہے۔


24 Sep 2019, 3:10 PM

اتر پردیش: سوامی چنمیانند کیس میں متاثرہ لڑکی کو پولس نے حراست میں لیا

بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ چنمیانند پر عصمت دری کا الزام لگانے والی متاثرہ کو ایس آئی ٹی نے اپنی حراست میں لے لیا۔ یو پی پولس کے ذرائع نے بتایا کہ قانون کی پڑھائی کر رہی متاثرہ کو پوچھ تاچھ کے لیے پولس اپنے ساتھ لے کر گئی ہے۔ ساتھ ہی متاثرہ نے گرفتاری سے چھوٹ کے لیے شاہجہاں پور کی مقامی عدالت میں اپیل کی تھی۔ عدالت میں اس معاملے پر دوپہر کے بعد سماعت ہوگی۔ ذرائع کے مطابق جب متاثرہ اپنی عرضی عدالت میں لگانے کے لیے جا رہی تھی تو پولس نے اسے راستے میں روکا اور اپنے ساتھ لے گئی۔ قابل غور ہے کہ پولس نے متاثرہ کے خلاف جبراً وصولی کا معاملہ بھی درج کیا ہے۔

24 Sep 2019, 1:59 PM

دہلی: 22 روپے کلو پیاز فروخت ہونے کی خبر سن کر لگی لمبی قطار

ملک میں پیاز کی بڑھتی قیمتوں کے درمیان دہلی میں 22 روپے کلو پیاز فروخت ہو رہا ہے۔ دراصل حکومت ہند کی جانب سے فراہم کی گئی ایک گاڑی میں 22 روپے کلو پیاز فروخت ہو رہا ہے اور پیاز خریدنے والوں کی لمبی قطار لگ گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ 23 ستمبر کو دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے جلد دہلی میں 24 روپے کلو پیاز فروخت کیے جانے کی بات کہی تھی، لیکن اس سے پہلے حکومت ہند کے ذریعہ 22 روپے کلو پیاز فراہم کیا جا رہا ہے۔ لیکن ایسا پوری دہلی میں نہیں ہو رہا بلکہ کچھ ہی لوگ 22 روپے کلو پیاز سے فیضیاب ہو رہے ہیں۔


24 Sep 2019, 1:02 PM

پرینکا گاندھی نے اتر پردیش میں بڑھتے جرائم کو لے کر تشویش کا کیا اظہار

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اتر پردیش میں لگاتار بڑھ رہے جرائم کو لے کر تشویش کا اظہار کیا ہے اور اس کے لیے ریاست کی یوگی حکومت کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ انھوں نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’آپ اتر پردیش بی جے پی حکومت کے دعووں اور ان کی حقیقت کو ملا کر دیکھیے۔ بی جے پی حکومت ہر روز جرائم سے پاک ریاست کا ڈھول پیٹ رہی ہے جب کہ حقیقت یہ ہے کہ 22 دنوں میں 12 گولی باری کے واقعات اور 4 قتل ہوئے۔ خواتین پر مظالم بھی ہوئے۔‘‘ پرینکا گاندھی نے کہا کہ ریاستی حکومت کا جرائم پر اب کوئی کنٹرول نہیں رہا۔

24 Sep 2019, 11:53 AM

بغداد میں امریکی سفارت خانے کے قریب راکٹ سے حملہ

بغداد: عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکی سفارت خانے کے قریب واقع انتہائی سیکورٹی والے علاقے ’گرین زون‘ میں منگل کو دو راکٹ داغے گئے۔ مقامی میڈیا رپورٹس میں یہ اطلاع دی گئی۔ اسکائی نیوز عربیہ ٹی وی چینل کی خبروں کے مطابق امریکی سفارت خانے میں ہوائی حملے کی سائرن کی آواز سنائی دی۔ ’گرین زون‘ کے علاقے میں راکٹ فائر کے واقعے میں کسی جانی نقصان کی خبر نہیں ہے۔ واقعے کے بعد گرین زون کی دو چوکیاں بند کردی گئی ہیں۔


24 Sep 2019, 11:10 AM

عمران خان کا دہشت گردی پر سب سے بڑا خلاصہ، پاک آرمی نے دی تھی القاعدہ کو ٹریننگ

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے مانا ہے کہ خونخوار دہشت گرد تنظیم القاعدہ کی ٹریننگ ان کے ہی ملک میں ہوئی تھی، امریکی تھنک ٹینک كاؤنسل آن فارن ریلیشنز (CFR) میں عمران خان نے کہا کہ 11 ستمبر 2001 کو امریکہ کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملے سے پہلے القاعدہ کے دہشت گردوں کو پاکستانی آرمی اور آئی ایس آئی نے ٹریننگ دی تھی، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت نے 9/11 کے تباہ کن واردات کے بعد ان دہشت گرد گروپوں کے تئیں اپنی پالیسی بدل لی تھی، لیکن پاکستان آرمی تبدیل نہیں چاہتی تھی۔

24 Sep 2019, 10:10 AM

اتر پردیش: اعظم گڑھ میں نابالغ لڑکی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری، دو ملزم گرفتار

اتر پردیش کے اعظم گڑھ میں 19 ستمبر کو دو لوگوں نے ایک نابالغ لڑکی کو اس کے اسکول کے باہر سے اغوا کر لیا اور اس کی اجتماعی عصمت دری کی۔ پولس کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، اور دو ملزمین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایسی خبریں تھیں کہ متاثرہ کا نام اسکول سے کاٹ دیا گیا ہے، لیکن اس خبر کو پولس نے افواہ قرار دیا ہے۔ پولس کا کہنا ہے کہ لڑکی کا نام اسکول سے نہیں کاٹا گیا ہے۔


24 Sep 2019, 9:07 AM

ممبئی میں پیاز کی قیمت 100 روپے کے قریب پہنچنے سے لوگ پریشان

ملک بھر میں پیاز کی قیمت آسمان چھو رہی ہے۔ ممبئی میں آج پیاز 75 سے 80 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ یہاں تھوک قیمت 4400 فی کوئنٹل ہے جب کہ دہلی میں پیاز کی قیمت 60 روپے کلو تک پہنچ گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔