اہم خبر: یومِ عاشور پر کربلا میں بھگدڑ، 31 افراد جان بحق، 100 زخمی

میڈیا رپورٹس کے مطابق کربلا میں جلوس کی گزرگاہ کا ایک حصّہ منہدم ہونے سے بھگدڑ کا واقعہ پیش آیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

10 Sep 2019, 10:10 PM

ہندوستان نے یو این ایچ آر سی کی میٹنگ میں کشمیر پر پاکستان کے جارحانہ موقف کو یکسر مسترد کیا

جنیوا: ہندوستان نے آج اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل (يواین ایچ آر سي) کی میٹنگ میں جموں و کشمیر پر پاکستان کے جارحانہ موقف کو یکسر مسترد کردیا اور کہا کہ پاکستان ویسے تو 'مظلوم ہونے کا رونا روتا' ہے لیکن بلا شبہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا 'قصوروار' ہے۔

وزارت خارجہ میں سیکرٹری (سابق) وجے ٹھاکر سنگھ نے یہاں یو این ایچ آر سي کی میٹنگ میں کہا، " ہندوستان یو این ایچ آر سی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر بحث کے سلسلے میں تعمیری نقطہ نظر میں یقین رکھتا ہے۔ہمیں عالمی سطح پر لوگوں کے اقتصادی، سماجی اور ثقافتی حقوق کی حفاظت اور فروغ دینے کے لئے عملی اقدامات کو تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

جو ملک دوسرے ممالک میں اقلیتوں کے حقوق انسانی کی بات کر رہے ہیں اور اپنے ہی ملک میں اقلیتوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہونے دے رہے ہیں وہ مظلوم ہونے کا رونا رو رہے ہیں لیکن حقیقت میں وہ 'قصوروار' ہیں۔انہوں نے کہا، "ہمیں ان لوگوں کو بے نقاب کرنا چاہئے جو انسانی حقوق کی آڑ میں سیاسی ایجنڈے کے لئے اس پلیٹ فارم کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔

10 Sep 2019, 9:10 PM

یومِ عاشور پر کربلا میں بھگدڑ، 31 افراد جان بحق، 100 زخمی

یومِ عاشور کے جلوس کے دوران عراق کے شہر کربلا میں بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجہ میں کم از کم 31 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 100 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب یومِ عاشور کا جلوس کربلا میں رواں دواں تھا۔

وائس آف امریکہ کی رپورٹ کے مطابق عراق کی وزارتِ صحت کے ترجمان نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے لیکن انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ واقعہ کیسے پیش آیا؟ میڈیا رپورٹس کے مطابق کربلا میں جلوس کی گزرگاہ کا ایک حصّہ منہدم ہونے سے بھگدڑ کا واقعہ پیش آیا۔

واضح رہے کہ عراق میں اہل تشیع مسلک سے منسلک مسلمان اکثریتی تعداد میں موجود ہیں جب کہ یومِ عاشور کے موقع پر دنیا بھر سے ہزاروں افراد ماتمی جلوسوں میں شرکت اور مقدس مقامات کی زیارت کے لیے کربلا آتے ہیں۔

10 Sep 2019, 7:10 PM

امام اور ان کی اہلیہ کے قتل معاملہ میں ایک ملزم گرفتار

سونی پت: ہریانہ میں سونی پت ضلع کے گنور ڈویژن میں منک مجری گاؤں کے مسجد کے امام اور ان کی اہلیہ کے قتل کے معاملے میں پولس نے ملزم ستبیر کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزم اسی گاؤں کا رہنے والا ہے اور اس نے اعتراف جرم کر لیا ہے۔ پولس نے ملزم کو منگل کے روز عدالت میں پیش کر دیا۔

واضح رہے کہ مسجد کے پیچھے بنے کمرے میں امام محمد عرفان اور ان کی اہلیہ یاسمین رہتی تھیں اور گزشتہ اتوار کو دونوں کو رات میں سوتے وقت قتل کر دیا گیا تھا۔

پولس نے اس انتہائی حساس نوعت کے معاملہ سے 24 گھنٹے کے اندر پردہ اٹھا دیا ہے۔ پولس کے مطابق تفتیش کے دوران گاؤں کے ہی ایک رہائشی خورشید نے بتایا کہ ملزم ستبیر کو امام پر شک تھا کہ وہ اس کے خلاف کالا جادو کرتے ہیں اور اس وجہ سے اس کے والد اور بھائی بیمار رہنے لگے۔

گرفتار شدہ ملزم ستبیر نے پولس کو بتایا کہ وہ رات کو چارپائی کا پایہ لے کر امام عرفان کے گھر میں گھس گیا اور سوتے وقت ان کے سر پر کئی وار کئے۔ اسی دوران ان کی اہلیہ جاگ گئی تو اس نے ان پر بھی حملہ کر دیا اور دونوں کو قتل کر دیا۔


10 Sep 2019, 6:10 PM

بھونیشور میں 500 روپے کے چالان پر ہیلمیٹ فری!

ملک میں نئے ٹرانسپورٹ قوانین نافذ ہونے کے بعد سے ضوابط کی خلاف ورزی لوگوں کو مہنگی پڑ رہی ہے اور ٹریفک پولس کی جانب سے ہر روز ہزاروں روپے کے چالان کاٹے جا رہے ہیں۔ لیکن اوڈیشہ کے بھونیشور میں ٹریفک پولس نے ایک الگ ہی مثال پیش کرتے ہوئے لوگوں کو چالان کاٹنے پر مفت ہیلمٹ بھی فراہم کیا۔

یہاں ہیلمیٹ نہ لگانے والوں پر 500 روپے کا چالان کیا جا رہا ہے اور پولس ایسے لوگوں کو مفت ہیلمیٹ بھی فراہم کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں ایسے بائیک سواروں کو جو اصولوں ضوابط پر عمل کر رہے ہیں، انہیں ’تھینک یو‘ کارڈ دیا جا رہا ہے۔

10 Sep 2019, 4:11 PM

آندھرا پردیش: محرم کے جلوس کے دوران گر گئی ایک چھت کی دیوار، 20 افراد زخمی

آندھرا پردیش میں ایک چھت کی دیوار اس وقت گر گئی جب لوگ وہاں پر کھڑے ہو کر نیچے سے گزر رہے محرم کے جلوس کو دیکھ رہے تھے۔ یہ واقعہ ضلع کرنول کے بی. ٹھنڈراپاڈو گاؤں کا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق واقعہ 9 ستمبر کی دیر شب کا ہے اور اس حادثہ میں 20 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے قریب کے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔


10 Sep 2019, 3:10 PM

مدھیہ پردیش: بھوپال میں دو منزلہ عمارت منہدم، کوئی جانی نقصان نہیں

بھوپال: مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کے پرانے علاقے میں آج شدید بارش کےدوران دومنزلہ ایک عمارت گر گئی ۔ مقامی مارواڑی روڈ پر ہوئے اس حادثے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔بتایا جا رہا ہے کہ اس عمارت میں چار کنبے رہایش پزیر تھے ۔ انتہائی خستہ حالت اس عمارت میں کئی دکانیں بھی تھیں ، جن کے دبنے سے تقریبا لاکھوں روپے کے نقصانات کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن اب اس عمارت کے باقی حصے کو گرانے کی کارروائی میں مصروف ہے ۔

10 Sep 2019, 1:59 PM

اتر پردیش: پھر توڑا گیا امبیڈکر کا مجسمہ، ناراض لوگوں نے کیا زبردست ہنگامہ

اتر پردیش کے سہارنپور میں ایک بار پھر سے ماحول بگاڑنے کی کوشش کی گئی ہے۔ یہاں کچھ شرپسند عناصر نے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمہ کو نقصان پہنچایا ہے۔ اس واقعہ سے شیڈولڈ کاسٹ کے لوگوں میں زبردست ناراضگی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ ناراض لوگوں نے بیہٹ-سہارنپور سڑک پر جام لگا کر ہنگامہ کیا۔ خبر پھیلنے کے بعد کئی تھانوں کی پولس موقع پر پہنچ گئی ہے۔


10 Sep 2019, 1:10 PM

سنبھل میں تعزیہ بجلی کے تاروں میں الجھا، کرنٹ لگنے سے ایک ہلاک، 15 جھلسے

سنبھل: اترپردیش میں ضلع سنبھل کے بہجوئی علاقے میں منگل کی صبح محرم کے موقع پر اکبر پور گاؤں میں تعذیہ بجلی کے تار میں الجھ گیا،جس سے کرنٹ لگنے سے ایک شخص کی موت ہوگئی جبکہ 15 لوگ جھلس گئے۔

پولس ترجمان نے یہاں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ صبح تقریباً پونے چار بجے بہجوئی علاقے کے اکبرپور گاؤں میں بڑی تعداد میں لوگ تعذیہ لے کر جارہے تھے۔ زیادہ اونچائی ہونے کی وجہ سے تعذیہ بجلی کے تاروں میں الجھ گیا۔ اس حادثے میں کرنٹ لگنے سے 35 سالہ تسلیم کی موت ہوگئی اور 15 لوگ جھلس گئے۔ انہوں نے بتایا کہ سبھی لوگوں کو علاج کے لئے اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ اس میں کچھ لوگوں کی حالت نازک ہے۔

10 Sep 2019, 12:10 PM

معاشی بحران کی وجہ سے گجرات کے تاجر نے کر لی خودکشی

گجرات کے سورت میں ایک بلڈر نے معاشی پریشانی کی وجہ سے خودکشی کر لی۔ بلڈر کا نام ہریش بھائی شام جی بھائی روانی بتایا جا رہا ہے۔ ہریش بھائی نے کامریج علاقے کے ایک فارم ہاؤس میں پھانسی لگا کر خودکشی کی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ہریش بھائی نے اپنے پروجیکٹوں کو پورا کرنے کے لیے پرائیویٹ فائنانسروں سے سود پر کروڑوں روپے لیے تھے جنھیں ادا نہیں کر پانے کے سبب ہریش نے خودکشی کر لی۔


10 Sep 2019, 11:03 AM

مغربی بنگال: محمد شامی کو عدالت سے ملی راحت، فی الحال نہیں ہوگی ان کی گرفتاری

علی پور کورٹ (مغربی بنگال) نے کرکٹر محمد شامی کے خلاف گرفتاری وارنٹ پر عارضی روک لگانے کا حکم دیا ہے۔ اس حکم کے بعد ایک طرف جہاں محمد شامی کو فوری طور پر راحت مل گئی ہے وہیں حسین جہاں کو ضرور مایوسی ہاتھ لگی ہوگی۔ دراصل محمد شامی کی بیوی حسین جہاں نے ان پر جہیز اور جنسی استحصال کا الزام عائد کیا ہے اور اس معاملے کی آئندہ سماعت اب 2 نومبر کو ہوگی۔

10 Sep 2019, 9:00 AM

جموں و کشمیر کے سوپور میں دہشت گرد تنظیموں کے 8 ارکان گرفتار

جموں و کشمیر پولس نے سوپور میں الگ الگ تنظیموں کے لیے کام کرنے والے 8 گراؤنڈ ورکرس کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار دہشت گرد تنظیموں کے لیے زمینی سطح پر کام کرتے تھے اور ان کے لیے اطلاعات جمع کرتے تھے۔ ذرائع کے مطابق گرفتار کیے گئے اراکین کشمیر کے لوگوں کو دھمکانے اور ملک کے خلاف مشتعل کرنے کے معاملوں میں بھی ملوث تھے۔ پولس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے دہشت گردوں نے ہی کشمیر میں الگ الگ علاقوں میں دھمکی بھرے پوسٹرس بھی لگائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */