اہم خبر: بینگلورو میں غیر قانونی طور پر رہنے والے 30 بنگلہ دیشی گرفتار

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

26 Oct 2019, 8:46 PM

بینگلورو میں غیر قانونی طور پر رہنے والے 30 بنگلہ دیشی گرفتار

بینگلورو: کرناٹک کے بینگورو میں سنیچر کے روز کرائم برانچ نے شہر میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر 30 بنگلہ دیشیوں کو گرفتار کیا۔ جوائنٹ پولس کمشنر سندیپ پاٹل نے بتایا کہ گرفتار شدہ بنگلہ دیشی شہریوں کے خلاف غیر ملکی سول رجسٹریشن ضابطے کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ افسران نے انہیں ان کے ملک بھیجنے کا عمل شروع کردیا ہے۔

پاٹل نے بتایا کہ ویزا کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی شہر میں رہ رہے بنگلہ دیشی شہریوں کی شناخت کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی شہریوں کی ویزا کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی ملک میں ٹھہرنے اور مجرمانہ سرگرمیاں انجان دینے کی شکایات موصول ہونے پر ان کے خلاف کارروائی شروع کی گئی ہے۔

26 Oct 2019, 6:40 PM

مریم نواز کی عدالتی حراست میں 2 نومبر تک توسیع

لاہور: پاکستان کی ایک احتساب عدالت نے چودھری شوگر مل منی لاؤنڈرنگ معاملے میں ملزم سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیٹی اور پاکستان مسلم لیگ (نواز) کی نائب صدر مریم نواز کی عدالتی حراست کی میعاد کار 2 نومبر تک بڑھادی گئی ہے۔ چودھری شوگر مل منی لاؤنڈرنگ معاملے میں جیل میں بند مریم کو افسران نے عدالت میں پیش کیا جہاں ان کی عدالتی حراست کی میعاد 2 نومبر تک بڑھادی گئی۔

قومی احتساب بیورو (نیب) اس معاملے میں رپورٹ نہیں کرا پایا جس کے بعد عدالت نے مریم کی عدالتی حراست بڑھانے کا حکم دیا۔ کمرہ عدالت میں مریم نے میڈیا سے کہا کہ وہ اپنے والد نواز شریف کی صحت کے سلسلے میں فکرمند ہیں۔ انہوں نے ٹیلی فون پر اپنے والد سے بھی بات کی۔ عدالت میں پیشی کے دوران مریم کے بیٹے جنید صفدر بھی موجود تھے۔ نیب عدالت نے اس معاملے میں شریک ملزم مریم کے چچازاد بھائی یوسف عباس کی عدالتی حراست میں بھی توسیع کردی گئی ہے۔

26 Oct 2019, 4:07 PM

مہاراشٹر: 50-50 فارمولہ پر تحریری یقین دہانی کے بعد ہی بی جے پی کو حمایت دے گی شیو سینا

شیو سینا نے مہاراشٹر میں حکومت سازی کے لیے 50-50 کا فارمولہ ایک بار پھر سے اچھال دیا ہے۔ شیو سینا رکن اسمبلی پرتاپ سرنائک نے شیو سینا سے وزیر اعلیٰ بنائے جانے کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ انتخاب سے قبل 50-50 فارمولے پر بات ہوئی تھی۔ بی جے پی اور شیو سینا نے اتحاد کے دوران طے کیا تھا کہ ریاست میں پہلے 2.5 سال شیو سینا کا وزیر اعلیٰ ہوگا اور اس کے بعد اگلے ڈھائی سال بی جے پی کا وزیر اعلیٰ ہوگا۔ پرتاپ نائک نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ادھو ٹھاکرے کو اس معاملے میں بی جے پی سے تحریری یقین دہانی لینی چاہیے۔


26 Oct 2019, 2:58 PM

جے جے پی سربراہ دشینت چوٹالہ کے والد اجے چوٹالہ جلد ہوں گے جیل سے رہا!

جن نایک جنتا پارٹی سربراہ دشینت چوٹالہ کے والد اجے چوٹالہ آج شام یا کل صبح جیل سے باہر آ جائیں گے۔ اجے چوٹالہ کو دو ہفتے کے لیے تہاڑ جیل سے آزاد کیا جائے گا۔ تہاڑ جیل کے ڈی جی نے بتایا ہے کہ انھیں فرلو پر دو ہفتوں کی یہ آزادی ملے گی۔

26 Oct 2019, 2:10 PM

پاکستان: سابق وزیر اعظم نواز شریف کو آیا ’ہارٹ اٹیک‘، اسپتال میں چل رہا علاج

پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو 26 اکتوبر کو ہارٹ اٹیک آیا۔ پاکستان کے نیوز چینل جیو نیوز کے مطابق یہ مائنر ہارٹ اٹیک تھا اور ابھی ان کی حالت مستحکم ہے۔ نواز شریف لاہور کے سروس اپستال میں داخل ہیں۔ پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق ان کے اکو کارڈیولوجی اور الیکٹو کارڈیوگرام ٹسٹ ہوئے ہیں اور اس کی رپورٹ بھی مثبت ہے۔


26 Oct 2019, 1:10 PM

ہریانہ: بیک فُٹ پر آئی بی جے پی، گوپال کانڈا سے حمایت نہیں لینے کا اعلان

بی جے پی نے متنازعہ رکن اسمبلی گوپال کانڈا سے حمایت نہیں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بات کا انکشاف بی جے پی کے سینئر لیڈر انل وز نے میڈیا کے ذریعہ پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’کانڈا کو حکومت میں شامل کرنے کا سوال ہی نہیں ہے، ہم ان کی حمایت نہیں لے رہے ہیں۔‘‘

26 Oct 2019, 12:10 PM

سابق بی ایس ایف جوان تیج بہادر نے چوٹالہ کی پارٹی ’جے جے پی‘ کو کہا الوداع

سابق بی ایس ایف جوان تیج بہادر نے دشینت چوٹالہ کی پارٹی جن نایک جنتا پارٹی یعنی جے جے پی کو چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ دراصل جے جے پی نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد قائم کر ہریانہ میں حکومت سازی کا فیصلہ کیا جس سے ناراض تیج بہادر نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ خبروں کے مطابق تیج بہادر نے جے جے پی کے ذریعہ اٹھائے گئے قدم کو ہریانہ کے ساتھ دھوکہ اور غداری قرار دیا ہے۔


26 Oct 2019, 10:56 AM

مسلم ڈلیوری بوائے سے کھانا لینے سے انکار کرنے والے اجے کمار کے خلاف معاملہ درج

حیدر آباد پولس نے مسلم ڈلیوری بوائے سے کھانا لینے سے انکار کرنے والے ہندو فرد کے خلاف کیس درج کیا ہے۔ دراصل حیدر آباد کے علی آباد علاقے میں اجے کمار نام کے ایک شخص نے مسلم ڈلیوری بوائے مدثر سے کھانا لینے سے انکار کر دیا تھا۔ اس کے بعد مدثر نے مبینہ طور پر کھانا لینے سے منع کرنے والے شخص کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔

26 Oct 2019, 9:45 AM

بھگت سنگھ، سکھدیو اور راج گرو کو ’بھارت رتن‘ دینے کا مطالبہ، منیش تیواری نے پی ایم مودی کو لکھا خط

کانگریس کے سرکردہ لیڈر اور ترجمان منیش تیواری نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ شہید اعظم بھگت سنگھ، سکھدیو اور راج گرو کو بھارت رتن سے نوازا جائے۔


26 Oct 2019, 8:47 AM

اہم خبر: کملیش تیواری کی بیوی کرن تیواری ’ہندو سماج پارٹی‘ کی سربراہ منتخب

کملیش تیواری کے قتل اور پھر پولس کے ذریعہ اس کے مبینہ قاتلوں کی گرفتاری کے بعد اب ہندو سماج پارٹی نے کملیش تیواری کی بیوی کرن تیواری کو پارٹی سربراہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 18 اکتوبر کو کملیش تیواری کا لکھنؤ واقع انہی کے مکان میں قتل کے بعد کافی ہنگامہ برپا ہوا تھا اور چونکہ ہندو سماج پارٹی کی تشکیل کملیش تیواری نے ہی کی تھی اس لیے ان کے قتل کے بعد پارٹی کو کون سنبھالے گا، یہ ایک بہت بڑا سوال بن گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */