اہم خبر: کملیش تیواری کے قاتل کانپور موبائل اسٹور میں بہترین انگریزی بول رہے تھے!

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

21 Oct 2019, 9:36 PM

کملیش تیواری قتل معاملہ: کانپور موبائل اسٹور میں قاتل کو بہترین انگریزی بولتے دیکھا گیا

کملیش تیواری قتل معاملہ کو سلجھانے کا دعویٰ کرنے والی یو پی پولس جیسے جیسے اپنی تفتیش آگے بڑھا رہی ہے، ویسے ویسے کچھ نہ کچھ نئی بات سامنے آ رہی ہے۔ اب پتہ چلا ہے کہ کملیش تیواری کے قاتلوں نے کانپور کے جس موبائل اسٹور سے موبائل فون خریدا تھا وہاں وہ بہترین انگریزی بول رہے تھے۔ ساتھ ہی پولس نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں قاتل کے ساتھ دو مزید لوگ تھے لیکن وہ ٹرین کے عام مسافر تھے سفر کے دوران دونوں قاتل کے دوست بن گئے تھے اور ساتھ میں موبائل خریدنے کانپور کے موبائل اسٹور پہنچے تھے۔

21 Oct 2019, 8:55 PM

پاکستان کے ریلوے وزیر شیخ رشید نے پھر دی جوہری حملے کی دھمکی

پاکستان کے ریلوے وزیر شیخ رشید نے ایک بار پھر ہندوستان کو جوہری حملے کی دھمکی دی ہے، اس سے پہلے جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹنے کے بعد ہندوستان کو ایٹمی حملے کی دھمکی دی تھی، انہوں نے کہا تھا کہ پی ایم مودی نے اسرائیل کی طرز پر کشمیر میں یہ سب کیا ہے اور اب اسرائیل ہی کی طرح کشمیر میں قتل عام ہوگا۔

21 Oct 2019, 7:00 PM

کملیش تیواری قتل معاملہ میں سید عاصم علی کی گرفتاری، یو پی پولس نے لیا ریمانڈ پر

کملیش تیواری قتل معاملہ میں ایک دیگر شخص کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مہاراشٹر اے ٹی ایس نے سید عاصم علی نامی شخص کو پونے سے گرفتار کیا ہے۔ ملزم عاصم علی کو بھی یو پی پولس نے سفری ریمانڈ پر لے لیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی تیاری کی جا رہی ہے۔ اس سے قبل گجرات سے تین ملزمین کو سفری ریمانڈ پر لے کر یو پی پولس آج ہی صبح لکھنؤ پہنچی ہے۔


21 Oct 2019, 6:10 PM

کملیش تیواری قتل معاملہ میں 10 ٹیموں کی ہوئی ہنگامہ خیز میٹنگ!

ہندو سماج پارٹی کے قومی سربراہ کملیش تیواری کے قتل کی سازش میں مبینہ طور پر ملوث تین ملزمین مولانا محسن شیخ، فیضان اور راشد احمد پٹھان کو لکھنو میں خفیہ مقام پر رکھا گیا ہے۔ اس درمیان خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ پولس کی دس ٹیموں نے قتل معاملہ کی تفتیش کے پیش نظر ایک انتہائی اہم میٹنگ کی۔ بتایا جاتا ہے کہ پیر کے روز یہ میٹنگ لکھنو میں ہوئی۔ ایس ایس پی رہائش گاہ پر جانچ ٹیموں کے ساتھ ہوئی اس میٹنگ میں کئی طرح کے منصوبے تیار کیے گئے۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق میٹنگ میں جانچ ٹیموں کو ملے اب تک کے سراغ کے بارے میں تفصیل سے بتایا گیا اور ہر زاویے پر غور و خوض کیا گیا۔ ایک افسر کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ میٹنگ میں یہ بھی طے کیا گیا کہ ریمانڈ پر لکھنو لائے گئے تینوں ملزمین میں سے کس سے پہلے پوچھ تاچھ کی جائے اور کس سے بعد میں۔ میٹنگ میں آئی جی رینج ایس کے بھگت بھی موجود تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایس ایس پی لکھنؤ، سی او حضرت گنج سمیت کرائم برانچ و سرویلانس کی سبھی 10 ٹیمیں میٹنگ میں بلائی گئی تھیں۔

21 Oct 2019, 5:25 PM

رانچی ٹسٹ: تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر جنوبی افریقہ کا اسکور 132/8

جنوبی افریقہ کے خلاف ہندوستان تیسرے اور آخری ٹسٹ کے تیسرے دن بہت مضبوط حالت میں پہنچ گئی ہے۔ آج کا کھیل ختم ہونے پر جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی دوسری اننگ میں 132 رن بنا چکی ہے لیکن اس کے 8 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں۔ گویا کہ ہندوستان کو جیت کے لیے صرف 2 وکٹ درکار ہیں جب کہ جنوبی افریقہ ابھی ہندوستان کی پہلی اننگ کے مقابلے میں ہی 200 سے زیادہ رنوں سے پیچھے ہے۔


21 Oct 2019, 5:06 PM

ہندوستان فتح سے محض دو قدم دور، جنوبی افریقہ کا اسکور 126/8

جنوبی افریقہ کے بلے بازوں نے ہندوستان کے خلاف خراب کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس کا نتیجہ یہ ہے کہ اس کے 8 وکٹ گر چکے ہیں۔ ہندوستان کی جانب سے سبھی گیندبازوں نے کافی متاثر کن گیندبازی کی ہے۔ محمد شامی اور امیش یادو کے بعد روی چندر اشون، رویندر جڈیجہ اور شہباز ندیم نے اپنی اسپن سے بھی جنوبی افریقہ کے بلے بازوں کو پریشان کیا۔ اس وقت جنوبی افریقہ کے 8 وکٹ گر چکے ہیں 50 اوور میں اسکور محض 126 رن ہوا ہے۔

21 Oct 2019, 4:02 PM

بھاگلپور: افشار انصاری کی موب لنچنگ سے ماحول کشیدہ، قصورواروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

بہار میں موب لنچنگ کے ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے جس سے ماحول کافی کشیدہ ہے۔ واقعہ بھاگلپور کا ہے جہاں محمد افشار انصاری نامی ایک 36 سالہ نوجوان کا پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جگدیش پور تھانہ حلقہ واقع چک فاطمہ کے قریب بھیڑ نے افشار انصاری کو بچہ چور سمجھ کر اتنی پٹائی کی کہ وہ اَدھ مرا ہو گیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق افشار دہاڑی مزدور تھا اور ہفتہ کی شام وہ کام سے اپنے گھر میرا چک لوٹ رہا تھا۔ راستے میں کچھ لوگوں نے اسے بچہ چور سمجھ کر پٹائی شروع کر دی اور نیم مردہ حالت میں ندی کے کنارے پھینک دیا جہاں اس کی موت واقع ہو گئی۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں ماحول کشیدہ ہے اور افشار کے گھر والوں نے پولس سے مطالبہ کیا ہے کہ قصورواروں کے خلاف جلد کارروائی کی جائے۔


21 Oct 2019, 3:38 PM

سپریم کورٹ نے سَنت روی داس مندر تعمیر کی تجویز کو منظوری دی

سَنت روی داس مندر کی از سر نو تعمیر کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔ پیر کے روز سپریم کورٹ نے اس سے متعلق مرکزی حکومت کی تجویز کو منظور کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی مرکزی حکومت نے مندر کی از سر نو تعمیر کے لیے پہلے کے مقابلے دوگنی زمین الاٹ کرنے کی بات کہی ہے۔ اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال نے کہا کہ اس کے لیے 400 اسکوائر میٹر زمین دی جا سکتی ہے۔ سَنت روی داس کے بھکتوں کے لیے سب سے اچھی بات یہ ہوگی کہ مندر کی از سر نو تعمیر اسی جگہ پر ہوگی جہاں وہ پہلے موجود تھی۔

21 Oct 2019, 3:25 PM

رانچی ٹسٹ: جنوبی افریقہ کی آدھی ٹیم 36 رن پر پویلین لوٹی

جنوبی افریقہ کے وکٹ لگاتار گر رہے ہیں اور 36 رن پر اس کی نصف ٹیم پویلین لوٹ چکی ہے۔ محمد شامی نے تین جب کہ امیش یادو نے دو وکٹ لیے ہیں۔ دونوں ہی انتہائی خطرناک گیندبازی کر رہے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے لیے افسوسناک خبر یہ بھی ہے کہ اس کے سلامی بلے باز ڈین ایلگر چوٹ لگنے کی وجہ سے میدان سے باہر چلے گئے ہیں اور ایسا کم ہی امکان ہے کہ وہ دوبارہ کھیلنے آئیں گے۔


21 Oct 2019, 2:44 PM

رانچی ٹسٹ: محمد شامی نے جنوبی افریقہ کی دوسری اننگ میں دیے لگاتار تین جھٹکے

فالو آن کے بعد دوسری اننگ کھیلنے اتری جنوبی افریقہ کی ٹیم اس وقت مشکل میں نظر آ رہی ہے۔ ہندوستان کے تیز گیندباز محمد شامی نے اپنے 5 اوور میں محض 7 رن دے کر 3 وکٹ لے لیے ہیں۔ اس وقت جنوبی افریقہ کا اسکور 26 رن پر 4 وکٹ ہے جس میں ایک وکٹ امیش یادو کا شامل ہے۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے آؤٹ ہونے والے بلے باز ہیں کوئنٹن ڈی کوک، زبیر حمزہ، فاف ڈوپلیسس اور ٹی. باووما۔ ڈی کوک کو امیش یادو نے آؤٹ کیا جب کہ بقیہ تینوں بلے باز محمد شامی کے شکار بنے۔

21 Oct 2019, 2:04 PM

ہندوستان کے خلاف فالو آن کے بعد جنوبی افریقہ کے 2 وکٹ آؤٹ

رانچی ٹسٹ میں ہندوستان کے خلاف جنوبی افریقہ کی حالت انتہائی خستہ ہے۔ پہلی اننگ میں جنوبی افریقہ کے بلے باز محض 162 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے جس کی وجہ سے ہندوستان کو 335 رن کی سبقت حاصل ہو گئی۔ فالو آن کے بعد دوبارہ کھیلنے کے لیے اتری جنوبی افریقہ کی ٹیم شروع میں ہی لڑکھڑا گئی ہے اور امیش یادو کے ساتھ ساتھ محمد شامی نے بھی ایک ایک وکٹ جلدی آؤٹ کر کے مہمان ٹیم کی حالت خراب کر دی ہے۔ محض 10 رن کے اسکور پر جنوبی افریقہ نے اپنے دو وکٹ کھو دیے ہیں۔


21 Oct 2019, 1:37 PM

کملیش تیواری قتل معاملہ میں شاہجہاں پور واقع مدرسوں و مسافر خانوں میں چھاپہ ماری

کچھ میڈیا ذرائع کے مطابق کملیش تیواری قتل کے ملزم کو شاہجہاں پور میں دیکھا گیا ہے۔ خبروں کے مطابق ایس ٹی ایف نے کئی ہوٹلوں، مدرسوں اور مسافر خانوں میں چھاپہ ماری کی۔ ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ کے مطابق پولس کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں مشتبہ افراد دکھائی دیے ہیں۔ فی الحال ایس ٹی ایف کی ٹیم شاہجہاں پور میں ڈیرا جمائے ہوئے ہے۔

21 Oct 2019, 12:18 PM

کملیش تیواری قتل کے ملزمان پر یو پی پولس نے اعلان کیا 2.5 لاکھ کا انعام

کملیش تیواری قتل کے دو ملزمان پر اتر پردیش پولس نے 2.5-2.5 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے، یوپی پولس ڈی جی پی او پی سنگھ نے کہا کہ قتل کے دونوں ملزمان اشفاق اور معین الدین پٹھان کو پکڑنے والے کو یہ رقم دی جائے گی، گزشتہ جمعہ کو لکھنؤ میں ہوئے کملیش تیواری قتل میں یہ دونوں ملزم ہیں اور پولس کی گرفت سے باہر ہیں۔


21 Oct 2019, 10:42 AM

کملیش تیواری قاتل کے ملزمان نیپال فرار ہو گئے! پولس کا شبہ

ہندو سماج پارٹی کے سربراہ کملیش تیواری کے قتل کی جانچ کر رہے افسروں نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ قتل کرنے والے واقعہ انجام دے کر نیپال فرار ہو گئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سورت کے جن دو مسلمانوں فرید عرف معین خان پٹھان اور اشفاق خان پٹھان پر قتل واقعہ کو انجام دینے کا الزام ہے، وہ اپنا مقصد پورا ہونے کے بعد لکھنو سے نکل گئے اور نیپال چلے گئے۔ گجرات اینٹی ٹیرسٹ اسکواڈ کا کہنا ہے کہ یہی دونوں اشخاص سورت سے خریدے گئے مٹھائی کے ڈبے میں پستول اور چاقو چھپا کر لے گئے تھے اور کملیش تیواری کا قتل کیا۔

21 Oct 2019, 10:00 AM

کیرالہ: زوردار بارش کے سبب کوچی کے سبھی اسکول آج بند، دو دنوں کے لیے آرینج الرٹ جاری

کیرالہ کے شہر کوچی میں آج زوردار بارش کے بعد سبھی اسکولوں کو بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ بارش کی وجہ سے معمولات زندگی پوری طرح درہم برہم ہے۔ محکمہ موسمیات نے خراب موسم کی پیشین گوئی کرتے ہوئے پہلے دو دنوں کا آرینج الرٹ جاری کر دیا تھا۔


21 Oct 2019, 9:14 AM

کملیش تیواری قتل معاملہ کے تینوں ملزمین احمد آباد سے لکھنو کے لیے روانہ

گزشتہ دنوں ہوئے ہندوتوا لیڈر کملیش تیواری قتل کے سلسلے میں گجرات سے تعلق رکھنے والے مولانا محسن شیخ، فیضان اور راشد احمد پٹھان سے لگاتار پوچھ تاچھ جاری ہے اور اب انھیں احمد آباد سے لکھنو لے جایا جا رہا ہے۔ تازہ خبروں کے مطابق تینوں ہی ملزمین احمد آباد ائیر پورٹ سے اتر پردیش کے لیے روانہ ہو گئے۔ اتر پردیش کے لکھنو میں ان سے مزید پوچھ تاچھ کی جائے گی۔

21 Oct 2019, 8:37 AM

پاکستان کے ذریعہ کرتار پور گرودوارہ سفر پر 20 ڈالر سروس فیس لگانا شرمناک: ہرسمرت

مرکزی وزیر ہرسمرت کور نے ان خبروں کے پیش نظر پاکستان کے قدم کو افسوسناک قرار دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جو شخص کرتار پور گرودوارہ کا سفر کرے گا اسے بطور سروس فیس 20 ڈالر ادا کرنا ہوگا۔ ہرسمرت کور نے پاکستان کے اس فیصلہ کو شرمناک قرار دیا ہے اور ساتھ ہی سخت الفاظ میں اس کی مذمت کی ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہرسمرت نے کہا کہ کرتار پور گرودوارہ ایک مذہبی مقام ہے اور وہاں جانے کے لیے سروس فیس کے نام پر 20 ڈالر وصول کرنا کسی بھی طرح مناسب نہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔