اہم خبر: ہم مہاراشٹر کو ایک مستحکم حکومت دینے کے لیے پرعزم... بی جے پی

تصویر سوشل میڈیا
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

ہم مہاراشٹر کو ایک مستحکم حکومت دینے کے لیے پرعزم: مہاراشٹر بی جے پی صدر

ایک طرف شیوسینا-این سی پی-کانگریس حکومت سازی کے لیے تیاریاں شروع کر چکی ہے اور دوسری طرف مہاراشٹر بی جے پی صدر چندرکانت پاٹل کا بڑا بیان سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے پاس سب سے زیادہ تعداد ہے۔ 119 اراکین اسمبلی کے ساتھ ہم ریاست میں بی جے پی کی حکومت بنائیں گے، دیویندر فڑنویس نے پارٹی کے لیڈروں کے سامنے یہ اعتماد ظاہر کیا ہے۔ ہم ریاست کو ایک مستحکم حکومت دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ بی جے پی کے بغیر مہاراشٹر میں کوئی حکومت نہیں ہو سکتی۔

اندور ٹسٹ: بنگلہ دیش کے خلاف مینک اگروال نے شاندار ڈبل سنچری مکمل کی

مدھیہ پردیش کے اندور میں کھیلے جا رہے ہندوستان بمقابلہ بنگلہ دیش پہلے ٹسٹ میچ کے دوسرے دن ہندوستانی بلے باز مینک اگروال نے اپنی ڈبل سنچری مکمل کر لی ہے۔ بنگلہ دیش کے ذریعہ پہلی اننگ میں بنائے ئگے 150 رن کے اسکور کو ہندوستان نے بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے اور اس وقت اسکور 4 وکٹ کے نقصان پر 365 رن ہے۔ گویا کہ ہندوستان کے چھ وکٹ ابھی ہاتھ میں ہیں اور 215 رن کی سبقت حاصل ہو چکی ہے۔

’مودی نامکس‘ کے ڈنک سے معیشت خستہ حال، حکومت کو چھپانی پڑ رہی اپنی رپورٹ: راہل گاندھی

ملک کی بگڑی معیشت کو لے کر کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے مرکز کی مودی حکومت پر طنز کسا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ ’’ملک کی معیشت پر ’مودی نامکس‘ کے ڈنک کا اتنا برا اثر پڑا ہے کہ حکومت کو اپنی ہی رپورٹ چھپانی پڑ رہی ہے۔‘‘


مہاراشٹر میں حکومت سازی کا عمل شروع، 5 سال چلے گی حکومت: شرد پوار

این سی پی سربراہ شرد پوار نے پہلی مرتبہ مہاراشٹر حکومت سازی کا عمل شروع ہونے کی بات کہی ہے۔ میڈیا سے بات چیت کے دوران انھوں نے کہا کہ حکومت بنانے کے لیے کارروائی شروع ہو گئی ہے اور یہ حکومت پورے پانچ سال تک چلے گی۔ اس سے قبل این سی پی کے قومی ترجمان نواب ملک نے میڈیا میں بیان دیا تھا کہ وزیر اعلیٰ شیوسینا سے ہی ہوگا کیونکہ شیوسینا نے بی جے پی کا دامن اسی لیے چھوڑا تھا کہ اسے وزیر اعلیٰ کی کرسی نہیں دی جا رہی تھی اور اس کے ساتھ دھوکہ ہوا تھا۔

یقیناً وزیر اعلیٰ شیوسینا سے ہی ہوگا: نواب ملک

این سی پی کے قومی ترجمان نواب ملک نے میڈیا سے بات چیت کے دوران یہ واضح کر دیا ہے کہ مہاراشٹر میں وزیر اعلیٰ شیوسینا سے ہی ہوگا۔ انھوں نے میڈیا سے کہا کہ ’’سوال بار بار پوچھا جا رہا ہے کہ شیوسینا کا وزیر اعلیٰ ہوگا کیا؟ وزیر اعلیٰ کے پوسٹ کو لے کر ہی شیوسینا-بی جے پی کے درمیان جھگڑا ہوا، تو یقیناً وزیر اعلیٰ شیوسینا کا ہوگا۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’شیوسینا کو بے عزت کیا گیا ہے، ان کے وقار کو بنائے رکھنا ہماری ذمہ داری بنتی ہے۔‘‘


ہم تو چاہتے ہیں کہ آئندہ 25 سالوں تک شیوسینا کا وزیر اعلیٰ ہو: سنجے راؤت

شیوسینا لیڈر سنجے راؤت سے جب ایک صحافی نے یہ سوال کیا کہ شیوسینا کا وزیر اعلیٰ 5 سال کے لیے ہوگا یا 2.5 سال شیوسینا کا اور 2.5 سال این سی پی کا وزیر اعلیٰ ہوگا، تو انھوں نے کہا کہ ’’ہم تو چاہتے ہیں آنے والے 25 سال تک شیوسینا کا وزیر اعلیٰ رہے، آپ 5 سال کی بات کیوں کرتے ہو۔‘‘

مہاراشٹر میں کم از کم مشترکہ پروگرام کے تحت ہوگی حکومت کی تشکیل: شیوسینا

ممبئی میں شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر میں کم از کم مشترکہ پروگرام کے تحت حکومت تشکیل دی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ کم از کم مشترکہ پروگرام پر شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے فیصلہ لیں گے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ شیوسینا کی قیادت میں ہی حکومت بنے گی۔


برسا منڈا کے یوم پیدائش پر پرینکا گاندھی نے پیش کیا خراج عقیدت

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے برسا منڈا کے یوم پیدائش پر انھیں سلام کیا ہے۔ پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’پانی، جنگل، زمین اور قبائلی وقار کے لیے جدوجہد کر کے انگریزوں کے دانت کھٹے کر دیے۔ آپ نے کہا کہ قبائلیوں کے پانی، جنگل، زمین سے جڑے فیصلے قبائلی لیں گے۔ قبائلی ہیرو اور مجاہد آزادی بھگوان برسا منڈا کو ان کے یوم پیدائش پر سلام۔‘‘

دہلی میں آج بھی آلودگی کی سطح خطرناک، لوگ گھر میں رہنا کر رہے پسند

دہلی اور این سی آر میں جمعہ کے روز بھی ہوا کا معیار کافی خراب ہے۔ گزشتہ تین دنوں میں اس فضائی آلودگی کی وجہ سے عوام کافی پریشان ہیں۔ سڑک پر چلتے ہوئے لوگوں کو سانس لینے میں پریشانی محسوس ہو رہی ہے اور آنکھوں میں جلن بھی ہو رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ بہت ضروری کام ہونے پر ہی باہر نکل رہے ہیں، ورنہ وہ اپنے گھر میں ہی رہنا پسند کر رہے ہیں۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔