اہم خبر: کویت میں وزیر اعظم کابینہ سمیت مستعفی 

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

14 Nov 2019, 9:24 PM

کویت کے وزیر اعظم نے استعفی دیا

خلیجی ریاست کویت کے وزیر اعظم نے اپنا اور کابینہ کے استعفے عرب ریاست کے امیر کو ارسال کر دیے ہیں۔ کابینہ اراکین کے استعفے منگل کو وزیر داخلہ شیخ خالد الجرح الصباح کے خلاف قانون سازوں کی جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد کے بعد سامنے آئے ہیں۔ شیخ خالد الجراح حکمران خاندان الصباح کے رکن ہیں۔

خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق سینئر سرکاری حکام کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائے جانے پر ماضی میں بھی کابینہ کا مستعفی ہونا اکثر دیکھا گیا ہے۔ خلیجی ریاست کے حکمران جنہیں امیر کہا جاتا ہے، کابینہ کے استعفے منظور کریں گے۔ جس کے بعد نئی کابینہ تشکیل دی جائے گی۔

'رائٹرز' کے مطابق قانون سازوں نے شیخ خالد سے عہدے کے غلط استعمال سے متعلق سوالات کیے تھے۔ جو کہ ان کی طرف سے رد کیے گئے تھے۔ اس سے پہلے جمعے کو وزیر برائے پبلک ورکس پارلیمنٹ میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے متعلق پوچھے گئے سوالات کے بعد مستعفی ہوئے تھے۔

امریکہ کے اتحادی اور تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم ‘اوپیک’ کی رکن ریاست کویت میں مشرق وسطی کی چھ ریاستوں میں سے سب سے زیادہ آزاد سیاسی نظام ہے۔ جس کی پارلیمنٹ کے پاس قانون سازی اور وزرا سے سوال کرنے کے اختیارات بھی ہیں۔

خیال رہے کہ کویت میں حکومت کا سربراہ وزیراعظم ہوتا ہے۔ جسے عرب ریاست کا امیر منتخب کرتے ہیں جبکہ اہم عہدوں پر حکمران خاندان کے افراد تعینات ہوتے ہیں۔

14 Nov 2019, 4:56 PM

سپریم کورٹ کے جسٹس جوسف نے رافیل گھوٹالہ کی جانچ کے لیے ایک بڑا دروازہ کھول دیا: راہل گاندھی

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ’’سپریم کورٹ کے جسٹس جوسف نے رافیل گھوٹالہ کی جانچ کے لیے ایک بڑا دروازہ کھول دیا ہے۔ جانچ اب پوری سنجیدگی سے شروع ہونی چاہیے۔ سا گھوٹالے کی جانچ کے لیے ایک مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) بھی تشکیل دی جانی چاہیے۔‘‘

14 Nov 2019, 4:12 PM

’موڈیز‘ نے معاشی محاذ پر مودی حکومت کو دیا جھٹکا

معاشی محاذ پر پہلے سے ہی مشکلوں میں پھنسی مودی حکومت کو جمعرات کے دن ایک اور جھٹکا لگا۔ موڈیز انویسٹرس سروس نے رواں مالی سال کے لیے ہندوستان کی معاشی شرح ترقی کے اندازہ کو 5.8 فیصد سے گھٹا کر 5.6 فیصد کر دیا ہے۔


14 Nov 2019, 3:28 PM

اندور ٹسٹ: بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 150 رن پر آؤٹ

ہندوستانی گیندبازوں کے سامنے بنگلہ دیش کی ٹیم پوری طرح لڑکھڑا گئی۔ مہمان ٹیم کے سبھی کھلاڑی پہلے ٹسٹ کے پہلے دن محض 150 رن پر آل آؤٹ ہو گئے۔ ہندوستان کی جانب سے محمد شامی نے سب سے زیادہ تین وکٹ لیے جب کہ امیش یادو، ایشانت شرما اور روی چندرن اشون نے 2-2 وکٹ لیے۔ ایک وکٹ رن آؤٹ ہوا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے زیادہ رن وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم نے 43 رن بنائے۔ کپتان مومن الحق نے 37 رن کا تعاون دیا۔

اس وقت ہندوستان کی بلے بازی شروع ہو چکی ہے اور روہت شرما کے ساتھ مینک اگروال بلے بازی کے لیے اترے ہیں۔

14 Nov 2019, 1:58 PM

جھارکھنڈ اسمبلی الیکشن: کانگریس نے جاری کی اسٹار کیمپینرس کی فہرست، سونیا اور راہل کا نام شامل

جھارکھنڈ میں ہونے والے آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے کانگریس نے اپنے 40 اسٹار کیمپینروں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ پارٹی کی قومی صدر سونیا گاندھی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ اور راہل گاندھی اس فہرست میں شامل ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ جھارکھنڈ میں 30 نومبر سے الیکشن ہونے والے ہیں۔


14 Nov 2019, 1:37 PM

اندور ٹسٹ: روی چندرن اشون نے محموداللہ کو بھی کیا آؤٹ

بنگلہ دیش کی نصف ٹیم پویلین لوٹ چکی ہے اور تجربہ کار بلے باز محموداللہ کوئی بڑا اسکور بنانے میں ناکام ہو گئے ہیں۔ محموداللہ کو روی چندرن اشون نے محض 10 رن پر پویلین بھیج دیا۔ اس وقت بنگلہ دیش کا اسکور 5 وکٹ کے نقصان پر 115 رن ہے۔ اشون نے آج اپنا دوسرا وکٹ لیا ہے اور گھریلو میدان پر ان کے ٹسٹ وکٹوں کی تعداد 251 ہو گئی ہے۔

14 Nov 2019, 1:11 PM

اندور ٹسٹ: روی چندرن اشون نے بنگلہ دیش کو دیا چوتھا جھٹکا، اسکور 99/4

بنگلہ دیش کے خلاف ہندوستان نے بہترین گیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کے چار وکٹ آؤٹ کر دیے ہیں۔ بنگلہ دیش کے چار وکٹ محض 99 رن پر گر گئے ہیں اور چوتھا وکٹ روی چندرن اشون کو ملا ہے۔ انھوں نے ایم. حق کو 37 رن پر آؤٹ کیا۔ اس کے ساتھ ہی اشون گھریلو میدان پر 250 ٹسٹ وکٹ لینے والے ہندوستان کے تیسرے گیندباز بن گئے ہیں۔


14 Nov 2019, 12:35 PM

کرناٹک: نااہل قرار دیے گئے 15 باغی اراکین اسمبلی بی جے پی میں شامل

کرناٹک کے 15 باغی اراکین اسمبلی وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا کی موجودگی میں آج بی جے پی میں شامل ہو گئے۔ بتا دیں کہ 17 اراکین اسمبلی کو ریاستی اسمبلی کے اسپیکر کے آر رمیش کمار کے ذریعہ نااہل قرار دیا گیا تھا اور ان کی اہلیت کو سپریم کورٹ نے کل برقرار رکھا تھا۔

14 Nov 2019, 11:47 AM

’چوکیدار چور ہے‘ والے بیان کو لے کر سپریم کورٹ نے راہل گاندھی کو دی بڑی راحت

بی جے پی رکن پارلیمنٹ میناکشی لیکھی کے ذریعہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے خلاف داخل ایک عرضی پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے آج اپنا فیصلہ سنایا۔ میناکشی لیکھی نے راہل گاندھی کے ذریعہ دیے گئے بیان ’چوکیدار چور ہے‘ کے پیش نظر عرضی داخل کی تھی اور کہا تھا کہ اس جملہ کے ذریعہ رافیل معاملہ پر عدالت کے فیصلے کو وہ لوگوں کے سامنے غلط طرح سے پیش کر رہے ہیں۔ سپریم کورٹ نے اس عرضی پر سماعت کرتے ہوئے کہا راہل گاندھی کو مستقبل میں تھوڑا محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی عدالت عظمیٰ نے راہل گاندھی کو راحت دیتے ہوئے میناکشی لیکھی کی عرضی کو ختم کر دیا۔


14 Nov 2019, 11:18 AM

اندور ٹسٹ: امیش یادو اور ایشانت شرما کے بعد محمد شامی کو بھی ملا وکٹ، بنگلہ دیش کے 3 کھلاڑی آؤٹ

ہندوستان کے تیز گیندباز آج بنگلہ دیش کے لیے مشکل ثابت ہو رہے ہیں۔ پہلے تو امیش یادو اور ایشانت شرما نے قیس اور اسلام کو پویلین بھیجا اور اب محمد شامی نے بھی منہاج متھن کو آؤٹ کر بنگلہ دیش کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ اس وقت بنگلہ دیش کا اسکور 3 وکٹ کے نقصان پر 31 رن ہے۔

14 Nov 2019, 11:05 AM

رافیل معاملہ پر داخل نظر ثانی عرضی کو سپریم کورٹ نے کیا خارج

رافیل معاملہ میں داخل نظرثانی عرضی کو سپریم کورٹ نے خارج کر دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے 36 رافیل جنگی طیاروں کی خریداری سے متعلق فیصلہ 14 دسمبر 2018 کو سنایا تھا جس کے خلاف نظر ثانی عرضی داخل کی گئی تھی۔ اسی پر سماعت کرتے ہوئے آج چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس رنجن گگوئی کی صدارت میں بنی بنچ نے عرضی کو خارج کرنے کا فیصلہ سنایا۔


14 Nov 2019, 11:00 AM

عبادت گاہوں میں خواتین کے داخل ہونے کا معاملہ صرف سبریمالہ کا نہیں، مسجدوں کا بھی ہے: سپریم کورٹ

سبریمالہ مندر میں سبھی عمر کی خواتین کے داخل ہونے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلہ پر نظر ثانی عرضی داخل کی گئی تھی جس پر عدالت عظمیٰ نے اسے 7 رکنی بنچ کے حوالے کر دیا ہے۔ ساتھ ہی چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس رنجن گگوئی نے کہا کہ ’’عبادت گاہوں میں خواتین کے داخلہ کا معاملہ صرف اسی (سبریمالہ) مندر تک محدود نہیں ہے، بلکہ اس میں خواتین کے مسجدوں میں داخل ہونے اور پارسی مندروں میں داخلہ ہونے کا معاملہ بھی آتا ہے۔‘‘

14 Nov 2019, 10:48 AM

سپریم کورٹ نے سبریمالہ معاملہ کو 7 رکنی بنچ کے حوالے کیا

سبریمالہ مندر میں سبھی عمر کی خواتین کے داخلے کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد نظر ثانی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے اس معاملہ کو بڑی بنچ کے حوالے کرنے کا فیصلہ سنایا ہے۔ نظر ثانی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ نے کہا کہ اس کیس کو اب 7 رکنی بنچ دیکھے گی۔


14 Nov 2019, 10:33 AM

اندور ٹسٹ: ہندوستانی گیندبازوں نے بنگلہ دیش کے 2 کھلاڑیوں کو کیا آؤٹ

میچ شروع ہوتے ہی ہندوستانی گیندبازوں نے بنگلہ دیش کو زبردست جھٹکا دیا ہے۔ بنگلہ دیش کے 2 کھلاڑی محض 12 رن پر آؤٹ ہو گئے ہیں۔ ایک وکٹ امیش یادو نے لیا جب کہ دوسرا وکٹ ایشانت شرما کو ملا ہے۔ بنگلہ دیش کے آؤٹ ہونے والے باز امراء القیس اور سیف الاسلام ہیں۔

14 Nov 2019, 9:49 AM

اندور ٹسٹ: بنگلہ دیش نے ہندوستان کے خلاف ٹاس جیت کر بلے بازی کا کیا فیصلہ

اندور میں کھیلے جا رہے پہلے ہندوستان بمقابلہ بنگلہ دیش ٹسٹ میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بازی کا فیصلہ کیا ہے۔ وراٹ کوہلی کی ٹیم پہلے گیندبازی کرے گی اور ان کی ٹیم میں روہت شرما، مینک اگروال، چیتیشور پجارا، وراٹ کوہلی، اجنکیا رہانے، رویندر جڈیجہ، وردھیمان ساہا، آر اشون، ایشانت شرما، امیش یادو اور محمد شامی شامل ہیں۔


14 Nov 2019, 8:53 AM

رافیل معاہدہ معاملہ پر داخل نظر ثانی عرضی پر سپریم کورٹ آج سنائے گا فیصلہ

رافیل معاہدہ اور سبریمالہ میں سبھی عمر کی خواتین کے داخل ہونے سے متعلق معاملہ میں داخل نظر ثانی عرضی پر سپریم کورٹ آج فیصلہ سنانے والا ہے۔ چیف جسٹس رنجن گگوئی کی قیادت والی بنچ ان دونوں ہی معاملوں پر فیصلہ سنانے والی ہے۔ ان دونوں ہی معاملوں پر سپریم کورٹ اپنا فیصلہ پہلے سنا چکا ہے اور نظر ثانی عرضی پر وہ آج کیا فیصلہ سناتی ہے، یہ انتہائی اہم ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔