اہم خَبر: اقبال اور شمس الدین بنائیں گے رام مندر کا ’گھنٹہ‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

12 Nov 2019, 4:52 PM

اقبال اور شمس الدین بنائیں گے رام مندر کا گھنٹہ

ایٹہ: اترپردیش کے ضلع ایودھیا میں رام مندر تعمیر کا راستہ صاف ہونے کے بعد اس کے مین دروازے پر لگنے والے دو کوئنٹل وزنی گھنٹے کو گھنگھرؤں کے شہر ایٹہ میں بنایا جائے گا۔ شہر میں گھنگھرو گھنٹی کے لئے اپنی الگ شناخت رکھنے والے ایٹہ کے جلیسر قصبے میں واقع ایک فرم کو گھنٹہ بنانے کے لئے کہا گیا ہے اور یہاں 2100 کلو کے گھنٹے کو بنانے کی کارروائی شروع کی جائے گی۔ یہ گھنٹہ پورے ملک کی مندروں میں لگے گھنٹے سے سب سے بڑا اور وزنی ہوگا۔ جلیسر کے چیئرمین اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) لیڈر وکاس متل نے بتایا کہ ان کی فیکٹری کو زبانی طور پر رام مندر کے لئے کل 10 گھنٹے بنانے کا آرڈر ملا ہے۔ پیتل سمیت دیگر دھاتوؤں کے ان گھنٹوں کو اقبال، شمس الدین اور داؤ دیال بنا رہے ہیں۔

12 Nov 2019, 4:07 PM

بھیما کوریگاؤں واقعہ کے ملزم گوتم نولکھا کی ضمانت عرضی نامنظور

پونے سیشن کورٹ نے بھیما کوریگاؤں واقعہ کے ملزم گوتم نولکھا کی ضمانت عرضی مسترد کر دی ہے۔ گوتم نولکھا نے پونے سیشن کورٹ میں پیشگی ضمانت عرضی داخل کی تھی جسے نامنظور کر دیا گیا ہے۔

12 Nov 2019, 3:39 PM

پی ایم مودی گیارہویں برکس سمیلن میں شامل ہونے برازیل روانہ

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی گیارہویں برکس سمیلن میں میں شامل ہونے برازیل کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ روانگی سے پہلے پی ایم مودی کابینہ کی ایک اہم میٹنگ میں شامل ہوئے جس میں مہاراشٹر میں صدر راج نافذ کرنے کو منظوری دی گئی۔


12 Nov 2019, 2:49 PM

ظفر فاروقی، وسیم رضوی اور دیگر کئی وزراء کی سیکورٹی بڑھائی گئی

لکھنؤ: ایودھیا معاملے میں فیصلہ آنے کے بعد پیر کو اترپردیش حکومت نے متعدد سیاسی لیڈروں اور وزراء کی سیکورٹی بڑھا دی ہے۔ سرکاری ذرائع نے منگل کو یہاں بتایا کہ پیر کے روز حکومت نے سیکورٹی کا جائزہ لیا اور خفیہ ایجنسیوں سے موصول ان پٹ کی بنیاد پرمتعدد افراد کی سیکورٹی میں اضافہ کیا گیا تو وہیں کچھ افراد کی سیکورٹی ہٹادی گئی ہے۔ فروغ گنا کے وزیر سریش رانا کو ’زیڈ پلس‘ سیکورٹی فراہم کی گئی ہے اس سے پہلے ان کو ’زیڈ‘ سیکورٹی حاصل تھی۔ اسی طرح سے یوپی سنی سنٹرل وقف بورد کے چیئر مین ظفر فاروقی اور شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین وسیم رضوی کی سیکورٹی ’وائی‘ سے بڑھا کر ’وائی پلس‘ کردی گئی ہے۔

12 Nov 2019, 1:27 PM

ہم بی جے پی یا شیوسینا کی قیادت والی حکومت کی حمایت نہیں کریں گے: اسدالدین اویسی

اے آئی ایم آئی ایم لیڈر اسدالدین اویسی نے کہا ہے کہ ہم نہ تو بی جے پی کی قیادت والی حکومت کی حمایت کریں گے اور نہ ہی شیوسینا حکومت کی قیادت کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہم اپنا رخ ظاہر کر دینا چاہتے ہیں کیونکہ ہم ان دونوں ہی پارٹیوں کے نظریات کے خلاف ہیں۔


12 Nov 2019, 12:25 PM

جھارکھنڈ: بی جے پی کو جھٹکا، ایل جے پی نے تنہا 50 سیٹوں پر امیدوار کھڑا کرنے کا کیا اعلان

ایک طرف مہاراشٹر میں بی جے پی کے ہاتھوں سے حکومت جا چکی ہے اور دوسری طرف جھارکھنڈ میں بھی اس کے لیے مشکلیں کھڑی ہو گئی ہیں۔ دراصل جھارکھنڈ کی 81 اسمبلی سیٹوں پر انتخابات ہونے والے ہیں۔ اس درمیان جھارکھنڈ میں بی جے پی کی ساتھی پارٹی لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) نے ریاست میں اتحاد توڑنے کا اشارہ دیا ہے۔ ایل جے پی صدر چراغ پاسوان نے کہا کہ لوک جن شکتی پارٹی کی ریاستی یونٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم جھارکھنڈ کی 50 سیٹوں پر تنہا انتخاب لڑیں گے۔ اس سے پہلے پیر کے روز چراغ پاسوان نے کہا تھا کہ ایل جے پی نے جن سیٹوں کا مطالبہ کیا تھا ان میں سے زیادہ تر پر بی جے پی نے اپنے امیدوار کا اعلان کر دیا ہے، اس لیے ان کی پارٹی جھارکھنڈ اسمبلی انتخاب اپنی طاقت پر لڑنے کے لیے تیار ہے۔

12 Nov 2019, 12:01 PM

بنگلہ دیش: دو ٹرینوں کی آمنے سامنے سے ہوئی ٹکر، 15 افراد ہلاک، متعدد زخمی

ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے ضلع براهمن بريا میں منگل کو دو مسافر ٹرینوں کے درمیان آمنے سامنے کی ٹکر میں کم از کم 15 افراد کی موت ہو گئی اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔ پولس نے بتایا کہ صبح تقریبا دو بجے اُدین ایکسپریس پلیٹ فارم پر پہنچنے والی تھی کہ تبھی وہ دوسری ٹرین سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی زبردست تھی کہ ٹرین کے دو ڈبوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ حادثے میں کم از کم 15 افراد کی موت ہو گئی۔

ضلع پولس سربراہ نے حادثے میں 15 افراد کے مارے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کچھ زخمیوں کی حالت نازک ہونے کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ راحت اور امدادی کام جاری ہے۔ حادثے کی وجہ کا اب تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔


12 Nov 2019, 10:44 AM

راجستھان: کار اور ٹرک کے درمیان شدید ٹکر میں 7 افراد جاں بحق، 5 زخمی

راجستھان کے بیکانیر میں کار اور ٹرک کے درمیان ہوئے شدید ٹکر میں 7 افراد کے جاں بحق ہونے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اس حادثہ میں 5 دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔ یہ حادثہ دیشنوک علاقے میں منگل کی علی الصبح پیش آیا۔ زخمی افراد کو علاج کے لیے قریب کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

12 Nov 2019, 10:18 AM

دہلی: فضائی آلودگی میں ایک بار پھر اضافہ، سانس لینے میں ہو رہی پریشانی

راجدھانی دہلی میں ایک بار پھر ہوا کا معیار خراب ہو گیا ہے۔ منگل کی صبح دہلی میں دھند دیکھنے کو ملی اور فضائی آلودگی کے سبب لوگوں کو سانس لینے میں پریشانی ہو رہی ہے۔ گرو پرو کی وجہ سے چونکہ اسکول اور کئی دفاتر بند ہیں، اس لیے لوگ گھروں میں ہی رہنا زیادہ پسند کر رہے ہیں۔


12 Nov 2019, 8:45 AM

کرناٹک: کانگریس لیڈر ڈی. کے. شیوکمار کی طبیعت ناساز، داخل اسپتال

کرناٹک مین کانگریس کے سرکردہ لیڈر ڈی کے شیوکمار کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ انھیں سینے میں تکلیف کی شکایت ہوئی جس کے بعد انھیں بنگلورو کے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ انھیں سینے میں درد گزشتہ شب ہوا تھا اور رات کو ہی انھیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔