میانمار کا فوجی طیارہ میزورم میں حادثہ کا شکار، 6 افراد زخمی

بتایا جا رہا ہے کہ فوجی طیارہ میں پائلٹ سمیت 14 افراد سوار تھے، طیارہ رَنوے پر پھسل گیا جس کی وجہ سے 6 افراد زخمی ہو گئے ہیں اور انھیں علاج کے لیے لینگپوئی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>میانمار کا حادثہ زدہ فوجی طیارہ، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

میانمار کا حادثہ زدہ فوجی طیارہ، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

نئے سال کے پہلے ماہ میں ہی طیارہ حادثہ اور طیارہ کی ایمرجنسی لینڈنگ سے متعلق کئی خبریں سامنے آ چکی ہیں۔ میزورم میں بھی طیارہ حادثہ کی خبریں سامنے آ رہی ہیں جس میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دراصل منگل کی صبح میزورم میں میانمار کا ایک فوجی طیارہ حادثہ کا شکار ہو گیا، حالانکہ اچھی بات یہ رہی کہ اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ میزورم کے لینگپوئی ایئرپورٹ پر یہ حادثہ پیش آیا ہے جہاں میانمار کا فوجی طیارہ رَنوے پر پھسل گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فوجی طیارہ میں پائلٹ سمیت 14 لوگ سوار تھے۔ ان میں سے 6 افراد کو چوٹ لگی ہے اور زخمی حالت میں انھیں علاج کے لیے لینگپوئی اسپتال پہنچایا گیا ہے۔ ابھی یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ زخمیوں میں سے کسی کی حالت سنگین بھی ہے یا نہیں۔ کچھ لوگوں کو معمولی چوٹ آنے کی بھی اطلاع موصول ہوئی ہے۔


بتایا جا رہا ہے کہ یہ فوجی طیارہ میانمار سے میزورم میں آئے میانماری فوجیوں کو لینے کے لیے پہنچا تھا۔ حالانکہ لینگپوئی ایئرپورٹ کے مشکل رَنوے کے سبب لینڈنگ کے دوران میانمار فوج کا ’شانکسی وائی-8‘ طیارہ پھسل گیا اور دور جھاڑیوں کی طرف چلا گیا۔ سوشل میڈیا پر حادثہ کے بعد کی کچھ تصویریں سامنے آئی ہیں جس میں طیارہ جھاڑیوں میں گرا ہوا اور کچھ ٹوٹا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔

واضح رہے کہ ہندوستان نے گزشتہ ہفتہ ایک نسلی انقلابی گروپ کے ساتھ تصادم کے بعد میزورم آئے میانمار کے 184 فوجیوں کو پیر کے روز ہی واپس ان کے ملک بھیجا تھا۔ ایک افسر نے منگل کے روز اس سلسلے میں جانکاری دی۔ آسام رائفلز کے ایک افسر کے مطابق مجموعی طور پر 276 میانمار فوجی میزورم آئے تھے، ان میں سے 184 فوجیوں کو واپس بھیج دیا گیا ہے۔ بقیہ فوجیوں کو بھی جلد ہی ان کے ملک واپس بھیجا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔