کرناٹک کے شخص کا شارجہ میں بہیمانہ قتل، 9 ٹکڑوں میں لاش برآمد

الون پرکاش کندر اڈوپی کے کنداپور کا رہنے والا ہے۔ اس کی بیوی ٹینا (اسکول ٹیچر) اور بیٹا بھی وہیں رہتے ہیں۔ کچھ رپورٹس کے مطابق دونوں اس وقت لاپتہ ہیں۔

لاش، علامتی تصویر آئی اے این ایس
i

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے شارجہ میں کرناٹک کے ایک شخص کا 2 ماہ قبل یعنی جولائی میں قتل کر دیا گیا تھا۔ لاش ایک کار میں 9 ٹکڑوں میں کٹی ہوئی ملی۔ متوفی کا نام الون پرکاش کندر ہے۔ 2 ماہ بعد اس واقعہ کا انکشاف ہوا ہے۔ الون کے بھائی انل پرشانت کندر نے اس کی اطلاع دی۔ الون گزشتہ 14 سال سے شارجہ ایئرپورٹ پر کام کر رہا تھا۔

الون پرکاش کندر اڈوپی کے کنداپور کا رہنے والا ہے۔ اس کی بیوی ٹینا (اسکول ٹیچر) اور بیٹا بھی وہیں رہتے ہیں۔ کچھ رپورٹس کے مطابق دونوں اس وقت لاپتہ ہیں۔ حالانکہ ابھی تک اس کی کوئی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ متوفی پرکاش کے بھائی انل نے اڈوپی پولیس کو اس معاملے میں میمورنڈم دیا ہے۔ پولیس شارجہ سے آفیشیل اطلاع ملنے کا انتظار کر رہی ہے۔


خبروں کے مطابق انل نے 20 جولائی کو الون کو فون کیا، لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ صرف ایک میسج آیا کہ میں ٹھیک ہوں۔ یہ عجیب لگا، کیونکہ بھائی کبھی اس طرح بات نہیں کرتا تھا۔ ایک ہفتہ بعد دوبارہ فون کیا تو بھی کوئی جواب نہیں آیا۔ تشویش ہونے پر انل نے شارجہ میں رہنے والے الون کے دوست منوہر سے رابطہ کیا۔ منوہر کمپنی کے فلیٹ پر گئے۔ چوکیدار نے بتایا کہ الون ہندوستان چلے گئے ہیں۔ کمپنی کے ایچ آر نے بھی ابتدا میں یہی کہا کہ الون ہندوستان واپس چلے گئے ہیں۔

الون کے بھائی انل نے اگلے دن کمپنی کو دوبارہ فون کیا اور بتایا کہ الون ہندوستان نہیں آئے ہیں۔ کمپنی نے پاسپورٹ چیک کیا تو پتہ چلا کہ وہ اب بھی شارجہ میں ہی ہیں۔ اس کے بعد گمشدگی کی شکایت درج کرائی گئی۔ تفتیش میں الون کی لاش عمان جانے والے راستے پر کھڑی ایک کار میں ملی۔ لاش کو 9 ٹکڑوں میں کاٹ کر دو تھیلوں میں رکھا گیا تھا۔


خاندان کو پوسٹ مارٹم رپورٹ پیر کو ملی، جس کے بعد وہ اڈوپی پولیس کے پاس گئے۔ قتل کیسے ہوا اور کیوں ہوا، یہ ابھی واضح نہیں ہے۔ شارجہ پولیس کی مزید تفتیش سے حقیقت سامنے آنے کی امید ہے۔ انل نے کہا کہ کسی کے سینے میں چاقو گھونپ کر جسم کو 9 ٹکڑوں میں کاٹنا تجربہ کار مجرموں کا کام لگتا ہے۔ انہوں نے سی سی ٹی وی میں 2 مرد اور ایک خاتون کو عمارت سے باہر نکلتے دیکھا۔ انل نے بتایا کہ اگر بیوی ہندوستان آئی ہے تو اسے شوہر کے قتل کی جانکاری ضرور ہوگی۔ بیٹے کو بھی شاید اس بارے میں معلوم ہو، لیکن ابھی اس بات کا کوئی پختہ ثبوت نہیں ہے کہ وہ ہندوستان آئے ہیں۔ یہاں سرکاری ایف آئی آر درج ہوئے بغیر پاسپورٹ کی جانکاری حاصل نہیں کی جا سکتی۔