اہم خبر: گزشتہ 5 سالوں میں حج کرنا تقریباً 1 لاکھ روپے مہنگا ہوا... حج سیوا سمیتی

عازمین حج
عازمین حج
user

قومی آوازبیورو

01 Jul 2019, 10:01 PM

گزشتہ 5 سالوں میں حج کرنا تقریباً ایک لاکھ روپے مہنگا ہوا: حافظ نوشاد احمد اعظمی

نئی دہلی: آل انڈیا حج سیوا سمیتی نے دعویٰ کیا ہے کہ پچھلے پانچ برسوں میں حج تقریباً ایک لاکھ روپے مہنگا ہوا ہے۔ بغیر سبسڈی کے بھی حج کے سستا ہونے سے متعلق مرکزی وزیر حج کے ایک بیان پر اپنے ردعمل میں سمیتی کے صدر حافظ نوشاد احمد اعظمی نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ چونکہ حج عبادت ہے اس لئے ہندستانی مسلمان یہ گرانی برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔

حافظ نوشاد احمد نے کہا کہ حکومت کو اس محاذ پر سنجیدگی اختیار کرنی چاہئے۔ مزید یہ کہ ہندستانی حج کوٹہ دولاکھ بھی ناکافی ہے۔ آبادی کے تناسب سے اسے چار لاکھ ہونا چاہئے۔ مرکزی حج کمیٹی کے سابق رکن نے یہ بھی کہا کہ چونکہ عام مسلمان حج کمیٹی کے توسط سے سفر حج کرنا چاہتے ہیں اس لئے کمیٹی کے کوٹے میں زیادہ اضافہ ہونا چاہیئے۔ مسٹر اعظمی نے سفر حج کے لئے گلوبل ٹنڈر کے مطالبے کا بھی اعادہ کیا اور کہا کہ اس مطالبے کے تحت سپریم کورٹ میں داخل عرضداشت پر سنوائی چل رہی ہے۔ اسی ماہ سماعت کی نئی تاریخ مقرر ہو سکتی ہے۔

01 Jul 2019, 8:55 PM

گجرات: حاملہ خاتون کی عصمت دری، تھانہ میں رپورٹ درج

گاندھی نگر، یکم جولائی (یواین آئی) گجرات کے شہر گاندھی نگر کے سیکٹر-7 علاقے میں بلڈر اور وکیل کے ذریعہ ایک خاتون کی عصمت دری کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولس نے آج بتایا کہ حاملہ خاتون نے اتوار کو تھانے میں رپورٹ درج کرائی کہ بلڈر وشوبندھو پٹیل اور وکیل بھگوان آر شرما اور اس کی اسسٹنٹ خاتون سواتی نے حاملہ خاتون کو نشہ آور چیز پلائی جس کے بعد بلڈر اور وکیل نے اگست 2018 سے 13 مئی 2019 کے بیچ کئی مرتبہ اس کی عصمت دری کی۔ متاثرہ خاتون وکیل کے ساتھ کام کرتی تھی۔ ملزمین نے وکیل کے گھر پر اس واقعہ کو انجام دیا۔ پولس نے تینوں افراد کی تلاش شروع کردی ہے۔

01 Jul 2019, 8:10 PM

افغانستان: دارالحکومت کابل میں زبردست بم دھماکہ، 34 افراد ہلاک 68 زخمی

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پیر کو ایک زبردست دھماکہ میں کم سے کم 34 افراد ہلاک اور 68 خمی ہو گئے۔مقامی ٹولو ٹی وی نے یہ اطلاع دی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایاکہ پل محمد خان علاقہ میں ایک کار بم دھماکہ ہوا اور اس کے بعد وہاں گولیاں چلنے کی آوازیں آنے لگیں ۔اس علاقہ میں کئی سفارتی اور سکیورٹی ادارے ہیں ۔یہاں سے صرف ایک کلومیٹر کی دوری پر صدرکی رہائش گاہ ہے ۔

وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے بتایاکہ مجموعی طورپر دوحملے کیے گئے اور انکا نشانہ وزارت دفاع کے کئی ادارے تھے ۔ اس دھماکے میں 'شمشاد ٹی وی' کے کم از کم تین صحافیوں اور افغانستان فٹ بال فیڈریشن کے کئی ارکان اور کھلاڑی بھی زخمی ہوئے ہیں۔ ابھی تک کسی تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری نہیں لی ہے۔


01 Jul 2019, 5:10 PM

پرانی دہلی: فرقہ وارانہ کشیدگی میں اضافہ، حالات قابو کرنے کی پولس کی کوششیں جاری

پرانی دہلی میں اسکوٹی پارکنگ کو لے کر ہوئے شروع تنازعہ میں لگاتار اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ پرانی دہلی کا ماحول کشیدہ ہو رہا ہے۔ حالات پر قابو پانے کے لیے پولس کی کوششیں جاری ہیں۔ علاقے کے کچھ معزز حضرات بھی دونوں گروپ کو سمجھانے کی کوششیں کر رہے ہیں لیکن بات بنتی ہوئی نظر نہیں آ رہی ہے۔ اصل مسئلہ یہ ہے کہ علاقے میں کچھ باہر کے لوگ بھی آ گئے ہیں جو کہ حالات کو مزید کشیدہ بنا رہے ہیں۔ خبریں تو یہاں تک ہیں کہ کچھ لوگ شام 6 بجے اس مندر کے پاس ہنومان چالیسہ کا پاٹھ پڑھنے والے ہیں جہاں مبینہ طور پر پتھر بازی ہوئی۔

تازہ ترین خبروں کے مطابق بجرنگ دل کے کئی کارکنان علاقے میں پہنچ کر مقامی ہندوؤں کو مشتعل کر رہے ہیں اور کسی بھی حال پیچھے نہیں ہٹنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ بجرنگ دل کارکن سنیتا سنگھ اس معاملے میں پیش پیش ہیں اور وہ مقامی ہندوؤں سے کئی مرتبہ یہ کہتی ہوئی نظر آئیں کہ مندر کو جو نقصان پہنچا ہے وہ ناقابل برداشت ہے اور قصورواروں کی گرفتاری جب تک نہیں ہوتی تب تک مظاہرہ جاری رکھا جائے۔ اس درمیان سنیتا سنگھ کے ذریعہ ماحول خراب کرنے کی کوششوں کو دیکھتے ہوئے پولس نے انھیں اور کچھ دیگر افراد کو پولس نے حراست میں لے لیا ہے۔

01 Jul 2019, 3:10 PM

وشوناتھن کی ڈپٹی گورنر آر بی آئی کے بطور دوبارہ تقرری

این ایس وشو ناتھن کی آر بی آئی (ریزرو بینک آف انڈیا) کے دپٹی گورنر کے عہدے پر لگاتار دوسری مرتبہ تقرری کی گئی ہے۔ انہیں ایک سال کے لئے دوبارہ عہدے پر فائز کیا گیا ہے۔

اس سے قبل این ایس وشوناتھ کی تقرری 4 جولائی 2016 کو تین سال کے لئے کی گئی تھی۔ اس طرح ان کی مدت کار میں ایک سال کی توسیع ہو گئی ہے۔


01 Jul 2019, 1:00 PM

زائرہ کا اکاؤنٹ ہیک ہوا تھا، پوسٹ انہوں نے نہیں لکھی، منیجر کا سنسنی خیز دعوی

زائرہ وسیم کے بالی ووڈ کو الوداع کہہ دینے کی خبروں کے درمیان ان کے منیجر نے ایک سنسنی خیز انکشاف کیا ہے۔ منیجر تُہین نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ زائرہ وسیم کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹ کمپرومائزڈ ہوئے ہیں اور فلمی دنیا کو خیرباد کہنے والی پوسٹ انہوں نے نہیں لکھی۔ حالانکہ اس کے بعد خود زائرہ وسیم نے انڈیا ٹوڈے سے بات چیت کے دوران کہا ہے کہ پوسٹ انہوں نے خود لکھی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز دنگل جیسی سپر ہٹ فلم میں بہترین اداکاری کر کے نیشنل اوارڈ اپنے نام کرنے والی زائرہ وسیم نے بالی ووڈ کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ زائرہ نے ایک طویل فیس بک پوسٹ لکھ کر اس کے پیچھے کی وجوہات بتائی تھیں۔ زائرہ نے لکھا، ’’5 سال پہلے میں نے ایک فیصلہ لیا تھا جس نے میری زندگی تبدیل کر دی۔ میں بھلے ہی یہاں ہِٹ ہو رہی ہوں لیکن میں یہاں کی نہیں ہوں۔ میں اپنے ایمان سے دور ہو رہی ہوں اور فلمی دنیا مجھے اللہ سے دور کر رہی ہے۔‘‘

01 Jul 2019, 12:10 PM

اجمیر آنے والے زائرین پر حملہ کی دھمکی! ناظم درگاہ کی طرف سے شکایت درج

اجمیر: ملک میں جاری موب لنچنگ کے سلسلہ کے درمیان ہندو شرپسندوں نے مسلمانوں میں دہشت پھیلانے کے مقصد سے اب درگاہ اجمیر شریف آنے والے زائرین پر حملہ کی دھمکی دی ہے۔ یہ دھمکی راجپوت کرنی سینا کی طرف سے دی گئی ہے۔ اس حوالہ سے ایک ویڈیو وائرل ہونے پر درگاہ اجمیر شریف کے ناظم نے پولس میں رپورٹ درج کرائی ہے۔

راجستھان کے اجمیر واقع صوفی سنت خواجہ معین الدین حسن چشتی کی درگاہ کا انتظام سنبھالنے والی درگاہ کمیٹی کے ناظم شکیل احمد نے راشٹریہ راجپوت کرنی سینا کے صدر سکھدیو سنگھ گوگامیڑی کے خلاف مقامی درگاہ تھانہ پولیس میں مقدمہ درج کرایا ہے۔

درگاہ تھانہ انچارج ہیمراج نے بتایا کہ ناظم کی جانب سے اتوار کے روز ایک تحریری شکایت دی گئی جس میں کرنی سینا کے صدر کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں انہیں یہ کہتے ہوئے پایا گیا کہ امرناتھ یاترا شروع ہونے جا رہی ہے اس پر اگر دہشت گردانہ حملہ ہوا تو حج کے بعد اجمیر درگاہ آنے والے زائرين بھی خود کو محفوظ نہیں سمجھیں۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد درگاہ کے ناظم نے گوگامیڑی کے خلاف درگاہ پولس میں مقدمہ درج کرایا ہے۔ ناظم کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ گوگامیڑی دو فرقوں کے درمیان تعصب پھیلانے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی بگاڑنے کا کام کر رہے ہیں۔ درگاہ تھانہ انچارج ہیمراج نے بتایا کہ ناظم کی شکایت پر مقدمہ درج کر کے تحقیق شروع کر دی گئی ہے۔


01 Jul 2019, 11:10 AM

تبریز موب لنچنگ کے حوالہ سے لوک سبھا میں تحریک التوا کا نوٹس

جھارکھنڈ میں تبریز انصاری کو ہجومی تشدد (موب لنچنگ) میں قتل کئے جانے کے معاملہ پر کیرالہ سے وابستہ آئی یو ایم ایل (انڈین یونین مسلم لیگ) کے رکن پارلیمان ای ٹی محمد بشیر نے تحریک التوا کا نوٹس پیش کیا ہے۔

واضح رہے کہ تبریز انصاری کو کچھ ہندو شدت پسندوں نے چوری کا الزام عائد کر کے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ انہیں رسی سے باندھ کر زد و کوب کیا تھا اور پیٹ پیٹ کر ’جے شری رام‘ کے نعرے لگوائے گئے۔ شدت پسندوں کے ظلم و ستم میں شدیدد طور پر زخمی بتریز زخموں کی تاب نہ لا سکا اور اس نے دم توڑ دیا۔

موب لنچنگ کے گزشتہ معاملوں کی طرح تبریز انصاری کے ساتھ مار پیٹ کی ویڈیو بھی شرپسندوں نے خود ہی سوشل میڈیا پر ڈالی جوکہ وائرل ہو گئی۔ اس ویڈیو کو دیکھ کر ہر ایک ذی شعور شخص تڑپ اٹھا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اقلیتوں کا ’وشواس‘ جیتنے والی مودی حکومت کا اس واقعہ پر خاموش رہنا اس کے اصل کردار کو نمایاں کرتا ہے۔

01 Jul 2019, 10:01 AM

کشتواڑ میں مسافر بس گہری کھائی میں گرنے سے حادثہ، 25 افراد ہلاک

سری نگر: جموں وکشمیر کے ضلع کشتواڑ میں ایک مسافر بس کے گہری کھائی میں گرنے سے قریب 25 افراد ہلاک جبکہ دیگر ایک درجن زخمی ہوگئے ہیں۔ یہ ہلاکت خیز سڑک حادثہ پیر کی صبح پیش آیا ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق پہاڑی ضلع کشتواڑ میں کیشون سے ضلع ہیڈکوارٹر کشتواڑ جارہی ایک ’منی بس‘ کیشون میں ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر ایک گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں قریب 25 افراد ہلاک جبکہ دیگر ایک درجن زخمی ہوئے۔

ذرائع نے بتایا کہ حادثہ پیش آنے کے فوراً بعد مقامی لوگ، پولس اور دیگر محکموں کے عہدیدار و اہلکار جائے حادثہ پر پہنچے اور بچاؤ کارروائی شروع کی۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج ومعالجہ کے لئے ضلع ہسپتال کشتواڑ منتقل کیا گیا ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق ڈی ڈی سی کشتواڑ انگریز سنگھ رانا نے 20 لاشوں کو اپستال میں منتقل کئے جانے کی تصدیق کی ہے جبکہ ذرائع کے مطابق اس حادثہ میں 32 افراد جان بحق ہو گئے ہیں۔


01 Jul 2019, 8:54 AM

پٹرول-ڈیزل کے داموں میں لگاتار پانچویں روز اضافہ

نئی دہلی: پٹرول اور ڈیزل کے داموں میں اضافہ کا سلسلہ پیر کے روز لگاتار پانچویں دن بھی جاری رہا۔ تیل کا کاروبار کرنے والی کمپنیوں نے پھر سے پٹرول کے دام دہلی میں سات پیسے، کولکاتا میں چار پیسے جبکہ ممبئی اور چنئی میں پانچ پیسے فی لیٹر بڑھا دئے ہیں۔ وہیں ڈیزل کے داموں میں دہلی میں آٹھ پیسے، کولکاتا میں پانچ پیسے جبکہ ممبئی اور چنئی میں چھ پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ ملک کی راجدھانی دہلی میں پانچ دنوں میں پٹرول 39 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو گیا ہے اور ڈیزل کے داموں میں بھی پانچ دنوں میں پٹرول 39 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو گیا ہے اور ڈیزل کے دامون میں بھی پانچ دنوں میں 37 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہو گیا ہے۔

انڈین آئل کی ویب سائٹ کے مطابق دہلی، کولکاتا، ممبئی اور چنئی میں پیر کے روز پٹرول کے دام بڑھ کر بالترتیب 70.44 روپے، 72.67 روپے، 76.11 روپے اور 73.15 روپے فی لیٹر ہو گئے۔ چاروں میٹرو پالیٹن شہروں میں ڈیزل کے دام بھی بڑھ کر بالترتیب 64.24 روپے، 66.16 روپے، 67.36 روپے اور 67.96 روپے فی لیٹر ہو گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔