اہم خبر: شامی فوج داعش کے سپلائی والے راستوں کو بند کرنے میں مصروف

شامی فوج داعش کے سپلائی والے راستوں کو بند کرنے میں مصروف
دمشق: شامی فوج دولت اسلامیہ عراق و شام (داعش) کے اثر والے حماہ، ادلیب اور الیپو صوبوں میں سپلائی کے راستوں کو بند کرنے کی سمت موثر قدم اٹھا رہی ہے۔
سرکاری اخبار ’الوطن‘ کی اتوار کی رپورٹ کے مطابق فوج داعش کے دہشت گردوں کا ان تینوں علاقوں سے صفایا کرنے کی مہم کے تحت سوجھ بوجھ کے ساتھ قدم اٹھا رہی ہے۔ ہاتھ سے نکل جانے والے علاقوں پر دہشت گردوں کے قبضہ جمانے کی حالیہ کوششوں کے درمیان فوج انھیں چاروں طرف سے گھیرکر کمزور کر رہی ہے تاکہ تینوں صوبوں کو ان سے آزاد کرایا جا سکے۔
اخبار نے فوج کے ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی کہ فوج نے حماہ صوبے میں دہشت گردوں کے میزائل سے لیس ایک ڈرون کو مارگرایا ہے۔ علاوہ ازیں حماہ اور ادلیب کے جنوب۔ مشرقی علاقوں میں دہشت گرد تنظیم القاعدہ سے متعلق نصرہ فرنٹ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اخبار کے مطابق فوج کے ہوائی حملے آئی ایس کے سپلائی کے راستے کو بند کیے جانے کے بارے میں مؤثر ہیں اور اس سے دہشت گردوں کو بڑا نقصان ہوگا۔
آسٹریلیا کے سڈنی ائیر پورٹ پر ایئر انڈیا کے پائلٹ نے چوری کیا پرس
نئی دہلی: سرکاری طیارہ خدمات کمپنی ایئر انڈیا نے سڈنی ہوائی اڈے پر ایک ڈیوٹی فری دکان سے پرس چرانے کے الزام میں ایک سینئر پائلٹ اور علاقائی ڈائریکٹر کیپٹن روہت بھسین کو معطل کرکے جانچ شروع کردی ہے۔
اطلاعات کے مطابق بھسین سنیچر کے روز آسٹریلیا کے سڈنی سے دلی آنے والی پرواز اے آئی 301 میں پائلٹ تھے۔ ان پر الزام ہے کہ سڈنی ہوائی اڈے پر پرواز کے لئے جانے سے قبل انہوں نے وہاں کی ایک ڈیوٹی فری دکان سے پرس چرالیا۔
اس کے بارے میں ایئر انڈیا کے آسٹریلیا خطے کے منتظم نے ایئر لائن ہیڈکوارٹر کو جانکاری دی جس کے بعد پائلٹ کو فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان سے لائسنس اور کمپنی کا شناختی کارڈ واپس کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔ ایئر انڈیا کے کسی بھی دفتر میں اجازت کے بغیر ان کے داخلے پر پابند لگادی گئی ہے۔
ایئر انڈیا کے ترجمان دھننجے کمار نے ایک بیان میں کہا کہ ’’ایئر انڈیا اپنے ملازمین کے مناسب رویے پر سب سے زیادہ زور دیتا ہے اور نامناسب سلوک کے تئیں ان کا رویہ ’زیرو ٹالیرینس‘ کا ہے۔ ایک ابتدائی رپورٹ کے مطابق علاقائی ڈائرکٹر کیپٹن روہت بھسین نے سڈنی کی ایک ڈیوٹی فری دکان سے ایک پرس چرایا ہے۔ ایئر انڈیا نے انہیں معطل کرکے معاملے کی جانچ شروع کردی ہے‘‘۔
باڑمیر میں آندھی سے پنڈال گرنے کے سبب 14 عقیدتمندوں کی موت
باڑمیر: راجستھان میں ضلع باڑمیر کے بالوترا قصبے میں واقع جسول میں کتھا کے دوران آج اچانک موسم میں آئی تبدیلی کے بعد پنڈال گرنے سے 14 عقیدت مندوں کی موت ہوگئی اور پچاس سے زائد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق جسول میں ماتا رانی بھٹیانی جی کی کتھا چل رہی تھی اس موقع پر وہاں بڑی تعداد میں عقیدت مند موجود تھے۔ اس دوران اچانک موسم میں آئی تبدیلی آنے کے سبب آندھی کے ساتھ تیز بارش شروع ہوگئی۔ تیز آندھی اور بارش کے دوران پنڈال گر نے سے وہاں کرنٹ پھیل گیا۔ حادثے میں تقریباً پندرہ عقیدت مندوں کی موت ہوگئی نیز پچاس سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ضلع انتظامیہ اور پولس موقع پر پہنچ کر بچاؤ اور راحت کا کام شروع کردیا۔ زخمیوں کو علاج کے لئے ناہٹا اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
بی جے پی جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹانے کا وعدہ پورا کرے گی
اندور: بھارتیہ جنتاپارٹی(بی جے پی) کے جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ نے آج کہا کہ جموں و کشمیر سے دفعہ 370 کو ہٹانے کا وعدہ پورا کیا جائےگا۔ وجے ورگیہ یہاں ’بھارتیہ جن سنگھ‘ کے بانی اور دفعہ 370 کے مخالفت کرنےوالے شیاما پرساد مکھرجی کی برسی پر منعقد پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا سابق وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو نے دفعہ 370 نافذ کی تھی، جسے بی جےپی حسبِ وعدہ ہٹائے گی۔
وجے ورگیہ نے یہاں صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پوری ریاست میں غیر قانونی کان کنی چل رہی ہے۔ انہوں نےصوبے کی کانگریس حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت ’کنٹریکٹ‘ کی حکومت ہے۔ حکومت کے وزیر پیسہ کمانے میں لگے ہوئے ہیں، عوام کی کسی کو فکر نہیں ہے۔
کنور دانش علی ہوں گے پارلیمنٹ میں بی ایس پی کے لیڈر
لکھنؤ: اترپردیش کی راجدھا نی لکھنؤ میں اتوار کو ہوئی قومی سطح کی میٹنگ میں بہوجن سماج وادی پارٹی(بی ایس پی) نے امروہہ سے پارٹی کے رکن پارلیمان کنور دانش علی کو پارلیمنٹ میں پارٹی کا لیڈر منتخب کیا ہے۔
لوک سبھا انتخابات کے بعد پہلی بار ہوئی قومی سطح کی میٹنگ میں بی ایس نے کئی اہم فیصلے کئے۔ کنبہ پروری کی مخالفت کرنے والی بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے بھائی آنندر کو قومی نائب صدر اور بھتیجے آکاش آنند اور پارٹی کارکن رام جی گوتم کو پارٹی کا کوآرڈی نیٹر مقرر کیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق میٹنگ میں لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کے مظاہرے کا جائزہ لیا گیا اور ضمنی انتخابات کی تیاریوں پر غوروخوض کیا گیا ۔قابل ذکر ہے کہ سماجوادی پارٹی اور راشٹریہ لوک دل سے اتحاد کر کے بی ایس پی نے اترپردیش میں لوک سبھا انتخابات میں حصہ لیا تھا۔جس میں بی ایس پی کو 10سیٹوں پر کامیابی ملی تھی جبکہ ایس پی کے کھاتے میں پانچ سیٹیں آئیں وہیں تیسری اتحادی آر ایل ڈی کا کھاتہ بھی نہیں کھل سکا۔سال 2014 میں تنہا الیکشن لڑنے والی بی ایس پی کا کوئی بھی امیدوار جیت نہیں درج کرسکا تھا۔
پھانسی لگا کر کسان کی خود کشی
بیتول: مدھیہ پردیش کے ضلع بیتول کے آٹھنیر تھانہ حلقے میں ایک کسان نے درخت سے پھانسی لگا کر خودکشی کر لی۔ پولس کے مطابق آشٹی گاؤں میں کسان نتھو کُمرے (45)کی لاش گذشتہ شام کھیت میں آم کے درخت سے پھانسی سے جھولتی ملی۔ ابتدائی پوچھ گچھ میں پولس کو اطلاع ملی کہ اس کے گھر میں جھگڑا ہو گیا تھا اور اسی سبب اس نے یہ قدم اٹھا یا۔ پولس نے معاملہ درج کرکے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔
ایتھوپیا میں فوجی بغاوت کی کوشش، آرمی چیف کا گولی مار قتل
عدیس ابابا: ایتھوپیا کے صوبہ امراہارا میں ایک فوجی بغاوت کے دوران ملک کے آرمی چیف اور ان کے مشیر کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ یہ حملہ تب ہوا جب ایتھوپیا کے آرمی چیف امبا شیو میکنین اور ان کے مشیر حکومت کا تختہ الٹنے کی کوششوں کو روکنے کے لئے منصوبہ سازی کر رہے تھے۔
غیر ملکی خبررساں ادارہ کے مطابق افریقی ملک ایتھوپیا میں بغاوت کی کوشش کی گئی ہے اور آرمی چیف کی جانب سے حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش روکنے پر انہیں گولی مار کر قتل کردیا گیا۔ فوجی سربراہ پر ان کے آفس میں حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ان کے مشیر بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔
’دی گارجین‘ کے اطلاع کے مطابق سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ ایتھوپیا کی 9 ریاستوں میں بغاوت کی ناکام کوشش کی گئی ہے اور حملہ کے بعد ایتھوپیا کی فوج کے چیف آف اسٹاف سے متعلق کوئی اطلاع نہیں آئی جب کہ ایتھوپیا میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی گئی ہے۔
کشی نگر میں زمین کے خاطر بیٹے نے باپ کی لی جان
کشی نگر: اترپردیش کے ضلع کشی نگر کے کھڈا علاقے میں آبائی زمین پر قبضے کے لئے شراب کے نشے میں دھت بیٹے نے اپنے ہی پاپ کو پیٹ پیٹ کا موت کے گھاٹ اتار دیا۔
پولس نے اتوار کو بتایا کہ وشنوپورا بزرگ گاؤں باشندہ رام اودھ ورما (65) کے چار بیٹے ہیں اور چاروں الگ رہتے ہیں۔ بڑے بیٹے کا الزام ہے کہ اس کے دوسرے نمبر کا بھائی سبھاش بدمعاش قسم کا ہے۔ دوسروں کے گھروں میں چوری کرنا، کھیت سے فصل کاٹ لے جانا جیسے غلط کام کرنے کے ساتھ ساتھ شراب پی کر کافی ہنگامہ مچاتا ہے۔ آبائی زمین کی تقسیم میں والد کو گذر بسر کے لئے کچھ حصہ ملا تھا۔ لیکن والد کے حصے کی زمین پر بھی سبھاش ہی کھیتی کرتا تھا۔
والد نے اپنے حصے کی زمین اس سے لے لی۔ اس سے ناراض سبھاش نے سنیچر کی رات ان کو مارنے کے لئے ڈھونڈھ رہا تھا۔ ڈر کی وجہ سے وہ پڑوسی کے گھر میں چھپ گئے تھے۔ سبھاش کی بیوی نے اس کی اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی سبھاس وہاں پہنچا اور پیٹ پیٹ کر انہیں زخمی کردیا۔ جب وہ زخموں کی تاب نہ لاکر گر گئے اور سر پھوٹنے کی وجہ سے ان کا پورا جسم خون سے شرابور ہوگیا تو سبھاش ان کو اسی حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ علاج کے لئے انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
پولس کے مطابق تحریری شکایت پر ملزم سبھاش کے خلاف غیر ارادۃ قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ملزم پولس کی حراست میں ہے اور پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
آندھراپردیش میں نابالغ لڑکی کی 5 دنوں تک اجتماعی عصمت دری
حیدرآباد: آندھراپردیش کے اونگول میں ایک نابالغ لڑکی کی 6افراد نے 5 دنوں تک اجتماعی عصمت دری کی۔ یہ لڑکی اپنے دوست سے ملنے کے لئے آئی تھی۔ یہ واقعہ تاخیر سے منظر عام پر آیا۔ پولس نے ایک ملزم کو اس سلسلہ میں گرفتار کرلیا۔
اونگول پولس کے مطابق یہ لڑکی حال ہی میں اسپتال میں زیرعلاج اپنے والد کے ساتھ تھی۔ 10جون کو اس نے اونگول کے ایک لڑکے سے فون نمبر لیا جو اسی اسپتال میں اپنے رشتہ دار مریض کے ساتھ تھا۔ ان دونوں میں فون پر کئی مرتبہ بات ہوئی اور ان دونوں نے 16 جون کو اونگول میں ملاقات کا منصوبہ بنایا۔ منصوبہ کے مطابق یہ لڑکی اونگول پہنچی تاہم لڑکے کے فون سے رابطہ نہیں ہو پا رہا تھا۔ تب وہ ایک مقامی نوجوان بالاجی سے رجوع ہوئی جس نے اس کو اپنے گھر چلنے کی پیشکش کی۔ وہ اسے اپنے گھر لے گیا اور اپنے پانچ ساتھیوں کے ساتھ مل کرپانچ دنوں تک اس کی اجتماعی عصمت دری کی۔ 21جون کو وہ بس اسٹینڈ علاقہ میں اس کو بے ہوشی کے حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
تاہم ہوش میں آنے کے بعد لڑکی نے پولس سے اس واقعہ کی شکایت کی۔ پولس نے اس معاملہ کی جانچ شروع کردی۔ اس واقعہ کی اطلاع پر وزیر داخلہ ایم سُچترا نے ضلع ایس پی سدھارتھ کوشل کو ہدایت دی کہ وہ اس واقعہ کی جامع جانچ کرے اور ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت بچوں اور خواتین پر مظالم کرنے والوں کو نہیں بخشے گی۔
امریکی ڈرون معاملہ، متحدہ عرب امارات سے ایران کا شدید احتجاج
تہران: ايران نے امریکی جاسوس ڈرون کو سہولت فراہم کرنے پر متحدہ عرب امارات سے شدید احتجاج کیا ہے۔ ايرانی دفتر خارجہ کے مطابق تہران میں متحدہ عرب امارات کے قائم مقام سفیر کو طلب کیا گیا، جہاں شعبہ امور خلیج فارس نے اماراتی قائم مقام سفیر سے ملاقات کی اور امریکی ڈرون کی خلاف ورزی سے متعلق باضابطہ طور پر احتجاجی مراسلہ پیش کیا۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایران اپنی فضائی، زمینی اور سمندری حدود کی دراندازی برداشت نہیں کرے گا، ساتھ ہی دراندازی کے لئے سہولت فراہم کرنے والے ممالک کو بھی نظرانداز نہیں کرے گا۔
خیال رہے جمعرات 20 جون کو امارات کی سرزمين سے پرواز کرنے والے امریکی ڈرون کو ايران نے مار گرایا تھا۔ ایرانی وزیر خارجہ کے معاون خصوصی برائے امریکی امور محسن بہاورند نے جمعہ کو امریکی مفادات کی دیکھ بھال کرنے والے سوئٹرزلینڈ کے سفیر کو طلب کرکے ڈرون کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا تھا۔
’نیو یارک ٹائمز‘ کی عمارت کے باہر مظاہرہ، 70 افراد گرفتار
ماسکو: امریکہ کے مین ہیٹن میں اخبار ’نیو یارک ٹائمز‘ کی عمارت کے باہر احتجاج کر رہے 70 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ تمام لوگ ماحولیاتی بحران کی خبروں کو کور کرنے کے میڈیا کے طریقوں پر توجہ اپنی طرف مبذول کرانے کے لئے ہفتہ کو اخبار کے دفتر کے باہر مظاہرہ کر رہے تھے۔ سی این این نے نيويارك پولس کے ترجمان کے حوالے سے یہ اطلاع دی۔
سی این این کے مطابق مظاہرین ایکولوجی نقصان کا عدم تشددانہ انداز میں مظاہرہ کرنے کے لئے مشہور بین الاقوامی تحریک ’ا یکسٹنگشن ر بیلین ‘ تنظیم سے متعلق ہیں۔
’ا یکسٹنگشن ر بیلین‘ کی ترجمان ایوے موشیر نے کہا کہ اگرچہ ’نیو یارک ٹائمز‘ بہترین رپورٹنگ کر رہا ہے لیکن یہ ماحولیاتی بحران کو اس طرح سے کور نہیں کر رہا ہے جس طرح سے کیا جا ناچاہیے۔ اس معاملہ کومیڈیا کو دوسری عالمی جنگ کی طرح سے کور کرنا چاہیے جہاں ہر دن اس سے متعلق خبریں شہ سرخیوں میں ہوں۔ نیویارک پولس ڈپارٹمنٹ کے ترجمان نے بتایا کہ مظاہرین کے خلاف الزام زیر التوا ہیں۔
امریکہ طیارہ حادثہ: مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 11 پہنچی
لاس اینجلس: امریکہ میں صوبہ ہوائی کے او آهو جزیرے میں جمعہ کی شام کو ہوئے طیارہ حادثے میں 11 افراد کی موت ہو گئی تھی ۔ مقامی حکام نے ہفتہ کو 11 افراد کی موت ہونے کی تصدیق کی۔ هونولولو کے محکمہ فائر سروس نے ہفتہ کو شام میں ٹویٹ کر کہا’’ڈیلینگہیم ایئر فیلڈ کے نزدیک حادثے کا شکار ہو ئے طیارے میں 11 افراد سوار تھے اور اس حادثے میں تمام لوگوں کی موت ہو گئی ‘‘ محکمہ فائر اینڈ سروس نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہے‘‘۔
هونو لولو کے محکمہ فائر اینڈ سروس کے سربراہ مینوئل نیویس نے بتایا کہ محکمہ فائر سروس کو مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے طیارہ حادثے کی اطلاع ملی تھی۔ اس کے بعد فائر سروس اہلکار موقع پر پہنچے اور طیارے کو آگ کی لپٹوں میں گھرا ہوا پایا۔ محکمہ فائر سروس نے ابتدائی طور پر اس حادثے میں چھ افراد کے مارے جانے کی اطلاع دی تھی۔ مرنے والوں کی تعداد جمعہ کی رات بڑھ کر نو ہو گئی تھی اور ہفتہ کو حکام نے اس حادثے میں 11 افراد کی موت کی تصدیق کی۔
امریکہ: سڑک حادثہ میں سات موٹر سائیکل سواروں کی موت
واشنگٹن: امریکہ کی شمال مشرقی ریاست نیو ہیمپشائر ٹو لائن ہائی شاہراہ پر ایک ٹرک نے جمعہ کی رات کو موٹر سائیکلوں کو ٹکر مار دی، جس کی وجہ سے سات افراد کی موت ہو گئی۔ مقامی میڈیا نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔ مرنے والوں میں سے پانچ لوگ جرهیڈس موٹر سائیکل کلب کے رکن تھے۔ مقامی میڈیا نے کلب کے رکن ڈگ ہیورڈ کے حوالے سے بتایا کہ حادثے کے شکار ہوئے کلب کے رکن سرگرم اور تجربہ کار میرین بھی شامل تھے، جبکہ دو لوگ ان کے دو ساتھی تھے۔ پولیس نے بتایا کہ اس حادثے میں دو دیگر موٹر سائیکل سوار زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے ایک کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
