اہم خبر: پیٹ پیٹ کر دو مہادلتوں کا قتل، تین افراد گرفتار

تصویر سوشل میڈیا
i
user

قومی آواز بیورو

27 Aug 2019, 8:10 PM

پیٹ پیٹ کر دو مہادلتوں کا قتل، تین افراد گرفتار

نوادہ: بہار میں ضلع نوادہ کے کوآکول تھانہ حلقے میں دو مہادلتوں کو پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا۔ پولس ذرائع کے مطابق پہلا قتل کوآکول تھانہ حلقے کے ترَون گاؤں کے کللیاٹانڈ ٹولہ میں ہواہے۔ یہاں سکھدیو مانجھی کی بیوی چنتا دیوی (55) کو پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا۔

دوسرا قتل لال پور گاؤں کے مسہری ٹولہ میں ہوا ہے۔ یہاں طوفانی مانجھی کے بیٹے راجیندر ماجھی (35) کو قتل کر دیا گیا۔ ثبوت کو چھپانے کے مقصد سے لاش کو زمین میں دفن کر دیا گیا حالانکہ پولیس نے دونوں قتل کے واردات میں شامل تین ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے۔

27 Aug 2019, 6:10 PM

حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ پر بڑا حادثہ ٹل گیا

حیدرآباد: شہر حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ پرایک بڑا حادثہ اس وقت ٹل گیا جب ایک طیارے کے ٹائر سے دھواں نکلنے لگا۔ تفصیلات کے مطابق دہلی سے آنے والے انڈیگو کے طیارہ کی حیدرآباد کے شمس آبادایرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران ٹائر سے اچانک دھواں نکلنے لگا۔ اس کی اطلاع پائلٹ نے فوری طور پر ایر ٹریفک کنٹرول کے عہدیداروں کو دی۔ پائلٹ کی چوکسی کے سبب ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ اس طیارہ میں 155 مسافرین سوار تھے جو محفوظ رہے۔

27 Aug 2019, 5:04 PM

کشمیر تو گیا، اب پاکستان کے لیے مظفر آباد بچانا بھی مشکل: بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے پی ایم عمران خان پر جموں و کشمیر معاملے پر حملہ آور رخ اختیار کیا ہے۔ انھوں نے پاکستان میں پریس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم ہندوستان کو دھمکی دیتے تھے کہ ان سے کشمیر چھین لیں گے۔ لیکن عمران خان کی حکومت میں ایسے حالات بن گئے ہیں کہ ہمیں مظفر آباد بچانا پڑے گا۔‘‘ بلاول نے کہا کہ آپ آرام سے سوتے رہے اور مودی نے کشمیر چھین لیا۔ پہلے ہم کشمیر پر منصوبہ بناتے تھے کہ سری نگر کو کس طرح لیا جائے۔ لیکن اب منتخب پی ایم عمران خان کی وجہ سے حالات ایسے بن گئے ہیں کہ ہمیں سوچنا پڑ رہا ہے کہ مظفر آباد کیسے بچائیں گے۔‘‘


27 Aug 2019, 4:02 PM

دہلی: فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم کا نام تبدیل، نیا نام ’ارون جیٹلی اسٹیڈیم‘

دہلی اور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسو سی ایشن نے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کیے جانے کی خبر میڈیا کو دی ہے۔ خبر رساں ایجنسی ’اے این آئی‘ کے مطابق فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم کا نام بدل کر آنجہانی ارون جیٹلی کے نام پر رکھا گیا ہے۔ اب اس اسٹیڈیم کو ’ارون جیٹلی اسٹیڈیم‘ کے نام سے جانا جائے گا۔

27 Aug 2019, 1:58 PM

اروند کیجریوال نے پانی بل کا بقایہ معاف کرنے کا کیا اعلان

اسمبلی انتخاب سے پہلے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ایک اور بڑا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے دہلی کے باشندوں کے پانی بل کا بقایہ معاف کر دیا ہے۔ کیجریوال نے منگل کو اس کا اعلان کیا۔ انھوں نے بتایا کہ پانی بل سے ایریر ہٹا دیا گیا ہے۔ جن لوگوں کے گھر میں فنکشنل میٹر ہیں ان سبھی کو اس منصوبہ کا فائدہ ملے گا۔


27 Aug 2019, 1:10 PM

ہریانہ کی بی جے پی حکومت بے روزگاروں کو خودکشی پر کر رہی مجبور: کانگریس

کانگریس نے ہریانہ کی بی جے پی حکومت کو بے روزگاری کے لیے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس نے ایک خبر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بی جے پی حکومت کی ناکامی بیان کرنے کے لیے یہ خبر کافی ہے کہ ایک والد کو خودکشی کرنی پڑ رہی ہے۔ وہ خودکشی اس لیے کر رہا ہے کیونکہ بی جے پی پر کئی بے روزگاروں کو برباد کرنے کا الزام ہے۔

27 Aug 2019, 12:09 PM

آر ایس ایس کے کہنے پر کرناٹک میں 3 نائب وزیر اعلیٰ بنائے گئے: ایوان ڈیسوزا

کانگریس لیڈر ایوان ڈیسوزا نے کرناٹک میں 3 نائب وزیر اعلیٰ بنائے جانے پر بی جے پی حکومت پر حملہ کیا ہے۔ ڈیسوزا نے کہا کہ کرناٹک کی تاریخ میں کبھی بھی 3 وزیر اعلیٰ نہیں ہوئے۔ یہ فیصلہ یدی یورپا کا نہیں بلکہ آر ایس ایس کا ہے۔ کانگریس لیڈر نے مزید کہا کہ اگر وزیر اعلیٰ جگدیش شیٹار میں ذرا بھی عزت نفس ہے تو انھیں اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ ایوان ڈیسوزا نے ایشورپّا اور آر. اشوک کو بھی استعفیٰ دینے کا مشورہ دیا۔


27 Aug 2019, 10:58 AM

آر بی آئی کو لوٹنے سے معیشت تباہ ہو جائے گی: کانگریس

آر بی آئی کے ذریعہ 1.76 لاکھ کروڑ روپے مودی حکومت کو دیے جانے کی خبروں پر کانگریس کا رد عمل سامنے آیا ہے۔ کانگریس نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ آر بی آئی کے ذریعہ حکومت کو دیا گیا 1.76 لاکھ کروڑ روپیہ تقریباً وہی ہے جو 2019 بجٹ کے اعلان سے غائب ہے۔ کانگریس نے سوال پوچھا ہے کہ آخر وہ پیسے خرچ کہاں کیے گئے؟ اسے بجٹ میں دکھایا کیوں نہیں گیا۔ کانگریس نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس طرح سے آر بی آئی کو لوٹا جاتا رہا تو آگے بھی ہماری معیشت ایسے ہی تباہ ہوتی رہے گی اور بینکوں کی کریڈٹ ریٹنگ میں گراوٹ ہوتی رہے گی۔

27 Aug 2019, 10:10 AM

جموں و کشمیر معاملے پر مرکزی وزارت داخلہ کی اعلیٰ سطحی میٹنگ آج!

مرکزی وزارت داخلہ آج جموں و کشمیر کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد کرے گا۔ نیوز ایجنسی اے این آئی نے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ اس میٹنگ کی صدارت داخلہ سکریٹری کریں گے۔


27 Aug 2019, 8:41 AM

جھارکھنڈ میں بچہ چوری کے الزام میں ایک خاتون کی پٹائی

جھارکھنڈ میں بچہ چوری کے الزام میں بھیڑ نے ایک خاتون کی پٹائی کر دی۔ واقعہ گریڈیہہ کا ہے جہاں ایک خاتون اپنے بچے کو لے کر بینک سے پیسے نکالنے گئی تھی۔ بچے کو روتا دیکھ بینک آئی ایک دیگر خاتون اس کے ساتھ کھیلنے لگی۔ لیکن بچے کی ماں کو لگا کہ وہ بچہ چوری کرنے والی ہے۔ یہ خیال آتے ہی اس نے ہنگامہ کر دیا جس کے بعد بھیڑ نے اس کی پٹائی کر دی۔ خاتون کو پولس نے بھیڑ سے بچایا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔