اہم خبر: آدرش کریڈٹ کو آپریٹیو سوسائٹی گھوٹالہ میں 1489 کروڑ روپے کی املاک ضبط

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

07 Oct 2019, 8:09 PM

آدرش کریڈٹ کو آپریٹیو سوسائٹی گھپلہ میں 1489 کروڑ روپے کی املاک ضبط

نئی دہلی: انفورسمنٹ ڈائرکٹویریٹ (ای ڈی) نے آدرش کریڈٹ کوآپریٹیو سوسائٹی گھپلہ معاملہ میں انسداد منی لانڈرنگ قانون کے تحت 1489کروڑ روپے کی املاک ضبط کی ہے۔ ای ڈی نے پیر کو یہاں جاری ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔ اس گھپلہ میں سوسائٹی نے لوگوں کے ذریعہ جمع کی گئی رقم واپس نہیں کی تھی۔ ای ڈی نے زمین اور عمارت وغیرہ ضبط کی ہیں جس کی قیمت 1464.76کروڑ روپے ہے۔ اس کے علاوہ آدرش گروپ کے پرموٹروں مکیش مودی، وریندر مودی اور ان کے کنبہ وغیرہ کے اکاونٹ میں جمع 24.44کروڑ روپے بھی ضبط کئے گئے ہیں۔ مکیش مودی کے ساتھ ہی ردھی سدھی گروپ کے مہندر ٹاک، سوربھ ٹام اور دیگر کی راجستھان، ہریانہ، دہلی، گجرات، مہاراشٹر اور اترپردیش کی املاک ضبط کی گئی گئی ہیں۔

(یو این آئی)

07 Oct 2019, 6:10 PM

پاکستان: لاہور ہائی کورٹ نے حافظ سعید کی عرضی منظور کی، پنجاب حکومت سے رپورٹ طلب

پاکستان کی لاہور ہائی کورٹ نے جماعت الدعوۃ چیف حافظ سعید کی اس عرضی کو منظور کر لیا ہے جس میں دہشت گردوں کی پرورش کے معاملے میں اس کی گرفتاری کو چیلنج کیا گیا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کی دو رکنی بنچ نے دلیلیں سننے کے بعد پاکستان کی حکومت پنجاب اور کاؤنٹر ٹیررزم محکمہ سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔

07 Oct 2019, 5:08 PM

مہاراشٹر اسمبلی الیکشن: کانگریس اور این سی پی کا مشترکہ انتخابی منشور جاری

مہاراشٹر اسمبلی انتخاب کے لیے کانگریس-این سی پی نے مشترکہ انتخابی منشور جاری کر دیا ہے۔ مہاراشٹر میں 21 اکتوبر کو ووٹنگ ہوگی اور 24 اکتوبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ دونوں پارٹیوں نے اپنے انتخابی منشور میں تعلیم، صحت، گاؤں میں سہولتیں دینے، ماحولیات تحفظ اور کسانوں سے جڑے مسائل کو شامل کیا ہے۔ منشور میں ریاست کے سبھی بڑے شہروں میں مہانگر پالیکا کے ماتحت رہنے والے لوگوں کو 500 اسکوائر فیٹ کے مکان پر پراپرٹی ٹیکس میں چھوٹ دینے کا وعدہ بھی کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ’بھومی پُتروں‘ یعنی کسانوں کو نئی صنعت اور تجارت میں 80 فیصد ملازمتیں ملیں، اس کے لیے خصوصی قانون بنانے کی بات کہی گئی ہے۔


07 Oct 2019, 3:10 PM

نجکاری کے بہانے کس کی تجوری بھر رہی مودی حکومت؟ کانگریس کا سوال

مودی حکومت کے ذریعہ بھارت پٹرولیم کی نجکاری کے فیصلے پر کانگریس نے مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس نے ٹوئٹ کر کے لکھا ہے کہ بی جے پی حکومت پر نجکاری کا بھوت سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ حکومت نے خاموشی سے نیشنلائزیشن سے متعلق قانون کو رد کر کے ایک اور سرکاری کمپنی بی پی سی ایل کی قربانی دینے کی تیاری کر لی ہے۔ کانگریس نے پوچھا ہے کہ آخر کس کی تجوری بھرنے کے لیے بی جے پی حکومت اتنی مشقت کر رہی ہے؟

07 Oct 2019, 2:03 PM

پی ایم سی بینک گھوٹالہ کے لیے آر بی آئی ذمہ دار: منجندر سنگھ سرسا

شرومنی اکالی دل کے لیڈر منجندر سنگھ سرسا نے پی ایم سی بینک گھوٹالہ کے لیے ریزرو بینک آف انڈیا کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ سرسا نے کہا ہے کہ اس بینک کا انتظام آر بی آئی دیکھ رہا تھا اور ہم لوگوں نے پیسہ کسی راہ چلتے آدمی کو نہیں بلکہ حکومت کو دیا ہے۔ اس لیے اس کی ذمہ داری بھی آر بی آئی کی بنتی ہے۔ ایسے میں آر بی آئی کو ہمارے پیاسے لوٹانے چاہیے۔


07 Oct 2019, 1:10 PM

دوکان میں لگی آگ، بچی ہلاک، 3 زخمی

اناؤ: اترپردیش کے ضلع اناؤ کے ماکھی علاقے میں آج ’کنیا بھوج‘ میں آئی ایک بچی کی آگ لگنے سے موت ہوگئی جبکہ دیگر تین جھلس کر زخمی ہوگئے۔

پولس نے یہاں بتایا کہ ماکھی تھانہ علاقے کے نسپنسری گاؤں میں ایک کرانہ کا کاروبار کرنے والے دوکاندار نے پیر کو اپنے گھر میں مہا نومی پر کنیا بھوج کا انعقاد کیا تھا۔ کرانہ کی دوکان میں پٹرول۔ڈیزل فروخت کیا جارہا تھا۔ ہون۔پوجن کے دوران وہاں رکھے پٹرول میں آگ لگ گئی۔ آگ کی زد میں آنے سے ایک بچی کی موت ہوگئی۔

دوکان میں ہون پوجن کے دوران وہاں رکھے پٹرول میں لگی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے بھیانک شکل اختیارکرلی۔ جس سے آس پاس کافی افرتفری مچ گئی۔ اندر پھنسے ہوئےسبھی افراد کو جلدی سے باہر نکالا گیا۔ اس دوران ایک بچی اندر ہی رہ گئی جس سے اس کی موت ہوگئی۔ جبکہ دیگر تین بچیاں جھلس کر زخمی ہوگئیں۔

07 Oct 2019, 11:09 AM

آرے کالونی معاملے پر عدالت عظمیٰ کا حکم، فوراً بند ہو پیڑوں کی کٹائی

جسٹس ارون مشرا اور جسٹس اشوک بھوشن کی خصوصی بنچ نے درخواست گزار رشبھ رنجن کی جانب سے سینئر وکیل گوپال سبرامنیم اور سنجے ہیگڑے کی دلیلیں سننے کے بعد معاملہ کو جوں کا توں برقرار رکھنے کا حکم دیا۔ سپریم کورٹ نے مہاراشٹر حکومت کو حکم دیا ہے کہ درختوں کی کٹائی فوری طور پر روکی جائے اور آگے کوئی بھی درخت نہ کاٹا جائے۔

سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کو چیک کریں گے اور آگے اپنی بات کہیں گے۔ عدالت نے کہا ہے کہ اگر یہ غلط ہے تو غلط ہے، چاہے ایک فیصد ہی کیوں نہ ہو، عدالت نے اس دوران مہاراشٹر حکومت سے حلف نامہ داخل کرنے کے لئے بھی کہا ہے اور موجودہ صورت حال کی معلومات مانگی ہے۔ سپریم کورٹ اس دوران آرے کالونی کو حساس علاقہ ہونے پر فیصلہ کرے گا۔ اب اس معاملے کی سماعت 21 اکتوبر کو ہوگی۔


07 Oct 2019, 10:51 AM

سپریم کورٹ میں آرے کٹائی معاملہ، خصوصی بنچ میں سماعت شروع

نئی دہلی: ممبئی کی آرے کالونی میں درختوں کی کٹائی کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے، جس پر سماعت شروع ہوگئی ہے۔ سپریم کورٹ رجسٹری کی جانب سے جاری ایک نوٹس میں اس بات کی معلومات دی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے قانو ن کے طالب علم رشبھ رنجن کے خط کو مفاد عامہ کی عرضی میں بدل کر اس کی آج سماعت کے لئے خصوصی بینچ تشکیل دی تھی۔ بینچ صبح 10 بجے سے اس معاملے کی سماعت کر رہی ہے۔ قانون کے طالب علم نے خط میں لکھا ہے کہ بامبے ہائی کورٹ نے آرے کے درختوں کو جنگل کے زمرے میں رکھنے سے انکار کر دیا اور درختوں کی کٹائی سے متعلق عرضیاں مسترد کر دیں۔ اس کا کہنا ہے کہ حکومت بہت جلد بازی میں یہ فیصلہ لے رہی ہے۔ واضح رہے کہ آرے میں کل 2700 درخت کاٹے جانے کا منصوبہ ہے، جن میں سے 1500 درختوں کو گرا دیا گیا ہے۔ میٹرو شیڈ کے لئے آرے کالونی کے درختوں کی کٹائی کی مخالفت سماجی اور ماحولیاتی کارکنوں کے ساتھ کئی معروف شخصیات کر رہی ہیں۔

07 Oct 2019, 10:42 AM

پاکستان اسٹیل ملز کو چین کے حوالہ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان اسٹیل ملز (پی ایس ایم) کی احیا کے لئے چین کو سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ حکومت کے معاہدے کے تحت کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ عمران خان چین کے آئندہ دورہ کے لئے اربوں ڈالر کی ریلوے مین لائن (ایم ایل-1) کے لئے مالیات کے متبادل کو بھی تلاش کریں گے۔

’جیو نیوز‘ کے مطابق پاکستان کی اعلی قیادت چینی قیادت کو اس بات کا بھروسہ بھی دے گی کہ چين پاكستان اقتصادی کوریڈور (سی پی ای سی) پر کام سست نہیں کرے گا بلکہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام کے تحت چلنے کے باوجود سی پی ای سی کے اگلے مرحلے کو مکمل حوصلہ افزائی اور مضبوطی سے آگے بڑھایا جائے گا۔

عمران خان کا آج سے چین دورہ طے ہے۔ وزیر اعظم کے دورہ کے دوران سی پی ای سی کے تحت اقتصادی تعاون بڑھانے کے لئے پانچ ایشوز پر بات چیت کریں گے۔ دورہ کے دوران عمران خان چین کو پی ایس ایم دینے کی پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ایم ایل-1 منصوبے کی تجدید کاری کو حتمی شکل دیں گے۔ اس کے علاوہ بنجی هائیڈرو پروجیکٹ کی فنانسنگ، زراعت اور سماجی شعبوں سے متعلق منصوبوں اور سی پی ای سی کے دائرے سے باہر منصوبے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔