اہم خبر: کشمیر بند کی وجہ سے ریلوے کو 2 کروڑ روپے کا نقصان!

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

03 Oct 2019, 5:10 PM

کشمیر بند کی وجہ سے ریلوے کو دو کروڑ روپیے کا نقصان

سری نگر: جموں و کشمیر سے پانچ اگست کو آئین ہند کی دفعہ 370 اور35اےبے اثرکیے جانے کی وجہ سے بند کے بعد کشمیر وادی میں ریلوے کو تقریباً دو کروڑ روپیے کا نقصان ہوا ہے۔

ریاستی انتظامیہ کی جانب سے جاری سکیورٹی فیس کے بعد ریلوے محکمہ نے سری نگر سمیت بارہمولہ ریلوے اسٹیشن سے شمالی کشمیر کے بنیہال اور جنوبی کشمیر جانے والی تمام ریل خدمات کو معطل کرنے کا فیصلہ کیاتھا۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا،’پانچ اگست ریل خدمات کے معطل ہونے کی وجہ سے ریلوے کو تقریباً دو کروڑروپیے کا نقصان ہوا ہے‘۔

مرکزی حکومت کے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں حالانکہ کئی عرضیاں داخل کی گئی ہیں جن پر کورٹ 14 نومبرکو سماعت کرے گا۔ عدالت نے اس معاملے میں مرکزی حکومت کو جواب داخل کرنے کا نوٹس بھی جاری کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ وادی میں ریلوے نقل و حمل (ٹرانسپورٹ) کا سب سے محفوظ اور سستاذریعہ ہے ۔یہی وجہ ہے کہ کئی مقامات پر عوام اس کا خوب استعمال کرتے ہیں۔

03 Oct 2019, 2:10 PM

حکومت مخالف مظاہروں کے درمیان بغداد میں کرفیو

بغداد: عراق کے وزیر اعظم عادل عبد المہدی حکومت مخالف مظاہروں کے درمیان جمعرات کی صبح پانچ بجے سے پورے بغداد میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے، تاکہ مظاہرین کو شہر میں داخل ہونے سے روکا جا سکے۔یہ اطلاع مقامی میڈیا نے دی ہےآئی این اے نیوز ایجنسی نے وزیر اعظم کے بیان کے حوالہ سے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ کرفیو آئندہ احکامات تک نافذ ر کھنے کا فیصلہ کیا گیاہے بغداد اور عراق کے جنوبی حصے میں منگل سے حکومت مخالف مظاہرے ہورہے ہیں۔ مظاہرین اقتصادی بحالی اور بدعنوانی کو ختم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

03 Oct 2019, 1:10 PM

بی جے پی حکومت میں یو پی جرائم کا اڈا بن چکا ہے: پرینکا گاندھی

اتر پردیش میں بڑھتے جرائم پر پرینکا گادھی نے بی جے پی حکومت پر ایک مرتبہ پھر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’اتر پردیش کو گزشتہ تین دنوں سے مجرموں نے جرائم کا اڈا بنا دیا ہے۔ بنارس، سونبھدر، بجنور، نوئیڈا اور کانپور میں قتل کے واقعات پیش آئے اور علی گڑھ میں اغوا کرنے کے بعد ایک بچے کو قتل کر دیا گیا۔‘‘

انہوں نے مزید لکھا، ’’بی جے پی حکومت کی ناکامی صاف نظر آتی ہے، حکومت جرائم پر غلط بیانی تو کر سکتی ہے لیکن ان پر روک نہیں لگا سکتی۔


03 Oct 2019, 12:10 PM

حیدرآباد کے کئی اے ٹی ایمس میں ایک مرتبہ پھر نقدی کی کمی

حیدرآباد: شہر حیدرآباد کے کئی اے ٹی ایمس ایک مرتبہ پھر نقدی کی کمی کی صورتحال دیکھی جا رہی ہے۔ چاہے وہ قومیائے ہوئے بینک ہوں یا پھر پرائیویٹ بینک، صورتحال وہی ہے۔ بعض اے ٹی ایمس میں نقدی نہیں کا بورڈ لگا ہوا ہے تو بعض میں اے ٹی ایم کے کام نہ کرنے کا بورڈ لگایا گیا ہے۔ کئی اے ٹی ایمس ایسے بھی ہیں جہاں کوئی بورڈ لگا ہوا نہیں ہے اور صارفین سے خواہش کی جا رہی ہے کہ نقدی نہیں ہے مہربانی کرکے قریبی اسٹیٹ بینک کے اے ٹی ایم جائیں۔ صارفین کو اے ٹی ایم میں نقدی کی کمی کا احساس اُس وقت ہورہا ہے جب نقدی نکالنے کا پورا عمل مکمل کرلیا گیا۔ ایسا ہی ایک اے ٹی ایم وکرم پوری کا ہے۔ ماریڈ پلی کے بعد آئی سی آئی سی آئی اے ٹی ایمس میں بھی کبھی کبھار رقم ہوتی ہے۔ بوئن پلی کے بینک آف بروڈہ کے اے ٹی ایم میں بھی نقدی کی کمی ہے لیکن بینک عہدیداروں نے اصرار کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں نقدی کی کوئی کمی نہیں ہے۔

03 Oct 2019, 11:10 AM

شمالی کوریا نے بیلسٹک میزائل ’پک گک سانگ -3‘ کا کیا کامیاب تجربہ

سیول: شمالی کوریا کی ڈیفنس سائنس اکیڈمی نے بیلسٹک میزائل’ پك گك سانگ -3 ‘ کے کامیاب تجربہ کی تصدیق کی ہے۔ شمالی کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی کے سی این نے جمعرات کو علی الصبح اپنی رپورٹ میں یہ اطلاع دی۔

میزائل کا تجربہ بدھ کو علی الصبح کیا گیا۔ جاپان کے کوسٹ گارڈ نے بدھ کو کہا تھا کہ شمالی کوریا نے کئی میزائل داغے ہیں، جس میں سے ایک جاپان کے خصوصی اقتصادی علاقے(ای ای زیڈ) میں گرا ہے۔ شمالی کوریا کی طرف سے اس سال کیا گیا یہ 11 واں میزائل ٹسٹ ہے، لیکن سب میرین سے کیا گیا یہ پہلا میزائل تجربہ تھا۔


03 Oct 2019, 10:06 AM

امریکہ میں طیارہ حادثہ، 7 ہلاک، چھ زخمی

واشنگٹن: امریکہ میں ریاست کنیکٹیکٹ کے بریڈلی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک ہوائی جہاز حادثہ میں کم از کم سات افراد ہلاک اور چھ دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ یہ حادثہ بدھ کو مقامی وقت کے مطابق صبح نو بجکر 54 منٹ پر ہوا۔ حکام نے بتایا کہ پرواز کے تھوڑی دیر بعد طیارہ نے مشکلات کی اطلاع دی اور واپس لوٹ کر لینڈ کرنے کی کوشش کی تھی۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق کنیکٹیکٹ ائرپورٹ اتھارٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیون ڈلن نے کہا ’’ہم نے دیکھا کہ طیارے اونچائی حاصل نہیں کرپا رہا تھا‘‘۔ ریاست کے پولس کمشنر جیمز روویلا نے نامہ نگاروں کو بتایا ’’یہ ایک مشکل کام ہے۔ متاثرین کی شناخت کر پانا مشکل ہے۔ ہم لوگ غلطی نہیں کرنا چاہتے ہیں‘‘۔ بوئنگ -17 نامی اس طیارہ میں دو پائلٹ، ایک اسسٹنٹ اور 10 مسافر سوار تھے۔ چھ زخمیوں کو علاج کے لئے ہارٹ فورڈ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جس میں تین کی حالت نازک ہے، جبکہ ایک شخص معمولی طور پر زخمی ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔