اہم خبر: اناؤ عصمت دری متاثرہ کے خط کا سپریم کورٹ نے نوٹس لیا

سپریم کورٹ
سپریم کورٹ
user

قومی آوازبیورو

31 Jul 2019, 6:10 PM

اناؤ عصمت دری متاثرہ کے خط کا سپریم کورٹ نے نوٹس لیا

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے بدھ کے روز اناؤ عصمت دری متاثرہ کے اہل خانہ کے اس خط کا نوٹس لیا جس میں ملزم بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ممبر اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر اور اس کارندوں کی جانب سے دھمکائے جانے کا الزام لگاتے ہوئے عدالت سے مدد کی اپیل کی گئی تھی۔

اس دوران مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے منگل کو عصمت دری متاثرہ اور اس کے اہل خانہ کی اتوار کے روز رائے بریلی کے قریب ہوئے ٹرک حادثے سے متعلق انکوائری اپنے ہاتھ میں لے لی ہے۔ اس حادثے میں عصمت دری کی شکار لڑکی اور اس کا وکیل شدید طور پر زخمی ہو گئے اور اس کی چاچی اور خالہ کی موت ہو گئی۔

چیف جسٹس رنجن گوگوئی نے کہا کہ وہ جمعرات کو دیکھیں گے کہ عصمت دری کی متاثرہ کا لکھا گیا خط جو سپریم کورٹ کی رجسٹری کو 17 جولائی کو موصول ہوا، ان کے سامنے پیش کیوں نہیں کیا گیا۔

بنچ نے کہاکہ ’’ہم اس معاملے میں کل سماعت کریں گے‘‘۔ امید ہے کہ چیف جسٹس ان کے سامنے خط پیش کرنے میں تاخیر كرنے کے سلسلے میں سپریم کورٹ کی رجسٹری کی رپورٹ کا بھی جائزہ لیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ اس سنگین اور نازک معاملے میں کچھ مثبت کرنے کی کوشش کرے گا۔

واضح رہے کہ ایسی خبریں شائع/نشر ہوئی ہیں کہ عصمت دری متاثرہ کے اہل خانہ کی جانب سے لکھا گیا خط 17 جولائی کو موصول ہو جانے کے باوجود سپریم کورٹ رجسٹری نے اس معاملے میں کچھ نہیں کیا۔

31 Jul 2019, 5:10 PM

تاجر یا تو ملک چھوڑ رہے ہیں یا خودکشی کر رہے ہیں: ممتا بنرجی

تاجروں اور صنعت کاروں کے ذریعہ خودکشی کیے جانے یا پھر ہندوستان چھوڑ کر دوسرے ملک میں قیام کرنے کی خبروں پر مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے سوال کیا ہے کہ اگر سبھی صنعت کار اس طرح ملک چھوڑ دیتے ہیں یا خودکشی کر لیتے ہیں تو کیا آپ کو نہیں لگتا کہ یہ ملک کے لیے ایک خطرناک اشارہ ہے؟ میں آج افسردہ محسوس کر رہی ہوں کیونکہ یہ صنعت یا زراعت کا مستقبل نہیں ہونا چاہیے۔

31 Jul 2019, 4:10 PM

اناؤ عصمت دری: کلدیپ سینگر نے ہی کرایا حادثہ، میرے پاس ثبوت موجود، متاثرہ کے چچا کا دعویٰ

اناؤ عصمت دری واقعہ کی متاثرہ کی چچی کی آخری رسومات ادا ہو گئی ہیں۔ آخری رسوم ادا کرنے کے بعد متاثرہ کے چچا نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس اس بات کے ثبوت موجود ہیں کہ حادثہ بی جے پی رکن اسمبلی کلدیپ سینگر نے ہی کرایا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس لڑائی میں ہم پوری مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انصاف کی لڑائی میں پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر سمیت سبھی ملزمین کو سزا دلا کر ہی دم لیں گے۔


31 Jul 2019, 3:09 PM

کیرالہ کے تریشور میں یوتھ کانگریس کارکن نوشاد کا پیٹ پیٹ کر قتل

کیرالہ کے تریشور میں یوتھ کانگریس کارکن کے پیٹ پیٹ کر قتل کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ حملہ کرنے والوں کی تعداد 8 تھی۔ کانگریس کارکن کا نام نوشاد بتایا جا رہا ہے اور اس کی عمر 43 سال تھی۔ نوشاد کا قتل تریشور کے چوکّڈ میں گزشتہ شب ہوا۔

31 Jul 2019, 2:09 PM

اعظم خان کے بیٹے عبداللہ خان کو پولس نے حراست میں لیا

سماجوادی پارٹی لیڈر اعظم خان کے رکن اسمبلی بیٹے عبداللہ اعظم خان کو پولس نے حراست میں لے لیا ہے۔ عبداللہ اعظم خان پر غلط اور کوڈیڈ دستاویزوں کی بنیاد پر پاسپورٹ بنوانے کا الزام ہے۔ رام پور کے تھانہ سول لائنس میں بی جے پی لیڈر آکاش سکسینہ کی شکایت پر یہ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔


31 Jul 2019, 12:53 PM

پرینکا گاندھی نے یوم پیدائش پر منشی پریم چند کو یاد کیا

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے منشی پریم چند کے یوم پیدائش پر انھیں خاص انداز میں یاد کیا ہے۔ پریم چند کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ان کے افسانہ ’پنچ پرمیشور‘ کا ایک جملہ لکھا ہے جو آج کے دور میں بھی انتہائی بامعنی ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’بگاڑ کے ڈر سے کیا ایمان کی بات نہیں کرو گے۔‘‘ اس جملے کے ساتھ ہی پرینکا گاندھی نے لکھا ہے کہ ’’اپنے افسانوں کی دنیا میں ہندوستانی سماج کے دکھ درد، ہنسی-خوشی، ہار-جیت اور زندگی کی جدوجہد کو سامنے لانے والی ہندی ادب کی عظیم شخصیت منشی پریم چند کو ان کے یوم پیدائش پر خراجِ عقیدت۔‘‘

31 Jul 2019, 12:06 PM

ممبئی: محکمہ موسمیات نے جاری کیا الرٹ، کچھ ہی گھنٹوں میں ہوگی تیز بارش

ممبئی زوردار بارش کی وجہ سے گزشتہ دنوں کافی پریشان رہا، اور اب ایک بار پھر محکمہ موسمیات نے موسلادھار بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹھانے، پال گھر اور رائے گڑھ وغیرہ اضلاع میں کچھ ہی گھنٹوں میں زبردست بارش شروع ہو سکتی ہے 30 سے 40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔


31 Jul 2019, 11:09 AM

علی گڑھ: سڑکوں کی جگہ نمازِ جمعہ چھتوں پر پڑھنے کا فیصلہ

علی گڑھ شہر کے مفتی محمد خالد حمید نے شہر کے سبھی مساجد کی انتظامیہ کو سڑکوں کی جگہ مسجدوں کی چھت پر جمعہ کی نماز ادا کرانے سے متعلق انتظام کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس فیصلے سے دو طبقات کے درمیان ٹکراؤ ختم ہو سکتا ہے۔ مسلم طبقہ کے اراکین کے ضلع انتظامیہ افسران سے ملاقات کے بعد شہر مفتی کا یہ اعلان سامنے آیا ہے۔ پچھلے دنوں ضلع انتظامیہ نے سڑکوں پر سبھی مذہبی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔

مفتی محمد خالد حمید نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں پر نماز ادا کرنے کا کوئی انتظام نہیں ہے، لیکن کبھی کبھی لوگ مسجد کے اندر جگہ کی کمی کے سبب ایسا کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں نے سبھی مسجدوں کے انتظامیہ کو اس بارے میں مطلع کرا یا ہے اور ضرورت پڑنے پر انھیں چھت پر انتظام کرنا ہوگا۔‘‘ مفتی حمید نے یہ بھی کہا کہ ’’عید اور عیدالاضحیٰ جیسے خاص موقع پر لوگ جامع مسجد اور عیدگاہ کے برابر سڑکوں پر نماز ادا کر سکتے ہیں کیونکہ مسجد میں زبردست بھیڑ کے مدنظر جگہ کم پڑ جاتی ہے۔‘‘

31 Jul 2019, 8:20 AM

36 گھنٹے بعد کیفے کافی ڈے کے مالک کی لاش نیتراوتی ندی سے برآمد

مشہور کیفے چین سی سی ڈی یعنی کیفے کافی ڈے کے بانی وی جی سدھارتھ پچھلے 36 گھنٹے سے لاپتہ تھے، اور اب ان کی لاش کرناٹک کے منگلورو واقع نیتراوتی ندی کے کنارے سے برآمد ہوئی ہے۔ سدھارتھ سابق وزیر اعلیٰ ایس ایم کرشنا کے داماد تھے۔ خبروں کے مطابق مقامی مچھواروں کو لاش ندی کے کنارے تیرتی ہوئی نظر آئی جسے نکال کر انھوں نے پولس کو اطلاع دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔