اہم خبر: بلند شہر تشدد اور انسپکٹر سبودھ کے قتل کے کلیدی ملزم یوگیش راج کی ضمانت منظور
بلند شہر تشدد اور انسپکٹر سبودھ کے قتل کے کلیدی ملزم یوگیش راج کی ضمانت منظور
بلند شہر تشدد کے کلیدی ملزم یوگیش راج کو آج الہ آباد ہائی کورٹ سے ضمانت مل گئی۔ اس تشدد کے دوران سیانہ کے انسپکٹر سبودھ شہید ہو گئے تھے۔ این ڈی ٹی وی نے اس حوالہ سے خبر دی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اس تشدد کے ملزم جیتو فوجی سمیت 6 ملزمان کو ضمانت مل گئی تھی۔ جب یہ ملزم ضمانت پر رہا ہوکر باہر آئے تھے تو ان کا پھولوں سے استقبال کیا گیا تھا۔ استقبال کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھی۔
پاکستان: مریم نواز اور یوسف عباس کو 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیجا گیا
لاہور: لاہور کی ایک احتساب عدالت نے بدھ کے روز پاکستان مسلم لیگ نواز کی رہنما مریم نواز اور ان کے چچازاد بھائی یوسف عباس کو 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔ قومی احتساب بیورو (این اے بی) نے مریم اور عباس کی حراست کی میعاد میں توسیع کی درخواست کی تھی لیکن عدالت نے اسے خارج کر دیا اور دونوں کو 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیجنے کا حکم دیا۔
این اے بی نے چودھری چینی مل معاملہ میں آگے جانچ کے لیے دونوں کی حراست میں توسیع کی درخواست کی تھی ۔عدالت میں سماعت کے دوران جسٹس عامر محمد خان کے سامنے این اے بی کے وکلا حفیظ اسداللہ اعوان اور حارث قریشی نے اپنی دلیلیں پیش کیں اور کہا کہ چودھری چینی مل معاملہ میں جانچ کے لیے دونوں کی حراست ضروری ہے۔ مریم اور عباس کو اس معاملہ میں این اے بی نے آٹھ اگست کو گرفتارکیاتھا اور اس کے بعد سے دونوں کی حراست کی میعاد میں توسیع کی جاتی رہی ہے۔
اجے سنگھ بشٹ کی حکومت اتر پردیش کی بہن بیٹیوں کے لیے قہر: کانگریس
کانگریس نے اتر پردیش حکومت میں بگڑتے نظامِ قانون کو لے کر یوگی حکومت کو زبردست طریقے سے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’اجے سنگھ بشٹ حکومت اتر پردیش کی بہن بیٹیوں پر قہر بن کر ٹوٹ رہی ہے۔ ہر روز ریاست کے کسی نہ کسی گوشے سے خاتون پر مظالم کی دل دہلا دینے والی خبریں آتی ہے۔ لیکن، اجے بشٹ حکومت گونگی-بہری بن کر بیٹھی ہے۔‘‘ واضح رہے کہ اجے سنگھ بشٹ یوگی آدتیہ ناتھ کا اصل نام ہے۔
مہاراشٹر: پونے کے پٹرول پمپوں، ریلوے اسٹیشنوں اور بس اسٹینڈ سے پی ایم مودی کا ہورڈنگ ہٹانے کا حکم
پونے کے ڈپٹی کلکٹر سریکھا مانے نے مہاراشٹر اسمبلی انتخاب سے پہلے پٹرول پمپوں، ریلوے اسٹیشنوں اور بس اسٹینڈوں پر لگے وزیر اعظم نریندر مودی کے ہورڈنگ کو ہٹانے کے لیے نوٹس جاری کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں مہاراشٹر میں اپوزیشن پارٹی لیڈروں نے کہا تھا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ فڑنویس یا وزیر اعظم نریندر مودی کے ہورڈنگز، بینرس اور دیگر سرکاری اشتہارات میں لگی ان کی تصویروں کو ہٹایا جانا چاہیے۔
بی جے پی حکومت میں حق مانگنا گناہ، آنگن باڑی کارکنان پر برسائی جا رہیں لاٹھیاں: کانگریس
جھارکھنڈ میں آنگن باڑی کارکنان پر لاٹھیاں برسانے کو لے کر کانگریس نے ریاست کی بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس نے ٹوئٹ کر کے لکھا ہے کہ ’’بی جے پی راج میں حق مانگنا گناہ ہے۔ جھارکھنڈ میں آنگن باڑی کارکنان پر لاٹھیاں برسانا بی جے پی حکومت کی تاناشاہی اور ظالمانہ روش کو ظاہر کرتا ہے۔ ان خواتین پر پڑی ایک ایک لاٹھی بی جے پی حکومت کے خاتمہ کا سبب بنے گی۔‘‘
دہلی: وزیر اعلیٰ کیجریوال نے کرایہ داروں کے لیے خصوصی بجلی میٹر منصوبہ کا کیا اعلان
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے دہلی کے کرایہ داروں کے لیے پری پیڈ میٹر جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کرایہ دار بجلی میٹر منصوبہ کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ہم تین نمبر جاری کر رہے ہیں جس سے پری پیڈ میٹر کی ہوم ڈلیوری ہوگی۔ پری پیڈ میٹر کرایہ داروں کے یہاں لگائے جائیں گے اور یہ صرف ڈومیسٹک میں قابل استعمال ہوگا۔
سوامی چنمیانند کے بعد متاثرہ لڑکی بھی گرفتار، 14 دن کی عدالتی حراست میں
بی جے پی لیڈر سوامی چنمیانند پر عصمت دری کا الزام عائد کرنے والی متاثرہ کو 14 دن کے لیے عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔ ایس آئی ٹی نے آج صبح متاثرہ کو بلیک میلنگ کرتے ہوئے رقم وصولی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ گرفتار کر لڑکی کو مقامی عدالت لے جایا گیا جہاں اسے 14 دنوں کی عدالتی حراست میں بھیجنے کا فیصلہ سنایا گیا۔ اب شاہجہاں پور کیس میں چنمیانند بھی گرفتار ہو چکے ہیں اور ان پر عصمت دری کا الزام عائد کرنے والی لڑکی بھی گرفتار ہے۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں چنمیانند کو ایس آئی ٹی نے گرفتار کیا تھا اور پوچھ تاچھ کے دوران چنمیانند نے اپنی کئی غلطیوں کا اعتراف کیا تھا۔ بعد ازاں انھیں کچھ بیماری کی وجہ سے اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔
سوامی چنمیانند پر عصمت دری کا الزام عائد کرنے والی متاثرہ کو ایس آئی ٹی نے کیا گرفتار
شاہجہاں پور کیس میں سابق مرکزی وزیر سوامی چنمیانند پر الزام لگانے والی لڑکی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ لڑکی پر چنمیانند سے وصولی کرنے کا الزام تھا۔ اس کا ایک ویڈیو بھی سامنے آیا تھا جس کے بعد لڑکی اور اس کے تین ساتھیوں پر پولس نے کیس درج کیا تھا۔
اتر پردیش: رام پور میں ایک خاتون سے اجتماعی عصمت دری، مقدمہ درج
اتر پردیش کی یوگی حکومت جرائم پر قابو پانے میں ناکام نظر آ رہی ہے اور لگاتار اجتماعی عصمت دری کی خبریں آتی رہتی ہیں۔ اب خبر ملی ہے کہ اتر پردیش کے رام پور ضلع میں ایک خاتون کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی گئی اور اس کا ویڈیو بنا کر وائرل کیا گیا۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
