اہم خبر: چدمبرم کو 26 اگست تک سی بی آئی حراست میں بھیجنے کا عدالتی حکم

تصویر قومی آواز / وپن
تصویر قومی آواز / وپن
user

قومی آوازبیورو

22 Aug 2019, 6:45 PM

چدمبرم کو 5 دن کی سی بی آئی حراست میں بھیجنے کا عدالتی حکم

آئی این ایکس میڈیا کیس کے سلسلے میں پی چدمبرم کو آج سی بی آئی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں 5 دن کی سی بی آئی کی ریمانڈ میں بھیج دیا گیا۔ چدمبرم اب 26 اگست تک سی بی آئی کی حراست میں رہیں گے۔ عدالت نے سی بی آئی کو ہدایت دی ہے کہ وہ چدمبرم کی عزت و وقار کا خیال رکھے اور ان کے اہل خانہ کو ان سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔

قبل ازیں، سی بی آئی کی وکیل کے ساتھ ساتھ پی چدمبرم کی پیروی کر رہے وکلاء نے بھی اپنی اپنی طرف سے دلیلیں پیش کیں۔ سبھی کی باتیں سننے کے بعد سی بی آئی عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ رکھ تھا اور کچھ گھنٹوں کے بعد فیصلہ سنایا گیا۔

عدالت حکم کے مطابق اہل خانہ کو چدمبرم کو ہر روز 30 منٹ تک ملاقات کی اجازت دی جائے گی۔

22 Aug 2019, 5:10 PM

آئی این ایکس میڈیا کیس: سی بی آئی عدالت نے چدمبرم معاملے پر فیصلہ رکھا محفوظ

آئی این ایکس میڈیا کیس کے سلسلے میں پی چدمبرم کو آج سی بی آئی عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس دوران سی بی آئی کی وکیل کے ساتھ ساتھ پی چدمبرم کی پیروی کر رہے وکلاء نے بھی اپنی اپنی طرف سے دلیلیں پیش کیں۔ سبھی کی باتیں سننے کے بعد سی بی آئی عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا ہے اور ممکن ہے کہ کچھ دیر کے بعد وہ اپنا فیصلہ سنائے۔

22 Aug 2019, 3:10 PM

ہم رام کے عقیدت مند، پوجا کرنا ہمارا حق، عرضی گزار وشارد

نئی دہلی: ایودھیا کے بابری مسجد زمین تنازعہ پر سپریم کورٹ میں دسویں دن کی سماعت کے دوران جمعرات کو عرضی گزار گوپال سنگھ وشارد کی جانب سے دلیلیں پیش کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پوجا کرنے کا حق ہے اور یہ حق ان سے چھینا نہیں جا سکتا۔ وشارد کی جانب سے پیش سینئر وکیل رنجیت کمار نے چیف جسٹس رنجن گوگوئی، جسٹس ایس اے بوبڑے، جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ، جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس ایس عبدالنظیر کی آئینی بینچ کے سامنے دلیلیں پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ (موکل) پجاری ہیں اور انہیں متنازعہ جگہ پر پوجا کرنے کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حق ان سے کوئی نہیں چھین سکتا۔

کمار نے رام للا وراج مان کے وکیل سی ایس ویدناتھ کی دلیلوں سے اتفاق ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ متنازعہ زمین خود میں بھگوان کی جگہ ہے اور بھگوان رام کے عقیدت مند ہونے کے ناطے ان کے کلائنٹ کو وہاں پوجا کرنے کا حق ہے۔ یہ وہ جگہ ہے، جہاں رام کی پیدائش ہوئی تھی اور انہیں یہاں پوجا کرنے کا حق دیا جانا چاہئے۔

انہوں نے معاملے کی نچلی عدالت میں سماعت کے دوران پیش کئے گئے دستاویزوں کو آئینی بینچ کے سامنے رکھا۔ ان دستاویزوں میں 80 سال کے عبدالغنی کی گواہی کا بھی انہوں نے ذکر کیا۔ اس کے بعد خود جسٹس گوگوئی نے کمار سے کئی طرح کے سوال کئے، جس کاجواب انہوں نے پرانے دستاویزوں کی بنیاد پر دیا۔


22 Aug 2019, 2:04 PM

جموں و کشمیر کو لے کر جنتر منتر پر اپوزیشن پارٹیوں کا مظاہرہ

جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹائے جانے اور موجودہ صورت حال کے پیش نظر ڈی ایم کے کی قیادت میں کل جماعتی مظاہرہ میں حصہ لینے سی پی آئی ایم لیڈر سیتارام یچوری، ورندا کرات اور سماجوادی پارٹی لیڈر رام گوپال یادو بھی دہلی کے جنتر منتر پہنچے۔ سبھی لیڈروں نے مطالبہ کیا ہے کہ جموں و کشمیر میں حراست میں لیے گئے لیڈروں کو جلد آزاد کیا جائے۔

22 Aug 2019, 1:10 PM

ہریانہ: عاشق جوڑے کو ملی خوفناک سزا، پٹائی کے بعد منھ کالا کر گھمایا گیا گاؤں

ہریانہ کے کرنال تھانہ حلقہ میں ایک عاشق جوڑے کی خوب پٹائی کی گئی۔ پٹائی کے بعد لوگوں نے اس عاشق جوڑے کا منھ کالا کیا اور پھر جوتوں کی مالا پہنا کر پورے گاؤں میں گھمایا۔ بتایا جاتا ہے کہ معاملہ بدھ کا ہے اور عاشق کا تعلق دلت طبقہ سے ہے۔ پولس کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ دلت شخص کے اہل خانہ نے پولس میں شکایت درج کرائی ہے اور پورے معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔


22 Aug 2019, 12:04 PM

راج ٹھاکرے ای ڈی دفتر پہنچے، ممبئی کے کئی علاقوں میں دفعہ 144 نافذ

ممبئی میں ای ڈی دفتر میں آج ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے سے پوچھ تاچھ ہونے والی ہے۔ اس کے لیے راج ٹھاکرے ای ڈی دفتر پہنچ چکے ہیں۔ ایم این ایس کارکنان کی ہنگامہ آرائی کے پیش نظر ممبئی پولس نے ای ڈی دفتر کے باہر دفعہ 144 نافذ کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ پولس نے مرین ڈرائیو، ایم آر اے مارگ، دادر اور آزاد میدان پولس اسٹیشنوں میں بھی دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا ہے۔

22 Aug 2019, 11:02 AM

چدمبرم کی گرفتاری جمہوریت اور انصاف کا قتل ہے: کانگریس

بدھ کی دیر رات سابق وزیر مالیات پی چدمبرم کی گرفتاری سے کانگریس کافی ناراض ہے۔ آج صبح پریس کانفرنس کرتے ہوئے کانگریس ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ حکومت نے اہم ایشوز سے دھیان بھٹکانے کے لیے پی چدمبرم کو گرفتار کیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’گزشتہ دو دنوں میں ملک دن دہاڑے جمہوریت کے ساتھ انصاف کے قتل کا گواہ بنا ہے۔ اقتدار میں بیٹھے لوگوں کے ذریعہ سی بی آئی اور ای ڈی کا استعمال سیاسی رنجش نکالنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔‘‘

سرجے والا نے پی چدمبرم کی گرفتاری کو غلط ٹھہراتے ہوئے پریس کانفرنس میں کہا کہ ’’سابق وزیر داخلہ اور مالیات پی چدمبرم کے ساتھ غلط سلوک کیا جا رہا ہے اور منصوبہ بند طریقے سے مقدمہ چلایا جا رہا ہے، جو کہ مودی حکومت کے ذریعہ ذاتی اور سیاسی بدلہ سے کم نہیں ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ملک کی معیشت مودی حکومت کے کنٹرول سے باہر ہو رہی ہے، بے روزگاری بڑھتی جا رہی ہے، روپے کی قیمت گھٹ رہی ہے اور سبھی سیکٹرس میں بحران کی حالت دیکھنے کو مل رہی ہے۔ ایسے ماحول میں اب ہم وہ چیزیں دیکھیں گے جو ایک مایوس مودی حکومت ملک کا دھیان ہٹانے کے لیے کرے گی۔‘‘


22 Aug 2019, 10:06 AM

راجیو گاندھی جی کی کئی حصولیابیوں میں سے ایک تھا پنجاب، آسام اور میزورم معاہدہ: راہل گاندھی

راجیو گاندھی جی کی کئی حصولیابیوں میں سے ایک پنجاب، آسام اور میزورم معاہدہ تھا، جس نے جدوجہد اور تشدد کو ختم کرنے میں مدد کی۔ آپسی بھائی چارہ، شعور اور امن پسندی کی بنیاد پر اٹھائے گئے ان اقدام نے ہندوستانی یونین کو مضبوط کیا۔

22 Aug 2019, 9:02 AM

بی جے پی حکومت آواز اٹھانے والوں پر لاٹھی برساتی ہے اور گرفتار کرتی ہے: پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی نے بی جے پی حکومت پر دلتوں اور آواز اٹھانے والوں کے ساتھ ظلم کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ انھوں نے آج ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’بی جے پی حکومت پہلے کروڑوں دلت بہنوں-بھائیوں کی ثقافتی وراثت کی علامت روی داس مندر سے کھلواڑ کرتی ہے اور جب ملک کی راجدھانی میں ہزاروں دلت بھائی-بہن اپنی آواز اٹھاتے ہیں تو بی جے پی ان پر لاٹھی برساتی ہے، آنسو گیس چلواتی ہے، گرفتار کرتی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */