اہم خبر: ہماچل پردیش میں بھی این آر سی نافذ کرنے کی تیاری، وزیر اعلیٰ نے دیا اشارہ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

19 Sep 2019, 5:05 PM

ہماچل پردیش میں بھی ہو رہی این آر سی نافذ کرنے کی تیاری

این آر سی ہماچل پردیش میں بھی نافذ کیے جانے کی تیاری چل رہی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے این آر سی کو پورے ملک میں نافذ کرنے کا بیان دیا تھا، جس پر ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ جے رام ٹھاکر نے بھی حامی بھر دی ہے۔ پڑوسی ریاست ہریانہ بھی این آر سی نافذ کرنے جا رہا ہے۔ میڈیا میں آ رہی خبروں کے مطابق وزیر اعلیٰ جے رام ٹھاکر نے کہا کہ جس سمت میں پورا ملک آگے بڑھ رہا ہے، اس سمت میں ہم بھی آگے بڑھیں گے۔ امت شاہ نے جو ایشو رکھا ہے، اسے ہم سہل انداز میں قبول کرتے ہیں۔ ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ کوئی بھی یہاں آ کر بس جائیں۔

19 Sep 2019, 4:08 PM

حیدر آباد میں موب لنچنگ، جادو کے شبہ لوگوں نے ایک شخص کو پیٹ پیٹ کر کیا ہلاک

ایک چونکا دینے والے واقعہ میں جادو کرنے کے شبہ میں ایک شخص کو مارپیٹ کرکے ہلاک کردیا گیا اور لاش کوخاتون کی جلتی ہوئی لاش کے قریب پھینک دیاگیا۔ یہ واقعہ حیدرآباد کے شاہ میر پیٹ کے ادراس پلی گاوں میں پیش آیا۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ لکشمی نامی خاتون کی موت کے بعد پیش آیا۔یہ خاتون جو پانچ سال سے بیمار تھی، کی موت ہوگئی جس کے بعد اس کی آخری رسومات گاوں کے نواحی علاقہ میں انجام دی گئی۔پولیس ذرائع کے مطابق شمشان گھاٹ کے قریب ایک شخص انجینلو گیا اور اس نے لکشمی کے رشتہ دار کو پکڑ لیا اور اس پر الزام لگایا کہ اس نے جادو کرتے ہوئے خاتون کو ہلاک کیا ہے۔بعد ازاں دیہاتیوں نے اس کی پکڑ کر شمشان گھاٹ میں ہی پٹائی کردی اور اس کی موت کے بعد اس کی لاش لکشمی کی چتا کے قریب ڈال دیا۔شاہ میر پیٹ پولیس کو دیہاتیوں سے یہ اطلاع ملی جس کے بعد وہ وہاں پہنچی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔پولیس نے دو افراد کو شبہ کی بنیاد پر گرفتار کرلیا جن سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔

19 Sep 2019, 3:10 PM

سوامی چنمیانند کو بچانے کی کوشش کیوں کر رہی بی جے پی حکومت: کانگریس

شاہجہاں پور کیس کے ملزم بی جے پی لیڈر چنمیانند کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں کانگریس نے بی جے پی حکومت سے سوال کیا ہے۔ کانگریس نے پوچھا ہے کہ آخر بی جے پی حکومت چنمیانند کو بچانے میں کیوں لگی ہے؟ کانگریس نے ٹوئٹ کر لکھا ہے کہ ’’بی جے پی لیڈر چنمیانند جتنی دیر تک باہر رہیں گے اتنا ہی ثبوتوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کریں گے اور اسے مٹائیں گے۔ بی جے پی حکومت چنمیانند کو کیوں بچا رہی ہے؟‘‘


19 Sep 2019, 2:02 PM

شیئر مارکیٹ پھر مشکل میں، سنسیکس 400 سے زیادہ پوائنٹ نیچے، نفٹی بھی نیچے

شیئر بازار میں کہرام مچا ہوا ہے۔ سنسیکس اور نفٹی دونوں کا کاروبار نیچے گرتا جا رہا ہے۔ سنسیکس 400 سے زیادہ پوائنٹ نیچے گر گیا ہے۔ دوسری طرف نفٹی بھی 125 پوائنٹ گر گیا ہے۔ سنسیکس فی الحال 36162.70 پر ہے جب کہ نفٹی 10715.45 پر ہے۔

19 Sep 2019, 1:09 PM

مشکل میں معیشت، سرکار کوئی نتیجہ خیز قدم اٹھائے: کانگریس

کانگریس نے معیشت کے مسئلہ پر مرکز کی مودی حکومت سے سوال پوچھا ہے۔ کانگریس نے کہا ہے کہ ہماری معیشت انتہائی بحرانی صورت میں ہے۔ اس کے باوجود حکومت نتیجہ خیز قدم کیوں نہیں اٹھا رہی ہے۔ کانگریس نے ٹوئٹ کر کے لکھا ہے کہ ’’جب لوگ بنیادی اور ضروری چیزیں نہیں خرید رہے ہیں، جب سیکٹر در سیکٹر مندی کی مار جھیلنے کے لیے مجبور ہیں، تو آپ جانتے ہیں کہ ہماری معیشت سنگین بحران میں ہے۔ ہندوستان کو اس مشکل سے باہر نکالنے کے لیے حکومت نتیجہ خیز قدم کیوں نہیں اٹھا رہی ہے؟‘‘


19 Sep 2019, 12:07 PM

شیو سینا نے بی جے پی کو دی دھمکی، کہا ’’140 سیٹیں نہیں تو بی جے پی سے اتحاد بھی نہیں‘‘

مہاراشٹر اسمبلی انتخاب سے پہلے سیٹوں کی تقسیم کو لے کر بی جے پی-شیو سینا میں تلخی بڑھتی جا رہی ہے۔ شیو سینا کے سینئر لیڈر سنجے راؤت نے واضح کر دیا ہے کہ ان کی پارٹی برابری کی حالت میں ہی بی جے پی کے ساتھ مل کر انتخاب لڑے گی۔ سنجے راؤت نے کہا کہ ’’جب امت شاہ اور وزیر اعلیٰ (دیویندر فڑنویس) کے درمیان بات چیت کے دوران 50-50 فارمولہ اپنانے کا فیصلہ کر لیا گیا تو یہ بیان (دیواکر راؤتے کا بیان) غلط نہیں ہے۔ انتخاب ساتھ (بی جے پی) لڑیں گے، کیوں نہیں لڑیں گے۔‘‘

19 Sep 2019, 11:10 AM

دہلی-این سی آر: ٹرانسپورٹرس کی ہڑتال سے لوگ پریشان، سڑک سے آٹو-ٹیکسی ندارد

ٹرانسپورٹرس کی ہڑتال کی وجہ سے دہلی-این سی آر میں لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دفتر جانے کے لیے لوگ گھروں سے تو نکلے لیکن انھیں سڑک سے آٹو-ٹیکسی وغیرہ ندارد نظر آئے۔ سرکاری بسوں میں اس کی وجہ سے کافی بھیڑ دیکھی گئی اور اسکول و کالجوں کے بچے اس کی گیٹ پر لٹک کر سفر کرتے ہوئے بھی نظر آئے۔ کئی مقامات پر ہڑتال کرنے والوں نے اولا اور اوبیر کو بھی روکا۔


19 Sep 2019, 10:10 AM

ٹرانسپورٹرس ہڑتال: دہلی-این سی آر میں رکوائی جا رہیں اولا-اوبیر، مسافر پریشان

ٹرانسپورٹروں کا ہڑتال حالانکہ پورے ملک میں ہے لیکن دہلی-این سی آر میں اس کا اثر کافی زیادہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ دہلی-این سی آر میں کئی جگہ اولا اور اوبیر کو ٹرانسپورٹرس کے لوگ رکوا رہے ہیں جس سے لوگ کافی پریشان ہیں۔ یہ ہڑتال مودی حکومت کے ذریعہ نئے ٹریفک قانون اور بڑھے ہوئے چالان کے خلاف ہے۔

19 Sep 2019, 8:49 AM

مودی حکومت سے ناراض ٹرانسپورٹرس آج دہلی-این سی آر میں ہڑتال پر

مودی حکومت کے ذریعہ ٹریفک قانون میں کی گئی تبدیلیوں کے خلاف آج 19 ستمبر کو یونائٹیڈ فرنٹ آف ٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن (یو ایف ٹی اے) نے یک روزہ ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ اس ہڑتال کے مدنظر دہلی-این سی آر میں لوگوں کو خاصہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ پریشانی سے بچنے کے لیے کئی اسکول نے بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ حالانکہ اسکول کو بند رکھنے کے سلسلے میں حکومت نے کوئی صلاح یا حکم جاری نہیں کیا ہے۔ لیکن پرائیویٹ آپریٹروں کے ذریعہ بسوں کی عدم دستیابی کے سبب اسکول کو بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ہڑتال کا اعلان کرنے والے ادارہ یو ایف ٹی اے میں ٹرک، بس، آٹو، ٹیمپو، میکسی، کیب اور ٹیکسیوں کا دہلی/این سی آر میں نمائندگی کرنے والے 41 یونین اور ایسو سی ایشن شامل ہیں۔ اس بند کے دوران چونکہ اولا اور اوبیر بھی بند رہیں گے اس لیے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔