اہم خبر: چین میں ہریانہ کی دو بیٹیوں کے گولڈن پنچ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

17 Aug 2019, 9:10 PM

چین میں ہریانہ کی دو بیٹیوں کے گولڈن پنچ

بھوانی: چین میں چل رہے عالمی پولیس کھیلوں میں ہریانہ کی ارجن ایوارڈي کویتا چہل نے 81 کلو سے زائد اور بنٹی پنگھال نے 75 کلو وزن کی کلاس میں سونے کے تمغے جیتے ہیں۔

کویتا نے چین کی باکسر کو یکطرفہ مقابلے میں 5-0 اور بنٹی نے تھائی لینڈ کی باکسر کو 3-2 سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا۔ کویتا کا عالمی پولیس کھیلوں میں یہ چوتھا طلائی تمغہ ہے۔ وہیں بنٹی نے پہلی بار ان کھیلوں میں شرکت کرتے ہوئے طلائی تمغہ جیت لیا ہے۔

اس جیت کے بعد اب کویتا اب چار اکتوبر سے روس میں ہونے والی عالمی باکسنگ چمپئن شپ میں حصہ لےگي۔ وہیں بنٹی دسمبر میں ہونے والی قومی باکسنگ کی تیاری میں لگیں گي۔

17 Aug 2019, 6:10 PM

دہلی کے ایمس میں آگ لگنے کا واقعہ

نئی دہلی: آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں سنیچر کے روز آگ لگنے سے افرا تفری مچ گئی۔ محکمہ فائر بریگیڈ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق آگ کی خبر ملتے ہیں فائر بریگیڈ کی 34 گاڑیاں ایمس کے لئے روانہ کردی گئیں۔ ایمرجنسی وارڈ کے نزدیک آ گ لگنے کے سبب ایمرجنسی لیب کو فی الحال بند کردیا گیا ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی۔ آگ پہلے اور دوسرے فلور پر لگی ہے۔ دریں اثنا، فائر بریگیڈ نے کافی حد تک آگ پر قابو پا لیا ہے۔ کسی طرح کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

17 Aug 2019, 4:43 PM

مشہور و معروف نیوز اینکر نیلم شرما کا انتقال، دوردرشن نے کیا اظہارِ غم

دوردرشن کی مشہور و معروف اینکر نیلم شرما کا طویل علالت کے بعد آج انتقال ہو گیا۔ اس بات کی جانکاری دوردرشن کے ٹوئٹر ہینڈل سے دی گئی۔ نیلم شرما کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ کافی دنوں سے کینسر سے متاثر تھیں۔ دوردرشن نے ان کی موت کی خبر دیتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے کہ ’’نیلم شرما گزشتہ 20 سالوں سے دوردرشن کا حصہ تھیں۔ انھوں نے دوردرشن کے ساتھ اپنے کیریر کی شروعات سال 1995 میں کی تھی۔ انھوں نے ’تیجسونی‘ سے لے کر ’بڑی چرچا‘ جیسے کئی مشہور پروگرام کیے۔ مارچ میں ہی انھیں ’ناری شکتی سمّان‘ دیا گیا تھا۔ اس اعزاز کے علاوہ بھی نیلم شرما کو صحافت میں ان کے تعاون کے لیے کئی اعزازوں سے نوازا گیا تھا۔‘‘


17 Aug 2019, 4:10 PM

الور موب لنچنگ: پہلو خان کی فیملی گہلوت حکومت کی کارروائی سے پُرامید

الور موب لنچنگ کیس میں راجستھان حکومت نے ایس آئی ٹی تشکیل دے کر جانچ کا حکم صادر کر دیا ہے۔ گہلوت حکومت کے اس قدم سے پہلو خان کے گھر والے پرامید نظر آ رہے ہیں۔ پہلو خان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ حکومت کے اس حکم کے بعد ہماری امیدیں پھر سے بندھ گئی ہیں۔ حکومت کا حکم ہمارے لیے انصاف کو یقینی بنائے گا، لیکن ہم اس سلسلے میں ہائی کورٹ بھی جائیں گے۔

17 Aug 2019, 3:10 PM

یو اے پی اے بل کو غیر آئینی قرار دینے والی مفاد عامہ عرضی سپریم کورٹ میں داخل

سپریم کورٹ میں ایک مفاد عامہ عرضی داخل کی گئی ہے تاکہ یو اے پی اے بل کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے اسے نافذ کرنے سے روکا جائے۔ واضح رہے کہ یہ ایسا بل ہے جو مرکزی حکومت کو ایک شخص کو دہشت گرد کی شکل میں نامزد کرنے کی طاقت دیتا ہے۔


17 Aug 2019, 2:08 PM

جموں و کشمیر: پاکستان نے کی جنگ بندی کی خلاف ورزی، ایک جوان شہید

پاکستان نے راجوری ضلع کے نوشیرا سیکٹر میں ایک بار پھر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔ پاکستان کی ناپاک حرکت میں ایک جوان شہید ہو گیا ہے۔ خبروں کے مطابق آج صبح 6.30 بجے پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ ہندوستانی فوج پاکستان کی اس حرکت کا منھ توڑ جواب دے رہی ہے۔

17 Aug 2019, 1:10 PM

جموں و کشمیر: اتوار کی شام تک سبھی جگہ فون خدمات بحال ہو جائیں گے... چیف سکریٹری

جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری روہت کنسل نے امید ظاہر کی ہے کہ کل شام تک کچھ علاقوں کو چھوڑ کر باقی جگہوں پر فون خدمات شروع ہو جائیں گی۔ جموں میں لینڈ لائن اور موبائل خدمات پہلے ہی شروع ہو چکی ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم نے پانچ اضلاع میں موبائل، انٹرنیٹ خدمات شروع کر دی ہیں۔


17 Aug 2019, 12:10 PM

بی جے پی والوں کے دل میں اب بھی بسے ہیں عصمت دری کے ملزم: پرینکا گاندھی

ایک اشتہار میں عصمت دری کے ملزم کلدیپ سنگھ سینگر کی تصویر پی ایم مودی اور کئی سرکردہ بی جے پی لیڈروں کے ساتھ شائع ہوئی۔ اس اشتہار کے منظر عام پر آنے کے بعد کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’سی بی آئی نے رپورٹ دے دی۔ سپریم کورٹ نے پھٹکار لگا دی۔ لیکن بی جے پی والوں کے دل میں اب بھی عصمت دری کے ملزم کلدیپ سنگھ سینگر بستے ہیں۔ بی جے پی کے بڑے لیڈروں کی تصویر بھی ان کے ساتھ ہے۔ کیا ان کا کوئی تبصرہ آئے گا؟‘‘

واضح رہے کہ اناؤ عصمت دری معاملہ کے ملزم اور بی جے پی سے نکالے گئے رکن اسمبلی تہاڑ جیل میں بند ہیں اور تیس ہزاری کورٹ نے ان کے اوپر عصمت دری اور قتل کا الزام طے کر دیا ہے۔

17 Aug 2019, 11:09 AM

چھتیس گڑھ: پدم شری دامودر گنیش باپٹ کا انتقال

مشہور و معروف سماجی کارکن پدم شری دامودر گنیش باپٹ کا انتقال ہو گیا ہے۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے 2018 میں راشٹرپتی بھون میں منعقد تقریب میں چھتیس گڑھ کے سینئر سماجی خدمت گار دامودر گنیش باپٹ کو پدم شری سے نوازا تھا۔


17 Aug 2019, 9:11 AM

کشمیر میں فون خدمات بحال، جموں میں انٹرنیٹ بھی شروع

جموں و کشمیر میں 17 اگست سے فون خدمات کو بحال کر دیا گیا ہے۔ جموں میں 2 جی اسپیڈ کے ساتھ انٹرنیٹ خدمات کو بھی شروع کیا گیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اب جموں و کشمیر میں حالات معمول پر آ رہے ہیں اس لیے دھیرے دھیرے ان سبھی پابندیوں کو ہٹانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ریاست سے دفعہ 370 ہٹانے کے بعد احتیاطاً حکومت نے فون اور انٹرنیٹ خدمات پر پابندی لگا دی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔