اہم خبر: جیل میں بند سنجیو بھٹ سے ملنے جا رہے ہاردک پٹیل کو لیا گیا حراست میں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

14 Aug 2019, 9:12 PM

جیل میں بند برخاست آئی پی ایس سنجیو بھٹ سے ملنے جا رہے ہاردک کو لیا گیا حراست میں

پالن پور: گجرات میں ضلع بناسكانٹھا کے پالن پور جیل میں بند متنازعہ برخاست شدہ آئی پی ایس افسر سنجیو بھٹ سے ملنے جا رہے کانگریس کے دو اراکین اسمبلی اور پاٹيدار تحریک کے سابق لیڈر پٹیل سمیت تقریباً 30 افراد کو پولس نے آج حراست میں لے لیا۔ تاہم پولس نے راکھی لے کر بھٹ سے ملنے جا رہی ان کی بہن اور اہلیہ شویتا بھٹ کو ان سے ملنے کی اجازت دے دی۔

حراست میں لیے جانے کے بعد چھوڑ دیئے گئے پالن پور کے کانگریس رکن اسمبلی مہیش پٹیل نے یو این آئی کو بتایا کہ ان کے علاوہ پٹن کے رکن اسمبلی کریٹ پٹیل اور ہاردک کو پولس نے یہ کہتے ہوئے جیل کے پاس جانے کی اجازت نہیں دی کہ وہاں سیکورٹی وجوہات کے سبب دفعہ 144 نافذ ہے۔ پکڑے گئے 30 افراد کو بعد میں چھوڑ دیا گیا۔

انہوں نے دعوی کیا کہ یہ پروگرام صرف بھٹ کو راکھی باندھنے کے لئے نہیں بلکہ جیل میں بند تمام قیدیوں کو راکھی باندھنے کے لئے تھا۔ اس وقت کے وزیر اعلی نریندر مودی پر 2002 کے گجرات فسادات کے دوران پولس کو اکثریت طبقہ کے تئیں نرم رویہ اپنانے کی ہدایت دینے کے سنسنی خیز الزام عائد کرنے کی وجہ سے سرخیوں میں آئے بھٹ کو طویل عرصہ سے ڈیوٹی سے غائب رہنے کی وجہ 2011 میں معطل اور 2015 میں سروس سے برخاست کر دیا گیا تھا۔

وہ یہاں منشیات کو ہوٹل میں رکھنے سے متعلق ایک معاملے میں جیل میں بند ہیں تاہم اسی برس ضلع جام نگر کے دو دہائی سے زیادہ پرانے حراست میں موت سے متعلق ایک معاملے میں بھی انہیں عمر قید کی سزا ملی ہے۔ ان کی بیوی شویتا پہلے گجرات کی منی نگر اسمبلی سیٹ پر مودی کے خلاف الیکشن لڑ کر ہار چکی ہیں۔

14 Aug 2019, 8:10 PM

اٹاوہ جیل کے ڈپٹی جیلر جعفری پر ہوا قاتلانہ حملہ، شدید زخمی

اٹاوہ: اترپردیش کے اٹاوہ میں ضلع جیل رہائشی احاطہ میں بدھ کو دو بدمعاشوں کی جانب سے کیے گئے قاتلانہ حملے میں ڈپٹی جیلر کے زخمی ہو جانے سے کھلبلی مچ گئی۔ اٹاوہ ضلع جیل کے سپرنٹنڈنٹ راج كشور سنگھ نے یہاں بتایا کہ ڈپٹی جیلر ایس ایچ جعفری صبح جیل سے ساڑھے نو بجے اپنی رہائش گاہ پر پہنچے تھے۔ دس بجکر 45 منٹ پر جعفری کے مین گیٹ پر کسی نے دستک دی۔ ایس ایچ جعفری نے گھر کے اندر سے آواز دی کہ کون ہے، تو باہر سے جے ہند سر کی آواز لگائی گئی۔ انہیں احساس ہوا کہ یقینی طور پر آواز دینے والا جیل اہلکار ہے جس پر انہوں نے فوری طور پر گیٹ کھول دیا۔

انہوں نے بتایا کہ گیٹ کھولنے پر پتہ چلا کہ ایک شخص منہ ڈھک کر کھڑا ہے جبکہ اس کے ساتھی کا چہرہ کھلا ہوا ہے۔ ایس ایچ جعفری کچھ سمجھ پاتے اس وقت تک منہ ڈھکے ہوئے شخص نے تمنچہ نکال کر گولی چلا دی۔ فائر مس ہو گیا۔ اس کے بعد دونوں نے ڈپٹی جیلر پر بٹ سے حملہ کر دیا اور گلا دبا کر انہیں مارنے کی کوشش کی۔

راج کشور سنگھ نے بتایا کہ اس حملے کے دوران ایس ایچ جعفری کسی طرح بچ کر بھاگ نکلے۔ اس درمیان دونوں بدمعاش بھی فرار ہو گئے۔ بدمعاشوں کے حملے سے ایس ایچ جعفری کو اندرونی چوٹیں آئی ہیں۔ اس واقعہ کے بعد جیل سپرنٹنڈنٹ راج کشور سنگھ، ڈپٹی جیلر جگدیش پرساد اور ڈپٹی جیلر رام کبیر سنگھ سمیت کئی جیل اہلکار موقع پر پہنچے۔ ڈپٹی جیلر ایس ایچ جعفری نے حملے کا خدشہ مین پوری کے خطرناک بدمعاش وشرام سنگھ یادو پر ظاہر کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 20 دن پہلے ہی وشرام سنگھ یادو اٹاوہ کی ضلع جیل سے چھوٹا ہے۔ جیل میں اس نے اس بات کی دھمکی دی تھی کہ چھوٹنے کے بعد انہیں دیکھ لے گا۔ حملے کی اطلاع کے بعد سول لائن تھانہ انچارج پولس پارٹی کے ساتھ پہنچ گئے اور معاملے کی جانچ ہو رہی ہے۔

14 Aug 2019, 6:08 PM

الور موب لنچنگ، پہلو خان قتل معاملے میں عدالت نے سنایا فیصلہ، سبھی ملزم بری

راجستھان کے الور میں گئو اسمنگلنگ کے شک میں 1 اپریل 2017 کو مبینہ گئو ركشكوں کی بھیڑ نے پہلو خان کی جم کر پٹائی کی تھی، جس میں پہلو خان کی موت واقع ہو گئی تھی، پہلو خان قتل کیس میں الور ڈسٹرکٹ کورٹ نے بدھ کو اپنا فیصلہ سناتے ہوئے تمام ملزمان کو بری کر دیا ہے۔


14 Aug 2019, 6:07 PM

اتر پردیش میں یوم آزادی پر رہا ہوں گے 73 قیدی

لکھنؤ: اتر پردیش کی حکومت نے 73 ویں یوم آزادی کے موقع پر 15 اگست کو 73 قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایت پر 73 ویں یوم آزادی پر 15 اگست کو ریاست کی جیلوں میں قید 73 قیدیوں کو رہا کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریاست کی جیلوں میں قید ایسے قیدی جو عدالت کی طرف سے دی گئی سزا پوری کر چکے ہیں، لیکن جرمانہ نہ جمع کر پانے کی وجہ سے رہا نہیں ہو پا رہے تھے، ان کو وزیر اعلی کی ہدایت پر شناخت کر کے ان کی رہائی کی کوشش کی گئی ہے۔ ایڈیشنل چیف سکریٹری، داخلہ اور جیل اونیش کمار اوستھی کی طرف سے اس سلسلے میں پولس ڈائریکٹر جنرل، آئی جی، جیل انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔ 15 اگست کو رہا کیے جانے والے قیدی میرٹھ، کانپور شہر، مرادآباد، علی گڑھ، بریلی، ہمیر پور، چترکوٹ، سلطان پور، مرزاپور، وارانسی، متھرا، ایودھیا، آگرہ، اناؤ، ہردوئی، فتح گڑھ، لکھنؤ، قنوج، سیتاپور، گونڈا، سون بھدر، جھانسی، غازی آباد اور رائے بریلی اضلاع کی جیلوں میں قید ہیں۔

14 Aug 2019, 5:09 PM

جموں و کشمیر سے دفعہ 370 کو ختم کرنے پر پنجاب یونیورسٹی میں 19 اگست کو کھلی بحث

چندی گڑھ : جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹانے کے سلسلے میں پنجاب یونیورسٹی میں پنجاب اسٹوڈنٹس یونین (للکار) کے زیر اہتمام کھلی بحث کا پروگرام 19 اگست کو ہوگا۔ یونین کے ذریعہ جاری ایک بیان کے مطابق، یہ پروگرام کل (13 اگست) ہونا تھا لیکن پولس اس پروگرام کو ’’ملک کے خلاف اور مذہبی جذبات بھڑکانے والا“ قرار دیتے ہوئے منسوخ کرنے کی دھمکی دے رہی تھی۔ طلباء نے احتجاج کیا کہ اس معاملے میں پولس کا کوئی کام نہیں ہے اور وہ پنجاب یونیورسٹی کے طالب علم ہیں اور یونیورسٹی کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔ بعدازاں ایک پروفیسر نے بھی یونین کے ساتھ ایک میٹنگ میں کہا کہ مسئلہ کشمیر پر کیمپس میں کوئی پروگرام منعقد نہیں کیا جائے گا۔ طلباء نے اس کی سخت مخالفت کی اور پریس کانفرنس طلب کی۔ انہوں نے طلبہ کو دھمکانے کے لئے یونیورسٹی حکام کے رویہ اور پولس فورس کے استعمال کی مذمت کی۔ بعد میں یونیورسٹی کے عہدیداروں اور پولس نے ایک بار پھر یونین کے ساتھ میٹنگ کی۔ یونین نے استدلال کیا کہ پورا میڈیا اور حکومت کشمیر کے بارے میں اپنے خیالات ظاہر کر رہی ہے، لہذا عام آدمی اور طلبہ اس موضوع پر کیوں نہیں بول سکتے۔ یونین کے مطابق اس کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے اپنا موقف تبدیل کیا اور پروگرام کے انعقاد کی اجازت دے دی۔ لہذا، اب یہ پروگرام 19 اگست کو اے سی جوشی لائبریری لان کے قریب منعقد ہوگا۔


14 Aug 2019, 4:03 PM

راہل گاندھی نے آر بی آئی کو لکھا خط، کیرالہ کے کسانوں کے لے مانگی مدد

انڈین ریزرو بینک (آر بی آئی) کے گورنر شکتی کانتا داس کو لکھے خط میں راہل گاندھی نے کہا ہے کہ کیرالہ ایک صدی میں سب سے تکلیف دہ سیلاب کا گواہ بنا ہے۔ انھوں نے اس خط میں مزید لکھا کہ ”میں ریزرو بینک سے گزارش کتا ہوں کہ دسمبر 2019 تک کسانوں کے لیے قرض کی ادائیگی کی میعاد بڑھا دی جائے۔“

14 Aug 2019, 3:09 PM

اب پورے اتر پردیش میں سڑکوں پر نماز پڑھنے پر پابندی عائد!

اتر پردیش پولس نے پوری ریاست میں سڑکوں پر ہونے والی جمعہ کی نماز پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ پولس ڈائریکٹر جنرل او پی سنگھ نے اس سلسلے میں کہا کہ ”خاص مواقع پر جب زیادہ بھیڑ جمع ہوتی ہے تو ضلع انتظامیہ کے ذریعہ اس کی اجازت دی جا سکتی ہے، لیکن ہر جمعہ کی نماز کے دوران اس روایت کو باضابطہ طور سے کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔“ سبھی ضلع پولس سربراہان اور دیگر افسران کو اس سلسلے میں گائیڈ لائنس جاری کر دیے گئے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ سڑکوں پر جام لگا کر نماز ادا نہ کی جائے۔


14 Aug 2019, 1:35 PM

اے آئی ٹی اے نے پاکستان میں ڈیوس کپ کھیلنے سے کیا انکار!

ذرائع کے مطابق آل انڈیا ٹینس ایسو سی ایشن (اے آئی ٹی اے) نے بین الاقوامی ٹینس ایسو سی ایشن (آئی ٹی ایف) کو خط لکھ کر ہونے والے ڈیوس کپ کے انعقاد کی جگہ کو بدلنے یا کچھ وقت کے لیے اسے ملتوی کرنے کے لیے کہا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ”جب تک کہ حالات بہتر نہ ہوں ہم پاکستان میں جا کر نہیں کھیل سکتے۔ ہم نے اس بارے میں آئی ٹی ایف کو میل کیا ہے۔“

14 Aug 2019, 12:11 PM

رجنی کانت پر اویسی کا بڑا حملہ، پوچھا 'کیا ملک میں ایک اور مہابھارت چاہتے ہیں؟'

آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی نے رجنی کانت کے ایک بیان پر اپنا سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ”تمل ناڈو کے ایک اداکار (رجنی کانت) نے دفعہ 370 ہٹانے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کو ’کرشن اور ارجن‘ قرار دیا ہے، تو ان حالات میں کورو اور پانڈو کون ہیں؟ کیا آپ ملک میں ایک اور مہابھارت چاہتے ہیں؟“


14 Aug 2019, 10:41 AM

راجستھان: پہلو خان موب لنچنگ معاملہ میں عدالت آج سنائے گی فیصلہ

راجستھان کے الور ضلع میں بھیڑ کے ذریعہ پہلو خان کے قتل معاملہ میں آج اے ڈی جے عدالت اپنا فیصلہ سنائے گی۔ اس معاملے میں 7 ملزمین پر فیصلہ آنا ہے۔ اے ڈی جے کورٹ نمبر 1 کی جج جسٹس ڈاکٹر سریتا سوامی نے پہلو خان معاملہ کا فیصلہ سنانے کے لیے 14 اگست کی تاریخ مقرر کی تھی۔

14 Aug 2019, 9:09 AM

راجستھان: بھیلواڑا میں 36 بچے فوڈ پوائزننگ کے شکار

راجستھان کے بھیلواڑا واقع جھبرکیا گاوں میں 36 بچے فوڈ پوائزننگ کے شکار ہو گئے ہیں۔ بچوں کو فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مڈ ڈے میل کھانے کے بعد بچوں کی طبیعت اچانک بگڑنے لگی جس کے بعد انھیں اسپتال لے جایا گیا۔ گنگا پور کے ایس ڈی او نے اس واقعہ کے تعلق سے بتایا کہ بچوں کو فوڈ پوائزننگ کی وجہ سے پیٹ میں تکلیف کی شکایت ہوئی ہے اور اس پورے معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ قصورواروں کو سزا دی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔