اہم خبر: شمالی کمان کے فوجی کمانڈر نے کشمیر میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

13 Sep 2019, 7:10 PM

شمالی کمان کے فوجی کمانڈر نے کشمیر میں سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا

جموں: فوج کی شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف لیفٹیننٹ جنرل رنبیر سنگھ نے جمعہ کو وادی کشمیر کا دورہ کر کے سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ رنبیر سنگھ کے ساتھ اس دوران چنار کور کمانڈر کے لیفٹیننٹ جنرل کے جے ایس ڈھلوں بھی موجود رہے، جنہوں نے شمالی کشمیر اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی صورت حال سے آگاہی کرائی۔

دریں اثنا، رنبیر سنگھ کو حال ی میں ہونے والی در اندازی کی کوشش اور ملی ٹینٹوں کے خلاف کی جانے والی کارروائی اور وادی میں سکیورٹی کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ رنبیر سنگھ کو ایل اوسی اور وادی کشمیر میں مستعد سکیورٹی اہلکار اور فوج کے افسران کی تعریف بھی کی۔ انہوں نے انسانیت کی بنیاد پرکشمیری عوام کی مدد کرنے کے لیے سکیورٹی فورسز کے جذبے کی تعریف بھی کی۔

13 Sep 2019, 6:10 PM

ویمنس ونگ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے دسواں دو روزہ جنوبی ہند ورکشاپ

حیدرآباد: ویمنس ونگ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے شہر حیدرآباد میں دسواں ورکشاپ 14، 15ستمبر بروز ہفتہ و اتوار بمقام کریسٹل بنجارہ مانصاحب ٹینک بوقت صبح 10 بجے تا 5بجے شام منعقد کیا جائے گا۔

اس ورکشاپ میں ریاست مہاراشٹر، کرناٹک، مغربی بنگال، تامل ناڈو، آندھرا پردیش اور کیرالا کی خواتین اراکین اور کوآرڈینٹرس کی شرکت متوقع ہے۔ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ، مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور ایڈوکیٹ سپریم کورٹ آف انڈیا جناب فضیل احمد ایوبی کے خصوصی خطابات ہوں گے۔

دوروزہ ورکشاپ میں تحریک تحفظ شریعت، اصلاح معاشرہ، تین طلاق بل، دارالقضاء کی خدمات، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ ویمنس ہیلپ لائن، کاؤنسلنگ سینٹرس، ویمنس ونگ کے اضلاع کی سرگرمیوں پر جملہ 6 سیشن رکھے گئے ہیں۔ ڈاکٹر اسماء زہرہ چیف کوآرڈینیٹر ویمنس ونگ نے دلچسپی رکھنے والی سماجی کارکنات و اصلاح کا کام کرنے والی بہنوں سے گذارش کی ہے کہ فون نمبر 9550123871 پر رابطہ پیدا کریں اور رجسٹریشن کروائیں۔

13 Sep 2019, 5:10 PM

بہار: بینک سے تقریباً 20 لاکھ روپے کی لوٹ

موتیہاری: بہارمیں مشرقی چمپارن ضلع کے چکیا تھانہ علاقہ میں آج دن دہاڑے مسلح بدمعاشوں نے بندھن بینک سے تقریباً 20 لاکھ روپے لوٹ لئے۔ پولس ذرائع نے یہاں بتایا کہ سہ پہر قریب پونے تین بجے چار کی تعداد میں مسلح بدمعاش کسٹمر بن کر بینک میں داخل ہو گئے۔ اس کے بعد بدمعاشوں نے چکیا بازار واقع بندھن بینک کے ملازمین اور وہاں موجود صارفین کو اسلحہ کی طاقت پر اپنے قبضے میں لے لیا اور بینک کے لاکر میں رکھے روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ بدمعاشوں نے بینک سے قریب 20 لاکھ روپے کی لوٹ کی ہے۔ واقعہ کی اطلاع پر پہنچی پولس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔ بدمعاشوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے ماری کی جارہی ہے۔


13 Sep 2019, 4:10 PM

DUSU الیکشن میں 3 سیٹوں پر اے بی وی پی اور 1 پر این ایس یو آئی قابض

دہلی یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین (DUSU) الیکشن کا نتیجہ برآمد ہو چکا ہے۔ اے بی وی پی نے صدر، نائب صدر اور جوائنٹ سکریٹری کے عہدہ پر قبضہ کیا ہے جب کہ ایک سیٹ پر این ایس یو آئی کو کامیابی ملی ہے۔ این ایس یو آئی نے سکریٹری عہدہ پر جیت حاصل کی ہے۔

13 Sep 2019, 3:08 PM

سنت روی داس مندر: کانگریس لیڈر کی عرضی پر سپریم کورٹ میں سماعت 16 ستمبر کو

دہلی کے سنت روی داس مندر کے انہدام سے متعلق سپریم کورٹ میں ایک عرضی پر سماعت 16 ستمبر کو ہوگی۔ یہ عرضی کانگریس لیڈر اشوک تنور اور سابق رکن پارلیمنٹ پردیپ جین نے داخل کی تھی۔


13 Sep 2019, 2:09 PM

اب پارٹی پروگراموں میں نہیں ہوگا بینر، پوسٹر یا فلیکس کا استعمال، ڈی ایم کے صدر ایم کے اسٹالن کا اعلان

ڈی ایم کے کے پروگراموں میں بینر، فلیکس اور پوسٹر نہیں لگائے جائیں گے۔ پارٹی سربراہ ایم کے اسٹالن نے کہا کہ ’’میں دہراتا ہوں کہ ڈی ایم کے کارکنان کو پارٹی سے جڑے پروگراموں کے بارے میں بینر، فلیکس اور پوسٹر وغیرہ لگانا بند کرنا ہوگا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ اجازت لینے کے بعد صرف ایک یا دو لگائے جا سکتے ہیں۔ اسٹالن نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ جو اس قانون کی خلاف ورزی کریں گے، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

13 Sep 2019, 12:58 PM

دہلی: کیجریوال نے ایک بار پھر 4 سے 15 نومبر تک ’طاق-جفت نظام‘ نافذ کرنے کا کیا اعلان

دہلی کے وزیر اعلیٰ روند کیجریوال نے 4 نومبر سے 15 نومبر تک طاق-جفت نظام نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی دہلی والوں کو ماسک بھی دیے جائیں گے۔ اکتوبر میں لوگوں کو این-95 ماسک مہیا کرائے جائیں گے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ نے دہلی والوں سے پٹاخے نہ چلانے کی گزارش بھی کی ہے۔ کیجریوال نے کہا کہ نومبر کے مہینے میں دہلی کے آس پاس کی ریاستوں میں پرالی جلائی جاتی ہے۔ اس وجہ سے دہلی گیس چیمبر بن جاتا ہے۔ ہم آلودگی کو روکنے کے لیے مرکز اور پنجاب حکومت کے ساتھ اپنی سطح پر کام کر رہے ہیں، لیکن دہلی حکومت ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھ نہیں سکتی ہے۔


13 Sep 2019, 12:09 PM

طلاق ثلاثہ قانون: سپریم کورٹ میں ایک اور عرضی داخل، مرکز کو نوٹس جاری

طلاق ثلاثہ قانون کے خلاف سپریم کورٹ میں ایک مزید عرضی داخل کی گئی ہے۔ مسلم ایڈووکیٹ ایسو سی ایشن آف تمل ناڈو نے سپریم کورٹ میں طلاق ثلاثہ کو جرائم کے زمرے میں رکھنے کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔ پارلیمنٹ کے ذریعہ پاس اس قانون کی اس نے چیلنج کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے اس عرضی پر مرکز کو نوٹس جاری کر معاملے کو دوسری عرضیوں کے ساتھ جوڑ دیا ہے۔

13 Sep 2019, 11:10 AM

یو پی پولس کی حیوانیت ظاہر، کاغذ نہ دکھانے پر نوجوان کی بے رحمی سے پٹائی

اتر پردیش کے سدھارتھ نگر ضلع کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وئرل ہو رہا ہے۔ اس ویڈیو میں ہیلمٹ نہ لگانے اور گاڑی کا کاغذ نہ ہونے پر ایک لڑکے کو پولس سب انسپکٹر اور سپاہی لات گھونسوں سے جس بے رحمی سے پیٹتے نظر آ رہے ہیں، وہ حیران کن ہے۔ چاچا کے ساتھ ہوتی مار پیٹ وہاں موجود اس کا چھوٹا بھتیجہ بھی دیکھ رہا تھا اور روئے جا رہا تھا۔ اس کے باوجود پولس اہلکاروں نے نوجوان کی پٹائی جاری رکھی۔ نوجوان نے ہاتھ جوڑ کر معافی بھی مانگی لیکن چوکی انچارج کچھ سننے کے لیے تیار نہیں تھا۔ بعد میں جب اس واقعہ کا ویڈیو وائرل ہوا تو ایس پی دھرم ویر سنگھ نے دونوں ملزم پولس اہلکاروں کو معطل کرتے ہوئے جانچ کا حکم جاری کر دیا۔


13 Sep 2019, 10:08 AM

یو پی کی بی جے پی حکومت کو خواتین کی سیکورٹی کی ذرا بھی فکر نہیں: پرینکا گاندھی

خواتین کے تحفظ کو لے کر کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اتر پردیش کی بی جے پی حکومت پر حملہ بولا ہے۔ انھوں کہا کہ یو پی کی بی جے پی حکومت نے اپنی حرکتوں سے صاف کر دیا ہے کہ اس کا خواتین کی سیکورٹی سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔ پرینکا گاندھی نے حکومت سے یہ سوال بھی پوچھا کہ آخر کیوں شکایت دہندہ لڑکی کو دوبارہ پریس کے سامنے سیکورٹی کی اپیل کرنی پڑ رہی ہے؟ آخر یو پی پولس سست کیوں ہے؟ کیونکہ ملزم کا تعلق بی جے پی سے ہے؟

13 Sep 2019, 8:19 AM

آئی ایم ایف نے بھی دیا مودی حکومت کو جھٹکا، معاشی رفتار پر اٹھایا سوال

بین الاقوامی مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے یہ کہتے ہوئے مودی حکومت کو جھٹکا دیا ہے کہ ہندوستان کی معاشی ترقی امید سے بہت زیادہ کم ہے۔ آئی ایم ایف نے اس کی وجوہات کے بارے میں بھی بتایا۔ آئی ایم ایف نے جمعرات کے روز بتایا کہ کارپوریٹ اور ماحولیاتی ریگولیٹری کی غیر یقینی اور کچھ غیر بینکنگ مالی کمپنیوں کی کمزوریوں کے سبب ہندوستان کی معاشی ترقی امید سے ’بہت کمزور‘ ہے۔ آئی ایم ایف ترجمان گیری رائس نے نیو یارک میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ’’ہم نئے اعداد و شمار پیش کریں گے لیکن خاص کر کارپوریٹ اور ماحولیاتی ریگولیٹری کی غیر یقینی اور کچھ غیر بینکنگ مالیاتی کمپنیوں کی کمزوریوں کے سبب ہندوستان میں حالیہ معاشی ترقی امید سے کافی کمزور ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔