اہم خبر: تیرہ اگست کو سون بھدر جائیں گی پرینکا گاندھی 

کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے متاثرین کو مالی امداد دینے کا اعلان کیا تھا
i

13 اگست کو سون بھدر جائیں گی پرینکا گاندھی

لکھنؤ: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی 13 اگست کو سون بھدر کے تشدد متاثر امبھا گاؤں کا دورہ کر کے متاثرین سے ملاقات کریں گی۔

ضلع میں گھوراول کوتوالی علاقے کے امبھا گاؤں میں زمینی تنازعہ کے سلسلے میں گزشتہ 17 جون کو دس قبائلیوں کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا جبکہ کئی دیگر شدید زخمی ہو گئے تھے۔

کانگریس ذرائع نے اتوار کو بتایا کہ پرینکا گاندھی 13 اگست کو تشدد متا ثرہ کنبوں سے ملنے سون بھدر جائیں گی۔ فائرنگ کے واقعہ کے بعد پرینکا متاثرین سے ملنے وارانسی سے سون بھدر کے لیے روانہ ہوئی تھی لیکن مرزا پور -سون بھدر سرحد پر پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا تھا ۔

کانگریس جنرل سکریٹری کو 26 گھنٹوں تک چنار گیسٹ ہاؤس میں رکھا گیا تھا ۔ تاہم بعد میں سون بھدر کے متاثرین نے گیسٹ ہاؤس میں آکر محترمہ واڈرا سے ملاقات کی تھی ۔ متاثرین سے ملاقات کے دوران انہوں نے متاثرہ فی کنبے کو دس لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔

باپ کو قتل کرکے ماں کو شدید طورپر زخمی کیا

چتوڑ گڑھ: راجستھان میں چتوڑ گڑھ ضلع کے نمباہیڑا صدرتھانہ علاقے میں ایک شرابی بیٹے نے اپنے ماں باپ پر حملہ کرکے باپ کو قتل کیا اور ماں کو شدید طورپر زخمی کردیا۔

پولس کے مطابق علاقے میں قومی شاہراہ پر واقع مانگرول گاؤں کے رہنے والے مکیش نائک نے ہفتے کی رات شراب کے نشہ میں جھگڑا کرنے کے بعد کلہاڑی سے اپنے باپ پھول چند اور ماں پر حملہ کردیا جس میں دونوں شدید طور پر زخمی ہوگئے۔

واردات کو انچام دینے کے بعد مکیش نے شاہراہ پر بنے چالیس فٹ اونچے فلائی اوور سے چھلانگ لگادی۔ گاؤں والوں کی اطلاع پر پہنچی پولس نے موقع پر پہنچ کر تینوں کو نمباہیڑا اسپتال پہنچایا ۔ان میں پھول چند کی موت ہوگئی جبکہ ماں بیٹے کا علاج جاری ہے۔

بچّے کے ساتھ بدفعلی کرنے کے الزام میں ایک نامزد ملزم گرفتار

پرتاپ گڑھ: اترپردیش میں پرتاپ گڑھ ضلع کے تھانہ سٹی کوتوالی پولس نے بچّے کے ساتھ بدفعلی کرنے کے الزام میں ایک ملزم کے خلاف کیس درج کر گرفتار کیا۔ ڈی ایس پی سٹی اتل شرما نے بتایا کہ دی گئی شکایت میں الزام عائد کیا ہے کہ سات سال کا ایک لڑکا گزشتہ 29 جولائی کو مویشی لے کر جنگل گیا تھا۔ جہاں گاوؤں کے دھیرج نے اس کے ساتھ بدفعلی کی۔ جبکہ اس وقت دونوں فریقین میں سمجھوتہ ہو گیا تھا۔ لیکن بعد میں فریقین کے درمیان کچھ کہا سنی ہونے کے بعد متاثرہ لڑکے کے اہل خانہ نے شکایت دی۔ پولس شکایت پر ملزم دھیرج کے خلاف سنگین دفعات میں کیس درج کر گرفتار کرکے آج جیل بھیجا۔


امریکی پابندیوں کے خلاف وینزویلا میں ٹرمپ کے خلاف مظاہرے

كاراكاس: امریکہ کے پابندی عائد کیے جانے کے فیصلے کے خلاف وینزویلا کے دارالحکومت كاراكاس اور دیگر شہروں میں ہفتہ کے روز لوگ سڑکوں پر اترآئے اور انہوں نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف نعرے بازی کی۔

وینزویلا کے سرکاری ٹیلی ویژن نے بتایا کہ مظاہرین ہاتھوں میں بینر اور پوسٹر تھامے، جس پر ’نو مور ٹرمپ‘ لکھا ہوا تھا۔

وینزویلا کے نائب صدر ڈیلسی روڈریگوئز نے کہا کہ ’’وہ (امریکہ) وینزویلا کو امن کے مقدس حق سے محروم کرنا چاہتے ہیں، لیکن ہم جدوجہد کریں گے‘‘۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکہ کے دائرہ اختیار میں آنے والے وینزویلا کے سینٹرل بینک اور پی ڈی وی ایس اے تیل کمپنی پر پابندی لگانے والے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر گزشتہ منگل کو دستخط کر دیئے۔ یہ حکم وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی حمایت کرنے والوں کے خلاف بھی پابندی لگانے کا مجاز ہے۔

میانمار میں تودے گرنے سے اب تک 41 ہلاک

یانگون: میانمار کی منو ریاست میں مٹی کے تودے گرنے کے واقعہ میں مرنے والوں کی تعداد 29 سے بڑھ کر 41 ہوگئی ہے۔

فائربریگیڈ کے محکمے نے بتایا کہ تیز بارش کے سبب جمعہ کے روز کوما لاٹ پہاڑ کا ایک حصہ گر گیا تھا جس میں کئی لوگ اور گاڑیاں دب گئی تھیں۔

اس برس میانمار میں بھاری بارش ہوئی ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے محکمے کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق میانمار میں تیز بارش اور سیلاب کی وجہ سے جون سے اب تک 105000 لوگ بے گھر ہوگئے ہیں۔


کرناٹک میں مٹی کے کٹاؤ اور تودے گرنے سے ریل سفر متاثر

کرناٹک کے کئی علاقوں می سیلاب سے مٹی کے کٹاؤ اور تودے گرنے سے سکلیش پور اور سبرمنیہ اسٹیشن کے درمیان ریلوے سرس متاثر ہوئی ہے۔

کرناٹک میں سیلاب، 10 ٹرین 23 اگست تک معطل

بنگلور: جنوب مغربی ریلوے (ایس ڈبلیو آر) نے کرناٹک میں سیلاب کی سنگین صورت حال کے درمیان ہاسن۔بنگلور کے علاقے میں ہوئے تودہ گرنے کے بعد 10 ٹرینوں کی آمدورفت 23 اگست تک ملتوی کرنےکا سنیچر کو اعلان کیا۔

یہاں سنیچر کو جاری ریلوے کی ریلیز کے مطابق جن ٹرینوں کی خدمات معطل کی گئی ہیں ان میں یشونت پور۔کارواڑ ایکسپریس، کارواڑ۔یشونت پور ایکسپریس، کے ایس آر۔ بنگلورو ایکسپریس ، کے ایس آر بنگلورو۔کارواڑ ایکسپریس، کنور۔کے ایس آر بنگلورو ایکسپریس، کارواڑ۔ کے ایس آر بنگلورو ایکسپریس ، یشونت پور۔ بنگلورو ایکسپریس وغیرہ ٹرینیں شامل ہیں۔

گزشتہ پانچ دنوں میں ہاسن اور سبرمنیے سڑک کے درمیان تودہ اور درخت گرنے کی 30 واقعات ہوئے ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق بندوال شہر میں سابق مرکزی وزیر بی جناردن پجاری اور ان کے اہل خانہ کے اراکین سمیت 1000 لوگوں کو سیلابی پانی سے نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچایاگیا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔