اہم خبر: کانگریس ورکنگ کمیٹی کا فیصلہ، سونیا گاندھی ہوں گی عبوری صدر

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

10 Aug 2019, 11:06 PM

کانگریس ورکنگ کمیٹی کا فیصلہ، سونیا گاندھی ہوں گی عبوری صدر

کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کی ایک انتہائی اہم میٹنگ پارٹی دفتر میں ہوئی، جس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ یو پی اے چیئرپرسن سونیا گاندھی کو کانگریس پارٹی کا عبوری صدر بنایا جائے۔ اس ابت کی اطلاع غلام نبی آزاد نے دی، اس اجلاس میں کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی، احمد پٹیل، غلام نبی آزادی، اشوک گہلوت، ملکارجن کھڑگے وغیرہ موجود تھے۔

10 Aug 2019, 9:10 PM

عیدالاضحی کے روز مسلم خواتین کو ہماچل کارپوریشن کی بسوں میں مفت سفر

شملہ: ہماچل پردیش روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایچ آر ٹی سی) نے 12اگست کو عیدالاضحی کے دن مسلم خواتین کو اس کی بسوں میں مفت سفر کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

کارپوریشن کے محکمہ جاتی منیجر پنکج سنگھل نے آج یہاں یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ مسلم خواتین اس سہولت کا فائدہ صبح صادق سے لیکر سورج کے غروب ہونے تک لے سکیں گی۔ اس سہولت کے لئے خواتین کو صرف اپنا شناختی کارڈ دکھانا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ مسلم خواتین کو یہ سہولت ہندوؤں کے تہوار کرواچوتھ اور رکشا بندھن کی طرز پر دی جائے گی۔ عیدالاضحی کے دن مسلم خواتین ریاست کے کسی بھی کونے میں کارپوریشن کی بسوں میں مفت سفر کرسکیں گی۔ حالانکہ ہماچل سے باہر جانے پر انہیں کرایہ دینا ہوگا۔

10 Aug 2019, 8:10 PM

اے پی کے ضلع گنٹور میں گاؤشالہ کی 100 سے زائد گائیں مردہ پائی گئیں

حیدرآباد: اے پی کے ضلع گنٹور کے نواح میں کتور تاڑی پلی گاؤں میں ایک گاؤشالہ کی 100 سے زائد گائیں مردہ پائیں گئیں جبکہ دس دیگر گائیں شدید بیمار پڑگئیں۔ گاؤشالہ کے منتظمین نے بتایا کہ انھوں نے پرکاشم ضلع کے اڈنکی سے لائی گئی گھاس ان گاؤیوں کھلائی تھی بعد میں 98 گائیں مردہ پائی گئیں اور باقی گایوں کی حالت تشویشناک تھی۔ ویٹرنری ڈاکٹر بیمار گایوں کاعلاج کر رہے ہیں۔ مردہ گایوں کا پوسٹ مارٹم کرکے ان کے سمپل فارنسک لیب کو بھیجے جائیں گے تاکہ ان کی موت کی وجہ کا پتہ لگایا جاسکے۔ منتظمین نے اس سلسلے میں پولس میں ایک شکایت درج کرائی ہے۔


10 Aug 2019, 5:09 PM

گجرات: دیوار منہدم ہونے سے 8 افراد ہلاک، افرا تفری کا ماحول

گجرات کے موربی میں زبردست بارش کے سبب ایک دردناک حادثہ سرزد ہوا ہے۔ اومیا سرکل میں کانڈلا بائی پاس کے پاس ایک کمپاؤنڈ کی دیوار گرنے سے 8 لوگوں کی موت ہو گئی۔ حادثہ کے بعد وہاں افرا تفری پیدا ہو گئی۔

10 Aug 2019, 4:10 PM

پٹنہ میں موب لنچنگ، لوگوں نے چوری کے الزام میں پیٹ پیٹ کر ایک شخص کو مار ڈالا

بہار کی راجدھانی پٹنہ کے نوبت پور واقع ایک گاؤں میں بچہ چوری کے افواہ میں ایک دلت نوجوان کو بھیڑ نے لاٹھی ڈنڈے سے اتنا پیٹا کی وہ مر گیا۔ پرتشدد بھیڑ محمد پور گاؤں میں اچانک مشتعل ہو گئی اور بچہ چوری کے الزام میں پکڑے گئے نوجوان کا ہاتھ پیچھے کی طرف کر کے باندھ دیا اور بے رحمی سے پٹائی شروع کر دی۔ اس پٹائی کی وجہ سے اس کی جان چلی گئی۔


10 Aug 2019, 3:06 PM

جموں و کشمیر میں لوگ بے خوف ہو کر عید منائیں: گورنر ستیہ پال ملک

جموں و کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے میڈیا سے کہا کہ ’’ہم عید کی تیاری کر رہے ہیں۔ ہم یہ یقینی بنا رہے ہیں کہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کی جائیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو عید بغیر کسی خوف اور امن کے ساتھ منانا چاہیے۔

10 Aug 2019, 1:58 PM

شام میں پھر ہوگی سی ڈبلیو سی کی میٹنگ، طے ہوگا کانگریس صدر کا نام: ادھیر رنجن چودھری

کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ ختم ہونے کے بعد ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ ہم پھر سے 8.30 بجے ملیں گے اور (نئے پارٹی سربراہ کا نام) آج رات 9 بجے تک فائنل ہونے کی امید ہے۔ قابل ذکر ہے کہ آج صبح سے ہی سی ڈبلیو سی کی میٹنگ چل رہی تھی جس میں سونیا گاندھی اور راہل گاندھی بھی موجود تھے لیکن بعد میں وہ میٹنگ سے باہر آ گئے اور کہا کہ پارٹی صدر کے انتخاب کے عمل میں وہ شریک نہیں ہوں گے۔


10 Aug 2019, 1:03 PM

سی ڈبلیو سی میٹنگ: سونیا اور راہل کا صدارتی انتخاب کے عمل میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ

کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ ختم ہو گئی ہے۔ میٹنگ ختم ہونے سے پہلے ہی سونیا گاندھی اور راہل گاندھی باہر نکلے اور اس کے بعد میڈیا سے کہا کہ صدر عہدہ کے انتخاب سے متعلق عمل میں ہم حصہ نہیں ہو سکتے۔ سونیا گاندھی نے مزید کہا کہ میرا اور راہل گاندھی کا نام کمیٹی میں ڈالنا مناسب نہیں اس لیے ہم لوگ باہر جا رہے ہیں۔ خبروں کے مطابق انتخاب کے بعد کے منظرنامہ پر گفتگو کرنے کے لیے ایک اور سی ڈبلیو سی میٹنگ آج شام یا کل بلائی جا سکتی ہے۔

10 Aug 2019, 12:05 PM

کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ شروع، سونیا اور راہل سمیت کئی سینئر لیڈران موجود

کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کی ایک انتہائی اہم میٹنگ پارٹی دفتر میں جاری ہے۔ اس میٹنگ میں یو پی اے چیئرپرسن سونیا گاندھی، کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی، احمد پٹیل، غلام نبی آزادی، اشوک گہلوت، ملکارجن کھڑگے وغیرہ موجود ہیں۔


10 Aug 2019, 11:08 AM

تین طلاق دینے کے الزام میں دہلی کے ایک شخص کو پولس نے کیا گرفتار

طلاقِ ثلاثہ بل پارلیمنٹ سے پاس ہونے اور اس پر صدر جمہوریہ کی منظوری ملنے کے بعد اب قانون بن چکا ہے۔ قانون بننے کے بعد ملک کی کچھ ریاستوں میں مسلم مردوں پر تین طلاق دینے کے الزام میں کارروائی بھی ہو چکی ہے۔ اب دہلی میں بھی ایک شخص کو تین طلاق دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دہلی کے آزاد مارکیٹ علاقہ میں ایک مسلم شخص کو اس لیے گرفتار کر لیا گیا کیونکہ اس نے اپنی بیوی کو ایک بار میں تین طلاق دے دیا۔ پولس نے مسلم خواتین تحفظ ایکٹ 2019 کے تحت معاملہ درج کر لیا ہے اور ملزم کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔

10 Aug 2019, 9:08 AM

دفعہ 370 ہٹنے کے بعد آج جموں میں کھلے سبھی اسکول، دفعہ 144 ہٹائی گئی

جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹانے اور خصوصی ریاست کا درجہ ختم کرنے کو لے کر ریاست میں گزشتہ تقریباً 5 دنوں سے قائم کشیدہ حالات میں اب بہتری دیکھنے کو مل رہی ہے۔ جموں میں ہفتہ کے روز صبح اسکول کھل گئے اور سڑکوں پر بچوں اور ان کے گھر والوں کی چہل قدمی دیکھنے کو ملی۔ دوسری طرف گورنر ستیہ پال ملک نے بھی مختلف اسپتالوں کا دورہ کر حالات کی جانکاری لی۔ انھوں نے بتایا کہ ریاست میں اب امن ہے اور کسی طرح کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */