اہم خبر: پولس نے کاٹا چالان تو دہاڑیں مار کر رونے لگے بی جے پی لیڈر... ویڈیو

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

08 Jul 2019, 9:10 PM

اتر پردیش: پولس کے ذریعہ چالان کاٹے جانے پر زور-زور سے رونے لگے بی جے پی لیڈر

اتر پردیش کے مرزا پور میں موٹر سائیکل کے کاغذات نہیں ہونے پر چالان کاٹے جانے سے ناراض بی جے پی لیڈر نے سڑک پر خوب ڈراما کیا۔ اس دوران بی جے پی لیڈر دھرنے پر بیٹھ گئے۔ خبر ملنے پر جب موقع پر پولس سپرنٹنڈنٹ پہنچے تو بی جے پی لیڈر ان کے پیر پکڑ کر دہاڑیں مار کر رونے لگے۔ چالان کٹنے سے مایوس بی جے پی لیڈر نے الزام عائد کیا کہ پولس والوں نے ان کے ساتھ غلط سلوک کرتے ہوئے ان کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے۔

08 Jul 2019, 8:10 PM

نائجیریا: کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرائیں، 19 افراد ہلاک

ابوجہ: نائیجریا میں شمالی کانو صوبہ کے ایک گاوں میں کئی گاڑیوں کے ایک دوسرے سے ٹکرا جانے سے 19 لوگوں کی موت ہو گئی۔ مقامی روڈ سیکورٹی پولیس نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ فیڈرل روڈ سیکورٹی کارپس کے اسٹیٹ کمانڈر جبیرو ماٹو کے مطابق اتوار کی دیر رات دنیار مدیگا نامی ایک گاوں میں سڑک حادثہ میں سات لوگ زخمی ہوگئے۔ ماٹو نے کہا کہ کئی آپس میں ٹکرانے والی گاڑیوں میں دوبسیں اور دوکاریں شامل ہیں، یہ تمام اس علاقہ میں گڈوں سے بچنے کی کوشش کررہے تھے۔

حکام کے مطابق مارے گئے لوگوں میں 14 مرد، تین لڑکیاں اور دو بچے شامل ہیں۔ خیال رہے کہ نائیجریا میں گاڑیوں میں گنجائش سے زیادہ لوگوں کے بیٹھنے اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے کی وجہ سے سڑک حادثات عام بات ہے۔ روڈ سیکورٹی پولیس کے ڈیٹا کے مطابق 2017 میں مجموعی طورپر 9,383 سڑک حادثات ہوئے جن میں سے 2,587 جان لیوا تھے اور جن میں 5,121 لوگوں کی موت ہوگئی۔

08 Jul 2019, 7:05 PM

ایران میں آیا زبردست زلزلہ، ایک شخص ہلاک، درجنوں زخمی

تہران: ایران کے جنوب مغربی خوزستان صوبہ کے مسجد سلیمان علاقے میں پیر کے دن آئے زبردست زلزلے میں کم سے کم ایک شخص کی موت ہوگئی اور 24 دیگر زخمی ہوگئے۔ ریختر پیمانے پر زلزلے کی شدت 7ء5 ماپی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق یہ زلزلہ دن میں ساڑھے گیارہ بجے آیا اور اس کا مرکز زمین کی سطح سے 17 کلو میٹر نیچے 847ء34 ڈگری شمالی عرض البلد اور 762ء45 ڈگری مشرقی طول البلد میں تھا۔ خوزستان ڈیزاسٹر منیجمنٹ مرکز کے مطابق راحت اور بچاؤ عملوں کو علاقے میں بھیج دیا گیا ہے۔ زلزلے کی وجہ سے متعدد مکانات منہدم ہوگئے اور کچھ علاقوں میں بجلی اور پانی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔


08 Jul 2019, 6:08 PM

راہل گاندھی 10 جولائی کو کریں گے امیٹھی کا دورہ، پارٹی کارکنان کے ساتھ کریں گے میٹنگ

امیٹھی: کانگریس صدر راہل گاندھی جنہوں نے اپنی عہدے سے استعفی دے دیا ہے دس جولائی کو اپنے سابقہ پارلیمانی حلقے امیٹھی کا دورہ کریں گے۔ مسٹر راہل کا لوک سبھا انتخابات میں امیٹھی سے بی جے پی لیڈر و مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی سے شکست کے بعد ان کا پہلا دورہ ہوگا۔ کانگریس ایم ایل سی دیپک سنگھ نے پیر کو بتایا کہ امیٹھی سے چار بار کے رکن پارلیمان مسٹر گاندھی امٹھی 10 جولائی کی صبح کو پہنچیں گے اور ایک دو مقامات پر پارٹی کارکنوں کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اپنے ایک روزہ دورے کے دوران مسٹر گاندھی عوامی میٹنگ سے خطاب بھی کرسکتے ہیں۔

ملحوظ رہے کہ مسٹر گاندھی نے اس بار دو لوک سبھا حلقوں سے انتخاب میں حصہ لیا تھا۔ انہیں امیٹھی پارلیمانی حلقے سے مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی کےہاتھوں شکست کا سامان کرنا پڑا جبکہ اس وقت وہ کیرالہ کے وائناڈ سے رکن پارلیمان ہیں۔انتخابات میں پارٹی کی شکست کا ذمہ لیتے ہوئے انہوں نے پارٹی کے صدارتی عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔

08 Jul 2019, 5:10 PM

کرناٹک: سیاسی ہلچل تیز، سبھی جے ڈی ایس اراکین اسمبلی نے عہدۂ وزارت سے دیا استعفیٰ

کرناٹک میں سیاسی ہلچل لگاتار تیز ہوتی جا رہی ہے۔ کانگریس کے بعد جے ڈی ایس کے سبھی اراکین اسمبلی نے بھی وزارتی عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ جلد ہی نئی کابینہ کی تشکیل کی جائے گی۔ اس بات کی جانکاری کرناٹک کے وزیر اعلیٰ دفتر نے دی ہے۔


08 Jul 2019, 4:08 PM

اتر پردیش: مظفر نگر میں شدید بارش کے سبب مکان منہدم، 3 بچیوں کی موت

مظفر نگر: اترپردیش کے ضلع مظفر نگر کے سکھیرا گاؤں میں پیر کی صبح شدید بارش کی وجہ سے ایک مکان چھت منہدم ہوگیا۔اس حادثے میں تین بچوں کی دب کر موت ہوگئی جبکہ ان کے والد شدید طور سے زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب پورا کنبہ سورہا تھا اور اچانک ان کے کمرے کی چھت منہدم ہوگئی۔حادثے میں بچوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ ان کے والد شدید طور سے زخمی ہوگئے انہیں علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ تاہم ماں اور دیگر بچے بحفاظت بچ گئے کیونکہ جس وقت یہ حادثہ پیش آیا اس وقت وہ باورچی خانے میں تھے۔مرنے والے بچوں کی شناخت جنید(11)،نازیہ(09) اور سابیہ(07) کے طور پر ہوئی ہے۔

08 Jul 2019, 2:57 PM

شیئر بازار میں زبردست گراوٹ، سنسیکس 700 اور نفٹی 200 پوائنٹ نیچے

ممبئی: عام بجٹ کے بعد پیر کے روز شیئر بازار کھلنے پر زبردست فروخت کے دباؤ سے افرا تفری مچ گئی۔ ممبئی شیئر بازار کا سنسکس انڈیکس 700 اور نیشنل اسٹاک ایکسچنج کے نفٹی میں 212 پوائنٹ سے زیادہ کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔ وزیر مالیات نرملا سیتا رمن نے پانچ جولائی کو پارلیمنٹ میں نریندر مودی حکومت کے دوسرے دور کا پہلا بجٹ پیش کیا تھا۔ سنیچر اور اتوار کو شیئر بازار بند ہونے کے بعد آج پہلی بار کھلے۔ دوپہر کے کاروبار میں فی الحال سینسیکس جمعہ کے مقابلے میں 685.73 پوائنٹ یعنی 1.74 فیصد نیچے ہے۔ نفٹی 11593.55 پوائنٹ پر 1.94 فیصد یعنی 217.60 پوائنٹ نیچے ہے۔


08 Jul 2019, 2:01 PM

کرناٹک: کماراسوامی حکومت کے 21 کانگریسی وزراء نے اپنی خوشی سے دیا استعفیٰ

کرناٹک حکومت اس وقت بحرانی حالات کا سامنا کر رہی ہے۔ اس درمیان اس بحران سے نکلنے کے لیے کمارا سوامی حکومت میں 21 کانگریس وزراء نے اپنی خوشی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اس بات کی جانکاری کانگریس کے سینئر لیڈر سدارمیا نے میڈیا کو دی۔

08 Jul 2019, 12:02 PM

گرم صبح کے ساتھ ہوئی دہلی کی صبح، درجہ حرارت 28.6 ڈگری

نئی دہلی: دلی والوں کی نیند پیر کی صبح گرمی کے احساس سے کھلی۔ کم از کم درجہ حرارت معمول سے ایک ڈگری یعنی 28.6 ڈگری سیلسیس سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ صبح ساڑھے آٹھ بجے رطوبت کی سطح 68 فیصد رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آسمان پر بادل چھائے رہیں گے اور دن میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سیلسیس کے نزدیک رہنے کا امکان ہے۔ اتوار کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.8 ڈگری سیلسیس رہا جو معمول سے ایک ڈگری کم تھا۔


08 Jul 2019, 11:10 AM

طرابلس ہوائی اڈے پر ہتھ گولے سے حملہ، تین زخمی

طرابلس: لیبیا کی راجدھانی طرابلس میں مٹیگا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہتھ گولوں سے حملہ کیا گیا جس سے تین ملازمین زخمی ہوگئے اور ایک طیارے کو نقصان پہنچا۔ یہ واقعہ اتوار کے روز پیش آیا۔ حملہ کرنے والوں کے بارے میں ابھی کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔ انتظامیہ نے حملے کے سبب کچھ گھنٹوں کے لئے ہوائی اڈے سے پروازیں روک دی تھیں۔ کسی نے بھی ابھی تک اس حملے کی ذمہ داری نہیں لی ہے۔ مٹیگا بین الاقوامی ہوائی اڈہ طرابلس کے مرکزی شہر سے تقریباً 8 کلومیٹر دور مشرق میں واقعہ ہے۔

08 Jul 2019, 9:52 AM

آگرہ میں خوفناک سڑک حادثہ، بس میں سوار 29 افراد کی موت

آگرہ / لکھنؤ: اترپردیش کے آگرہ میں پیر کی صبح لکھنؤ سے دہلی جا رہی ڈبل ڈیکر بس کے جمنا ایکسپریس وے پر ایک گہرے نالے میں گرنے سے 29 افراد کی موت ہوگئی۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے حادثہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ریلیف اور ریسکیو آپریشن کے حکام کو ہدایات دی ہیں۔

سینئر پولس سپرنٹنڈنٹ ببلو کمار نے بتایا کہ لکھنؤ سے دہلی جا رہی ڈبل ڈیکر بس جمنا ایکسپریس وے پر نالے میں گر گئی، انہوں نے بتایا کہ ریسکیو اور ریلیف کا کام کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق ابھی تک 29 لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں کی تعداد بڑھ بھی سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 15 سے 20 زخمیوں کو بس سے نکال کر اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ زخمیوں میں کچھ کی حالت نازک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت کرائی جا رہی ہے۔ حادثہ کا شکار بس کو کرین کی مدد سے باہر نکالا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔