اہم خبر: شیلا دیکشت کے آخری دیدار کو امنڈا جم غفیر، خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

20 Jul 2019, 7:46 PM

رگھور نے شیلادیکشت کے انتقال پررنج وغم کا اظہار کیا

رانچی: جھارکھنڈ کے وزیراعلی رگھور داس نے دہلی کی تین مرتبہ وزیراعلی رہنے والی محترمہ شیلا دیکشت کے انتقال پر آج اپنے رنج وغم کا اظہار کیا۔

رگھورداس نے یہاں اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ خدا سے دعا ہے کہ ان کے اہل خانہ کو دکھ کی اس گہری میں طاقت دے۔
واضح رہے کہ دہلی کی تین مرتبہ وزیراعلی، دہلی ریاستی کانگریس کی صدر اور کیرلہ کی سابق گورنر شیلا دیکشت کا دل کا دورہ پڑنے سے آج دوپہر دہلی کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ وہ 81 برس کی تھیں۔ ان کے اہل خانہ میں بیٹے سندیپ دیکشت اور بیٹی لتیکا دیکشت ہیں۔ وہ گزشتہ تین دنوں سے بیمار تھیں۔

20 Jul 2019, 7:42 PM

شیلا دیکشت دہلی کے کھلاڑیوں کی سب سے بڑی ہمدرد تھیں: ستپال

نئی دہلی: دروناچاریہ ایوارڈ یافتہ پہلوان ستپال نے دہلی کی سابق وزیر اعلی شیلا دیکشت کے انتقال پر گہرے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دہلی کے کھلاڑیوں کی سب سے بڑی ہمدرد تھیں۔

موجودہ دہلی پردیش کانگریس صدر شیلا دیکشت کا ہفتہ کو یہاں ایک ہسپتال میں انتقال ہو گیا. وہ 81 سال کی تھیں. وہ اس سے قبل دہلی کی تین بار وزیر اعلی رہ چکی ہیں۔

ستپال نے شیلا دیکشت کے انتقال پر گہرے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندستان کے اولمپکس میں کشتی میں تمغہ جیتنے میں شیلا دیکشت کا بڑا اہم کردار ادا تھا کیونکہ انہوں نے ہمیشہ کشتی کو فروغ دیا تھا. ستپال نے کہا کہ دہلی کا چھترسال اسٹیڈیم شیلا دیکشت کی ہی دین ہے اور اسی اسٹیڈیم کے اکھاڑے سے سشیل کمار اور یوگیشور دت جیسے اولمپک میڈلسٹ پہلوان نکلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شیلا دیکشت صرف کشتی کو ہی نہیں بلکہ ہر کھیل کو بہت پیار کرتی تھیں اور ان کے انتقال سے انہیں گہرا صدمہ پہنچا ہے. ستپال نے بتایا کہ سابق وزیر اعلی کے انتقال کے سوگ میں اتوار کو چھترسال اسٹیڈیم اکھاڑے میں پریکٹس بند رہے گی۔

20 Jul 2019, 7:40 PM

شیلادیکشت ایک ماہر منتظم تھیں: شرد پوار

راشٹروادی کانگریس پارٹی کے قومی سربراہ شردپوار نے شیلا دیکشت کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئےکہ ان کے انتقال سے ایک سینئر لیڈر اورماہر منتظم ہم سے جدا ہوگیا ۔دہلی کی سابق وزیراعلیٰ شیلا دیکشت ایک ماہر منتظم تھیں ۔

انہوں نے کہا کہ شیلا دیکشت کے انتقال کی خبر سن کر انتہائی دکھ ہوا ۔ دہلی کے وزیراعلیٰ کے طور پر انہوں نے جو کام کیا تھا، وہ ہمیشہ یاد رکھے جانے کے قابل ہے ۔ ان کے اہلِ خانہ کے دکھ میں شریک ہوں ۔


20 Jul 2019, 7:40 PM

شیلادیکشت کے انتقال سے ایک دوراندیش اورکھری قیادت ہم سے جدا ہوگئی: اشوک چوہان

ممبئی: سینئرلیڈر ودہلی کی سابق وزیراعلیٰ شیلادیکشت کے انتقال سے ایک دوراندیش اورکھری قیادت ہم سے جدا ہوگئی ۔ یہ باتیں ریاست کے سابق وزیراعلیٰ اشوک چوہان نے کہی ہیں ۔ وہ شیلادیکشت کے سانحہَ ارتحال پر تعزیت کا اظہار کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ شیلادیکشت نے اپنے 15سالہ مدت کار کے دوران دہلی کا چہرہ مہرہ تبدیل کردیا تھا ۔ انہوں نے بڑے پیمانے پر شہری وعوامی بنیادی سہولیات فراہم کرکے دہلی کا مکمل طور پر کایا پلٹ کردیا تھا ۔ وہ نظریات کے تئیں نہایت وفادار وسنجیدہ لیڈر تھیں ۔ خواتین کے ساتھ نا انصافی کے خلاف انہوں نے سخت جدوجہد کی ۔ پارٹی کو ان کے تجربات کی ضرورت تھی کہ اچانک وہ ہم سے جدا ہوگئیں ۔

20 Jul 2019, 7:36 PM

نتیش کمار نے دہلی کے سابق وزیراعلی شیلادیکشت کے انتقال پر اپنے رنج وغم کا اظہار کیا

پٹنہ: بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے دہلی کے سابق وزیراعلی، کیرلہ کی سابق گورنر اور دہلی کانگریس کی ریاستی صدر شیلا دیکشت کے انتقال پر اپنے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔

نتیش کمار نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ محترمہ دیکشت ایک سینئر اور زیرک سیاستداں اور سماجی خدمت گار تھیں۔ وہ بے حد ملنسار اور لوگوں کے درمیان بہت مشہور تھیں۔ دہلی کی ترقی کے لئے انہوں نے کافی کام کیا۔ ان کے انتقال سے نہ صرف دہلی بلکہ پورے ملک کے سیاسی اور سماجی شعبہ کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔

وزیراعلی نے آنجہانی دیکشت کی روح کو سکون اور ان کے اہل خانہ اور حامیوں کو دکھ کی اس گھری میں صبر جمیل عطا کرنے کی خدا سے دعا کی۔

واضح رہے کہ دہلی کی تین مرتبہ وزیراعلی رہنے والی اور دہلی ریاستی کانگریس کی موجودہ صدر شیلادیکشت کا دل کا دورہ پڑنے سے آج دوپہر یہاں ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ وہ 81 برس کی تھیں۔ ان کے خاندان میں بیٹے سندیپ دیکشت اور بیٹی لتیکا دیکشت ہیں۔ وہ گزشتہ کچھ دنوں سے بیمار تھیں۔


20 Jul 2019, 7:35 PM

لال جی ٹنڈن نے سابق وزیراعلی شیلا دیکشت کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کیا

پٹنہ: بہار کے گورنر لال جی ٹنڈن نے دہلی کے سابق وزیراعلی شیلا دیکشت کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ لال جی ٹنڈن نے آج یہاں کہا کہ محترمہ دیکشت بہت ملنسار اور زیرک سیاستداں تھیں۔ جنہوں نے اپنی ترقیاتی سوچ اور نظریہ سے مختلف عہدوں پر رہ کر قوم کی بہترین خدمت کی۔ ان کے حامی اور شائقین سبھی سیاسی پارٹیوں میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ دیکشت کے انتقال سے قوم کوناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔

گورنر نے آنجہانی دیکشت کی روح کو سکون اور ان کے اہل خانہ اور حامیوں کو دکھ کی اس گھری میں صبر جمیل عطا کرنے کی خدا سے دعا کی۔

20 Jul 2019, 7:33 PM

وزیر اعظم نریدنر مودی نے شیلا دیکشت کو خراج عقیدت پیش کیا


20 Jul 2019, 7:18 PM

لوک سبھا اسپیر اوم برلا نے دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ شیلا دیکشت کو خراج عقیدت پیش کیا۔

20 Jul 2019, 7:10 PM

سونیا گاندھی سمیت متعدد اہم شخصیات کے گلہائے عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ

شیلا دیکشت کے جسد خادی کو نظام الدین دہلی میں واقعہ ان کی رہائش گاہ پر آخری دیدار کے لئے رکھا گیا ہے، جہاں اہم شخصیات کو انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

یو پی اے کی چیئر پرسن سونیا گاندھی نے شیلا دیکشت کو گلہائے عقیدت پیش کیا۔ اس دوران دیگر کانگریس رہنما بھی موجود رہے۔


20 Jul 2019, 6:10 PM

شیلا دیکشت کے انتقال پر دہلی میں دو روزہ سوگ کا اعلان

سابق وزیر اعلیٰ شیلا دیکشت کے انتقال پر دہلی میں دو دنوں کے ریاستی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے اس کا اعلان کیا۔

قبل ازیں منیش سسودیا نے ٹوئٹر پر خراج عقہدت پیش کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا، ’’دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ محترمہ شیلا دیکشت جی کے انتقال کی خبر بے حد تکلیف دہ ہے۔ خدا ان کی روح کو سکون فراہم کرے اور خاندان کو یہ خسارہ برداشت کرنے کی طاقت دے۔‘‘

20 Jul 2019, 5:49 PM

شیلا دیکشت کی کمی ہمیشہ محسوس ہوگی:ممتا بنرجی

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ شیلادیکشت کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمی ہمیشہ محسوس ہوگی۔

ممتا بنرجی نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ”سابق وزیرا علیٰ شیلادیکشت کے انتقال کی اچانک خبرملی ہے، جب میں پہلی مرتبہ 1985 میں ممبر پارلیمنٹ منتخب ہوئی تھی تو پارلیمانی امور کی وزیر تھیں،وہ ہمیشہ بہتر تعلقات رکھنے والی تھیں۔ ہمیں واقعی ان کی کمی محسوس ہوگی۔‘‘


20 Jul 2019, 5:10 PM

شیلا دیکشت کو دہلی والے یاد رکھیں گے، پرینکا

پرینکا گاندھی نے شیلا دیکشت کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں پیار کرتی تھیں۔ انہوں نے کہا، ’’انہوں نے جو کچھ بھی دہلی اور ملک کے لئے کیا اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وہ پارٹی کی ایک عظیم لیڈر تھیں۔ ان کا پارٹی، ملک کی سیاست اور خصوصی طور پر دہلی کے لئے تعاون کبھی فراموش نہیں ہو سکے گا۔‘‘

20 Jul 2019, 4:08 PM

دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ شیلا دیکشت کا انتقال، پورے ملک میں غم و اندوہ کی لہر

دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ اورکانگریس کی سینئر لیڈر شیلا دیکشت کا آج دہلی کے اسکارٹس اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ انھیں آج صبح اچانک دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد اسپتال میں داخل کیا گیا تھا لیکن وہ صحت یاب نہیں ہو سکیں۔ ان کا انتقال کانگریس کے لیے ہی نہیں بلکہ ملک کے لیے ایک عظیم خسارہ ہے۔ انھوں نے 81 سال کی عمر پائی اور اپنی سیاسی زندگی میں کئی اہم ذمہ داریوں کو بخوبی نبھایا۔


20 Jul 2019, 3:11 PM

پونے کے نزدیک سڑک حادثہ، 9 طلبا جان بحق

پونے: مہاراشٹر کے پونے۔سولا پور قومی شاہراہ پر کدموک وستی گاوں کے نزدیک سنیچر کی صبح ٹرک سے ہوئی زبردست ٹکر میں مسافر گاڑی میں سوار 9 طلبا کی موت ہو گئی۔ پولس کے مطابق مرنے والے پونے کے نزدیک یاوات گاوں کے باشندہ اور کالج کے طلبا تھے۔ حادثہ کے وقت طلبا رائے گڑھ گھومنے کے بعد اپنے گھر واپس آرہے تھے۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسافر گاڑی سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر دوسری طرف چلی گئی اور پھر مخالف سمت سے آرہے ایک ٹرک نے اسے ٹکر مار دی۔

پولس نے بتایا کہ حادثہ میں 19سے 23 برس کی عمر کے نوطلبا کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ مرنے والوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے سرکاری سیسون اسپتال میں بھیج دی گئی ہیں اور معاملہ کی جانچ جاری ہے۔ مرنے والوں میں اکشے وائکر، وشال یادو، نکھل چندرکانت، نور محمد دیا، پرویز اتر، شوبھم بھیسے، اکشے چندرکانت، دتہ یادو اور اجیت مولانی شامل ہیں۔

20 Jul 2019, 2:10 PM

افغانستان میں میزائل حملہ، 24 عسکریت پسند ہلاک

قندھار: افغانستان کے جنوبی صوبہ ارزگان میں گائیڈیڈ میزائل حملے میں کم از کم طالبان کے 24 عسکریت پسند ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے۔

افغان فوج کور 201 سیلاب نے حملے کے وقت کا انکشاف کئے بغیر ایک بیان جاری کرکے بتایا، ’’خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر صوبہ ارزگان کے خاص ضلع ارزگان میں میزائل سے کئے گئے حملے میں طالبان کے 24 عسکریت پسند ہلاک اور 17 دیگر زخمی ہو گئے‘‘۔

بیان میں اس بات کا بھی کوئی ذکر نہیں ہے کہ اس حملے کو نیٹو کی قیادت والے اتحادی فوج نے یا پھر افغان فوج نے انجام دیا۔
بیان کے مطابق، حملے میں طالبان کے بہت سے ہتھیاروں، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔

افغانستان کے 34 صوبوں میں سے 20 سے زائد پر صوبوں میں سیکورٹی فورسز اور طالبان کے عسکریت پسندوں کے درمیان تصادم اور جھڑپیں جاری ہیں اور ان جھڑپوں اور تنازعات کے دوران، اب تک بڑی تعداد میں لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔


20 Jul 2019, 1:10 PM

چنار میں پرینکا سے ملنے جا رہے راج ببر کو بنارس ائیر پورٹ پر روکا گیا

چنار میں پرینکا گاندھی سے ملنے جا رہے کانگریس لیڈر آر پی این سنگھ، راجیو شکلا، جتن پرساد، مکل واسنک، دیپیندر ہڈا اور راج ببر سمیت کئی کانگریس لیڈروں کو پولس نے بنارس ائیر پورٹ پر روک دیا۔ سون بھدر کا معاملہ لگاتار بڑھتا ہی جا رہا ہے کیونکہ ترنمول کانگریس کے 4 رکنی پارلیمانی وفد کو بھی یو پی پولس نے ائیر پورٹ پر ہی روک لیا اور جب ٹی ایم سی لیڈران دھرنے پر بیٹھ گئے تو انھیں حراست میں لے لیا گیا۔

20 Jul 2019, 12:10 PM

سون بھدر قتل عام کے متاثرین پرینکا سے ملنے مرزا پور پہنچے، صرف 2 کو ملی ملنے کی اجازت

سون بھدر فائرنگ معاملے میں مارے گئے 10 لوگوں کے کنبہ والے بالآخر پرینکا گاندھی سے ملاقات کے لیے مرزا پور پہنچ گئے۔ لیکن انتظامیہ نے صرف دو لوگوں کو پرینکا گاندھی سے ملنے کی اجازت دی۔ اس ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’انتظامیہ کو متاثرہ فیملی کی رکھوالی کرنی چاہیے تھی۔ جب ان کے ساتھ حادثہ ہو رہا تھا تو انتظامیہ کو مدد کرنی چاہیے تھی، لیکن انتظامیہ کی ذہنیت میری سمجھ سے باہر ہے۔‘‘


20 Jul 2019, 10:59 AM

پرینکا کے بعد ٹی ایم سی لیڈروں کو یو پی پولس نے سون بھدر جانے سے روکا

ٹی ایم سی کے چار اراکین پارلیمنٹ کا نمائندہ وفد سون بھدر متاثرین سے ملنے کے لیے جا رہا تھا جب وارانسی پولس نے بابت پور کے لال بہادر شاستری بین الاقوامی ہوائی اڈے پر انھیں روکا اور حراست میں لے لیا۔ وفد ٹی ایم سی لیڈر ڈیرک او برائن کی قیادت میں سون بھدر جا رہا تھا جب پرینکا گاندھی کی طرح ہی انھیں بھی یو پی پولس نے متاثرہ کنبہ سے ملاقات کرنے سے روک دیا۔ اس سلسلے میں ترنمول کانگریس نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ایک ویڈیو بھی پوسٹ کیا ہے۔

20 Jul 2019, 10:10 AM

ڈیرک او برائن کی قیادت میں 4 رکنی پارلیمانی وفد آج سون بھدر کر کرے گا دورہ

ترنمول کانگریس رکن پارلیمنٹ ڈیرک او برائن کی قیادت میں ترنمول کانگریس کا چار رکنی پارلیمانی وفد آج سون بھدر کا دورہ کرے گا۔ اس دورے کو کافی اہم تصور کیا جا رہا ہے کیونکہ ابھی تک کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کو سون بھدر مہلوکین کے کنبہ سے ملنے نہیں دیا گیا ہے اور انھیں حراست میں چنار گیسٹ ہاؤس میں رکھا گیا ہے۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ یو پی پولس ڈیرک او برائن کی ٹیم کو سون بھدر جانے سے روکتی ہے یا نہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ 17 جولائی کو اراضی تنازعہ میں 10 لوگ مارے گئے تھے۔


20 Jul 2019, 8:46 AM

پرینکا گاندھی نے چنار گیسٹ ہاؤس میں گزاری رات، یوگی حکومت کے سامنے نہ جھکنے کا عزم

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے جمعہ کی رات چنار گیسٹ ہاؤس میں زیر حراست گزار دی اور کہا کہ وہ سون بھدر فائرنگ میں مہلوکین کے اہل خانہ سے ملے بغیر واپس نہیں جائیں گی۔ پرینکا گاندھی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے اس سلسلے میں کچھ ٹوئٹر بھی کیے ہیں اور بتایا ہے کہ دیر رات یو پی پولس کے کئی افسران انھیں سمجھانے آئے کہ سون بھدر نہ جائیں۔ لیکن پرینکا گاندھی نے صاف کہہ دیا کہ وہ مہلوکین کے اہل خانہ سے ملے بغیر نہیں جائیں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔