اہم خبر: یوپی کے فتح پور میں زبردست سڑک حادثہ، 7 ہلاک، 25 زخمی

تصویر اے آئی این ایس
تصویر اے آئی این ایس
user

قومی آوازبیورو

19 Jun 2019, 8:04 PM

یوپی کے فتح پور میں زبردست سڑک حادثہ، 7 ہلاک، 25 زخمی

فتح پور: اتر پردیش کے فتح پور ضلع کے چاند پور تھانہ علاقہ کے بلاری کونہ موڑ پر بدھ کی دوپہر ایک تیز رفتار نجی بس اور ٹرک کے براہ راست تصادم میں بس سوار سات مسافروں کی موقع پر ہی موت ہوئی گئی جبکہ 25 سے زیادہ افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو نزدیکی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔ حادثہ کے بعد دونوں گاڑیوں کے ڈرائیور فرار ہو گئے۔ ہلاک شدگان اور زخمیوں کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔

19 Jun 2019, 7:10 PM

حکومت ’ایک ملک، ایک انتخاب‘ پر پارلیمنٹ میں بحث کرائے، کانگریس کا مطالبہ

نئی دہلی: ’ایک ملک ایک انتخاب‘ کے معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے منعقدہ میٹنگ میں شامل نہیں ہونے والی کانگریس نے بدھ کو الزام لگایا کہ ایسے معاملے حقیقی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے اٹھائے جا رہے ہیں اور حکومت اگر اس معاملے میں واقعی سنجیدہ ہے تو اسے اس پر پارلیمنٹ میں بحث کرانی چاہئے۔

کانگریس کے ترجمان گورو گوگوئی نے پارٹی ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک میں بے روزگاری، بدحال معیشت جیسے ان گنت مسائل ہیں ، جن پرحکومت توجہ نہیں دے رہی ہے اور وہ اپوزیشن کی طرف سے اٹھائے جانے والے سوالات کو نظر انداز کررہی ہے۔ کانگریس سمیت کئی اپوزیشن پارٹیوں نے متعدد بار حکومت سے انتخابی عمل بہتر بنانے کے لئے اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے ساتھ ہی وی وی پیٹ کا مطالبہ کیا ہے لیکن کبھی حکومت نے اس کی اس درخواست پر توجہ نہیں دی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے مطالبے پر توجہ نہیں دیتی ہے اور 'ایک ملک ایک انتخاب' کے مسئلے کو وہ صرف توجہ ہٹانےکے لئے اٹھا رہی ہے۔ اس معاملے پر حکومت اگر واقعی سنجیدہ ہے تو اسے اس پر پارلیمنٹ میں بحث کرانی چاہئے۔ اس معاملے میں ایوان کےاندربحث ہوگی تو کانگریس بحث میں حصہ لے گی اور اپنا موقف رکھے گی۔

کانگریس لیڈر نے کہا کہ اس اجلاس میں کانگریس صدر راہل گاندھی كو مدعو کیا گیا تھا لیکن حکومت کانگریس کی طرف سے اٹھائے جانے والے سوالات کو نظر انداز کرتی ہے اور ان کا کوئی جواب نہیں دیتی ہے، اس لئے مسٹر راہل گاندھی کا اس طرح کی میٹنگوں میں شامل ہونے کا کوئی جواز نہیں رہتا۔

19 Jun 2019, 5:10 PM

شکھر دھون عالمی کپ کے تمام میچوں سے باہر

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سلامی بلے باز شکھر دھون آئی سی سی عالمی کپ 2019 سے باہر ہو گئے ہیں۔ ان کے انگوٹھے میں چوٹ لگی ہے جو عالمی کپ کے ختم ہونے سے قبل ٹھیک نہیں ہو پائے گی۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق شکھر کی چوٹ کے ٹھیک ہونے میں دو ہفتوں سے زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے میچ کے دوران دھون کے انگوٹھے میں چوٹ لگ گئی تھی۔ گزشتہ پاکستان کے خلاف کھیلے گئے میچ میں بھی وہ نہیں کھیل پائے تھے۔ نوجوان کھلاڑی رشبھ پنت پہلے ہی انگلینڈ میں ٹیم کے ساتھ ہیں، دھون کے مقام پر رشبھ پنت کا کھیلنا طے مانا جا رہا ہے۔


19 Jun 2019, 4:10 PM

جموں و کشمیر: شوپیاں میں 5 افراد گرفتار، بارودی سرنگیں بنانے کا مواد ضبط

سری نگر: جموں و کشمیر پولس نے جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے زینہ پورہ علاقے میں منگل کی شب کو پانچ افراد کو گرفتار کیا ہے اور ان کی تحویل سے بارودی سرنگیں بنانے کا مواد بھی ضبط کیا ہے۔
مقامی میڈیا نے ایک پولیس افسر کے حوالے سے کہا ہے کہ شوپیاں کے زینہ پورہ علاقے میں الگ الگ چھاپوں کے دوران پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان کی تحویل سے بارودی سرنگیں بنانے کے لئے استعمال کیا جانے والا مواد بھی بر آمد کیا گیا ہے۔ انہوں گرفتار شدہ افراد کی شناخت عاقب نذیر راتھر ولد نذیر احمد راتھر ساکنہ اونیرہ شوپیاں، عامر نذیر وانی ولد نذیر احمد وانی ساکنہ درد پورہ شوپیاں، سمیر مشتاق بٹ ولد مشتاق احمد بٹ ساکن شرمال شوپیاں، فیصل فاروق آہنگر ولد فاروق احمد آہنگر ساکن نولو چھترگام شوپیاں اور رئیس احمد گنائی ولد محمد ایوب گنائی ساکنہ ڈانگر پورہ شوپیاں کے بطور کی ہے۔
پولیس افسر کا کہنا ہے کہ یہ لوگ سرنگیں نصب کرکے پولیس اور سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کا پلان بنارہے تھے۔

19 Jun 2019, 3:10 PM

’ون نیشن، ون الیکشن‘ مودی حکومت کا چھلاوا، مایاوتی

لکھنؤ: وزیر اعظم نریند مودی کے ون نیشن، ون الیکشن (ایک ملک ایک انتخاب) کے خیال کی تنقید کرتے ہوئے بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے بدھ کو کہا کہ عوام کو درپیش اہم مسائل سے دھیان بھٹکانے کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی اس طرح کی کوششیں کررہی ہے۔

مایاوتی نے کہا کہ وہ ایک ملک ایک انتخاب کے مسئلے پر وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ بلائی گئی آل پارٹی میٹنگ میں شرکت نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ مودی اگر ای وی ایم کے بجائے بیلٹ پیپر سے انتخاب کرانے سے متعلق معاملے میں بلاتے تو اس میں وہ ضرور شرکت کرتیں۔

بی ایس پی سربراہ نے ٹوئٹ کیا کہ ’’کسی بھی جمہوری ملک میں انتخابات کبھی بھی کوئی مسئلہ نہیں ہوسکتے ہیں اور نہ ہی انتخابات کو کبھی بھی دولت کے اخراجات سے موازنہ کرنا چاہئے۔ ملک میں’’ ایک ملک ۔ایک انتخاب‘ کی بات در حقیقت غریبی، مہنگائی، بے روزگاری، بڑھتے تشدد جیسے بڑے مسائل سے دھیان ہٹانے کی کوشش و محض ایک چھلاوا ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’’بیلٹ پیپر کے بجائے ای وی ایم کے ذریعہ انتخاب کرانے کی سرکاری ضد سے ملک کے جمہوریت و آئین کو اصلی خطرات کا سامنا ہے۔ ای وی ایم کے تئیں عوام کے اعتماد میں قبل فکر حد تک گھٹ گیا ہے۔ ایسے میں اس مہلک مسئلہ پر غور کرنے کے لئے آج کی میٹنگ بلائی گئی ہوتی تو میں اس میں ضرور شرکت کرتی۔‘‘


19 Jun 2019, 2:02 PM

گجرات راجیہ سبھا ضمنی انتخابات پر چناؤ کمیشن کو سپریم کورٹ کا نوٹس

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے گجرات میں راجیہ سبھا کی دو سیٹوں پر الگ الگ ضمنی انتخابات کرانے کےخلاف دائر عرضی پر چناؤ کمیشن کو جمعرات کو نوٹس جاری کر کے 24جون تک جواب دینے کو کہا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جےپی) صدر امت شاہ اور مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی کے لوک سبھا کے لئے منتخب ہونے پر گجرات سے خالی دو راجیہ سبھا سیٹوں پر پانچ جولائی کو ضمنی انتخابات ہونے ہیں۔

گجرات کانگریس نے دونوں سیٹون پر الگ الگ ضمنی انتخابات کرانے کے چناؤ کمیشن کے فیصلے کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے عدالت میں چیلنج کیا ہے اور ان سیٹوں پر ایک ساتھ الیکشن کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے گجرات کانگریس لیڈر پریش بھائی دھانانی کی جانب سے دائر عرضی پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرکے 24 جون تک جواب دینے کو کہا ہے۔ معاملے کی اگلی سماعت 25 جون کو ہوگی۔

19 Jun 2019, 1:10 PM

آندھرا پردیش: کاکناڈا کی سوپر مارکٹ میں بڑے پیمانہ پر آگ لگنے کا واقعہ

حیدرآباد: آندھراپردیش کے مشرقی گوداوری ضلع کے کاکناڈا کی ایک سوپر مارکٹ میں بدھ کی صبح کی اولین ساعتوں میں بڑے پیمانہ پر آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔ کثیف دھویں کے ساتھ آگ کے شعلے بھڑک اٹھے۔ آگ اتنی شدید تھی کہ کئی فائر انجنوں کے اہلکاروں نے کافی جدوجہد کے بعد آگ پرقابو پایا۔ یہ واقعہ بدھ کی صبح تقریبا چار بجے پیش آیا۔ شارٹ سرکٹ آگ لگنے کی وجہ سمجھی جارہی ہے۔ عمارت کی تیسری منزل پر واقع اس سوپر مارکٹ میں یہ آگ لگی۔ اس واقعہ میں تقریبا دو کروڑ روپئے مالیت کا نقصان ہوا ہے۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈس کے اہل کار وہاں پہنچے اور کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔آگ کے کافی شدید ہونے کے سبب ضلع کے پیداپورم،پیٹھا پورم سے چار فائر بریگیڈس کو طلب کیا گیا۔دیواروں کو منہدم کرتے ہوئے آگ بجھانے کا کام کیاگیا۔اس واقعہ سے عمارت کو کافی نقصان پہنچا۔ب تایا جاتا ہے کہ تقریبا سات گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا جا سکا۔ اس واقعہ سے مقامی افراد خوفزدہ ہو گئے۔ اس سوپر مارکٹ میں پلاسٹک کی اشیا، اسکول بیگس، کپڑے ہونے کے سبب آگ تیزی سے پھیلتی گئی۔اس واقعہ میں کسی جانی نقصان یا پھر کسی کے جھلسنے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ نقصان کا تخمینہ ہنوز نہیں لگایا جا سکا۔


19 Jun 2019, 11:10 AM

مالی میں دہشت گردانہ حملہ، 38 افراد ہلاک

ماسکو: مغربی افریقی ملک مالی میں عسکریت پسند عسکریت پسندوں نے دو گاؤوں پر حملہ کردیا جس میں کم از کم 38 افراد ہلاک اور تین دیگر زخمی ہوگئے۔ یہ اطلاع مقامی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے دی ہے۔

مالی کی ایک نیوز ایجنسی کے مطابق، پہلا حملہ منگل کے روز ڈنگافنی - 2 بستی میں ہوا جس میں 24 افراد ہلاک اور دیگر تین زخمی ہوگئے۔ دہشت گرد لوگوں کے جانور بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ اس کے علاوہ، کچھ گھروں میں آگ بھی لگادی۔ بعد ازاں دہشت گردوں نے یورو گاؤں میں ایک ٹرک پر حملہ کیا جس میں 14 افراد کی موت ہوگئی۔ پولیس اور فوج کو حملے کا سبب معلوم کرنے اور مجرموں کو پکڑنے کے لئے جائے واقع پر بھیجا گیا ہے۔

19 Jun 2019, 10:10 AM

راہل گاندھی کی سالگرہ پر مودی کی مبارکباد

نئی دہلی، 19 جون (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس صدر راہل گاندھی کو سالگرہ پر مبارکباد دی ہے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس صدر کا آج 49 واں یوم پیدائش ہے۔ مسٹر مودی نے کانگریس صدر کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی صحت اور درازیٔ عمر کے لئے نیئک خواہشات کا اظہار کیا۔


19 Jun 2019, 8:55 AM

اتر پردیش: سنبھل میں اندوہناک حادثہ، 8 افراد ہلاک، متعدد زخمی

اتر پردیش کے سنبھل میں دو گاڑیوں کے درمیان ہوئی زبردست ٹکر میں 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔ اس حادثہ میں درجن بھر افراد کے زخمی ہونے کی خبریں بھی موصول ہو رہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹکر بہجوئی تھانہ علاقہ میں علی گڑھ-آگرہ ہائی پر ہوئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */