اہم خبر: بہار کے سیلاب زدہ علاقوں میں کانگریس کارکنان سرگرم، متاثرین کی کر رہے مدد

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

18 Jul 2019, 5:05 PM

بہار: سیلاب زدہ علاقوں میں کانگریس کارکنان راحت کاری میں مصروف

بہار اس وقت سیلاب کی وجہ سے بدحالی کا عالم ہے اور ایسی صورت میں کانگریس کارکنان، خصوصاً یوتھ کانگریس کارکنان زور و شور سے راحت کاری کے کام میں مصروف ہیں۔ یوتھ کانگریس کے قومی نائب صدر شری نواس کی قیادت کئی نوجوان سیلاب متاثرین کی ضرورتوں کا سامان لے کر ان تک پہنچ رہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ کانگریس رکن پارلیمنٹ اور سابق قومی صدر راہل گاندھی نے کانگریس کارکنان سے گزشتہ دنوں گزارش کی تھی کہ وہ سیلاب زدہ علاقوں میں نکلیں اور پریشانی میں مبتلا عوام کی مدد کریں۔ ان کی اس گزارش کے بعد کانگریس کارکنان بڑی تعداد میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے آگے آئے ہیں۔

18 Jul 2019, 4:05 PM

پاکستان کے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی گرفتار

پاکستان کے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو پاکستانی ایجنسی نیب (نیشنل اکاؤنٹبلٹی بیورو) نے گرفتار کر لیا ہے۔ پاکستانی میڈیا کے حوالے سے یہ خبر ملی ہے کہ شاہد خاقان عباسی کے پاس ایل این جی گھوٹالہ سے متعلق اہم جانکاری موجود ہے۔ سرکاری خزانہ کو غیر قانونی معاہدوں کی وجہ سے اربوں روپے کا نقصان ہوا تھا۔‘‘ اس معاملے میں پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے لیڈر پوچھ تاچھ کے دوران نیب کے سامنے تین بار پیش ہوئے تھے۔

18 Jul 2019, 3:08 PM

مایاوتی کے بھائی کے خلاف انکم ٹیکس محکمہ کی بڑی کارروائی، 400 کروڑ کا پلاٹ ضبط

انکم ٹیکس محکمہ نے بی ایس پی سربراہ مایاوتی کے بھائی اور پارٹی نائب صدر آنند کمار اور ان کی بیوی کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے۔ انکم ٹیکس محکمہ نے 400 کروڑ روپے کے ایک بے نامی پلاٹ کو ضبط کیا ہے۔ یہ پلاٹ نوئیڈا میں موجود ہے۔


18 Jul 2019, 1:30 PM

داؤد ابراہیم کا بھتیجا رضوان کاسکر ممبئی ائیر پورٹ سے گرفتار

ممبئی پولس نے انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے بھتیجا رضوان کاسکر کو ایک وصولی معاملہ میں 17 جولائی کو ممبئی ائیر پورٹ سے گرفتار کر لیا۔ رضوان کاسکر داؤد کے چھوٹے بھائی اقبال کاسکر کا بیٹا ہے اور پولس نے غیر قانونی وصولی کے معاملے میں اسے گزشتہ شب گرفتار کیا۔

18 Jul 2019, 12:44 PM

چندریان 2: اسرو نے 22 جولائی کو لانچ کرنے کا کیا اعلان

حیدرآباد: تکنیکی خرابی کے سبب چندریان 2 مشن کو ملتوی کرنے کے دو دن بعد ہندوستانی خلائی جانچ ایجنسی (اسرو) نے اعلان کیا ہے کہ چندریان 2مشن کو 22 جولائی پیر کی دوپہر 2.43 منٹ پر آندھراپردیش کے ضلع نیلور کے سری ہری کوٹہ کے ستیش دھون خلائی مرکز سے چھوڑا جائے گا۔ اس خصوص میں خلائی ایجنسی نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا ”چندریان 2 کو 15 جولائی کو تکنیکی خرابی کے سبب ملتوی کردیاگیا تھا اب اسے ہندوستانی معیار وقت کے مطابق پیر کی دوپہر2.43 منٹ پر چھوڑا جائے گا“۔

15 جولائی کو اسرو کے اس باوقار پروجیکٹ کو چاند کی سطح پر بھیجا جانے والا تھا تاہم اس کو چھوڑنے سے تقریبا ایک گھنٹہ قبل اس میں تکنیکی خرابی پیداہوگئی تھی۔اگرچہ کہ اسرو نے اس تکنیکی خرابی کے تعلق سے کوئی خاص وجہ نہیں بیان کی تاہم سمجھاجاتا ہے کہ اس راکٹ کو چھوڑنے سے تقریبا ایک گھنٹہ قبل سائکروجینک انجن جہاں پر لکویڈ ہائیڈروجن فیول ہوتا ہے کے اپراسٹیج میں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی۔


18 Jul 2019, 12:10 PM

كلبھوش جادھو معاملہ پر پاکستان نے کسی بھی قانون پر عمل نہیں کیا: ایس جے شنكر

راجیہ سبھا میں ایس جے شنكر نے کہا کہ 15-1 کے ووٹ سے انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس (آئی سی جے) نے ہندوستان کے اس دعوے کو صحیح ٹھہرایا کہ پاکستان کئی معنوں میں ویانا کنونشن کی خلاف ورزی کر رہا ہے، ہم ایک بار پھر پاکستان سے كلبھوش جادھو کو رہا کرنے اور واپس بلانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

18 Jul 2019, 10:55 AM

ایودھیا تنازعہ: ثالثی پینل نے سپریم کورٹ میں پیش کی رپورٹ، آئندہ سماعت 2 اگست کو

بابری مسجد اور رام مندر تنازعہ پر آج سپریم کورٹ میں ثالثی پینل نے اپنی رپورٹ پیش کر دی۔ جسٹس کلیف اللہ کی قیادت میں ثالثی کے ذریعہ ایودھیا تنازعہ کا حل تلاش کرنے والے پینل نے رپورٹ سیل بند لفافہ میں عدالت میں پیش کی۔ بعد ازاں عدالت نے فیصلہ سنایا کہ اس تعلق سے آئندہ سماعت 2 اگست کو ہوگی۔

اس درمیان سپریم کورٹ نے ثالثی پینل سے یہ بھی کہا کہ وہ 31 جولائی تک ثالثی کے تحت کیا کچھ ہوا، اس سے عدالت کو مطلع کریں۔


18 Jul 2019, 9:09 AM

دہلی: نجف گڑھ میں 13 بیل2 گائے اور 2 بچے حادثہ میں ہلاک

دہلی میں مانسون کی ہوئی پہلی بارش کا اثر اب نظر آنے لگا ہے۔ اس بارش کی وجہ سے بدھ کی رات ایک شیلٹر کا ٹن گر جانے کے سبب 13 بیل، 2 بچے اور 2 گایوں کی موت ہو گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔