اہم خبر: اننت ناگ میں تصادم، ایک جنگجو اور ایک فوجی افسر ہلاک

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

17 Jun 2019, 10:02 PM

جموں و کشمیر: اننت ناگ میں تصادم، ایک جنگجو اور ایک فوجی افسر ہلاک

جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے بڈورہ اچھہ بل میں پیر کے روز ہونے والے ایک تصادم میں ایک جنگجو اور ایک فوجی افسر ہلاک جبکہ دو فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔ مہلوک فوجی افسر کی شناخت میجر کیتن شرما کے بطور ہوئی ہے جبکہ دو مضروب فوجی اہلکار ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی مشترکہ ٹیم نے جائے تصادم آرائی سے ایک جنگجو کی لاش بر آمد کی ہے جس کی شناخت ابھی ہونا باقی ہے۔

کشمیر زون پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا: 'اننت ناگ تصادم میں ایک جنگجو مارا گیا۔ شناخت اور تنظیمی وابستگی معلوم کی جارہی ہے'۔ فوج کی چنار کور نے ایک ٹویٹ میں کہا: 'بڈورہ تصادم میں ایک جنگجو مارا گیا۔ ہتھیار اور جنگی ساز و سامان برآمد کیا گیا۔ مشترکہ آپریشن اپنے اختتام کو پہنچا ہے۔ ایک فوجی افسر شہید ہوا'۔

17 Jun 2019, 8:57 PM

ترنمول کانگریس کے ممبر اسمبلی اور 15 کونسلر بی جے پی میں شامل

ترنمو ل کانگریس کے لیے ایک بار پھر بری خبر سامنے آئی ہے۔ اس کے ممبراسمبلی سنیل سنگھ نے پارٹی کے 15 کونسلروں سمیت آج بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ نوپاڑہ ممبراسمبلی اور گارولیا کے میونسپلٹی کے چیرمین سنیل سنگھ نے ترنمول کانگریس کے 15کاؤنسلروں کے ساتھ نئی دہلی میں بی جے پی ہیڈکوارٹر میں کیلاش وجے ورگی، مکل رائے اور دیگر لیڈروں کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ سنیل سنگھ بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ ارجن سنگھ کے رشتہ دار ہیں۔ارجن سنگھ لوک سبھا انتخابات سے عین ترنمول کانگریس چھوڑ کربی جے پی میں شامل ہوئے ہیں۔مکل رائے نے کہا ہے کہ دیگر دس ممبران اسمبلی بی جے پی میں شامل ہونے کو تیار ہیں۔

17 Jun 2019, 8:10 PM

ایران نے یورنیم افزودگی کی رفتار چار گنا بڑھائی

تہران: ایران نے نیوکلیائی معاہدے کی پاسداری سے گزشتہ ماہ انکار کرنے کے بعد نیوکلیائی افزودگی کی رفتار کو چار گنا بڑھادیا ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ اگر یورپی ممالک نے اسے امریکی اقتصادی پابندیوں سے بچانے کے لیے کوئی عملی اقدام نہ کیا تو وہ 27 جون کو افزودہ یورینیم کے اپنے ذخیرے سے متعلق معاہدے کی خلاف ورزی کرے گا۔ ایران کی ایٹمی ایجنسی نے کہا ہے کہ اس مواد کی پیدوار چار گنا بڑھا دی گئی ہے جسے ری ایکٹر فیول اور ایٹمی اسلحہ بنانے میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔جس کے بعد یورنیم افزودگی کا عمل مزید بڑھایا جائے گا۔ واضح رہے کہ ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان 2015 میں ہوئے نیوکلیائی معاہدے کے تحت ایران نے افزودہ یورونیم کا ذخیرہ 300 کلوگرام تک رکھنے پر اپنی رضامندی کا اظہار کیا تھا۔


17 Jun 2019, 5:48 PM

ہماچل پردیش: آگ لگنے کی وجہ سے شیو مندر تباہ، چاندی کی مورتیاں و دیگر چیزیں خاکستر

ہماچل پردیش کے شملہ میں شانکلی ضلع کے نزدیک واقع ایک شیو مندر گزشتہ رات آگ سے تباہ ہوگیا جس میں چاندی کی مورتیاں، ڈونیشن باکس، بھنڈارے کا سامان اور برتن وغیرہ جل کر راکھ ہوگئے۔ فائر بریگیڈ کے ڈویزنل فائر افسر ڈی سی شرما نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ کو رات کو تقریباََ 11.46 بجے مندر میں آگ کی اطلاع ملی جس پر مال روڈ اور چھوٹا شملہ سے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھیجی گئیں۔ ان میں سے چھوٹا شملہ سے فائر بریگیڈ کی دوگاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں لیکن مال روڈ سے بھیجی گئیں فائر بریگیڈ کی گاڑیاں راستے میں تنگ موڑ پر پھنس گئیں۔ حالانکہ آگ پر قابو پالیا گیا لیکن اس میں مندر میں رکھیں چاندی کی مورتیا، ڈونیشن باکس اور بھنڈارے کا سامان اور برتن وغیرہ جل کر راکھ ہوگئے۔ فائر بریگیڈ کے عملہ نے مندر کے ساتھ ملحقہ چھوٹے مندر گن مندر، کالی ماتا کا مندر اور ایک سرائے کو بچا لیا۔ ابتدائی اندازے کے مطابق آگ سے تقریباََ 60 ہزار روپے کا نقصان ہونے کا اندازہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولس نے اس واقعہ کے سلسلہ میں معاملہ درج کر لیا ہے۔ آگ لگنے کے اسباب کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ جانچ جاری ہے۔

17 Jun 2019, 5:08 PM

بہار: اورنگ آباد میں وزیر صحت کو کالا جھنڈا دکھایا گیا

بہار کے اورنگ آباد میں ہندوستانی عوام مورچہ اور جن ادھیکار پارٹی لوک تانترک کے حامیوں نے ریاست کے وزیر صحت منگل پانڈے کے قافلے کو کالا جھنڈا دکھایا۔ دراصل اورنگ آباد میں لو سے اب تک 35 لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور بہتر صحت خدمات نہ ہونے کی وجہ سے مقامی لوگ بھی کافی پریشان ہیں۔


17 Jun 2019, 4:06 PM

عالمی کپ کرکٹ: ہندوستان کو لگا جھٹکا، بھونیشور کمار 3 میچ کے لیے ٹیم سے باہر

ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ زخمی تیز گیندباز بھونیشور کمار زیادہ سے زیادہ تین میچ کے لیے ٹیم سے باہر ہوں گے۔ بھونیشور کمار کو بروز اتوار پاکستان کے خلاف گیندبازی کے دوران تیسرے اوور کی چوتھی گیند پر ہیمسٹرنگ میں تکلیف ہوئی۔ وہ پاکستان کی پاری کے دوران فیلڈنگ کے لیے بھی میدان پر نہیں اتر سکے۔ کوہلی کا کہنا ہے کہ ’’بھونیشور کو پھسلنے کی وجہ سے تھوڑی چوٹ آئی ہے۔ یہ بہت سنگین چوٹ نہیں ہے اور کچھ میچوں میں وہ ٹھیک ہو جائیں گے۔ زیادہ سے زیادہ تین میچ۔‘‘ کپتان نے کہا کہ وہ محمد شامی کو ٹیم میں شامل کریں گے جو کہ پوری طرح سے تیار ہیں۔‘‘

17 Jun 2019, 2:10 PM

دہلی: سکھ ٹیمپو ڈرائیور نے پولس پر تلوار سے کیا حملہ، پولس نے زبردست پٹائی کے بعد کیا گرفتار

دہلی کے مکھرجی نگر میں پولس افسر کی گاڑی اور ٹیمپو کے درمیان ٹکر ہو گئی جس کے بعد پولس اہلکاروں اور ٹیمپو ڈرائیور کے درمیان زبردست تنازعہ ہو گیا۔ ٹیمپو ڈرائیور نے پولس افسر کے سر پر تلوار سے حملہ تک کر دیا اور پولس والوں پر ٹیمپو چڑھانے کی کوشش بھی کی گئی۔ اس کے بعد اسے پکڑنے گئے مکھرجی نگر تھانہ کے پولس اہلکاروں نے بڑی مشکل سے ٹیمپو ڈرائیور کو حراست میں لیا۔ اس دوران پولس نے سکھ ٹیمپو ڈرائیور کی ڈنڈوں سے زبردست پٹائی بھی کی۔

واقعہ کے تعلق سے بتایا جاتا ہے کہ اتوار کی شام ٹیمپو ڈرائیور نے ایک پولس والے کے پیر پر گاڑی چڑھا دی۔ اس بات پر پولس والے اور ڈرائیور کے درمیان نوک جھونک ہو گئی۔ تھوڑی دیر بعد تلوار نکال کر ڈرائیور نے پولس والے کو دھمکانا شروع کر دیا۔ سکھ ڈرائیور کے بیٹے نے اپنے والد کو وہاں سے لے جانے کی کوشش کی لیکن وہ نہیں مانا۔ اتنے میں کئی پولس والے وہاں پہنچ گئے اور بڑی مشکل سے ڈرائیور پر قابو پا کر اس کی زبردست پٹائی کی اور پھر حراست میں لے لیا۔


17 Jun 2019, 1:10 PM

پونچھ میں ایل او سی پر فائرنگ، ایک فوجی اہلکار زخمی

جموں: جموں کشمیر کے ضلع پونچھ کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر پیر کے روز ہندوستان اور پاکستان فوج کے درمیان گولہ باری کے تبادلے میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا۔

ذرائع نے بتایا کہ پونچھ کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر پیر کی صبح پاکستانی فوج نے ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بناکر گولہ باری کی جس کا ہندوستانی فوج نے بھی بھر پور جواب دیا۔

انہوں نے بتایا کہ طرفین کے درمیان گولہ باری کے نتیجے میں ایک فوجی اہکار زخمی ہوا جس کو علاج ومعالجے کے لئے فوری طور پر نزدیکی فوجی اسپتال منتقل کیا گیا۔

17 Jun 2019, 12:10 PM

ایک ماہ کی بچی کو فروخت کرنے والی خاتون گرفتار

حیدرآباد: تلنگانہ کے جگتیال ضلع کے میٹ پلی ٹاون میں ایک خاتون کو پولس نے اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ ایک مہینہ کی بچی کو فروخت کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔ تفصیلات کے مطابق نرمل ضلع کے کڈم سے تعلق رکھنے والی گنگا جیوتی نامی خاتون اپنی ایک ماہ کی بچی کو میٹ پلی کے کلا نگر کالونی میں ایک خاندان کو 20 ہزار روپے میں فروخت کررہی تھی کہ پڑوسیوں کو اس کی اطلاع ملی اور انھوں نے جیوتی کی اس حرکت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پولس کو اس کی اطلاع دی۔ پولس نے خاتون کو گرفتار کرتے ہوئے ایک ماہ کی بچی کو آئی سی ڈی ایس عہدیداروں کے حوالے کردیا۔


17 Jun 2019, 11:10 AM

پرتاب گڑھ میں ٹیوب ویل سے دلت کسان کی جلی ہوئی لاش برآمد

پرتاپ گڑھ: اترپردیش میں پرتاپ گڑھ ضلع ہیڈکواٹر سے 30 کلو میٹر مسافت پر تھانہ پٹّی کوتوالی علاقے کے موضع بیلا رام پور میں واقع ٹیوب پر دلت کسان کی جلی ہوئی لاش پائی گئی ہے۔

ایس ایچ او اکھلیش پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ بیلا رام پور گاوُں کے باشندے ونے سروج عرف ببلو (35) گزشتہ اتوار کی شب اپنے چھپّر والے ٹیوب ویل پر سویا ہوا تھا کہ کسی نے اس کا قتل کرکے لاش کو جلا دیا جو پوری طرح جل چکی ہے ۔ یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ آگ کس نے لگائی ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ضلع اسپتال بھیج کر تحقیقات کی جا رہی ہے۔

17 Jun 2019, 10:19 AM

حوثی باغیوں کا سعودی ہوائی اڈے پر پھر حملہ

ریاض: یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے شہر ابہا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک ہی ہفتے کے اندر چوتھا حملہ کیا۔ مقامی میڈیا رپورٹوں کے مطابق یہ حملہ بغیر پائلٹ والے طیارے کے ذریعے کیا گیا، یہ حوثی باغیوں کا ایک ہی ہفتے میں ابہا ہوائی اڈے پر چوتھا حملہ ہے۔ بدھ کو بھی باغیوں نے راکٹ سے ہوائی اڈے کے ارائیول لاؤنج کو نشانہ بنایا تھا جس میں 26 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

یمن کئی برسوں سے صدر عبدربہ منصور ہادی کی قیادت والی سرکاری فورسز اور حوثی باغیوں کے درمیان جھڑپوں میں الجھا ہوا ہے۔ سعودی عرب کی قیادت والا اتحاد منصور ہادی کی درخواست پر مارچ 2015 سے باغیوں کے خلاف فضائی حملے کر رہا ہے۔


17 Jun 2019, 10:18 AM

جاپان میں 5.2 شدت کے زلزلہ کے جھٹکے

جاپان کے سب سے بڑے جزیرے هونش کے شمال مشرقی حصے میں پیر کو زلزلہ کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔ زلزلہ کی شدت ریکٹرا سکیل پر 5.2 تھی۔ جاپان کے محکمہ موسمیات سائنس نے بتایا کہ زلزلہ کا مرکز صوبہ اباراكي میں 80 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ زلزلہ کی وجہ سے کسی قسم کے جان مال کے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے اور سونامی کی وارننگ بھی جاری نہیں کی گئی ہے۔جاپان زلزلہ کے فعال علاقے میں واقع ہے جسے’فنگر آف فائر‘ کے طور پر جانا جاتا ہے. جاپان باقاعدگی سے زلزلہ کے طاقتور جھٹکوں سے متاثر رہتا ہے۔ خیال رہے 2011 میں 9.0 شدت والے زلزلہ اور اس کے بعد آنے والے سونامی کی زد میں آکر 15 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے اور اس کی وجہ سے فوکوشیما ایٹمی پلانٹ حادثہ بھی ہوا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔