اہم خبر: شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ: ای ڈی نے کنال گھوش سے پوچھ تاچھ کی

شارداچٹ فنڈ گھوٹالہ میں ترنمول کانگریس کے سابق ممبر پارلیمنٹ کنال گھوش سے انفورسمنٹ ڈائریکٹور یٹ نے پوچھ تاچھ کی ہے۔

سی بی آئی
سی بی آئی
user

قومی آوازبیورو

17 Jul 2019, 8:10 PM

شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ: ای ڈی نے کنال گھوش سے پوچھ تاچھ کی

کولکاتا: شارداچٹ فنڈ گھوٹالہ میں ترنمول کانگریس کے سابق ممبر پارلیمنٹ کنال گھوش سے انفورسمنٹ ڈائریکٹور یٹ نے پوچھ تاچھ کی ہے۔

ای ڈی کے سینئر آفیسر نے کہا کہ کنال گھوش سے انسدادمنی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت پوچھ تاچھ کی گئی ہے۔ای ڈی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شاردا گروپ اور کنال گھوش کے درمیا ن مالی لین سے متعلق پوچھ تاچھ کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ ای ڈی نے اس معاملے میں پوچھ تاچھ کرنے کیلئے ترنمول کانگریس کی ممبر پارلیمنٹ شتابدی رائے، ایسٹ بنگال فٹ بال کلب کے عہدیدار دیبرتا سرکار، بزنس مین سجن اگروال، سندھیر اگروال اورشاردا گروپ کے چیرمین ارندم داس کو سمن جاری کیا گیا ہے۔ شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ اپریل 2013میں میں منظر عام پر آیا تھا۔یہ گھوٹالہ 10,000ہزار روپے کا گھوٹالہ ہے۔

17 Jul 2019, 6:57 PM

کلبھوشن کی پھانسی پر روک، آئی سی جے سے ہندوستان کے حق میں فیصلہ، پاکستان کو دھچکا

نئی دہلی: ہندوستانی شہری کلبھوشن جادھو سے متعلق معاملہ میں عالمی عدالت برائے انصاف (آئی سی جے) نے بدھ کے روز اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ ہیگ میں واقع عدالت نے جادھو کی پھانسی کی سزا پر روک لگاتے ہوئے پاکستان سے اس کی سزا کا جائزہ لینے کو کہا گیا ہے۔ عدالت نے جادھو کو کونسلر ایکسس بھی فراہم کرنے کو کہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی ایک فوجی عدالت کی طرف سے کلبھوشن جادھو کو پھانسی کی سزا سنائے جانے کے بعد ہندوستان نے فیصلہ کلو عالمی عدالت میں چیلنج کیا تھا۔ پاکستانی عدالت نے اپریل 2017 کو بند کمرے میں سماعت کے بعد جاسوسی اور دہشت گردی کے الزام میں ہندوستانی بحریہ کے سبکدوش افسر جادھو (48) کو موت کی سزا سنائی تھی۔ ہندوستان نے سزائے موت پر سخت رد عمل ظاہر کیا تھا۔

17 Jul 2019, 5:04 PM

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا استعفیٰ

کرکٹ عالمی کپ ختم ہونے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اپنے استعفیٰ کا اعلان کر دیا ہے۔ حالانکہ پاکستانی ٹیم سیمی فائنل سے پہلے ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی تھی لیکن انضمام الحق نے اپنے استعفیٰ کا اعلان اب تک نہیں کیا تھا۔ بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران انھوں نے کہا کہ 30 جولائی تک بطور چیف سلیکٹر مجھے پاکستان کرکٹ بورڈ میں رہنا ہے اور اس کے بعد میں نے بورڈ سے کہہ دیا ہے کہ مجھے اس ذمہ داری سے سبکدوش کیا جائے اور معاہدہ آگے نہ بڑھایا جائے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انضمام الحق نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی ٹیم کو بہترین کھلاڑی دینے کے لیے میں جو کچھ کر سکتا تھا، میں نے کیا، اور اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ مجھے اس میں ہر طرح کی آسانی ملی۔

پریس کانفرنس میں انضمام الحق نے حالانکہ ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ واضح کیا کہ وہ چیف سلیکٹر کے علاوہ اور کوئی ذمہ داری نبھانے کے لیے تیار ہیں اگر پاکستان کرکٹ بورڈ ایسا چاہے۔


17 Jul 2019, 3:10 PM

شملہ کے ایک اسپتال میں لگی آگ، فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی

ہماچل پردیش کے شملہ میں اندرا گاندھی میڈیکل کالج اینڈ ہاسپیٹل کے پیتھالوجی لیب میں آگ لگ گئی۔ تقریباً ایک گھنٹے کے اندر فائر بریگیڈ کی ٹیم نے آگ پر قابو پا لیا۔ اس حادثہ میں کسی کے بھی زخمی ہونے کی خبر ابھی موصول نہیں ہوئی ہے۔

17 Jul 2019, 1:10 PM

پاکستان: دہشت گرد حافظ سعید لاہور میں گرفتار، عدالتی حراست میں بھیجا گیا

پاکستان واقع لاہور میں دہشت گرد حافظ سعید کی گرفتاری کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق جماعت الدعوۃ سربراہ حافظ سعید لاہور سے گجرانوالہ جاتے وقت گرفتار کر لیے گئے۔ گرفتاری کے بعد انھیں عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ دہشت گرد تنظیم جماعت الدعوۃ کے سرغنہ حافظ سعید ممبئی میں ہوئے 26/11 حملے کا ماسٹر مائنڈ ہے۔ اس کے علاوہ پلوامہ اور اُری حملے کی سازش میں بھی اس کا ہاتھ بتایا جا رہا ہے۔


17 Jul 2019, 12:09 PM

بین الاقوامی عدالت کے فیصلہ سے قبل کلبھوشن کے دوست و احباب کر رہے دعاء

بین الاقوامی عدالت آج ہندوستان کے سابق بحریہ افسر کلبھوشن جادھو کے تعلق سے اپنا فیصلہ سنانے والی ہے۔ اس کے پیش نظر کلبھوشن کے دوست و احباب دعاء کر رہے ہیں کہ پاکستانی عدالت کے ذریعہ دی گئی سزائے موت ختم ہو جائے اور اس کی ہندوستان واپسی ہو۔ دعاء کی ایک تقریب میں شامل کلبھوشن کے دوستوں نے اپنے ٹی شرٹ پر لکھ رکھا ہے کہ ’ہندوستان کلبھوشن جادھو کے ساتھ‘۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہے کہ بین الاقوامی عدالت کیا فیصلہ سناتی ہے۔

17 Jul 2019, 11:10 AM

کرناٹک بحران پر سپریم کورٹ نے کہا ’’اراکین اسمبلی کے استعفیٰ پر اسپیکر خود کریں فیصلہ‘‘

سپریم کورٹ نے باغی اراکین اسمبلی کی عرضی پر فیصلہ سنا دیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ اسپیکر ایک مناسب وقت کے اندر 15 اراکین اسمبلی کے استعفیٰ پر فیصلہ لیں۔ عدالت نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ 15 اراکین اسمبلی کو اسمبلی کی کارروائی میں حصہ لینے کے لیے اس وقت تک مجبور نہیں کیا جا سکتا جب تک اسپیکر فیصلہ نہ لے لیں۔


17 Jul 2019, 10:10 AM

زور آور لیڈر عتیق احمد کے گھر پر سی بی آئی کا چھاپہ

پریاگ راج میں زور آور لیڈر اور سابق سماجوادی پارٹی رکن پارلیمنٹ عتیق احمد کے گھر پر سی بی آئی نے چھاپہ ماری کی ہے۔ عتیق احمد کے وکیل کا کہنا ہے کہ ’’صبح 7.30 بجے سے سی بی آئی کی ٹیم عتیق احمد کے گھر پر موجود ہے۔ سیکورٹی فورسز نے رہائش کو پوری طرح سے گھیر رکھا ہے۔ گھر کے اندر کسی کو جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔‘‘

17 Jul 2019, 8:39 AM

ممبئی: ڈونگری میں بچاؤ کام دوسرے دن بھی جاری، اب تک 13 لاشیں برآمد

ممبئی واقع ڈونگری علاقہ میں منگل کے روز چار منزلہ عمارت منہدم ہونے کے واقعہ میں آج دوسرے دن بھی بچاؤ کام جاری ہے اور اب تک 13 لاشیں ملبہ سے نکالی جا چکی ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اب بھی کئی لاشیں ملبہ میں دبی ہوئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔