اہم خبر: دیوبند میں دلدوز سڑک حادثہ، 8 افراد کی موت

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

11 Jul 2019, 7:10 PM

دیوبند میں دلدوز سڑک حادثہ، 8 افراد کی موت

سہارنپور: اترپردیش کے ضلع سہارنپور کے دیوبند علاقے میں جمعرات کو ٹاٹا میجک اور کار میں ہوئی ٹکر میں میجک سوار آٹھ افراد کی موت ہوگئی جبکہ دیگر 22 افراد شدید طور سے زخمی ہوگئے۔ مہلوکین میں زیادہ تعداد خواتین کی ہے۔

دیوبند کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اجے شرما نے بتایا کہ میگھ راج سے کچھ لوگ میجک میں سوار ہوکر ضلع مظفر نگر میں منصور پور علاقے میں ایک تیرہویں کی تقریب میں شرکت کے لئےجارہے تھے۔دیوبند میں فلائی اوور سے جیسے ہی ٹاٹا میجک سہارنپور۔مظفر نگر شاہرا ہ پر پہنچی اسی درمیان پیچھے سے آرہی تیز رفتار کار کا ٹائر پھٹ گیا اور وہ بے قابو ہوکر میجک سے ٹکرا گئی۔

کار کی ٹکر سے ٹاٹا میجک بے قابو ہوکر سڑک کنارے کی ریلنگ سے ٹکرا کر پلٹ گئی۔ اس حادثے میں میجک سوار پانچ خواتین کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ 13۔14 افراد زخمی ہوگئے۔ سبھی مہلوکین اور زخمی ایک ہی خاندان کے ہیں۔وہیں کار سوار بھی دو خواتین سمیت چار لوگ زخمی ہوگئے۔ کار سوار سبھی افراد مظفر نگر کے رہنے والے ہیں۔ میجک سوار زخمیوں کو سہارنپور ضلع اسپتال اور کار سوار سبھی زخمیوں کو میرٹھ ضلع اسپتال میں علاج کے لئے داخل کرایا گیا ہے۔

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس(دیہات) ودیا ساگر مشر انے بتایا کہ مہلوکین میں سات خواتین اور ایک مرد شامل ہیں سبھی دیوبندعلاقے کے میگھ راج پور کے رہنے والے ہیں۔ اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت گیتا، رادھکا، جگ روشنی، مورتی، رمیشو، اشونی کمار کے طور پر ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پانچ خواتین کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ تین نے سہارنپور ضلع اسپتال میں دوران علاج دم توڑ دیا۔

11 Jul 2019, 6:10 PM

یو پی: مسلسل بارش سے کئی علاقوں میں سیلاب جیسے حالات

لکھنؤ: راجدھانی لکھنؤ و آس پاس کے اضلاع میں مسلسل ہورہی بارز سے کئی علاقوں میں سیلاب جیسے حالات پیدا ہوگئے ہیں۔ بارش کا یہ سلسلہ بدھ کی دیر رات سے جمعرات کی دوپہر تک جاری رہا۔

محکمہ موسمیات نے سنیچر تک ریاست کے کئی علاقوں میں بھاری بارش کی پیشین گوئی کی ہے۔محکمہ کے مطابق مشرقی اترپردیش کے کئی علاقوں میں سنیچر تک بھاری بارش کے آثار ہیں جبکہ 12 جولائی کو کچھ منتخب علاقوں میں شدید بارش ہوسکتی ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی

محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے مطابق مغربی یو میں 12 جولائی تک بھاری بارش کے آثار ہیں لیکن پھر اس کےبعد بارش کی رفتار تھوڑی سست ہوسکتی ہے۔ اس درمیان بدھ کے دن بھی ریاست کے متعدد علاقوں میں رک رک کر بارش ہوتی رہی ۔

نیپال کی سرحد سے منسلک اترپردیش کے ضلع بلرامپور میں گذشتہ کچھ دنوں سے ہو رہی بارش اور پہاڑی نالوں میں طغیانی کی بدولت تقریبا 55 گاوں سیلاب کی زد میں ہیں۔

محکمہ کی جانب سے پیش کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق صبح سے شام تک سب سے زیادہ بارش 47.4 ملی میٹر سلطان پور میں درج کی گئی۔ اس کے علاوہ گورکھپور، وارانسی، الہ آباد پی بی او، بستی، باندہ، ہمیر پور میں پانچ سے 21 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ۔

11 Jul 2019, 5:02 PM

وجے مالیا کو لگا جھٹکا، بمبئی ہائی کورٹ نے راحت دینے سے کیا انکار

سرکاری ایجنسیوں کے ذریعہ ملکیت ضبط کیے جانے کے عمل پر روک کے لیے وجے مالیا نے عرضی داخل کی تھی لیکن اس عرضی کو بمبئی ہائی کورٹ نے خارج کر دیا ہے۔ بمبئی ہائی کورٹ نے ساتھ ہی وجے مالیا کو کسی بھی طرح کی راحت دینے سے انکار کر دیا ہے۔


11 Jul 2019, 2:49 PM

کرناٹک بحران: مسئلہ حل کرنے کے لیے اسپیکر نے سپریم کورٹ سے مانگا وقت

کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر کے آر رمیش نے باغی اراکین اسمبلی کے معاملے کو نمٹانے کے لیے سپریم کورٹ سے مزید وقت طلب کیا ہے۔ اس سلسلے میں عدالت عظمیٰ میں ایک عرضی داخل کی گئی ہے۔ اس سے قبل اراکین اسمبلی کی عرضی پر فیصلہ سناتے ہوئے سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ اسپیکر کو آج شام 6 بجے تک باغی اراکین اسمبلی کے تعلق سے فیصلہ لینا ہوگا۔

11 Jul 2019, 2:05 PM

کرناٹک بحران: پارلیمنٹ احاطہ میں راہل-سونیا نے لگایا ’جمہوریت بچاؤ‘ کا نعرہ

کرناٹک اور گوا میں جاری سیاسی گھمسان کے پیش نظر کانگریس نے جمعرات کو پارلیمنٹ احاطہ میں دھرنا دیا۔ کانگریس کے اس احتجاجی مظاہرہ میں یو پی اے چیئرپرسن سونیا گاندھی اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی شامل ہوئے۔ پارلیمنٹ احاطہ میں مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے سامنے اس احتجاجی مظاہرہ میں کانگریس نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کرناٹک اور گوا میں اراکین اسمبلی کی خرید فروخت کر رہی ہے۔ اس دوران سبھی لیڈروں نے ’جمہوریت بچاؤ‘ کے نعرے بھی لگائے۔


11 Jul 2019, 12:40 PM

راہل گاندھی نے لوک سبھا میں اٹھایا کسانوں کا ایشو، کہا ’کسانوں کو دھمکی دینا بند ہو‘

لوک سبھا میں کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کسانوں کی بدحالی کا ایشو آج پرزور طریقے سے اٹھایا۔ انھوں نے کہا کہ میرے پارلیمانی حلقہ وائناڈ میں کسان خودکشی کر رہے ہیں، 8 ہزار کسانوں کو بینک قرض نہ ادا کرنے پر نوٹس بھیجا گیا ہے۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ کیرالہ میں 18 کسانوں نے خودکشی کی کیونکہ وہ بینکوں کا قرض ادا نہیں کر پائے۔

کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے اپنی بات لوک سبھا میں رکھتے ہوئے کہا کہ ’’گزشتہ 5 سال میں حکومت نے کسانوں کو کم پیسہ دیا، وہیں امیر کاروباریوں کو زیادہ پیسہ دیا ہے۔ یہ دوہرا رویہ کیوں؟ حکومت کے لیے کسان امیروں سے زیادہ جروری کیوں نہیں ہیں!‘‘

راہل گاندھی نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ آر بی آئی کو ہدایت دے اور کسانوں کو دھمکی دینا بند کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں کسانوں کی حالت بے حد خراب ہے، ایسے میں حکومت کو کسانوں کی بدحالی کو دور کرنے کے لیے قدم اٹھانے کی ضرورت ہے۔

11 Jul 2019, 11:23 AM

ایودھیا معاملہ پر ثالثی پینل 25 جولائی تک تفصیلی رپورٹ پیش کرے: سپریم کورٹ

ایودھیا معاملہ پر اہم سماعت کرتے ہوئے آج سپریم کورٹ نے ثالثی پینل سے کہا ہے کہ وہ 25 جولائی تک تفصیلی رپورٹ پیش کرے۔ سپریم کورٹ نے آج کہا کہ ’’اس مسئلہ کا حل نکالنے کے لیے ہم نے ایک ثالثی پینل بنایا تھا اور اس کی رپورٹ کا ہم انتظار کر رہے ہیں۔‘‘ اس سلسلے میں اب آئندہ سماعت 25 جولائی کو ہوگی۔

کچھ میڈیا ذرائع کے مطابق ثالثی پینل سے کہا گیا ہے کہ وہ 18 جولائی تک اسٹیٹس رپورٹ پیش کر دیں تاکہ آئندہ سماعت میں یہ فیصلہ کیا جا سکے کہ ثالثی کا عمل آگے بڑھایا جائے یا پھر روزانہ اس کیس پر سماعت کی جائے۔


11 Jul 2019, 10:29 AM

سینئر وکیل اندرا جے سنگھ اور آنند گروور کے گھر و دفتر پر سی بی آئی کا چھاپہ

سپریم کورٹ کی سینئر وکیل اندرا جے سنگھ اور آنند گروور کے گھر اور دفتر پر سی بی آئی کی ٹیم نے چھاپہ مارا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ این جی او کے لیے غیر ملکی فنڈنگ میں مبینہ بے ضابطگیوں کو لے کر سی بی آئی یہ کارروائی کر رہی ہے۔

11 Jul 2019, 8:45 AM

ایودھیا تنازعہ پر جلد سماعت کا مطالبہ کرنے والی عرضی پر سماعت آج

ایودھیا کیس کی جلد سماعت کا مطالبہ کرنے والی عرضی پر سپریم کورٹ میں آج سماعت ہوگی۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی صدارت والی پانچ ججوں کی بنچ سماعت کرے گی۔ ہندو فریق گوپال سنگھ وشارد نے ثالثی میں کوئی ٹھوس پیش رفت نہ ہونے کی بات کہتے ہوئے کورٹ سے اہم معاملے پر جلد سماعت کا مطالبہ کیا ہے۔ اس درمیان مندر فریقین نے بھی غیر متنازعہ زمین پر تعمیری کام شروع کرنے کے لیے عدالت میں عرضی داخل کی ہے۔ اس کیس کی بھی سماعت آج ہونی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔