اہم خبریں: بکسر میں قیدی کی دوران علاج موت

جیل، علامتی تصویر آئی اے این ایس
جیل، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

25 Dec 2021, 4:32 PM

بکسر میں قیدی کی دوران علاج موت

بکسر: بہار کے بکسر ضلع کی سنٹرل جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ایک قیدی کی علاج کے دوران موت ہو گئی۔ پولیس ذرائع نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ روہتاس ضلع کے کراکاٹ تھانہ علاقہ کے تحت چوگڑی گاؤں کا رہنے والا وپن بہاری یادو (65) قتل کے ایک مقدمے میں سینٹرل جیل میں سزا کاٹ رہا تھا۔ چند روز قبل قیدی کے طبیعت بگڑنے پر بکسر صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں علاج کے دوران جمعہ کو دیر رات اس کی موت ہوگئی۔ ذرائع نے بتایا کہ جیل انتظامیہ نے قیدی کی موت کی اطلاع اس کے اہل خانہ کو دے دی ہے۔

25 Dec 2021, 2:30 PM

14 کروڑ سے زائد ای شرم کارڈ جاری... بھوپیندر یادو

نئی دہلی: مرکزی وزارت برائے محنت اور روزگار نےغیرمنظم شعبے کے ورکروں کو 14 کروڑ سے زائد ’ای-شرم ‘کارڈ جاری کیے ہیں۔ مرکزی وزیر برائے محنت اور روزگار بھوپیندر یادو نے ہفتے کے روز ٹوئٹ کر کے یہ معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ صرف چار ماہ میں یہ کامیابی حاصل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14 کروڑ دو لاکھ 92 ہزار 825 ورکروں کو ای-شرم کارڈ جاری کئے جا چکے ہیں۔

25 Dec 2021, 12:31 PM

ملیشیا میں سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد 41 ہو گئی

کوالالمپور: ملیشیا میں سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 41 ہو گئی ہے، جبکہ آٹھ افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ اس سے قبل یہ رپورٹ آئی تھی کہ سیلاب میں 27 افراد کی موت ہو گئی ہے۔ اس وقت سیلاب سے 26 مرد، 13 خواتین اور دو بچوں کی موت ہو گئی ہے۔ دا سٹار اخبار نے انسپکٹر جنرل آف پولیس عکریل ثانی عبداللہ ثانی کے حوالے سے بتایا کہ مرنے والے 41 افراد میں سے 25 سیلنگور، 15 پہانگ کے رہنے والے تھے اور ایک کیلانتن کا رہنے والا تھا۔


25 Dec 2021, 9:54 AM

کیا اب ٹی وی پر مباحثہ کرنے والے اینکر آدتیہ ناتھ جی سے معافی کا مطالبہ کریں گے: رندیپ سرجے والا

گزشتہ دنوں رکن پارلیمنٹ جیہ بچن نے ایوان بالا میں بی جے پی کو برے دن جلد آنے کے لیے بددعاء کرتی ہوئی نظر آئی تھیں۔ اس پر بی جے پی رکن اسمبلی سریندر سنگھ کا انتہائی متنازعہ بیان سامنے آیا ہے۔ انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’’اب رقاصہ بھی شراپ (بددعا) دینے لگی ہیں۔‘‘ بی جے پی رکن اسمبلی کے متنازعہ تبصرہ پر کانگریس ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا کا سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔ انھوں نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے ’’یہ ہے بی جے پی لیڈروں کی گھٹیا سوچ! کرناٹک میں ایک رکن اسمبلی کے بیان پر ٹی وی ڈیبیٹ کرنے والے سارے اینکر ساتھی اب آدتیہ ناتھ جیس ے معافی و کارروائی کا مطالبہ کریں گے، یا بی جے پی کو خواتین کو بے عزت کرنے کا لائسنس ہے۔‘‘

25 Dec 2021, 8:15 AM

اتراکھنڈ میں بی جے پی بے حال، کابینہ وزیر سیت 2 اراکین اسمبلی کا استعفیٰ

آئندہ سال اتراکھنڈ میں اسمبلی انتخاب ہونا ہے اور اس سے پہلے بی جے پی میں زبردست ٹوٹ پھوٹ کا نظارہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ پہلے ہی کئی بی جے پی لیڈران پارٹی کا ساتھ چھوڑ چکے ہیں اور اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ کابینہ وزیر ہرک سنگھ راوت نے ریاستی حکومت سے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے اپنا استعفیٰ دے دیا ہے۔ اتنا ہی نہیں، کانگریس نے دعویٰ کیا ہے کہ مزید ایک رکن اسمبلی نے بھی بی جے پی کو خیر باد کہہ دیا ہے۔ کانگریس کی اتراکھنڈ یونٹ کے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے اس معاملے میں طنز کستے ہوئے لکھا گیا ہے ’’ڈوبتا جہاز، بھاگتے لوگ۔‘‘ ساتھ ہی دو تصویریں شیئر کی گئی ہیں جن میں ایک کابینہ وزیر ہرک سنگھ راوت کے استعفیٰ کی خبر ہے اور دوسرے میں رکن اسمبلی امیش شرما کاؤ کے بی جے پی چھوڑنے کا تذکرہ ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔