اہم خبریں: وزیر اعلیٰ کیجریوال نے سرکاری اسکولوں میں شروع کیا ’دیش بھکتی نصاب‘

اروند کیجریوال، تصویر سوشل میڈیا
اروند کیجریوال، تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

28 Sep 2021, 9:39 PM

دہلی: وزیر اعلیٰ کیجریوال نے سبھی سرکاری اسکولوں میں شروع کیا ’دیش بھکتی نصاب‘

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے آج سبھی سرکاری اسکولوں کے لیے ’دیش بھکتی نصاب‘ لانچ کیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ’’ہم ایسا ماحول بنانا چاہتے ہیں جہاں بچے چوبیسوں گھنٹے اور ساتوں دن حب الوطنی کے ماحول میں جینا سیکھیں۔ ہم اب حب الوطن ڈاکٹر، انجینئر اور وکیل وغیرہ بنائیں گے۔‘‘

28 Sep 2021, 7:39 PM

آئی پی ایل: کولکاتا نے دہلی کو 3 وکٹ سے شکست دے کر پلے آف کی امیدوں کو زندہ رکھا

انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے 14ویں سیزن کے 41ویں مقابلے میں آج کولکاتا نائٹ رائڈرس (کے کے آر) نے دہلی کیپٹلز (ڈی سی) کو 3 وکٹ سے شکست دے دی۔ شارجہ میں کھیلے گئے اس مقابلے میں دہلی نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوور میں 9 وکٹ کے نقصان پر 127 رن بنائے تھے۔ جواب میں کولکاتا نے 128 رن 7 وکٹ کے نقصان پر 18.2 اوور میں ہی بنا لیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی کولکاتا کی پلے آف میں پہنچنے کی امیدیں بھی زندہ ہیں۔

28 Sep 2021, 6:31 PM

سڑک حادثے میں بائیک سوار کی موت

کوشامبی: اترپردیش کے ضلع کوشامبی کے سرائے عاقل علاقے میں آج پیش آئے سڑک حادثے میں بائیک سوار کی موت ہوگئی جبکہ اس کی ماں زخمی ہوگئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق سرائے عاقل علاقے کے کنولی چوکی علاقے کے چھیکوا گاؤں باشندہ چرونجی لال کا بیٹا سرجیت کمار اپنی ماں راج کماری کے ساتھ بائیک سے پیروا گاؤں جا رہا تھا۔ بینی رام کٹرا سرائے عاقل شاہراہ پر واقع کرا گاؤں کے نزدیک تیز رفتار گاڑی نے ان کی بائیک کو ٹکر مار دی۔ جس سے سرجیت کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ اس کی ماں شدید طور سے زخمی ہوگئی۔ حادثے کے بعد ڈرائیور فرار ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی خاتون کو اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ پولیس فرار ڈرائیور کو تلاش کر رہی ہے۔


28 Sep 2021, 5:34 PM

کولکاتہ کا ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ

شارجہ: کولکاتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے کپتان ایون مورگن نے منگل کو دہلی کیپیٹلز کے خلاف آئی پی ایل 14 کے 41 ویں میچ میں ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا، کولکاتہ نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں جبکہ دہلی نے بھی ایک تبدیلی کی ہے۔ کولکاتہ نے آندرے رسل اور پرسدھ کرشنا کی جگہ بالترتیب ٹم ساؤتھی اور سندیپ واریئر کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا ہے۔ ساتھ ہی دہلی نے پرتھوی شا کی جگہ اسٹیون اسمتھ کو شامل کیا ہے، دونوں ٹیمیں اس طرح ہیں: کولکاتہ نائٹ رائیڈرز: ایون مورگن (کپتان)، شبھمن گل، وینکٹیش ایئر، راہل ترپاٹھی، نتیش رانا، دنیش کارتک (وکٹ کیپر)، سنیل نارائن، لاکی فرگوسن، ٹم ساؤتھی، ورون چکرورتی، سندیپ واریئر۔ دہلی کیپیٹلز: رشبھ پنت (کیپٹن اور وکٹ کیپر)، شکھر دھون، اسٹیون اسمتھ، شریس ایئر، شمرون ہیٹ مائر، للت یادو، اکشر پٹیل، روی چندرن اشون، کگیسو ربادا، اینریک نورتجے، آویش خان۔

28 Sep 2021, 3:38 PM

وزیر اعظم بغیر کسی شرط کے کسانوں کو بات چیت کے لئے مدعو کریں، سکھبیر سنگھ بادل

شرومنی اکالی دل (ایس اے ڈی) کے سربراہ سکھبیر سنگھ بادل نے آج وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس معاملہ میں مداخلت کرتے ہوئے تینوں زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کے مقصد سے کسانوں کے بغیر کسی شرط کے مدعو کریں۔ بادل نے پیر کے روز بلائے گئے کسانوں کے بند کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو یہ دکھا دینا چاہیئے کہ پورے ملک کے عوام کسانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔


28 Sep 2021, 2:23 PM

قانون بنا کر آدھا دیش بیچ دیا، اگلا ٹارگیٹ میڈیا گھرانوں کا ہے! راکیش ٹکیت

بھارتیہ کسان یونین کے ترجمان راکیش ٹکیت نے مرکزی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے آج کہا ہے حکومت نے قانون بنا کر آدھا دیش بیچ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگلا ٹارگیٹ میڈیا گھرانوں کا ہے لہذا انہیں بھی کسانوں کے ساتھ آ جانا چاہیئے۔

28 Sep 2021, 12:34 PM

پنجاب کے وزرا میں قلمدان تقسیم؛ ویجیلنس، انصاف اور سول ایوی ایشن وزیر اعلیٰ چنی کے پاس 

پنجاب کے نومنتخب وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی کی حکومت کے وزرا میں قلمدان تقسیم کر دئے گئے ہیں۔ ویجیلنس، انصاف اور سول ایوی ایشن کی وزارتیں وزیر اعلیٰ چنی نے اپنے پاس رکھی ہیں۔ اس کے علاوہ نائب وزیر اعلیٰ سکھ جندر ایس رندھاوا کو داخلی امور، کوآپریشن اور جیل، نائب وزیر اعلیٰ او پی سونی کو صحت اور خاندانی بہبود، ڈفینس سروسز ویلفیئر اور مجاہد آزادی کا قلمدان سونپا گیا ہے۔


28 Sep 2021, 11:42 AM

مدھیہ پردیش میں آسمانی بجلی گرنے سے 9 افراد ہلاک

مدھیہ پردیش کے دیواس اور مالوا ضلع میں تیز بارش کے دوران گرنے والی آسمانی بجلی کی زد میں آ کر نو افراد کی جان چلی گئی۔ دیواس میں 6 جبکہ مالوا میں 3 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان اور کانگریس کے سابق ریاستی صدر ارون یادو نے ان ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

28 Sep 2021, 10:33 AM

ہندوستان میں کورونا کے 18975 نئے کیسز، 179 افراد کی موت

مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 18975 کیسز رپورٹ ہوئے، اس دوران 26030 مریضوں نے شفایابی حاصل کر لی جبکہ 179 افراد کی جان چلی گئی۔


28 Sep 2021, 9:38 AM

ایندھن قیمتوں نے پھر دیا عوام کو جھٹکا، دہلی میں پٹرول 101.39 اور ڈیزل 89.57 روپے فی لیٹر پر دستیاب

ملک کے عوام پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا بوجھ لگاتار بڑھتا جا رہا ہے۔ ڈیزل کی قیمتوں میں جہاں رواں ہفتہ چار مرتبہ اضافہ کیا جا چکا ہے وہیں آج تقریباً دو مہینے کے بعد پٹرول کے داموں میں بھی اضافہ کر دیا گیا۔ دہلی میں پٹرول کی قیمتوں میں 20 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمتوں میں ایک ساتھ 75 پیسے بڑھائے گئے ہیں۔

ایندھن قیمتوں میں تازہ اضافہ کے بعد دہلی میں پٹرول کے دام 101.39 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کے دام 89.57 روپے فی لیٹر تک جا پہنچے۔ اس کے علاوہ ممبئی میں پٹرول اور ڈیزل بالترتیب 107.47 اور 97.21 روپے فی لیٹر، بھوپال میں پٹرول 109.85 اور ڈیزل 98.45، کولکاتا میں پٹرول 101.87 اور ڈیزل 92.67 جبکہ چنئی میں پٹرول 99.15 روپے اور ڈیزل 94.17 فی لیٹر پر فروخت ہو رہا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔