اہم خبریں: ہندوستان نے سیریز جیتنے کے ساتھ کیا 2023 کا آغاز، سری لنکا کو 1-2 سے دی شکست

سوریہ کمار، تصویر آئی اے این ایس
سوریہ کمار، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

07 Jan 2023, 10:29 PM

ہندوستان نے تیسرے ٹی-20 میچ میں سری لنکا کو 91 رنوں سے دی شکست

سری لنکا کے خلاف جاری تین میچوں کی ٹی-20 سیریز کے آخری میچ میں ہندوستان نے 91 رنوں سے جیت حاصل کر لی ہے۔ ہندوستان نے سری لنکا کو جیت کے لیے 229 رنوں کا ہدف دیا تھا، لیکن سری لنکا کی پوری ٹیم 16.4 اوور میں محض 137 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ سری لنکا کی طرف سے سب سے زیادہ 23-23 رن مینڈس اور دَسن شناکا نے بنائے۔ دھننجے ڈی سلوان نے 22 رن، اسالانکا نے 19 رن اور نسانکا نے 15 رن بنائے۔ باقی سبھی بلے باز پوری طرح ناکام رہے۔ ہندوستان کی طرف سے سب سے زیادہ 3 وکٹ عرشدیپ سنگھ نے 2.4 اوور میں 20 رن دے کر لیے۔ 2-2 وکٹ عمران ملک، ہاردک پانڈیا اور یجویندر چہل کو حاصل ہوئے، جبکہ ایک کوٹ اکشر پٹیل کو ملا۔ سوریہ کمار یادو کو ان کی طوفانی سنچری کے لیے مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

07 Jan 2023, 8:50 PM

ٹی-20 مقابلے میں ہندوستان نے سری لنکا کو جیت کے لیے دیا 229 رنوں کا ہدف

ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان جاری ٹی-20 سیریز کا تیسرا اور آخری مقابلہ آج راجکوٹ میں کھیلا جا رہا ہے۔ ٹاس جیت کر ہندوستانی کپتان ہاردک پانڈیا نے پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا جو پوری طرح درست ثابت ہوا ہے۔ مقررہ 20 اوورس میں ہندوستانی ٹیم نے 5 وکٹ کے نقصان پر 228 رن بنا لیے ہیں۔ یعنی سری لنکا کے خلاف جیت کے لیے 229 رنوں کا ہدف ہے۔ ہندوستان کی طرف سے سوریہ کمار یادو نے ایک بار پھر طوفانی اننگ کھیلتے ہوئے سنچری اسکور کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ انھوں نے محض 51 گیندوں میں 9 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 112 رن بنائے۔ سلامی بلے باز شبھمن گل نے 36 گیندوں پر 46 رن اور راہل ترپاٹھی نے 16 گیندوں پر 35 رن کا تعاون کیا۔ آخر میں اکشر پٹیل بھی 9 گیندوں پر تیز طرار 21 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

07 Jan 2023, 6:31 PM

بی سی سی آئی نے نئی سلیکشن کمیٹی کا کیا اعلان، چیتن شرما پھر بنے چیف سلیکٹر

بی سی سی آئی نے نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کر دیا ہے۔ چیتن شرما کو ایک بار پھر چیف سلیکٹر بنایا گیا ہے۔ ان کے علاوہ شیو سندر داس، سبرتو بنرجی، سلل انکولا اور شری دھرن شرت کے نام پر مہر لگائی گئی ہے۔ بی سی سی آئی کو سلیکٹر عہدہ کے لیے 600 سے زیادہ لوگوں کی درخواستیں ملی تھیں۔ سلیکشن کمیٹی کا انتخاب کرکٹ مشاورتی کمیٹی نے کیا ہے۔ بی سی سی آئی نے اعلان کیا کہ چیتن شرما ایک بار پھر سے سلیکشن کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔


07 Jan 2023, 5:12 PM

ممبئی کے چرچ سے متصل قبرستان میں توڑ پھوڑ، قبروں پر نصب صلیبوں کی بے حرمتی

ممبئی کے ماہم میں واقع سینٹ مائیکل چرچ سے متصل قبرستان میں شرپسندوں کی جانب سے توڑ پھوڑ کی اطلاع ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہاں موجود قبروں کے اوپر بنائے گئے متعدد صلیبوں کو توڑ دیا گیا ہے۔ قبرستان کی بے حرمتی سے کیتھولک برادری میں غم و غصہ پایا جاتا ہے، جب کہ ممبئی پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

07 Jan 2023, 3:15 PM

تونیشا شرما موت معاملہ، اداکار شیزان خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی

ادکارہ تونیشا شرما موت معاملہ میں گرفتار شدہ اداکار شیزان خان کی درخواست ضمانت پر سماعت آج ملتوی کر دی گئی۔ وسائی عدالت اب اس معاملہ پر 9 جنوری کو سماعت کرے گی۔


07 Jan 2023, 1:48 PM

عام آدمی پارٹی لیڈر فوجا سنگھ سراری پنجاب کابینہ میں وزیر کے عہدے سے مستعفی 

عام آدمی پارٹی لیڈر فوجا سنگھ سراری مے پنجاب کابینہ میں اپنے وزیر کے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔ انہوں نے کہاں کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفی دے رہے ہیں۔ تاہم کچھ دن پہلے ان کے خلاف بدعنوانی کے الزامات عائد ہوئے تھے اور کانگریس نے ان کو ہٹائے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا تھا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پنجاب کابینہ میں اس کے بعد ردوبدل کی جا سکتی ہے۔

07 Jan 2023, 1:30 PM

حادثہ میں زخمی کرکٹر رشبھ پنت کے گھٹنے کی ممبئی میں کامیاب سرجری

اے این آئی نے ذرائع کے حوالہ سے خبر دی ہے کہ سڑک حادثہ میں زخمی ہونے والے رشبھ پنت کے گھٹنے کا کل ممبئی کے ایک نجی اسپتال میں کامیاب آپریشن کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ طبی ماہرین کی ٹیم کی نگرانی میں ہیں اور تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔


07 Jan 2023, 12:56 PM

ایم سی ڈی میں تقرری کے خلاف عآپ کا ایل جی ہاؤس کے باہر احتجاج، بی جے پی بھی راج گھاٹ پر سراپا احتجاج

عام آدمی پارٹی لیڈران اور کارکنان نے آج دہلی میں ایل جی ہاؤس کے باہر احتجاج کیا۔ مظاہرین کا الزام ہے کہ انہوں نے ایم سی ڈی کے پریزائیڈنگ آفیسر کی تقرری غیر آئینی طریقہ سے کی ہے۔ گزشتہ روز ایم سی ڈی کے میئر انتخاب میں بھی زبردست ہنگامہ ہوا تھا، جس کے بعد ووٹنگ ملتوی کر دی گئی تھی۔ دریں اثنا، بی جے پی کی جانب سے بھی راج گھاٹ پر احتجاج کیا جا رہا ہے۔ بی جے پی کا الزام ہے کہ عآپ نے میئر انتخاب کی ووٹنگ سے قبل غنڈہ گردی کی۔

07 Jan 2023, 11:18 AM

شمالی ہندوستان میں شدید دھند کے باعث متعدد ٹرینیں تاخیر کا شکار، عوام پریشان

شمالی ہندوستان میں کڑاکے کی سردی کے درمیان شدید دھند کی وجہ سے متعدد ٹرینیں تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں۔ ٹرینوں کے تاخیر سے چلنے کی وجہ سے مسافر پریشان ہیں، جبکہ انہیں اسٹیشن لینے کے لئے پہنچنے والے لوگوں کا انتظار ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔