اہم خبر: کیوریٹیو پٹیشن داخل کریں گے نربھیا کے قصوروار، وکیل کا اعلان 

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

07 Jan 2020, 6:09 PM

کیوریٹیو پٹیشن داخل کریں گے نربھیا کے قصوروار، وکیل کا اعلان

نربھایا معاملہ میں قصوروار افراد کے وکیل اے پی سنگھ نے کہا ’’ہم ایک دو دن میں سپریم کورٹ میں کیوریٹیو پٹیشن دائر کریں گے۔ عرضی کی سماعت سپریم کورٹ کے 5 سینئر ترین ترین جج کریں گے۔ شروع سے ہی اس معاملے میں شروع سے ہی میڈیا، عوامی اور سیاسی دباؤ رہا ہے۔ اس معاملے میں منصفانہ تحقیقات نہیں کی گئی۔‘‘

07 Jan 2020, 4:49 PM

نربھیا معاملے پر عدالت نے سنایا فیصلہ، 22 جنوری کو دی جائے گی پھانسی

پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے نربھیا عصمت دری اور قتل معاملے میں سبھی چار قصورواروں کے خلاف پھانسی کی سزا کے تحت تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ چاروں مجرموں کو پھانسی ایک ساتھ 22 جنوری کو دیا جائے گا۔ عدالت نے کہا کہ چاروں کو پھانسی کی سزا ہو چکی ہے تو سبھی کو ایک ساتھ 22 جنوری کو صبح سویرے 7 بجے پھانسی دی جائے گی۔

اس فیصلہ کے بعد نربھیا کی ماں نے انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج کا دن ہمارے لیے بہت بڑا دن ہے۔ آج کی تاریخ ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور لوگوں کا بھروسہ عدالتی نظام میں بڑھے گا۔‘‘ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نربھیا کی ماں نے یہ بھی کہا کہ یہ ایک بہت بڑا فیصلہ ہے اور آج کے دن کے لیے وہ بہت زمانے سے انتظار کر رہے تھے۔ نربھیا معاملہ میں انصاف حاصل کرنے کے بعد انھوں نے سبھی لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

07 Jan 2020, 4:14 PM

پاکستان: میاں والی کے نزدیک پی اے ایف طیارہ حادثہ کا شکار، دو فضائیہ افسران کی موت

پاکستانی میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کے دو فضائیہ افسران نے روٹین آپریشنل ٹریننگ مشن کے دوران پاکستان کے میاں والی علاقہ کے نزدیک پاکستان ائیر فورس طیارہ حادثہ میں اپنی جان گنوا دی ہے۔ اس سلسلے میں فی الحال تفصیل حاصل نہیں ہو سکی ہے اور نہ ہی یہ پتہ چل سکا ہے کہ فضائیہ افسران جو ہلاک ہوئے ہیں ان کے نام کیا ہیں۔


07 Jan 2020, 3:52 PM

ایران: قاسم سلیمانی کے جنازے کے جلوس میں مچی بھگدڑ، 35 لوگوں کی موت 50 زخمی

امریکی حملے میں مارے گئے ایران کے فوجی کمانڈر قاسم سلیمانی کے جنازے کے جلوس میں زبردست بھگدڑ مچنے کے سبب 35 لوگوں کی موت ہو گئی۔ اس بھگدڑ کے دوران کم و بیش 50 لوگوں کے زخمی ہونے کی بھی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ ایران کی سرکاری ٹی وی نے بھگدڑ سے متعلق خبر کی تصدیق کی ہے۔ سلیمانی کو آبائی شہر کرمان میں دفنانے کے لیے لے جایا جا رہا تھا جب یہ بھگدڑ ہوئی۔

07 Jan 2020, 3:07 PM

دہلی پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں نربھیا کیس کی سماعت شروع، آج ہو سکتا ہے پھانسی کی تاریخ کا اعلان

دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں نربھیا کیس کی سماعت شروع ہو گئی ہے۔ قصوراروں کو پھانسی پر لٹکانے کے لیے عدالت کی طرف سے ڈیتھ وارنٹ جاری کیا جا سکتا ہے اور امکان ہے کہ آج پھانسی کے تاریخ کا اعلان ہو جائے گا۔ نربھیا کی ماں پورے اشتیاق کے ساتھ اپنی بیٹی کے قصورواروں کی پھانسی ہوتے ہوئے دیکھنا چاہتی ہیں۔


07 Jan 2020, 1:42 PM

پاکستانی ہائی کمیشن کے قریب بجرنگ دل اور درگا واہنی کارکنان کا ہنگامہ، کئی زیر حراست

دہلی واقع پاکستانی ہائی کمیشن کے پاس بجرنگ دل اور درگا واہنی کے کارکنان نے ننکانہ صاحب گرودوارہ پر حملہ کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور ان کا وہاں موجود سیکورٹی فورسز سے تصادم بھی ہو گیا۔ اس تصادم کے بعد کئی بجرنگ دل اور درگا واہنی کارکنان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

07 Jan 2020, 12:48 PM

تمل ناڈو: شہریت قانون کی مخالفت میں ڈی ایم کے اراکین اسمبلی کا واک آؤٹ

تمل ناڈو اسمبلی سے واک آؤٹ کے بعد ڈی ایم کے صدر ایم کے اسٹالن نے کہا کہ ’’میں نے شہریت قانون کے خلاف ایک قرارداد کے لیے اسمبلی سکریٹری کو خط بھیجا تھا۔ آج تک اس پر کوئی وضاحت نہیں پیش کی گئی ہے کہ اس قرارداد کو لایا جائے گا یا نہیں۔ اسمبلی اجلاس کے صرف دو دن بچے ہیں اور کچھ بھی نہیں بتایا جا رہا۔‘‘


07 Jan 2020, 12:10 PM

جب تک شہریت قانون واپس نہیں لیا جاتا میرا مظاہرہ جاری رہے گا: صدف جعفر

جیل سے آزادی ملنے کے بعد کانگریس لیڈر صدف جعفر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’جیل جانے اور پٹائی کا خوف اب ختم ہو گیا ہے۔ میں یوگی جی کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔ جب تک یہ غیر انسانی قانون واپس نہیں لیا جاتا، اس وقت تک میں مظاہرہ جاری رکھوں گی۔‘‘

07 Jan 2020, 11:14 AM

داراپوری اور صدف جعفر جیل سے آزاد، پرینکا گاندھی نے کیا ٹوئٹ

سابق آئی پی ایس داراپوری اور کانگریس لیڈر صدف جعفری کو جیل سے آج آزادی مل گئی۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ان کی رہائی کے بعد ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’امبیڈکر کو ماننے والے مفکر اور سابق آئی پی ایس افسر داراپوری اور کانگریس لیڈر صدف جعفر جیل سے آزاد ہو گئے۔ عدالت کے ذریعہ ثبوت مانگنے پر یو پی پولس بغلیں جھانکنے لگی تھی۔ بی جے پی حکومت نے بے قصور لوگوں اور بابا صاحب کی وراثت کو آگے بڑھانے والے لوگوں کو گرفتار کر کے اپنی اصل سوچ کا مظاہرہ کیا ہے۔ لیکن جھوٹ کبھی نہیں جیت سکتا۔‘‘


07 Jan 2020, 10:03 AM

ہماری انتخابی تشہیر مثبت ہوگی، ہمیں گالی گلوچ کی سیاست نہیں آتی: کیجریوال

چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑا نے دہلی اسمبلی انتخاب کی تاریخ کا اعلان 6 جنوری کو کر دیا اور بتا دیا کہ حق رائے دہی کا استعمال 8 فروری کو کیا جائے گا اور 11 فروری کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ اس اعلان کے بعد سیاسی پارٹیوں کی انتخابی تشہیر اپنے عروج پر پہنچنے والی ہے۔ اس درمیان کیجریوال نے تشہیر کے دوران گالی گلوچ سے پرہیز کرنے کی بات کہی ہےے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی پارٹی کے ذریعہ چلائی جانے والی انتخابی تشہیر پوری طرح سے مثبت ہوگی اور وہ گالی گلوچ کی سیاست کو پسند نہیں کرتے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔