اہم خبریں: احمدآباد پولس نے مزید 15 افراد کو گرفتار کیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

21 Dec 2019, 7:19 PM

احمدآباد پولس نے مزید 15 افراد کو گرفتار کیا

احمد آباد: شہریت ترمیمی قانون ( سی اے اے) اور قومی شہری رجسٹر (این آر سی) کی مخالفت میں مظاہرے کے دوران گجرات میں احمدآباد شہر کے مسلم اکثریتی شاہ عالم علاقے میں ہوئے تشدد کے سلسلے میں پولیس نے 15 اور لوگوں کو گرفتار کیا ہے جس کے ساتھ ہی اس معاملے میں اب تک 64 لوگوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

اسپیشل پولیس کمشنر اجے تومر نے یو این آئی کو بتایا کہ پکڑے گئے 15 لوگ تشدد اور پتھراؤ وغیرہ میں براہ راست طور پر شامل تھے۔
واضح رہے کہ 19 دسمبر کو بغیر اجازت کے ریلی نکال رہے لوگوں کو پولیس نے جب روکنے کی کوشش کی تو پرتشدد مظاہرے ہوئے۔ پتھراؤ میں پولیس ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر سطح کے افسران سمیت 26 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔اس دوران زخمی ایسن پور تھانے کے انسپکٹر جے ایم سولنکی نے 50 نامزد اور 5000 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔ مذکورہ واقعہ کے کئی ویڈیو سوشل میڈیا میں وائرل ہوئے تھے۔

21 Dec 2019, 4:45 PM

حکومت وحشیانہ جبر و تشدد پر آمادہ: پرینکا گاندھی

شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کے درمیان کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے مرکز کی مودی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ، ’’این آر سی اور شہریت ترمیمی قانون آئین ہند کی بنیادی روح کے خلاف ہیں۔ بابا صاحب امبیڈکر کے آئین پر کسی بھی قیمت پر حملہ نہیں ہونے دیا جائے گا۔ عوام اس حملے کے خلاف سڑک پر اتر کر آئین کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں لیکن حکومت وحشیانہ جبر اور تشدد پر آمادہ ہے۔‘‘

21 Dec 2019, 4:07 PM

پُرتشدد احتجاج کے بعد جبل پور میں لگا کرفیو جاری

جبل پور: شہریت ترمیمی قانون کے معاملہ پر مدھیہ پردیش کے جبل پور میں احتجاجی مظاہرہ کے دوران پتھراو کے واقعہ کے سبب شہر کے چار تھانہ علاقوں میں لگا کرفیو آج بھی جاری ہے۔ اس درمیان صورتحال پوری طرح کنٹرول میں ہے۔

پولیس کے سرکاری ذرائع کے مطابق پتھراو کے واقعہ کے سبب کل شہرکے ہنومان تال اور گوہل پور تھانہ علاقہ کے پورے علاقہ میں اور کوتوالی کے ملونی گنج اور آدھار تال کے آنند نگر اور موہنی علاقہ میں احتیا ط کے طورپر کرفیو لگا یا گیا تھا جو آج بھی جاری ہے۔ اس دورا ن حالات پولیس کے کنٹرول میں ہے۔ کہیں سے بھی کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ہے۔

شہر میں کل احتجاجی مظاہرہ کے دوران نصف درجن مقامات پر لوگوں نے پتھراو کیا۔ اس واقعہ میں تقریباََ نصف درجن پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ پولیس نے حالات کو کنٹرول میں کرنے کیلئے کچھ مقامات پر آنسو گیس کے گولے بھی چھوڑے تھے۔ جبل پور میں رانی درگاوتی یونیورسٹی میں آج ہونے والے تمام امتحانات منسوخ کردیئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ اسکول اور آنگن واڑی مرکز بھی آج بند ہیں۔


21 Dec 2019, 3:14 PM

گورنر اتر پردیش آنندی بین کی لوگوں سے امن کی اپیل

لکھنؤ: اتر پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل نے شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت میں ریاست میں ہو رہے احتجاجی مظاہروں اور بعض مقامات پر ان کے تشدد میں تبدیل ہونے اور سرکاری املاک کے نقصان کے پیش نظر شہریوں سے امن و امان قائم رکھنے کی اپیل کی ہے۔

ریاستی عوام کے نام پر سنیچر کو اپنی اپیل میں گورنر نے کہا کہ تشدد، آگزنی اور عوامی املاک کےنقصان سے نظم و نسق بگڑتا ہے۔ اس سے جان ۔مال کا نقصان سمیت بچوں کی پڑھائی اور بیماروں کے علاج میں روکاوٹ پیدا ہوتی ہے اور عام شہریوں کو بھی دقت ہوتی ہے۔

پٹیل نے کہا کہ شہریت ترمیمی قانون کے تجاویز سے کسی بھی شہری کے مفاد پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ افواہ پیدا نہ ہونے دیں اور افواہوں سے دور رہیں۔ اس ضمن میں کئے گئے جائے گمراہ کن پروپیگنڈے سے محتاط رہیں۔

21 Dec 2019, 1:58 PM

لکھنؤ میں تشدد، یوگی حکومت سے ہائی کورٹ کا جواب طلب

لکھنؤ: الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ نے گذشتہ جمعرات کو راجدھانی لکھنؤ میں ہوئے تشدد اور توڑ پھوڑ کے معاملے میں ریاستی حکومت سے دو ہفتوں میں جواب طلب کیا ہے۔ جسٹس پنکج جیسوال اور جسٹس جسپریت سنگھ کی بنچ نے مفاد عامہ کی ایک عرضی پر سماعت کرتے ہوئے یہ حکم دیا۔ عرضی میں تشدد کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ عرضی میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ جن املاک کا نقصان ہوا ہے اس کی تلافی تشدد پھیلانے والوں سے کی جائے۔

مفاد عامہ کی عرضی پر ریاستی حکومت کے اڈیشنل اڈوکیٹ جنرل وے کے شاہی نے کہا کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بذات خود پورے معاملے میں سخت کاروائی کی ہدایت دئے ہیں اور یہ بھی کہا کہ تشدد میں ہوئے نقصان کی تلافی انہیں افراد سے کی جائےگی جو اس میں ملوث تھے۔

اس ضمن میں عدالت نے ریاستی حکومت سے مختصر حلف نامہ داخل کر کے اپنی بات کہنے کی ہدایت دی ہے۔عدالت نے سنیچر کو لکھنؤ کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو تشدد میں ہوئے نقصانات کا تخمینہ لگانے کی بھی ہدایت دی ہے۔اس معاملے کی اگلی سماعت دوہفتے کے بعد ہوگی۔


21 Dec 2019, 1:31 PM

حکومت ضد چھوڑ کر سی اے اے واپس لے: مایاوتی

لکھنؤ: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ملک گیر پیمانے پر ہو رہے احتجاج کے بعد مرکزی حکومت سے اس متنازع قانون کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

بی ایس پی سپریمو نے سنیچر کو اس ضمن میں کئے گئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’اب تو نئے شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت میں مرکزی حکومت کے این ڈی اے میں بھی مخالفت کی آواز اٹھنے لگی ہے۔ لہذا بی ایس پی کا مطالبہ ہے کہ اپنی ضد کو چھوڑ کر ان فیصلوں کو واپس لے۔ ساتھ ہی احتجاجی مظاہرہ کرنے والے افراد سے بھی اپیل ہے کہ وہ اپنا احتجاج پر امن طریقے سے ظاہر کریں۔‘‘

21 Dec 2019, 1:11 PM

لکھنؤ تشدد کے بعد 218 لوگ بھیجے گئے جیل، غازی آباد میں 3600 لوگوں پر مقدمہ درج

شہریت ترمیم قانون کے خلاف ملک بھر میں احتجاج جاری ہے، لکھنؤ میں ہوئے تشدد کے بعد 218 لوگوں کو گرفتار کر جیل بھیج دیا گیا ہے، گرفتار لوگوں کی شناخت مظاہرین اور بھیڑ کو اکسانے والوں کے طور پر کی گئی ہے، سنبھل میں دو مظاہرین کی موت کے بعد 35 نامزد لوگوں کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے، جبکہ سینکڑوں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، وہیں، غازی آباد میں پولیس نے ہنگامہ کرنے کے الزام میں 3600 لوگوں پر کیس درج کیا ہے۔


21 Dec 2019, 12:12 PM

بہار: پٹنہ میں وکاس شیل انسان پارٹی کے کارکنوں کا مظاہرہ، پولیس بریکیڈ کو توڑا

بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں شہریت ترمیم قانون کے خلاف وکاس شیل انسان پارٹی کے کارکنان مظاہرہ کر رہے ہیں، کارکنان پولیس بریکیڈ کو توڑا دیا ہے۔

21 Dec 2019, 12:02 PM

شہریت ترمیم قانون: دریا گنج تشدد معاملے میں پولیس نے 10 افراد کو کیا گرفتار

دہلی کے دریا گنج میں جمعہ کو شہریت ترمیم قانون کے خلاف ہوئے تشدد کے معاملے میں پولیس نے 10 افراد کو گرفتار کیا ہے، جمعہ کو ہوئےمظاہرہ کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی، اس دوران کئی گاڑیوں کو آگ کے حوالے کر دیا گیا تھا


21 Dec 2019, 11:13 AM

اتر پردیش میں شہریت قانون کے خلاف پرتشدد احتجاج میں اب تک 11 افراد ہلاک

ملک بھر میں شہریت ترمیم قانون کے خلاف مظاہرہ جاری ہے، اتر پردیش میں سب سے زیادہ برا حال ہے۔ یوپی کے میرٹھ سمیت 12 سے زیادہ شہروں میں مظاہرے کے دوران تشدد ہوا تھا، تشدد میں اب تک 11 لوگوں کی جان جا چکی ہے۔

21 Dec 2019, 10:25 AM

دہلی میٹرو نے تمام اسٹیشنوں پر سروس بحال کی

نئی دہلی: دہلی میٹرو ریل کارپوریشن نے ہفتہ کو کہا کہ قومی راجدھانی دہلی کے تمام میٹروا سٹیشن پر سروس بحال ہو چکی ہے۔ دہلی میٹرو نے ٹوئٹ کرکے کہا ’’سیکورٹی کے ساتھ تمام اسٹیشنوں پر داخلی اور خارجی دروازے کھول دیئے گئے ہیں۔ تمام اسٹیشنوں پر دوبارہ خدمات شروع ہو گئی ہیں‘‘۔ قابل ذکر ہے کہ جمعہ کی صبح سیکورٹی کے پیش نظر میٹرو نے پہلے جامعہ ملیہ اسلامیہ، جسولہ وہار، شاہین باغ اور شام بعد تک بہت سے میٹرو اسٹیشنوں کو بند کر دیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔