اہم خبریں: بی جے پی کے کئی لیڈروں کو پولس نے حراست میں لیا

تصویر سوشل میڈیا
i
user

قومی آواز بیورو

01 Jan 2020, 5:09 PM

چنئی: بی جے پی کئی لیڈران کو پولس نے حراست میں لیا

چنئی میں کئی بی جے پی لیڈروں کو پولس نے حراست میں لے لیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ایچ راجہ، لا گنیسن، پون رادھا کرشنن، سی پی رادھا کرشنن اور دیگر لیڈروں کو اس وقت حراست میں لے لیا گیا جب وہ تمل مصنف نیلائی کنن کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے۔

01 Jan 2020, 4:54 PM

پروفیسر الیاس حسین جامعہ ملیہ اسلامیہ کے پرو وائس چانسلر مقرر

جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ڈپارٹمنٹ آف ایجوکیشنل اسٹڈیز میں خدمات انجام دے رہے پروفیسر الیاس حسین کو جامعہ کا پرو وائس چانسلر مقرر کیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبا وائس چانسلر نجمہ اختر سے کافی ناراض ہیں اور ان کی برخاستگی کا مطالبہ بھی کئی بار کر چکے ہیں۔ اس درمیان پروفیسر الیاس حسین کو پرو-وائس چانسلر مقرر کیا جانا کافی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔

01 Jan 2020, 3:43 PM

اتر پردیش: 28 پی سی ایس اور 22 آئی اے ایس افسروں کا تبادلہ

اتر پردیش میں 28 ایس پی سی افسروں کے ساتھ ساتھ 22 آئی اے ایس افسروں کے تبادلے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ حالانکہ ان افسروں کے تبادلے کی وجہ فی الحال سامنے نہیں آئی ہے۔


01 Jan 2020, 1:50 PM

راجستھان: بے سہارا لوگوں کے درمیان اشوک گہلوت نے کمبل تقسیم کیا

جے پور: راجستھان کے وزیراعلی اشوک گہلوت نے دارالحکومت جے پور میں بے سہارا اور محروم لوگوں کو کمبل تقسیم کئے اور ان سے بات کر کے ان کا احوال پوچھا۔ اشوک گہلوت نے نئے سال کی شام کے موقع پر جے ایل این روڈ پر جے کے لون اسپتال اور رام نواس باغ کے پیچھے بنے کارپوریشن کے عارضی رین بسیروں میں بے سہارا اور محروم لوگوں کو کمبل تقسیم کئے۔ انہوں نے رین بسیروں میں سونے والے لوگوں سے بات کی اور ان کا احوال جانا۔ وزیراعلی نے جے کے لون اسپتال کے نزدیک واقع چائے کے ٹھیلے پررک کر چائے بھی پی اور وہاں لوگوں سے بات چیت بھی کی۔ اس موقع پر مقامی رکن اسمبلی اور عوامی نمائندے بھی موجود تھے۔

01 Jan 2020, 1:11 PM

دہلی: نئے سال کی شام شراب پی کر گاڑی چلانے پر پولس نے کاٹے 352 چالان


01 Jan 2020, 12:11 PM

’چیف آف ڈیفنس اسٹاف‘ دفتر کی پہلی تصویر آئی سامنے

دہلی میں وزارت دفاع کے تحت ’چیف آف ڈیفنس اسٹاف‘ یعنی سی ڈی ایس جنرل بپن راوت کے دفتر کی پہلی تصویر سامنے آ گئی ہے۔ خبر رساں ادارہ اے این آئی کے ذریعہ کیے گئے ایک ٹوئٹ میں سی ڈی ایس دفتر کے باہر کی ایک تصویر دی گئی ہے جس میں ہندوستانی پرچم کے ساتھ ساتھ محکمہ دفاع کا پرچم بھی نظر آ رہا ہے۔

01 Jan 2020, 11:42 AM

عوام پر مہنگائی کی پھر پڑی مار، گیس سلنڈر کی قیمت میں 19 روپے کا اضافہ

دہلی میں بغیر سبسڈی والا ایل پی جی سلنڈر آج سے 19 روپے مہنگا ہو گیا۔ ملک کی سب سے بڑی تیل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق، قومی دارالحکومت میں جنوری میں بغیر سبسڈی والا 14.2 کلو گرام کا رسوئی گیس سلنڈر اب 714 روپے میں ملے گا۔ گذشتہ دسمبر میں اس کی قیمت 695 روپے تھی۔ کولکاتا میں اس کی قیمت میں 21.50 روپے، ممبئی میں 19.50 روپے اور چنئی میں 20 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ سبسڈی والے سلنڈر کی قیمت میں بڑھی ہوئی قیمت کے مطابق جی ایس ٹی میں اضافہ ہے۔


01 Jan 2020, 11:13 AM

جموں و کشمیر: نوشیرا میں سرچ آپریشن کے دوران 2 جوان شہید

جموں و کشمیر کے نوشیرا سیکٹر میں دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن میں فوج کے دو جوان شہید ہو گئے ہیں۔ خبر رساں ادارہ اے این آئی کے مطابق نوشیرا سیکٹر میں فوج کے ذریعہ دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن چلایا جا رہا ہے، جس میں دو جوانوں نے اپنی شہادت پیش کر دی۔ فوج کا سرچ آپریشن اب بھی جاری ہے۔

01 Jan 2020, 10:10 AM

دہلی میں آج کم از کم درجہ حرارت 2.4 ڈگری سلسیس درج

دہلی میں آج کی صبح بھی اچھی خاصی ٹھنڈ ہے اور دھند بھی چھائی رہی۔ صفدر جنگ میں آج صبح کم از کم درجہ حرارت 2.4 ڈگری سلسیس درج کیا گیا ہے۔ جہاں تک دھند کی بات ہے، دہلی کے بیشتر علاقوں مین زبردست کہرا چھایا رہا۔ انڈیا گیٹ، آئی ٹی او، شاہین باغ جیسے علاقوں میں قریب کی چیزیں بھی صبح میں دیکھنے کو نہیں مل رہی تھیں۔ لیکن 9 بجے کے بعد ماحول کچھ بہتر ہوا ہے اور سورج کی شمعیں دکھائی دینے لگی ہیں۔


01 Jan 2020, 9:40 AM

راہل گاندھی نے لوگوں کو نئے سال کی مبارکباد پیش کی

کانگریس کے سابق قومی صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے نئے سال کے موقع پر ٹوئٹ کر کے لوگوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’آپ سبھی کو نئے سال کی مبارکباد۔ یہ سال آپ کے لیے خوشگوار گزرے۔‘‘

01 Jan 2020, 9:09 AM

شہریت قانون کے خلاف مظاہروں کے درمیان منایا گیا نئے سال کا جشن

ہندوستان میں نئے سال کا جشن اس مرتبہ جس انداز میں منایا گیا، ویسا شاید کبھی دیکھنے کو نہیں ملا۔ دراصل پورے ملک میں شہریت قانون، این آر سی اور این پی آر کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔ مظاہرین نے مودی حکومت کے خلاف ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے نئے سال کے جشن کو معنی خیز بنا دیا۔ کئی مقامات پر رات کو 12 بجتے ہی احتجاجی مظاہروں نے مزید شدت اختیار کر لی اور مرکزی حکومت کے خلاف نعرے لگنے شروع ہو گئے۔ دہلی واقع جامعہ ملیہ اسلامیہ کے دروازے پر بڑی تعداد میں طلبا و مقامی افراد کینڈل جلا کر مظاہرہ کرتے اور نئے سال کا جشن مناتے نظر آئے۔ دہلی کے کچھ مقامات پر تو مظاہرین نے دلچسپ اور معنی خیز پروگرام کا بھی انعقاد کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔