اہم خبریں: جموں و کشمیر سرحد پر ہند-پاک فوجیوں کے درمیان زبردست گولہ باری

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

16 Dec 2019, 8:15 PM

جموں و کشمیر: سرحد پر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان زبردست گولہ باری

پاکستان کی فوج نے راجوری ضلع کے سندر بنی سیکٹر میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہئے گولہ باری کی۔ پاکستان کی اس حرکت کا ہندوسانی فوجیوں نے منھ توڑ جواب دیا ہے۔ دونوں طرف سے زبرست فائرنگ کی خبریں ہیں۔ فوج کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کی فوج نے آج سندر بنی سیکٹر میں کنٹرول لائن کے ساتھ زبردست گولی باری کی۔ پاکستانی فوج ہندوستان کے اندر دراندازی کرانے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس درمیان دونوں جانب سے زبردست گولی باری ہوئی اور یہ سلسلہ جاری ہے۔

16 Dec 2019, 5:18 PM

4 مہینے میں بن کر تیار ہو جائے گا عظیم الشان رام مندر: امت شاہ

بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ نے جھارکھنڈ اسمبلی الیکشن کے مدنظر پاکوڑ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے رام مندر تعمیر سے متعلق ایک بڑا بیان دیا ہے۔ امت شاہ نے کہا کہ 4 مہینے کے اندر ایودھیا میں رام مندر بننے جا رہا ہے۔ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ ابھی کچھ وقت پہلے ہی سپریم کورٹ نے ایودھیا کے لیے فیصلہ سنایا۔ 100 سالوں سے دنیا بھر کے ہندوستانیوں کا مطالبہ تھا کہ وہاں رام جنم بھومی پر عظیم الشان رام مندر بننا چاہیے۔ رام مندر کے دہائیوں پرانے مطالبہ کا تذکرہ کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ ہر کوئی رام مندر کی تعمیر چاہتا تھا، لیکن کانگریس اور اس کے وکیل عدالت میں اس کے سامنے رخنہ پیدا کرتے رہتے تھے۔ شاہ نے کہا کہ ’’کانگریس کے لیڈر اور وکیل کپل سبل عدالت میں کہتے تھے کہ ابھی کیس مت چلائیے، کیوں بھائی آپ کے پیٹ میں درد کیوں ہو رہا ہے؟‘‘

بی جے پی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر بھی امت شاہ کا رام مندر سے متعلق بیان ٹوئٹ کیا ہے۔ اس میں لکھا گیا ہے کہ ’’میں آپ سے کہنا چاہتا ہوں کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آ گیا ہے، 4 ماہ کے اندر آسمان کو چھوتا ہوا عظیم الشان رام مندر ایودھیا میں بننے جا رہا ہے۔‘‘

16 Dec 2019, 4:36 PM

اتر پردیش: اناؤ میں عصمت دری متاثرہ نے پولس دفتر کے باہر کی خودکشی کی کوشش

پیر کے روز ایک 23 سالہ لڑکی نے اناؤ ایس پی دفتر کے باہر خودکشی کی کوشش کی۔ خبروں کے مطابق عصمت دری متاثرہ ایک لڑکی نے خود پر کیروسین چھڑک کر آگ لگا لی۔ موقع پر موجود پولس اہلکاروں نے فوراً اس خاتون کو ضلع اسپتال پہنچایا جہاں اس کی سنگین حالت کو دیکھتے ہوئے کانپور کے ہیلیٹ اسپتال ریفر کر دیا گیا۔

اناؤ کے پولس انسپکٹر وکرانت ویر سنگھ نے بتایا کہ خاتون نے 2 اکتوبر کو عصمت دری کا معاملہ درج کروایا تھا۔ معاملے میں ملزم اور خاتون کے درمیان طویل مدت سے جان پہچان تھی۔ نوجوان نے اسے شادی کا جھانسہ دے کر اس کا استحصال کیا اور بعد میں وہ شادی سے پیچھے ہٹ گیا جس کے بعد خاتون نے تھانہ حسن گنج میں عصمت دری کا معاملہ درج کروایا تھا۔ کچھ ہی دنوں پہلے ملزم کو الٰہ آباد ہائی کورٹ سے اس معاملے میں پیشگی ضمانت ملی تھی۔


16 Dec 2019, 3:10 PM

اناؤ عصمت دری اور اغوا معاملہ میں سابق بی جے پی رکن اسمبلی کلدیپ سینگر قصوروار قرار

سابق بی جے پی رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر کے لیے بری خبر سامنے آ رہی ہے۔ دہلی کے تیس ہزاری کورٹ نے اناؤ عصمت دری اور اغوا معاملہ میں سینگر کو قصوروار قرار دیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق سینگر کے لیے سزا کا اعلان آئندہ 19 دسمبر کو کیا جائے گا۔

16 Dec 2019, 1:56 PM

اتر پردیش: اعظم خان کے بیٹے کی اسمبلی رکنیت ختم، عدالت نے سنایا فیصلہ

الٰہ آباد ہائی کورٹ نے اعظم خان کے بیٹے عبداللہ اعظم خان کو فرضی حلف نامہ سے متعلق ایک معاملے کی سماعت کے دوران ریاستی اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کا حکم سنایا ہے۔ عبداللہ اعظم رام پور سے رکن اسمبلی تھے۔


16 Dec 2019, 1:42 PM

سپریم کورٹ میں جامعہ ملیہ معاملے کی سماعت منگل کو، بشرطیکہ تشدد رکے

نئی دہلی: سپریم کورٹ جامعہ ملیہ اسلامیہ اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں ہوئے مبینہ بربریت کی کارروائی کی شکایت کے سلسلے میں منگل کو سماعت کرےگا، بشرطیکہ تشدد رکے۔ سینئر وکیل اندرا جے سنگھ نے جامعہ اور اے ایم یو میں ہوئے واقعات کا چیف جسٹس ایس اے بوبڑے، جسٹس بی آر گگوئی اور جسٹس سوریہ کانت کی بنچ کے سامنے واضح کیا۔

سینئر وکیل اندرا جے سنگھ نے سپریم کورٹ سے کہا کہ انہیں اس معاملے میں نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پورے ملک میں ہو رہی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ جسٹس بوبڑے نے کہا، ’’ہم حقوق کا تعین کریں گے لیکن فسادات کے ماحول میں نہیں، یہ سب بند ہوجانا چاہیے اور پھر ہم اس پر خود نوٹس لیں گے۔ ہم حقوق اور پرامن مظاہروں کے خلاف نہیں ہیں۔‘‘

سینئر وکیل کولین گونسالوز نے کہا،’’عدالت کے ایک ریٹائرڈ جج کو جامعہ معاملے کی جانچ کرنی چاہیے۔‘‘جب ایک وکیل نے عدالت سے کہا کہ ان کے پاس معاملے سے متعلق ویڈیو ہیں تو چیف جسٹس نے کہا،’’ہم کوئی ویڈیو نہیں دیکھنا چاہتے۔ اگر پبلک پراپرٹی کا نقصان اور تشدد جاری رہا تو ہم اسے نہیں سنیں گے۔‘‘

انہوں نے کہا،’’یہ معاملہ تشدد رکنے کے بعد 17 دسمبر کو سنا جائے گا۔ انہوں نے دہلی پولس کو ہدایت دی ہے کہ وہ امن و قانون سنبھالے۔‘‘ اس کے ساتھ ہی سی جے آئی نے واضح طور پر کہا،’’اگر کسی بھی طرح کا تشدد ہوا تو ہم پھر آپ کے لئے کچھ نہیں کریں گے۔‘‘

16 Dec 2019, 1:04 PM

جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی پولس کے خلاف ایف آئی آر درج کرائے گی: وائس چانسلر

جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر نجمہ اختر نے ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ پولس نے جس طرح کا رویہ جامعہ طلبا کے خلاف اختیار کیا ہے اس کو دیکھتے ہوئے پولس کے خلاف ایف آئی آر درج کرایا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ پولس نے بغیر اجازت یونیورسٹی کیمپس میں انٹری کی جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ نجمہ اختر نے اس پورے واقعہ کی اعلیٰ سطحی جانچ کا مطالبہ بھی کیا۔


16 Dec 2019, 12:45 PM

احتجاجی مظاہروں کے درمیان جامعہ میں ایگزیکٹیو کونسل کی میٹنگ جاری، وائس چانسلر موجود

جامعہ ملیہ یونیورسٹی کے طلباء ایک طرف اپنے ساتھیوں پر پولس کی بربریت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں اور دوسری طرف جامعہ کی ایگزیکٹیو کونسل کی میٹنگ شروع ہو گئی ہے۔ میٹنگ میں وائس چانسلر دفتر میں چل رہی ہے جہاں وائس چانسلر نجمہ اختر بھی موجود ہیں۔ اس میٹنگ میں اتوار کے روز طلبا پر ہوئی پولس لاٹھی چارج پر بات چیت چل رہی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ وائس چانسلر نجمہ اختر نے پہلے ہی ایک ویڈیو پیغام میں صاف کر دیا ہے کہ پولس بغیر اجازت یونیورسٹی میں داخل ہوئی اور طلبا کے ساتھ انھوں نے جو برا سلوک کیا، وہ ناقابل فراموش ہے۔ انھوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ طلباء اکیلے نہیں ہیں بلکہ وہ بھی ان کے ساتھ کھڑی ہیں۔

16 Dec 2019, 12:19 PM

جواہر لال نہرو کے خلاف تبصرہ کرنے والی پایل روہتگی 8 دن کی عدالتی حراست میں

ماڈل اور اداکار پایل روہتگی کو عدالت نے 8 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔ گزشتہ دن انھیں پولس نے سابق وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے خلاف قابل اعتراض بیان دینے کے لیے گرفتار کیا تھا۔ آج راجستھان میں بوندی کی مقامی عدالت میں اس سلسلے میں سماعت ہوئی جہاں عدالت نے انھیں 8 دن کی عدالتی حراست میں بھیجنے کا حکم صادر کیا۔


16 Dec 2019, 11:34 AM

لکھنؤ: دارالعلوم ندوۃ العلماء میں طلبا و پولس کے درمیان تصادم، دونوں طرف سے ہو رہے پتھراؤ

لکھنؤ واقع دارالعلوم ندوۃ العلماء میں طلبا و پولس کے درمیان تصادم کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبا کے خلاف دہلی پولس کی بربریت سے ناراض ندروۃالعلماء کے طالب علم مظاہرہ کر رہے تھے جب ندوۃ العلماء کے دروازے پر مقامی پولس نے انھیں روکنے کی کوشش کی۔ پولس سے ناراض طلباء نے ان پر پتھراؤ شروع کر دیا اور حیرانی کی بات یہ ہے کہ ہیلمٹ پہنے پولس والوں نے بھی طلبا پر دروازے کے باہر سے پتھراؤ کیا۔

16 Dec 2019, 10:27 AM

مہاراشٹر: بی جے پی اراکین اسمبلی ’میں بھی ساورکر‘ لکھی ٹوپی پہن کر اجلاس میں شریک ہونے پہنچے

مہاراشٹر کے بی جے پی اراکین اسمبلی اپنے سر پر ’میں بھی ساورکر‘ لکھی ٹوپی پہن کر اسمبلی کے سرمائی اجلاس میں شریک ہونے کے لیے پہنچے ہیں۔ انھوں نے بھگوا رنگ کی یہ ٹوپی پہن کر کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے اس بیان پر ناراضگی ظاہر کی ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ’’میرا نام راہل ساورکر نہیں، راہل گاندھی ہے۔‘‘ قابل ذکر یہ ہے کہ مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس بھی ’میں بھی ساورکر‘ لکھی ٹوپی پہن کر پہنچے ہیں۔


16 Dec 2019, 9:24 AM

جھارکھنڈ اسمبلی انتخاب: سخت سیکورٹی کے درمیان چوتھے مرحلہ کی ووٹنگ جاری

جھارکھنڈ میں چوتھے مرحلے کی 15 اسمبلی سیٹوں کے لئے سخت سکیورٹی انتظامات کے درمیان آج صبح سات بجے پولنگ شروع ہو گئی، جو شام پانچ بجے تک چلے گی۔ ریاستی الیکشن دفتر ذرائع نے یہاں بتایا کہ چوتھے مرحلے کے لئے مدھوپور، دیوگھر (ریزرو)، بگودر، جموا ( ریزرو)، گندے، گریڈیہہ، ڈمری، بوکارو، چندركياری ( ریزرو )، سندري، نرسا، دھنباد، جھریا، ٹنڈی اور باگھ مارا میں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان آج صبح سات بجے پولنگ شروع ہو گئی، جو میں شام پانچ بجے تک چلے گی۔ ان پندرہ سیٹوں میں سے بگود، جموا، گریڈیہہ، ڈمري اور ٹنڈی اسمبلی حلقہ میں صبح سات بجے سے شام تین بجے تک رائے دہندگان اپنے ووٹ کے حق کا استعمال کر سکیں گے۔ وہیں، مدھو پور، دیوگھر، گنڈے، بوکارو، چندن كياري، سندری، نرسا، دھنباد، جھریا اور باگھ مارا سیٹ کے لئے صبح سات سے شام پانچ بجے تک پولنگ ہوگی۔ جن اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹنگ کے اختتام کا وقت شام تین اور پانچ بجے تک ہے، وہاں اس وقت تک موجود تمام ووٹر ووٹ ڈال سکیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔